Tag: ٹائیگرز فورس

  • وزیراعظم نے  ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی کیلئے ٹائیگرز فورس کو پہلا ٹاسک دے دیا

    وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی کیلئے ٹائیگرز فورس کو پہلا ٹاسک دے دیا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی کیلئے ٹائیگرز فورس کو پہلا ٹاسک دے دیا ، ابتدائی طور پر اسلام آباد کی 9 ہزار دکانوں کی مانیٹرنگ ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مہنگائی کنٹرول کرنے سے متعلق اجلاس ہوا ، جس میں ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی کیلئے ٹائیگر زفورس کو پہلا ٹاسک مل گیا۔

    اجلاس میں پائلٹ پراجیکٹ اسلام آباد سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، ابتدائی طور پر اسلام آباد کی 9 ہزار دکانوں کی مانیٹرنگ ہوگی ، ٹائیگرزفورس کمشنر اسلام آباد،ڈپٹی کمشنرکیساتھ ملکرنشاندہی کریں گے۔

    شہر کی تمام دکانوں پرریٹ لسٹ،اوورچارجنگ کی مانیٹرنگ ہوگی ، ٹائیگرزفورس ضرورت سےزائداسٹاک یاذخیرہ اندوزی کی نشاندہی کرےگی اور ٹائیگرز فورس کی نشاندہی پر ضلعی انتظامیہ فوری کارروائی کرے گی جبکہ ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے یا اوور چارجنگ پر بھاری جرمانے ہوں گے

    کارروائیوں کی رپورٹ براہ راست وزیراعظم عمران خان کو پیش کی جائے گی۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مسئلےکی اصل وجہ ذخیرہ اندوزی ہے، ذخیرہ اندوزی پر قابو پا لیا توصورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی، انتظامیہ یقینی بنائے ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصرکیخلاف سخت ایکشن ہو۔

  • ٹائیگر فورس ڈے، جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ شجرکاری کا آغاز، گرین سیلفی ایپ کیسے کام کرے گا؟

    ٹائیگر فورس ڈے، جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ شجرکاری کا آغاز، گرین سیلفی ایپ کیسے کام کرے گا؟

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر آج ملک بھر میں ٹائیگر فورس ڈے منایا جا رہا ہے، وزیر اعظم آج ملکی تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم کا بھی آغاز کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر اسلام آباد میں پودا لگا کر بڑی شجر کاری مہم کا آغاز کریں گے، ٹائیگر فورس ملکی تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم میں شامل ہونے کو تیار ہے۔

    ٹائیگر فورس ڈے کی مرکزی تقریب آج اسلام آباد میں ہوگی، وزیر اعظم تقریب میں شرکت اور ٹائیگر فورس رضا کاروں سے خطاب کریں گے، معاونین خصوصی ملک امین اسلم اور عثمان ڈار بھی ان کے ہمراہ ہوں گے، یہ تقریب بنی گالہ کے قریب کورنگ نالے کے اطراف میں ہوگی۔

    ملک میں پہلی بار شجر کاری مہم کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، وزیر اعظم ٹائیگر فورس ایپ میں گرین سیلفی فیچر کی منظوری دے چکے ہیں، ایپ میں جیو ٹیگنگ کی خصوصی سہولت بھی متعارف کروا دی گئی ہے۔

    اس ایپ سے پودوں کی لائیو لوکیشن اور تعداد معلوم کی جا سکتی ہے، پودا لگانے والا رضا کار ایپ کے ذریعے اپنی گرین سیلفی اپلوڈ کر سکے گا، ایپ کا استعمال کرتے ہوئے چند گھنٹے میں 16 ہزار پودے لگائے گئے، یہ خصوصی ایپ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے تیار کی گئی ہے۔

    معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈیجیٹل شجر کاری مہم کا آغاز ہوا ہے، اب کراچی سے خیبر تک لگائے گئے ایک ایک پودے کا ریکارڈ دستیاب ہوگا، اکثر اپوزیشن ارکان کو بھی پودے گننے کا شوق رہتا ہے، اب اپوزیشن ارکان ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے گھر بیٹھے پودے گن سکیں گے۔

    انھوں نے کہا چاہیں تو تجربے کے طور پر گھر میں پودا لگا کر لائیو اپ ڈیٹ دیکھ لیں، شجر کاری مہم کا ڈیٹا 3 مختلف طریقوں سے حاصل کیا جا سکے گا، شہری 8070 پر GS لکھ کر میسج بھی بھیج سکیں گے، محکمہ جنگلات کے افسران بھی موبائل میں شجر کاری مہم کا ریکارڈ رکھیں گے۔

    ادھر معاون خصوصی شہباز گل نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وزیر اعظم اسلام آباد میں پودا لگا کر مہم کا آغاز کریں گے، آج انشاء اللہ 35 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، وزیر اعظم کے ماحول دوست اقدامات پاکستان کی عزت کا باعث بن رہے ہیں، ہم آئندہ نسلوں کو سر سبز پاکستان دیں گے۔

  • ‘چین کی جانب سے ٹائیگرز فورس منصوبہ کی تعریف پاکستانی قوم کیلئے اعزاز ہے’

    ‘چین کی جانب سے ٹائیگرز فورس منصوبہ کی تعریف پاکستانی قوم کیلئے اعزاز ہے’

    لاہور : گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ چین سے انصاف ٹائیگرز فورس منصوبہ کی تعریف قوم کیلئے اعزاز ہے، وزیر اعظم عمران خان اپنے کامیاب ویژن سے ملک کومضبوط بنارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں مر کزی تنظیم تاجران پاکستان کے وفد اور دیگر نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی، چیئر مین شیخ محمد فیاض نے گورنر پنجاب کو تاجروں کے مسائل سے آگاہ کیا۔

    اس موقع پر چوہدری محمد سرور نے کہا چین سے انصاف ٹائیگرز فورس منصوبہ کی تعریف قوم کیلئے اعزاز ہے، ہر گزرتے دن کیساتھ دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر ہورہا ہے، وزیر اعظم عمران خان اپنے کامیاب ویژن سے ملک کومضبوط بنارہے ہیں۔

    چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ مسائل کے فوری حل کیلئے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں، کورونا سے بچاؤ کیلئے تاجر وں سمیت تمام طبقات کو ایس او پیز پر عمل کر نا چاہیے۔

    گورنر پنجاب نے مزید کہا ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے حکومت مشکل اور سخت فیصلے کر رہی ہے، معیشت کے استحکام کیلئے بیک وقت مختصر اور طویل مدتی پالیسیوں پر کام ہورہا ہے۔

    یاد رہے چین نے ٹائیگرز فورس قائم کرنے کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان سے درخواست کی ہے کہ ٹائیگرز فورس سے متعلق معلومات اور تجربے کا تبادلہ کیا جائے۔

  • ٹائیگرز فورس کی مقبولیت چین تک پہنچ گئی

    ٹائیگرز فورس کی مقبولیت چین تک پہنچ گئی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بنائی گئی ٹائیگرز فورس کی عالمی سطح پر پذیرائی ہونے لگی ہے، چین تک بھی اس کی گونج پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے ٹائیگرز فورس قائم کرنے کے اقدام کی تعریف کر دی ہے، اور پاکستان سے درخواست کی ہے کہ ٹائیگرز فورس سے متعلق معلومات اور تجربے کا تبادلہ کیا جائے۔

    اس سلسلے میں آل چائنا یوتھ فیڈریشن کے عہدے داران نے پاکستانی حکام کو ایک خط بھیجا ہے جس میں رضاکاروں پر مشتمل ٹائیگرز فورس پر آپریشنل تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

    خط میں لکھا گیا ہے کہ عثمان ڈار کی سربراہی میں کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے نوجوانوں کی فورس بنائی گئی ہے، پاکستان میں اس فورس کے اقدامات کو عوام اور سیاسی رہنماؤں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، چائینز یوتھ بھی پاکستان کی ٹائیگرز فورس کے تجربے سے سیکھنے کی خواہش مند ہے۔

    ٹائیگر فورس ڈے: نوجوان ایک دن میں ملین درخت لگائیں گے

    خط میں کہا گیا ہے کہ چین کو بھی کرونا وبا کے باعث معاشی اور سماجی چیلنجز کا سامنا ہے، اس لیے چین وبائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ٹائیگرز فورس کے تجربات سے سیکھنا چاہتا ہے، پاکستان ٹائیگرز فورس سے متعلق ضروری معلومات فراہم کرے تو شکر گزار ہوں گے۔

    خط میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ چین ٹائیگرز فورس کے مثبت اقدام کی اپنے الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر تشہیر کے لیے تیار ہے۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے خط پر رد عمل میں کہا ہے کہ خوشی ہے وزیر اعظم کے اقدام کی عالمی سطح پر تعریف ہو رہی ہے، ٹائیگرز فورس کے قیام کا فیصلہ زمینی حقائق اور دور اندیشی پر مبنی تھا، ہم خط کا جائزہ لے رہے ہیں، وزیر اعظم سے مشاورت کے بعد اس کا جواب دیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان اور چین میں یوتھ ایکسچینج پروگرام پر کام پہلے سے جاری ہے، دونوں ممالک میں نوجوانوں کی تربیت سے متعلق معلومات کا تبادلہ ضروری ہے۔

  • ٹائیگرز فورس کو فعال بنانے کے لیے شاہ محمود قریشی متحرک

    ٹائیگرز فورس کو فعال بنانے کے لیے شاہ محمود قریشی متحرک

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اس وقت پوری قوم کرونا کے ایک کڑے امتحان سے گزر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹائیگرزفورس کو فعال بنانے کے لیے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی متحرک ہوگئے۔انہوں نے اپنے حلقے این اے 156 سے کرونا بچاؤ مہم کا آغاز کر دیا۔

    وزیر خارجہ نے ٹائیگرز فورس رضا کاروں سے بذریعہ ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے نوجوانوں نے وزیر اعظم کی اپیل پر لبیک کہا،نوجوان پی ٹی آئی کا اثاثہ ہیں جنہوں نے ملک وقوم کی خدمت کا بیڑا اٹھایا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس وقت پوری قوم کرونا کے ایک کڑے امتحان سے گزر رہی ہے،ہم نے مل کر بحیثیت قوم اس عالمی وبا سے لڑنا اور شکست دینا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ غریب ،سفید پوش طبقہ معاشی سرگرمیاں معطل ہونے پر محدود ہو کر رہ گیا،ان کو رازداری کے ساتھ راشن پہنچانا آپ کی ذمہ داری ہے،اس سارے ریلیف مشن کی خود نگرانی کروں گا،آپ مجھے قدم قدم پر اپنے ساتھ مصروف عمل پائیں گے۔

  • ٹائیگرز فورس مشکل وقت میں ملک کیلئے جہاد لڑے گی، وزیراعظم

    ٹائیگرز فورس مشکل وقت میں ملک کیلئے جہاد لڑے گی، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دنیا کی طرح کورونا وائرس پاکستان کیلئے بھی بڑا چیلنج ہے، ٹائیگرز فورس مشکل وقت میں ملک کیلئے جہاد لڑے گی اور عوام میں آگاہی کیلئے اہم کردار ادا کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگرز فورس کے رضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹائیگرزفورس کے نوجوانوں کا شکریہ اداکرنا چاہتاہوں، دنیا کی طرح کورونا وائرس پاکستان کیلئےبھی بڑا چیلنج ہے ، لاک ڈاؤن جیساقدم پچھلے 100سال میں کسی ملک نہیں اٹھایا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں سب سے بڑے مسئلے اس لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہیں، لاک ڈاؤن کی وجہ سے نچلی سطح پر طبقہ بہت زیادہ متاثر ہے، برطانیہ جیسے ملک کے وزیراعظم نے والنٹیئر فورس کی اپیل کی، اسی طرح ٹائیگرز فورس رضاکارانہ طورپر ایڈمنسٹریشن کی مدد کرے گی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ دیہاڑی دار اور غریب طبقہ لاک ڈاؤن سے سب سےزیادہ متاثر ہوا ، ایڈمنسٹریشن اکیلے کچھ نہیں کرسکتی ، ٹائیگرزفورس مشکل وقت میں ملک کیلئے جہاد لڑےگی، ٹائیگرز فورس میں شمولیت اختیار کرنیوالوں کا مشکور ہوں۔

    انھوں نے کہا کہ شوکت خانم اسپتال کینسر کے 75فیصد مریضوں کا مفت علاج کررہاہے ، مشکل وقت میں ملک کی مدد کیلئے ہم نےٹائیگرز فورس کو اکٹھا کیا، ہم نے اب ملک سے آہستہ آہستہ لاک ڈاؤن کو کھولنا ہے ، لاک ڈاؤن کھولیں گے تو لوگوں کو دوبارہ نوکریاں ملیں گی ، لاک ڈاؤن کھولنے کیلئے ایس اوپیز رکھ رہےہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لوگوں نے ایس اوپیز پرعمل نہ کیا تو کوروناپھیلنے کا خدشہ بڑھ جائے گا اور ایس اوپیز پر عملدرآمد نہ ہونے پر دوبارہ لاک ڈاؤن کی طرف جانا پڑے گا۔

    عمران خان نے کہا کہ ٹائیگرزفورس کو عوام کو ایس اوپیز سےمتعلق آگاہ کرنا ہوگا اور دکانیں،فیکٹریز،مساجد جانیوالوں کو ایس اوپیز بتانا ہونگے، عوام میں آگاہی کیلئے ٹائیگرزفورس اہم کردار ادا کرے گی ، میڈیکل فیلڈ سے تعلق رکھنےوالوں نے بھی ٹائیگرز فورس جوائن کی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سیالکوٹ میں ایک پائلٹ پراجیکٹ کیا جا چکا ہے ، پائلٹ پراجیکٹ کو بنیاد بنا کر ٹائیگر فورس کا بھرپور استعمال کیا جا سکتا ہے، ٹائیگرز فورس کا کام پیسے اکٹھاکرنا نہیں یہ رضاکارانہ فورس ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ ٹائیگرزفورس لاک ڈاؤن سے بیروزگارہونیوالوں کی رجسٹریشن کرائے گی ، یونین کونسل کےدفاتر میں بیروزگار لوگوں کی رجسٹریشن کرائی جائے گی، بیروزگاروں کو بھی احساس کیش پروگرام کی طرز پر رقم منتقل کی جائے گی۔

    ذخیرہ اندوزوں کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزی،منافع خوری قانون کے خلاف ہے ، ذخیرہ اندوزی کیخلاف ایکشن لینےکی ذمہ داری ایڈمنسٹریشن کی ہے، ٹائیگرز فورس ایڈمنسٹریشن کو ذخیرہ اندوزی کی نشاندہی کرسکتی ہے۔

  • ٹائیگرز فورس کو ملک بھر میں متحرک کرنے کیلئے ایکشن پلان پر کام تیز

    ٹائیگرز فورس کو ملک بھر میں متحرک کرنے کیلئے ایکشن پلان پر کام تیز

    اسلام آباد: ٹائیگرز فورس کو ملک بھرمیں متحرک کرنے کیلئے ایکشن پلان پر کام تیز کردیا گیا اور سیالکوٹ میں شروع کئےگئےٹیسٹ رن ماڈل کو صوبے میں شروع کرنے پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹائیگر فورس کوملک بھرمیں متحرک کرنے کیلئے ایکشن پلان پر کام تیز کردیا گیا ، پنجاب کی اعلیٰ بیوروکریسی چیف سیکریٹری پنجاب, آئی جی تمام ڈویژنز کے کمشنرز، آر پی اوز کا مشترکہ اجلاس ہوا ، وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈاربھی اجلاس میں موجود تھے۔

    اجلاس میں پیر سے ٹائیگر فورس کو متحرک کرنے کے ایکشن پلان پر مشاورت ہوئی اور سیالکوٹ میں شروع کئےگئےٹیسٹ رن ماڈل کو صوبے میں شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ اس حوالے سے تمام ڈپٹی کمشنرز کو خصوصی ہدایات دے دی گئی ہے۔

    چیف سیکریٹری پنجاب نے کہا کہ نوجوانوں کوملکی خدمت کابھرپورموقع دیں گے جبکہ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ رضا کاروں کو ایس او پیز پر عمل کرانے کیلئے تعاون فراہم کریں گے۔

    اس موقع پر معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ پنجاب سے6لاکھ سے زائد نوجوان فورس میں شامل ہوئے، ڈاکٹرز، انجینئرز اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ہے۔

    گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار اور ثانیہ نشتر نے ملاقات کر کے ٹائیگر فورس کی رجسٹریشن اور ذمہ داریوں پر بریفنگ دی تھی۔

    وزیراعظم نے رضا کار فورس سے خود خطاب کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹائیگر فورس کو سوموار سے پورے ملک میں متحرک کر دیا جائے اور میں خود سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر رجسٹرڈ نوجوانوں سے خطاب کروں گا۔

    وزیراعظم کی ہدایات کے بعد عثمان ڈار متحرک ہوگئے اور بڑے پیمانے پر تیاریاں شروع کردیں،اس حوالے سے انہوں نے چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنرز کے ساتھ ویڈیو لنک اجلاس کیا۔

    ٹائیگر فورس بے روزگار مزدوروں کی نشاندہی بھی کرے گی، احساس پروگرام کے ذریعے بے روزگار مزدوروں کی مالی مدد کی جائے گی جبکہ ٹائیگرز فورس سے مساجد، یوٹیلیٹی اسٹورز ،قورنطینہ سنٹز سمیت اہم مقامات پر خدمات لی جائیں گی۔

  • وزیراعظم کی کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کو میدان میں اتار دیا گیا

    وزیراعظم کی کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کو میدان میں اتار دیا گیا

    سیالکوٹ : وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کو باقاعدہ آپریشنل کردیا گیا اور فورس نے فیلڈ کورونااسپتال میں ذمہ داریاں سنبھال لیں ہیں، سیالکوٹ کے20ہزارنوجوان ٹائیگرز فورس میں خدمات سرانجام دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے ٹائیگرزفورس کاافتتاح کر دیا ، 20ہزارنوجوان ٹائیگرزفورس میں خدمات سرانجام دیں گے، افتتاح کے بعد سیالکوٹ میں ٹائیگر زفورس کو باقاعدہ آپریشنل کردیا گیا اور فورس نے فیلڈ کورونا اسپتال میں ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

    وزیراعظم نے ٹائیگر فورس کے رضا کاروں سےخطاب کا فیصلہ کیا ہے وہ آئندہ چند دن میں رضا کاروں سے خطاب کریں گے۔

    ابتدائی طور پر سیالکوٹ میں نوجوانوں کو ذمہ داریاں سونپی گئیں ہیں، نوجوان رضا کار مساجد اور یوٹیلیٹی اسٹورز کے باہر تعینات ہوں گے ، ٹائیگر فورس کو ضلعی انتظامیہ اور مقامی پولیس کا تعاون بھی حاصل ہوگا اور مساجد اور یوٹیلیٹی اسٹورز میں سوشل ڈسٹنسنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔

    نوجوان رضا کار یوٹیلیٹی اسٹورز میں مطلوبہ سامان کی مانیٹرنگ بھی کریں گے تاکہ مطلوبہ اشیامیسر نہ ہونے پر ضلعی انتظامیہ کو شکایت کی جا سکے گی۔

    یاد رہے گذشتہ روز سیالکوٹ سے ٹائیگر فورس کا کامیاب ٹیسٹ رن کیا گیا تھا، عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ٹائیگر فورس کی سافٹ لانچنگ کا تجربہ کامیاب رہا، عوام کا تعاون اور رد عمل قابل ستائش ہے، نوجوانوں نے قومی جذبے کے تحت ذمےداری پوری کی۔

    معاون خصوصی نے کہا تھا کہ مرحلہ وار ملک بھر کے نوجوانوں کو مکمل طور پر متحرک کر دیں گے، طلبا،سوشل ورکرز،اساتذہ،انجینئراور ڈاکٹرفورس میں شامل ہوئے جبکہ صحافی،قانون دان،ہیلتھ ورکراور این جی اوز سےوابستہ افراد نےرجسٹریشن کرائی۔

  • کرپشن سیاستدانوں میں سرائیت کرچکی ہے،چوہدری محمد سرور

    کرپشن سیاستدانوں میں سرائیت کرچکی ہے،چوہدری محمد سرور

    لاہور : سابق گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ سترہ ماہ کی گورنری ان کے لئے زندگی کا سب سے تکلیف دہ دور تھا ، چاہنے کے باوجود کسی مجبور کی مدد نہیں کرسکا ۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں عمران خان ٹائیگرز فورس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کرپشن سیاستدانوں میں سرائیت کرچکی ہے جس کا علاج اسپرین کی بجائے سرجیکل آپریشن سے ہی ممکن ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام نظر آتی ہے ، جو حکومت سو دن میں کارکردگی نہ دکھا سکے وہ پانچ سال میں بھی کچھ نہیں کرسکتی ۔

    تقریب سے پاکستان تحریک انساف کے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا، واضح رہے کہ پنجاب کے سابق گورنر چوہدری محمد سرور نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ہے۔