Tag: ٹائم بم

  • ’آب و ہوا کے ٹائم بم نے ٹک ٹک کرنا شروع کر دیا‘

    ’آب و ہوا کے ٹائم بم نے ٹک ٹک کرنا شروع کر دیا‘

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے خبردار کیا ہے کہ آب و ہوا میں تبدیلیوں کے ٹائم بم نے ٹک ٹک کرنا شروع کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اقوام عالم سے عالمی درجہ حرارت میں اضافے کے خلاف تمام شعبوں میں اقدامات اٹھانے کی اپیل کر دی ہے۔

    بین الحکومتی پینل برائے تبدیلی آب و ہوا (IPCC) کی طرف سے تبدیلی آب و ہوا کے بارے میں تازہ ترین رپورٹ کے اجرا کے بعد سیکریٹری جنرل نے پیر کے روز جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’’آب و ہوا کے ٹائم بم نے ٹک ٹک کرنا شروع کر دیا ہے۔‘‘

    انھوں نے کہا کہ گزشتہ پچاس برسوں میں درجہ حرارت میں اضافے کی شرح بہت زیادہ ہو گئی ہے، یہ گزشتہ 2 ہزار سالوں کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے۔ انھوں نے کہا ’’کم سے کم 20 لاکھ سالوں میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کا ارتکاز بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔‘‘

    دنیا بھر میں پانی کا بحران، اقوام متحدہ نے خبردار کردیا

    گوتریس نے کہا کہ اس رپورٹ کا مطلب ہے کہ آب و ہوا میں تبدیلی کو روکنے کے لیے انتہائی اقدامات کی ضرورت ہے، یہ رپورٹ تقاضا کرتی ہے کہ ہر ملک کے ہر شعبے سے اس تبدیلی کو روکنے کے لیے کوششیں ہوں۔

  • ٹائم بم کی اطلاع پر بی ڈی ایس اہل کار بغیر یونیفارم پہنچ گیا

    ٹائم بم کی اطلاع پر بی ڈی ایس اہل کار بغیر یونیفارم پہنچ گیا

    گجرات: پنجاب کے شہر گجرات کے ایک علاقے میں ٹائم بم کی اطلاع پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کا اہل کار بغیر یونی فارم بم ناکارہ کرنے پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گجرات کے علاقے نیو شادمان کالونی میں ٹائم بم کی اطلاع پر بم ڈسپوزل اسکواڈ جب کارروائی کے لیے پہنچا تو معلوم ہوا کہ ایک پیکٹ کو گھڑی لگا کر بم کی شکل دی گئی تھی۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہل کار اشرف بغیر یونی فارم کے ٹائم بم کو ناکارہ بنانے لگے تو بم جعلی نکلا، سڑک کنارے کھڑی گاڑی میں گھڑی لگا کر ایک پیکٹ کو بم کی شکل دی گئی تھی۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا تھا کہ شرپسند عناصر عوام میں خوف پھیلانے کے لیے ایسی کارروائیاں کرتے ہیں۔

    جعلی بم جیل چوک سے بادشاہی روڈ کی طرف جاتے ہوئے راستے میں ایک گاڑی میں رکھا گیا تھا، اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی حافظ امتیاز سمیت تمام متعلقہ ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے تھے۔

    سیکورٹی اہل کاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر لوگوں سے خالی کرایا، تاہم کارروائی کے دوران پتا چلا کہ واردات لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے کی گئی ہے۔

    ایس ایچ او سول لائن میر عباس نے کا کہنا تھا کہ کسی نے ون فائیو پر کال کی تو پولیس نے فوراً ریسپانس کیا، ہو سکتا ہے کسی بچے نے اسے پھینکا تھا یا کسی نے ہمیں چیک کرنے کے لیے ایسا کیا، عوام میں خوف و ہراس پھیلانے والوں کو تلاش کیا جا رہا ہے۔