Tag: ٹائیگر فورس

  • وزیراعظم کا ٹائیگر فورس سے متعلق رپورٹ پر اظہارِ اطمینان

    وزیراعظم کا ٹائیگر فورس سے متعلق رپورٹ پر اظہارِ اطمینان

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ملاقات کی اس موقع پر وزیراعظم کو ٹائیگرز فورس متحرک کیے جانے کے بعد پہلی رپورٹ پیش کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے ٹائیگر فورس سے متعلق رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ عثمان ڈار نے صوبائی حکومتوں کے تعاون اور اعدادو شمار پر بھی بریفنگ دی۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ رجسٹرڈنوجوان محنت اور لگن کے ساتھ ذمہ داریوں کو نبھا رہے ہیں، یوسی سطح پر ٹائیگرز فورس سے بیروزگار افراد کی رجسٹریشن میں بھی مدد ملی، صوبوں سے موصول رپورٹس تسلی بخش اور حوصلہ افزاء ہیں۔

    وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگرفورس کا کمال، مسلم لیگ ن کے ارکان بھی فورس میں شامل

    اس موقع پر سندھ حکومت کی جانب سے عدم تعاون کی رپورٹ بھی وزیراعظم کو پیش کی گئی۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ سندھ میں 1لاکھ 54 ہزار نوجوان رجسٹرڈ ہیں حکومت تعاون نہیں کر رہی۔

    وزیراعظم نے معاون خصوصی کو صوبائی سطح پر کوآرڈینیشن جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو مرحلہ وار متحرک کرنے کا عمل بھی جاری رکھا جائے۔

    خیال رہے کہ سندھ میں رجسٹرڈ نوجوانوں سے متعلق اہم فیصلہ ایک دو روز میں متوقع ہے۔

  • مساجد میں ٹائیگر فورس کے3 جوان پولیس کے ساتھ ڈیوٹی دیں گے، عثمان ڈار

    مساجد میں ٹائیگر فورس کے3 جوان پولیس کے ساتھ ڈیوٹی دیں گے، عثمان ڈار

    سیالکوٹ: معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ ضلع میں3 ہزار مساجدمیں ٹائیگر فورس کے 2 سے 3 جوان پولیس کے ساتھ ڈیوٹی دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کے لیے ملک بھر سے 10 لاکھ افراد نےحصہ لیا،سیالکوٹ میں 20 ہزار سے زائد افراد ٹائیگر فورس کاحصہ بنے ہیں۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ مخیرحضرات سے جمع رقم میں سے 40 ہزار خاندانوں کو 5 ہزار فی کس ملیں گے،مخیر حضرات نے اب تک 7کروڑ سے زائد رقم کرونا ریلیف فنڈ میں جمع کرائی۔

    انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے لیے میکنزم بنایاگیا ہے، ہر اس جگہ جاؤں گا جہاں غریب کی فلاح وبہبود کے لیے پیسے مل رہے ہوں گے، ضلع میں3 ہزار مساجد میں ٹائیگر فورس کے 2 سے 3 جوان پولیس کے ساتھ ڈیوٹی دیں گے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سندھ میں پہلے روز سے ٹائیگر فورس کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نادرا کے فراہم کردہ ڈیٹا کے مطابق غریب خاندانوں میں رقم کی منتقلی کی جائے گی،نوجوان قومی جذبے کے تحت ملک وقوم کی خدمت کے لیے آگے آ رہے ہیں۔

  • وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس پر پارٹی ارکان کو گائیڈ لائنز فراہم کردیں

    وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس پر پارٹی ارکان کو گائیڈ لائنز فراہم کردیں

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس پرپارٹی ارکان کوگائیڈ لائنز فراہم کر تے ہوئے فورس کوحلقوں میں متحرک کرنےکی ہدایت کردی اور کہا   اتحاد اور ڈسپلن کیساتھ کورونا وائرس کا کامیابی سے مقابلہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس ہوا، پی ٹی آئی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ صوبائی وزرائے اعلی سمیت وفاقی وزرانےبھی ویڈیو لنک سےشرکت کی۔

    اجلاس میں کورونا صورتحال،حکومتی اقدامات اورمرض سےمتعلق خدشات پر بات چیت کی گئی اور ارکان اسمبلی نے حلقوں میں کورونا کی صورتحال پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی جبکہ معاون خصوصی عثمان ڈار نے بھی خصوصی بریفنگ دی۔

    وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کو ٹائیگر فورس پر گائیڈ لائنز فراہم کرتے ہوئے فورس کوحلقوں میں متحرک کرنے کی ہدایت کردی اور سیالکوٹ ٹیسٹ رن کی طرز کے فارمولے کی منظوری دے دی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نوجوانوں سےخصوصی خطاب کےفوری بعدٹائیگرفورس آپریشنل ہوگی اور صوبائی سطح پر اعلی بیوروکریسی اور انتظامیہ معاونت کرے گی۔

    وزیراعظم عمران خان نے پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندوں کیلئےعوام کی خدمت کا بہترین موقع ہے، موجودہ وقت سارے اختلافات بھلاکر قوم کی خدمت کا تقاضا کرتا ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں کمی کےثمرات عوام تک پہنچانےہیں، ارکان اسمبلی انتظامیہ کیساتھ ملکرقیمتوں پرنظر رکھیں اور کورونا کے اثرات سےنمٹنے کیلئے نوجوانوں کومتحرک کریں۔

    انھوں نے کہا کہ حکومتی گائیڈلائنزپرعملدرآمدکرانےمیں انتظامیہ سےملکر کام کریں، ارکان اسمبلی حلقوں میں اپنی ٹیمیں بناکر مستحق افراد تک پہنچیں، حکومت ہر طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے،ارکان اسمبلی مساجدمیں ایس او پیز پر عملدرآمد میں بھی کرداراداکریں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ایک ٹیم بن کرکام کرناہوگا، مجھے معلوم ہے ہر کوئی اپنی استعدادمیں کام کررہا ہے، اتحاد اور ڈسپلن کیساتھ کورونا وائرس کا کامیابی سے مقابلہ کریں گے۔

  • ٹائیگر فورس کے اراکین متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے دن رات ایک کر دیں،وزیراعلیٰ پنجاب

    ٹائیگر فورس کے اراکین متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے دن رات ایک کر دیں،وزیراعلیٰ پنجاب

    سیالکوٹ: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ٹائیگر فورس کے اراکین متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے دن رات ایک کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ٹائیگر فورس کے اراکین نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ پنجاب کو ٹائیگر فورس کی کیپ پہنائی گئی۔

    سردار عثمان بزدار نے احساس کفالت پروگرام کے تحت مالی امداد تقسیم کرنے کے سینٹر کا دورہ کیا اور مستحق خواتین میں مالی امداد کی تقسیم کےعمل کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے خواتین سے سینٹر انتظامات سے متعلق دریافت کیا۔ خواتین نے مالی امداد کی تقسیم کے عمل میں شفافیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    انہوں نے فیلڈ اسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولتو ں کا جائزہ لیا اور مختصر وقت میں فیلڈ اسپتال قائم کرنے پر انتظامیہ کی تعریف بھی کی۔سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ فیلڈ اسپتال میں خواتین کے لیے علیحدہ آئسولیشن وارڈ قائم کیا گیا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مالی امداد کی تقسیم کے پروگرام کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔سردار عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ ٹائیگر فورس کے اراکین متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے دن رات ایک کر دیں۔

    سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو دنیا اور آخرت میں اجر ملے گا۔

  • ٹائیگر فورس کا ٹیسٹ رن مکمل، آج سے آپریشنل ہوگی

    ٹائیگر فورس کا ٹیسٹ رن مکمل، آج سے آپریشنل ہوگی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر قائم ٹائیگر فورس کا ٹیسٹ رن مکمل ہو گیا، آج سے یہ فورس آپریشنل ہوگی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹائیگر فورس کا ٹیسٹ رن مکمل ہو گیا، آج سے یہ فورس آپریشنل ہوگی، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ٹائیگر فورس کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔

    ابتدائی طور پر سیالکوٹ میں رضا کاروں کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، رضا کاروں کو مساجد، یوٹیلیٹی اسٹورز کے باہر تعینات کیا گیا ہے، جہاں سوشل ڈسٹنسنگ گائیڈ لائنز کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

    سیالکوٹ سے ٹائیگر فورس کو میدان میں اتارنےکی شروعات

    ٹائیگر فورس کو ضلعی انتظامیہ اور مقامی پولیس کا تعاون بھی حاصل ہوگا، یوٹیلیٹی اسٹورز میں سامان نہ ہونے پر ضلعی انتظامیہ کو شکایت کی جا سکے گی، عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ٹائیگر فورس کی سافٹ لانچنگ کا تجربہ کامیاب رہا۔

    انھوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے سلسلے میں عوام کا تعاون اور رد عمل قابل ستائش ہے، نوجوانوں نے قومی جذبے، محنت، لگن سے ذمہ داری پوری کی، آج سیالکوٹ سے ٹائیگر فورس کو باضابطہ آپریشنل کر رہے ہیں، اور مرحلہ وار ملک بھر کے نوجوانوں کو مکمل طور پر متحرک کر دیں گے۔

    گزشتہ روز معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا تھا کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر عوامی نمایندے ٹائیگر فورس کی قیادت کریں گے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیالکوٹ کے تمام ارکان اسمبلی کو بھی خط لکھے جا چکے ہیں۔

  • سیالکوٹ سے ٹائیگر فورس کو میدان میں اتارنےکی شروعات

    سیالکوٹ سے ٹائیگر فورس کو میدان میں اتارنےکی شروعات

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ سےٹائیگر فورس کو میدان میں اتارنےکی شروعات کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کو متحرک کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ٹائیگر فورس کا ٹیسٹ رن آج سے سیالکوٹ میں ہو گا، 20 ہزار نوجوانوں کو عوامی خدمت کی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔

    سیالکوٹ کی مقامی انتظامیہ نے ن لیگی رہنما خواجہ آصف کو خط لکھ کر بطور رکن اسمبلی ٹائیگر فورس کی نمائندگی کے لیے تعاون طلب کیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے ضلعی اور یوسی کی سطح پر کمیٹیوں کے لیے ممبران کے نام دینے کی درخواست کی گئی۔

    وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ سےٹائیگر فورس کو میدان میں اتارنےکی شروعات کر رہے ہیں، نوجوانوں کو مساجد،اسپتالوں اور اہم مقامات پر عوامی خدمت کا موقع دیا جائے گا۔

    عثمان ڈار کے مطابق سیاسی وابستگی سے بالا عوامی نمائندے ٹائیگر فورس کی قیادت کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیالکوٹ کے تمام ارکان اسمبلی کوخط لکھے گئے۔

    معاون خصوصی عثمان ڈار کا مزید کہنا تھا کہ مرحلہ وار ٹائیگر فورس کو ملک بھر میں متحرک کیا جائے گا۔

    عثمان ڈار کی مریم اورنگزیب کو ٹائیگر فورس میں شمولیت کی دعوت

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے معاون خصوصی عثمان ڈار نے مریم اورنگزیب کو ٹائیگر فورس میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا تھا کہ فورس میں 25 ہزار کے قریب قوم کی بہادر لڑکیاں رجسٹرڈ ہیں۔

  • ٹائیگر فورس کی خدمات سے متعلق سندھ حکومت نے یو ٹرن لے لیا

    ٹائیگر فورس کی خدمات سے متعلق سندھ حکومت نے یو ٹرن لے لیا

    کراچی: سندھ حکومت نے یہ کہہ کر کہ ٹائیگر فورس سیاسی ہے، ریلیف مہم میں شامل نہیں کر سکتے، بڑا یو ٹرن لے لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق راشن تقسیم کے سلسلے میں وفاق کی جانب سے بنائی گئی ٹائیگر فورس کو سندھ میں رضا کارانہ شامل کرنے سے متعلق سندھ حکومت نے بڑا یوٹرن لے لیا ہے۔

    چیف سیکریٹری سندھ نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو خط لکھ کر ہدایت جاری کی تھی کہ بتایا جائے کہ ٹائیگر فورس کو راشن تقسیم کے لیے کیسے شامل کیا جائے، اب سندھ کے وزیر امتیاز شیخ نے اُس خط سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔

    سندھ حکومت نے چیف سیکریٹری سندھ کے خط سے لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعظم کی ٹائیگر فورس کو ریلیف مہم میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، سندھ ریلیف آپریشن کے سلسلے میں امتیاز شیخ نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس آپریشن کو قطعی طور پر غیر سیاسی رکھا گیا ہے۔

    وفاق کا ٹائیگر فورس کی خدمات لینے پر سندھ حکومت کا خیر مقدم

    وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ مستحقین تک راشن کی ترسیل شفاف طریقے سے کی جا رہی ہے، پیپلز پارٹی سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کا ورکر ریلیف آپریشن کا حصہ نہیں، جب کہ ٹائیگر فورس سیاسی ورکرز پر مشتمل ہے۔

    ان کا کہنا تھا یو سی سطح پر کمیٹیاں، این جی اوز اور لیڈی ہیلتھ ورکرز اس آپریشن کا حصہ ہیں، سندھ میں ریلیف کا کام رنگ و نسل، اور سیاسی وابستگی کے بغیر کیا جا رہا ہے، کسی سیاسی جماعت کی فورس یا ورکر کو ریلیف آپریشن کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا، ڈپٹی کمشنرز کو اس قسم کی کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی ہے۔

  • وفاق کا ٹائیگر فورس کی خدمات لینے پر سندھ حکومت کا خیر مقدم

    وفاق کا ٹائیگر فورس کی خدمات لینے پر سندھ حکومت کا خیر مقدم

    اسلام آباد: وفاق کی جانب سے راشن تقسیم کے لیے ٹائیگر فورس کی خدمات لینے کے سندھ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ حکومت نے راشن تقسیم میں ٹائیگر فورس کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھا، وفاقی حکومت کی جانب سے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔

    اس سلسلے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افئیرز عثمان ڈار نے ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا رپورٹ سے پتا چلا سندھ حکومت نے ٹائیگر فورس کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ خوش آیند ہے، ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

    سندھ حکومت کا ٹائیگر فورس کو راشن تقسیم میں شامل کرنے کا فیصلہ

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ان حالات میں سندھ حکومت کی جانب سے ایسے ہی فیصلے کی توقع تھی، میں یقین دلاتا ہوں کہ ٹائیگر فورس سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر کام کرے گی، ٹائیگر فورس صرف قومی جذبے کے تحت ہنگامی حالات میں کام کرے گی۔

    انھوں نے کہا کہ امید ہے باقی صوبے بھی اسی طرح مل کر ٹائیگر فورس کو متحرک کریں گے، میں لاکھوں کی تعداد میں رجسٹرڈ نوجوانوں کا خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

    عثمان نے ڈار نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز قومی قیادت کو واضح پیغام دیا تھا، جس میں قومی معاملے میں سیاست نہ کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سندھ حکومت نے وزیر اعظم کی قائم کردہ ٹائیگر فورس کو راشن تقسیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اس سلسلے میں چیف سیکریٹری سندھ کی ہدایت پر محکمہ سروسز ایڈمنسٹریشن نے صوبے بھر کے کمشنرز کو خط لکھ کر کہا کہ سندھ بھر میں راشن کی بہتر تقسیم کے لیے ٹائیگر فورس کی خدمات بھی لی جائیں۔

  • ٹائیگر فورس عزت نفس مجروح کیے بغیر راشن مستحقین تک پہنچائے گی: وزیر خارجہ

    ٹائیگر فورس عزت نفس مجروح کیے بغیر راشن مستحقین تک پہنچائے گی: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے احساس پروگرام کے تحت 144 ارب کی خطیر رقم مختص کی ہے، ٹائیگر فورس عزت نفس مجروح کیے بغیر راشن مستحقین تک پہنچائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ این اے 156 اور این اے 157 میں رضا کار (ٹائیگرز) فورس تشکیل دے دی گئی، فورس میں شامل رضا کاروں کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ فورس عزت نفس مجروح کیے بغیر راشن مستحقین تک پہنچائے گی، وزیر اعظم نے احساس پروگرام کے تحت 144 ارب کی خطیر رقم مختص کی۔

    انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 12 ہزار روپے فی خاندان تقسیم کیے جا رہے ہیں، ایک کروڑ 12 لاکھ مستحق خاندانوں میں امدادی رقوم تقسیم کی جا رہی ہیں، پنجاب حکومت کے ساتھ انصاف امداد پیکج میں 25 لاکھ خاندانوں کو 25، 25 ہزار دیں گے۔

    وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ انصاف امداد پیکج کے تحت بھی امداد مکمل طور پر سیاست سے بالا ہوگی۔

    گزشتہ روز وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دنیا کی توجہ اپنی آبادیوں کے تحفظ پر ہے اور دنیا کرونا کا مقابلہ کر رہی ہیں، پوری دنیا اپنی معیشت کو سہارا دینے کی کوشش کر رہی ہے۔

  • وزیراعظم کا ٹائیگر فورس سے متعلق پیغام

    وزیراعظم کا ٹائیگر فورس سے متعلق پیغام

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک کو اس وقت زیادہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کے لیے اپنے پیغام میں کہا کہ ٹائیگر فورس میں اب تک ساڑھے 8 لاکھ افراد رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ طبی شعبے سے وابستہ نوجوان بھی ٹائیگر فورس میں شمولیت کریں،ملک کو اس وقت زیادہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس کی ضرورت ہے،طبی شعبے سے تعلق رکھنے والے نوجوان زیادہ رجسٹریشن کرائیں۔

    انہوں نے ٹائیگر فورس میں رجسٹرڈ ہونے والوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے شعبہ صحت میں تجربہ رکھنے والے بھی رجسٹریشن کرائیں۔

    کرونا ریلیف ٹائیگرز فورس کی رجسٹریشن میں توسیع

    دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اعلان کردہ کرونا ریلیف ٹائیگرز فورس رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کر دی گئی۔ٹائیگر فورس کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ 15اپریل مقرر کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس سے اب تک 66 افراد انتقال کر چکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 4695 ہے۔کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے جو کہ 14 اپریل تک جاری رہے گا تاہم اس میں نرمی یا اضافے کا فیصلہ چند روز میں کیا جائے گا۔