کوئٹہ : آپریشن ردالفساد کے تحت سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام بنادی، کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کو گرفتار کر کے بھاری اسلحہ برآمد کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا ردالفساد آپریشن کامیابی سے جاری ہے، سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحدی علاقے چمن میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ،کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کوگرفتار کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کے قبضے سے تیار خودکش جیکٹ، بم بنانے کا سامان اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کیا گیا،گرفتار ملزم افغان شہری ہے جوغیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم تھا۔
یاد رہے 11 جنوری کو بھی آپریشن رد الفساد کےتحت ایف سی بلوچستان نے قلات،خاران اورمائی وند میں مشتبہ ٹھکانوں پر کارروائی کی تھی ، آپریشن کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے تھے۔
مزید پڑھیں : آپریشن ردالفساد ، بلوچستان میں ایف سی کی کارروائی ، 2 دہشت گرد ہلاک
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ تلاشی کے دوران دہشت گردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ گولہ بارود برآمدہوا، ہتھیاروں میں سب مشین گنیں،گرنیڈ،مائنز،آر پی جی سیون راکٹ شامل ہیں جبکہ مواصلاتی آلات بھی برآمد کئے گئے۔
یاد رہے چند روز قبل سیکورٹی فورسز نے لورالائی میں ایف سی کے تربیتی مرکز کے رہائشی علاقے پر حملے کی کوشش نا کام بنا دی تھی، جس میں 4 دہشت گرد ہلاک جب کہ 4 اہل کار شہید ہو گئے تھے، شہید ہونے والے جوانوں میں صوبیدار میجر منور، حولدار اقبال، حولدار بلال اور سپاہی نقشب شامل تھے۔
اس سے قبل ستمبر میں سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا تھا، جس کے نتیجے میں لشکر جھنگوی اور داعش کے 3 انتہائی مطلوب دہشت گرد مارے گئے تھے ۔
واضح رہے کہ ماضی میں بلوچستان میں کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کیا جا چکا ہے جب کہ ایف سی متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کرچکی ہے۔