Tag: ٹائٹن آبدوز

  • زیرِ سمندر تباہ ہونے والی ٹائٹن آبدوز کے ملبے کی پہلی تصویر جاری

    زیرِ سمندر تباہ ہونے والی ٹائٹن آبدوز کے ملبے کی پہلی تصویر جاری

    امریکی کوسٹ گارڈز نے زیرِ سمندر تباہ ہونے والی ٹائٹن آبدوز کے ملبے کی پہلی تصویر جاری کردی۔

    امریکی کوسٹ گارڈ کے نمائندوں نے 16 ستمبر کو سمندر کی سطح سے 12,000 فٹ سے زیادہ نیچے دب جانے والی ٹائٹن آبدوز کے ملبے کی پہلی تصویر جاری کردی، آبدوز کا ٹوٹا ہوا حصہ شمالی بحر اوقیانوس میں نظر آیا۔

    رپورٹ کے مطابق کئی دنوں کی تلاش کے بعد ملبہ ٹائٹن کے مقام سے کئی سو گز کے فاصلے پر پایا گیا، کوسٹ گارڈ کے اہلکاروں کے مطابق، فوٹو گرافی کے شواہد نے پانچوں افراد کی موت کی تصدیق کی اور آبدوز کے ’تباہ کن نقصان کا حتمی ثبوت‘ پیش کیا۔

    واضح رہے کہ آبدوز گزشتہ سال جون میں کینیڈا کے ساحل سے دور شمالی بحر اوقیانوس میں تباہ ہوگئی تھی، ٹائٹن آبدوز میں سوار پاکستانی تاجر شہزادہ داؤد اور ان کے 19 سال کے بیٹے سلیمان داؤد سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

  • بحر اوقیانوس کی تہہ سے ٹائٹن آبدوز کا بقیہ ملبہ اور انسانی باقیات نکال لی گئیں

    بحر اوقیانوس کی تہہ سے ٹائٹن آبدوز کا بقیہ ملبہ اور انسانی باقیات نکال لی گئیں

    امریکی کوسٹ گارڈز کے انجینیئرز نے زیر سمندر جانے والی ٹائٹن آبدوز کا ملبہ اور مبینہ طور پر انسانی باقیات نکال لیں، طبی ماہرین مبینہ انسانی باقیات کا جائزہ لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق بحر اوقیانوس کی تہہ سے ٹائٹن آبدوز کا بقیہ ملبہ اور انسانی باقیات نکال لی گئیں، خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ امریکی کوسٹ گارڈز کے انجینیئرز نے ٹائٹینک جہاز کے ملبے کو دیکھنے کے لیے زیر سمندر جانے والی ٹائٹن آبدوز کا ملبہ اور مبینہ طور پر انسانی باقیات نکال لی ہیں۔

    سمندر کی تہہ سے ملنے والی ٹائٹن کے بقیہ حصے کو امریکی بندرگاہ منتقل کیا گیا ہے، جہاں طبی ماہرین مبینہ انسانی باقیات کا تجزیہ کریں گے۔

    امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق ملبے میں ممکنہ انسانی باقیات کو بھی احتیاط سے الگ کیا گیا ہے اور انہیں تجزیے کے لیے طبی ماہرین کو بھیج دیا گیا ہے۔

    امریکی کمپنی اوشین گیٹ کی آبدوز جون میں ٹائٹینک کے مشن کے دوران تباہ ہو گئی تھی، اس آبدوز میں اوشیئن گیٹ کمپنی کے سی ای او، ایک برطانوی ارب پتی مہم جو، ایک فرانسیسی ڈائیور کے علاوہ پاکستانی کاروباری شخصیت شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان سوار تھے۔

    ٹائٹن آبدوز میں سوار فراد آبدوز کے پھٹنے سے ہلاک ہوگئے تھے۔

    یاد رہے رواں سال جون میں امریکی کوسٹ گارڈ نے دعویٰ کیا تھا کہ ٹائٹن آبدوز کے ملبے سے انسانی باقیات ملی ہیں، جس کے بعد اس کو باہر نکالنے کا مشن جاری تھا، رپورٹس کے مطابق آبدوز کے ملبے کو کینیڈا کے سینٹ جانز شہر کی بندرگاہ پر لایا گیا ہے، ملبے میں آبدوز کا لینڈنگ فریم اور پچھلی جانب موجود خول بھی شامل تھا۔

  • ٹائٹن آبدوز بنانے والی کمپنی نے لوگوں کو سیارہ زہرہ لے جانے کی تیاری شروع کر دی

    ٹائٹن آبدوز بنانے والی کمپنی نے لوگوں کو سیارہ زہرہ لے جانے کی تیاری شروع کر دی

    ٹائٹن آبدوز بنانے والی کمپنی نے اب سیارہ زہرہ (وینس) پر کالونی بنانے کی تیاری شروع کر دی ہے اور 2050 تک لوگوں کو سیارہ زہرہ پر بھیجنا شروع کرے گی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹائٹن آبدوز بنانے والی کمپنی اوشین گیٹ اب زہرہ پر کالونی بنانے کی تیاری کر رہی ہے، اس کمپنی کی آبدوز گزشتہ ماہ بحر اوقیانوس میں اس وقت پھٹ کر تباہ ہوئی تھی جب وہ کچھ لوگوں کو ٹائٹینک دکھانے کا ملبہ دکھانے کے لیے لے جا رہی تھی، جس میں ایک بڑی پاکستانی کاروباری شخصیت بھی اپنے بیٹے کے ساتھ سوار تھی۔

    اس منصوبے کو ’’ہیومن 2 وینس‘‘ کا نام دیا گیا ہے، اس کے تحت 2050 تک زہرہ کی فضا میں مستقل رہائش کے قابل ماحول بنایا جائے گا اور وہاں 1000 افراد کو بھیجا جائے گا۔

    اوشین گیٹ کمپنی جو کالونی بنانے کی تیاری کر رہی ہے وہ ایک ’تیرتی کالونی‘ ہوگی، اس منصوبے کی سربراہی کمپنی کے شریک بانی گُلیرمو سوہنلین کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ٹائٹن آبدوز کے ڈوبنے اور 4 ارب پتیوں اور کمپنی کے سی ای او کی ہلاکت کے بعد کمپنی کے خلاف تحقیقات جاری ہیں، لیکن گیلرمو سوہنلین نے اس حادثے سے صرف نظر کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ منصوبہ ہر خامی سے پاک ہے۔‘‘

    انھوں نے کہا کہ میرا منصوبہ ہے کہ 2050 تک مریخ پر 10 لاکھ افراد کو آباد کیا جائے، یاد رہے کہ اس سے قبل ایلون مسک نے 2022 میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ 2050 تک مریخ پر لوگوں کو آباد کرنا چاہتے ہیں۔

    ٹائٹن آبدوز کے حادثے کے بارے میں بات کرتے ہوئے گلیرمو نے کہا کہ 100 فی صد حفاظت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، خطرہ تو ہمیشہ رہتا ہی ہے۔

  • ٹائٹن خراب ہوئی تو کیا ہوا تھا؟  2 سال پہلے آبدوز میں  سفر کرنے والے سیاح کا بڑا انکشاف

    ٹائٹن خراب ہوئی تو کیا ہوا تھا؟ 2 سال پہلے آبدوز میں سفر کرنے والے سیاح کا بڑا انکشاف

    ٹائٹنک کا ملبہ دکھانے والی سیاحتی آبدوز ٹائٹن میں سفر کرنے والے سیاح جاڈن پین نے انکشاف کیا کہ دو سال پہلے سفر کے دوران آبدوز خراب ہوئی تو اوشین گیٹ کمپنی کے سربراہ نے کہا سو جاؤ، کچھ نہیں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹائٹینک کا ملبہ دکھانے والی ٹائٹن آبدوز کی تباہی کی تحقیقات جاری ہیں، اسے میں دو سال پہلے ٹائٹن آبدوز میں سفر کرنے والے سیاح جاڈن پین کا بیان سامنے آگیا۔

    جاڈن پین نے انکشاف کیا ہے کہ ٹائٹنک کا ملبہ دکھانے والی سیاحتی آبدوز پہلے بھی خراب ہوچکی ہے، آبدوز خراب ہوئی تو اوشین گیٹ کمپنی کے سربراہ نے کہا سو جاؤ، کچھ نہیں ہوگا، ایسا سننے کے بعد ایسا لگا جیسے وہ مذاق کر رہے ہیں۔

    جارڈن پین نے بتایا کہ دو سال پہلے سفر شروع ہونے کے دو گھنٹے بعد ہی بیٹری خراب ہوگئی تھی جس کی وجہ چوبیس گھنٹے پھنسے رہے تھے۔

    جاڈن کے مطابق ٹائٹن کے سی ای او اسٹاکٹن رش نےٹائٹن کی بیٹری میں خرابی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا تھا کہ آبدوز کی بیٹری خراب ہونے کی وجہ سے ٹائٹن سطح سمندر پر واپس نہیں جا پارہی تھی، تاہم خوش قسمتی سے ہائیڈرولکس کی مدد سے وزن گرا کر ٹائٹن کو واپس سطح سمندر پر لایا گیا تھا۔

    یاد رہے 2021 میں بھی بدقسمت بحری جہاز ٹائی ٹینک کی باقیات کو دیکھنے کیلئے ٹائٹن آبدوز مسافروں کو لے کر گئی تھی، جس میں جاڈن پین خود بھی شامل تھے۔

    واضح رہے گزشتہ ماہ ٹائٹن حادثے کا شکار ہوئی تھی، ماہرین کے مطابق آبدوز نما ٹائٹن کو سطح سمندر سے ساڑھے 12 ہزار فٹ نیچے حادثہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں ٹائٹن میں دھماکا ہوا۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ ٹائٹن آبدوز 18 جون کو زیر آب دباؤ کے باعث دھماکے سے تباہ ہو گئی تھی، حادثے میں 2 پاکستانیوں سمیت 5 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

    بعد ازاں ٹائٹینک کی سیاحت کے دوران حادثے کا شکار ہونے والی بدقسمت آبدوز نما ٹائٹن کا ملبہ نکال کر کینیڈا منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ امریکی کوسٹ گارڈ نے دعویٰ کیا تھا کہ ٹائٹن آبدوز کے ملبے سے انسانی باقیات ملی ہیں۔

  • ٹائٹن آبدوز کے ملبے سے انسانی باقیات ملی ہیں: امریکی کوسٹ گارڈ

    ٹائٹن آبدوز کے ملبے سے انسانی باقیات ملی ہیں: امریکی کوسٹ گارڈ

    کینیڈا: امریکی کوسٹ گارڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹائٹن آبدوز کے ملبے سے انسانی باقیات ملی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ٹائٹینک کی سیاحت کے دوران حادثے کا شکار ہونے والی بدقسمت آبدوز نما ٹائٹن کا ملبہ نکال کر کینیڈا منتقل کر دیا گیا۔

    ٹائٹن آبدوز کی باقیات کو امریکی کوسٹ گارڈ نے دریافت کیا تھا جس کے بعد اس کو باہر نکالنے کا مشن جاری تھا، رپورٹس کے مطابق آبدوز کے ملبے کو کینیڈا کے سینٹ جانز شہر کی بندرگاہ پر لایا گیا ہے، ملبے میں آبدوز کا لینڈنگ فریم اور پچھلی جانب موجود خول بھی شامل تھا۔

    امریکی کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ ٹائٹن آبدوز کے ملبے سے انسانی باقیات بھی ملی ہیں، امریکی طبی ماہرین ملبے سے ملنے والی مبینہ باقیات کا باقاعدہ معائنہ کریں گے، اور ان کا تجزیہ کیا جائے گا۔

    ماہرین کے مطابق آبدوز نما ٹائٹن کو سطح سمندر سے ساڑھے 12 ہزار فٹ نیچے حادثہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں ٹائٹن میں دھماکا ہوا۔ ٹائٹن آبدوز 18 جون کو زیر آب دباؤ کے باعث دھماکے سے تباہ ہو گئی تھی، حادثے میں 2 پاکستانیوں سمیت 5 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

    حادثے کی وجوہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جس کے لیے آبدوز کی باقیات سے بہت مدد ملے گی۔

  • ٹائٹن آبدوز حادثہ، ماں نے بیٹے کو اپنی جگہ بھیج دیا تھا

    ٹائٹن آبدوز حادثہ، ماں نے بیٹے کو اپنی جگہ بھیج دیا تھا

    ٹائٹن آبدوز حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہری سلیمان داؤد کی والدہ نے بتایا ہے کہ ٹائٹینک کا ملبہ دیکھنے انھیں جانا تھا لیکن پھر انھوں نے اپنے بیٹے کے لیے جگہ چھوڑ دی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹائٹن آبدوز میں جاں بحق ہونے والے بزنس مین شہزادہ داؤد کی اہلیہ کرسٹین داؤد نے بی بی سی کو اپنے انٹرویو میں بتایا کہ سلیمان کی شدید خواہش تھی کہ آبدوز کے سفر پر وہ جائے اس لیے انھیں اپنے بیٹے کے لیے جگہ چھوڑنی پڑی۔

    کرسٹین داؤد نے انکشاف کیا کہ وہ تباہ کن مہم میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتی تھیں لیکن پھر بیٹا جانے لگا تو اس کے لیے وہ ایک طرف ہٹ گئیں، انھوں نے کہا فیملی کچھ عرصے سے ٹائٹن آبدوز پر سفر کی منصوبہ بندی کر رہی تھی، لیکن کرونا وائرس کی وبا کے باعث اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

    انھوں نے بتایا کہ اصل میں اپنے شوہر کے ساتھ ان کا سفر کرنے کا منصوبہ تھا کیوں کہ اس وقت سلیمان بہت چھوٹا تھا، لیکن جب کووِڈ کی وجہ سے سفر منسوخ ہو گیا تو اب سلیمان زیر آب روبک کیوب معما حل کرنے کے گنیز ریکارڈ کے لیے جانا چاہتا تھا، جس کے لیے اس نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کو درخواست بھی دے دی تھی۔

    کرسٹین کا کہنا تھا کہ سلیمان روبک کیوب کا دیوانہ تھا دراصل وہ اپنے روبک کیوب کے بغیر کہیں بھی نہیں گیا، اور وہ زیر آب اسے 12 سیکند میں حل کر سکتا تھا، سلیمان نے کہا تھا ’’میں ٹائٹینک میں سمندر سے 3,700 میٹر نیچے روبک کیوب کو حل کرنے جا رہا ہوں۔‘‘

    کرسٹین کا کہنا تھا کہ وہ بیٹے کو بھیجنے پر خوش تھیں، لیکن جب ان سے پوچھا گیا کہ اپنی جگہ بیٹے کو بھیجنے پر وہ اب کیا محسوس کر رہی ہیں، تو وہ کچھ نہ بول سکیں۔

  • دی سمپسنز کی 2006 کی قسط کے مصنف کا ٹائٹن آبدوز کے حوالے سے دل دہلا دینے والا انکشاف

    دی سمپسنز کی 2006 کی قسط کے مصنف کا ٹائٹن آبدوز کے حوالے سے دل دہلا دینے والا انکشاف

    دنیا کی مشہور کارٹون سیریز دی سمپسنز کی 2006 کی قسط کے مصنف مائیک رِیز نے ٹائٹن آبدوز کے حوالے سے دل دہلا دینے والا انکشاف کیا ہے کہ وہ خود بھی ٹائٹینک دیکھنے کے لیے اس آبدوز پر تین بار سفر کر چکے ہیں۔

    دی سمپسنز کی 2006 کی اُس ایپی سوڈ، جس میں آبدوز حادثے کی پیش گوئی کی تھی، کے مصنف نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ انھوں نے اپنی بیوی کے ساتھ تین بار ٹائٹن پر سفر کیا، نائیک ریز نے انکشاف کیا کہ پانی کے اندر سفر کے دوران آبدوز کو مواصلاتی مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    سیزن 17 کی دسویں قسط ’ہومرز پریٹرنیٹی کُوٹ‘ میں مرکزی کردار ہومر سمپسن اور اس کے والد میسن فیئربینکس آبدوز پر پانی کے اندر سفر کرنے نکلے ہیں، واقعے کے دوران وہ خزانے سے بھرے ہوئے بحری جہاز کا ملبہ دریافت کرتے ہیں، بعد ازاں ہومر کی آبدوز ایک مرجان کی چٹان میں پھنس جاتی ہے، آبدوز میں آکسیجن کم ہو جاتا ہے، تاہم اس واقعے کا اختتام خوش گوار ہوتا ہے کیوں کہ وہ بچ جاتے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر صارفین اس قسط کی تصاویر اور ویڈیو کلپس ٹویٹ کر رہے ہیں، بہت سے لوگ ہومر اور اس کے والد فیئربینکس اور پاکستانی کاروباری شخصیت شہزادہ داؤد اور ان کے 19 سالہ بیٹے سلیمان کے درمیان مماثلت دکھا رہے ہیں، جو اوشین گیٹ آبدوز پر سوار تھے لیکن انھیں نہ بچایا جا سکا۔

    دوسری طرف دی سمپسنز کی اس قسط کے حوالے سے رائٹر مائیک ریز نے بتایا کہ 2006 کی یہ قسط دراصل امریکی ایکشن تھرلر فلم کرمسن ٹائیڈ سے متاثر تھی، جس میں امریکی ایٹمی آبدوز کا واقعہ دکھایا گیا ہے۔

    کیا سمپسنز نے 2006 میں ٹائٹن آبدوز واقعے کی پیش گوئی کی تھی؟

  • ٹائٹن آبدوز کی تباہی، امریکا میں کمپنی کے خلاف بڑا قدم

    ٹائٹن آبدوز کی تباہی، امریکا میں کمپنی کے خلاف بڑا قدم

    واشنگٹن: ٹائٹن آبدوز کی تباہی کے بعد امریکا میں کمپنی کے دفاتر کو بند کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹائٹینک کا ملبہ دکھانے والی ٹائٹن آبدوز کی تباہی کی تحقیقات جاری ہیں، واشنگٹن میں کمپنی کے مرکزی دفاتر کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ماہرین نے کئی سال پہلے ٹائٹن کے سربراہ پر واضح کر دیا تھا کہ تم کسی کی جان لے کرہی رہو گے، جواب میں ٹائٹن کے سربراہ نے کہا تھا کہ ایسی باتیں ان کی تذلیل ہیں، نہ کی جائیں تو بہتر ہے۔

    ماہرین نے کئی سال پہلے ٹائٹن کے سربراہ کو وارننگ دی تھی، امریکا اور کینیڈا نے وارننگ نظر انداز کیے جانے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    امریکی بحریہ کا سمندر میں تباہ ہونیوالی ٹائٹن آبدوز سے متعلق نیا انکشاف

    اس حادثے میں اسٹاکٹن رش اور پاکستانی کاروباری شخصیت شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان داؤد سمیت 5 افراد جان سے گئے ہیں۔

  • ’ٹائٹن آبدوز میں سوار افراد کی لاشیں ملنے کا امکان بہت کم ہے‘

    ’ٹائٹن آبدوز میں سوار افراد کی لاشیں ملنے کا امکان بہت کم ہے‘

    امریکی کوسٹ گارڈ نے کہا کہ ٹائٹن آبدوز میں سوار افراد کی لاشیں ملنے کا امکان بہت کم ہے۔

    گزشتہ روز ٹائی ٹینک کی باقیات دیکھنے کے لیے سروس فراہم کرنے والی ٹائٹن آبدوز کمپنی کی جانب سے مسافروں کی ہلاکت کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اب امریکی کوسٹ گارڈ نے بھی آبدوز مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔

    امریکی کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ آبدوز میں سوار افراد کی لاشیں ملنےکا امکان بہت کم ہے، انڈر واٹر روبوٹ نے آبدوز کے ملبے کو دریافت کیا، یہ ملبہ ٹائٹینک جہاز کے ملبے سے تقریباً 488 میٹر دور ملا۔

    امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق ٹائٹن آبدوز ممکنہ طور پر شمالی بحراوقیانوس میں تباہ ہوئی ہے، ٹائٹینک کی باقیات کے قریب ملنے والا ملبہ آبدوز کے پھٹنے سے مطابقت رکھتا ہے۔

    ’ٹائٹن آبدوز کے مسافر ہلاک ہو چکے ہیں‘

    واضح رہے کہ بحر اوقیانوس میں دنیا کے امیر ترین شخصیات کو ٹائی ٹینک کی باقیات دیکھانے کے لیے لے جانے والی آبدوز ٹائٹن لاپتا ہے جس کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔

    ٹائی ٹینک کاملبہ دکھانے کے لیے سیاحوں کو لےجانے والی آبدوز 18 جون کو لاپتا ہوئی تھی، جس کی تلاش کے لیے امریکا،کینیڈا اور فرانس کی ٹیمیں مصروف تھیں، جس کے بعد ایک روبوٹ کو پانی میں اتارا گیا تھا۔

    یہ آبدوز کینیڈا کے جزیرے نیو فاؤنڈلینڈ سے روانہ ہوئی تھی، امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق اتوار کے روز سفر کے آغاز کے ایک گھنٹہ 45 منٹ بعد ہی آبدوز کا رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔

  • امریکی بحریہ کا سمندر میں تباہ ہونیوالی ٹائٹن آبدوز سے متعلق نیا انکشاف

    امریکی بحریہ کا سمندر میں تباہ ہونیوالی ٹائٹن آبدوز سے متعلق نیا انکشاف

    نائٹن تباہ ہونے سے متعلق امریکی بحریہ کے سینئر اہلکار نے  امریکی جریدے کو انٹرویو میں آبدوز سے متعلق نیا انکشاف کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی بحریہ کے اہلکار نے امریکی جریدے کو بتایا کہ ٹائٹن آبدوز کے لاپتہ ہونے کے فوراً بعد ہی اس کے تباہ ہونے کا پتا چلا لیا تھا۔

    امریکی اخبار کو اہلکار نے بتایا کہ یہ ریکارڈنگ سب میرین کی نقل و حرکت کی نگرانی کے نظام نے ریکارڈ کی۔ یہ ریکارڈنگ ٹائٹن کے غائب ہونے کے قریبی علاقے سے ریکارڈ کی گئی تھی۔

    امریکی بحریہ کے اہلکار نے بتایا کہ سمندر کے نیچے دھماکے سے ملتی جلتی آواز کی اطلاع کوسٹ گارڈ کمانڈر کو دی تھی، لیکن آبدوز تباہ ہونے کے حتمی شواہد نہیں تھے اس لئے سرچ آپریشن جاری رکھا گیا۔

    امریکی اہلکار نے بتایا کہ ٹائٹن کی تلاشی کیلئے اعلیٰ خفیہ سراغ رساں نظام کا استعمال کیاگیا۔

    واضح رہے کہ بحراوقیانوس میں ٹائی ٹینک کی باقیات دیکھنے کیلئے جانے والے سیاحوں کی لاپتہ آبدوز ٹائٹن کا ملبہ ملنے کے بعد آبدوز کی مالک کمپنی اوشین گیٹ نے اس میں سوار پانچوں افراد کی موت کی تصدیق کی۔

    جس میں کمپنی کے سی ای او اسٹاکٹن رش، دو پاکستانیوں شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان داؤد سمیت ہیمش ہارڈنگ اور پال ہنری نارجیولیٹ کی موت کی تصدیق کردی ہے۔

    خیال رہے کہ 1912 میں تباہ ہونے والے مسافر بردار بحری جہاز ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے کیلئے جانے والی آبدوز ٹائٹن 18 جون کو بحر اوقیانوس میں لاپتہ ہوئی گئی تھی۔