Tag: ٹارگٹڈ آپریشن

  • کراچی آپریشن کا137 واں روز، شہر پھر بھی لہو لہو

    کراچی آپریشن کا137 واں روز، شہر پھر بھی لہو لہو

    کراچی میں جرائم کی روک تھام کے لئے شروع کئے گئے ٹارگٹڈ آپریشن کو ایک سو چھتیس روز گزر گئے، پندرہ ہزار سے زائد جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کے باوجود شہر میں قتل کا بازار گرم ہے۔

    جرائم کی بیخ کنی کے لئے شروع کئے گئے آپریشن کو ایک سو چھتیس روز گزر گئے، آپریشن وزیراعلیٰ کی کپتانی میں پولیس اور رینجرز کی مدد سے شروع کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق کم و بیش چار مہینے سے جاری آپریشن کے دوران قانون کے رکھوالوں نے ہزاروں مشتبہ افراد کو حراست میں لیا، پولیس اور رینجرز نے شہر بھر میں کم وبیش نو ہزار کے قریب کارروائیاں کیں۔

    پانچ سو سے زائد مقابلوں میں سو کے لگ بھگ ملزم مارے گئے، گرفتار ملزمان میں بڑی تعداد ٹارگٹ کلرز، اغواکار، بھتہ خوروں کی ہے، ٹارگٹڈ کارروائیوں میں تین ہزار سے زائد مخلتف اقسام کے ہتھیار بھی برآمد ہوئے۔

    اس دوران حکومتی رٹ قائم کرنے کی کوشش میں سیکیورٹی اداروں کے چالیس سے زائد اہلکار جاں بحق ہوئے، کراچی آپریشن کا تیسرا مرحلہ جاری ہے، جرائم کی وارداتوں میں کمی محسوس تو ہوئی لیکن قتل و غارت گری اب بھی تھمی نہیں۔

    پولیس میں تقرریوں تبادلوں کی بازگشت کے بعد رینجرز حکام کی برہمی بھی ایک مسئلہ بنی ہوئی ہے، آپریشن کا تیسرا مرحلہ تیز تر تھا لیکن ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں نے بھی تیزی اختیار کرلی ہے۔

  • کراچی آپریشن ہرحال میں جاری رہےگا ، شرجیل میمن

    کراچی آپریشن ہرحال میں جاری رہےگا ، شرجیل میمن

    سندھ کے وزیراطلاعات و بلدیات شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن ہر حال میں جاری رہے گا، سیکیورٹی اداروں اور سندھ حکومت کے مابین کوئی اختلافات نہیں۔

    وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن ہر حال میں جاری رہے گا۔ سیکیورٹی اداروں اور سندھ حکومت کے مابین کوئی اختلافات نہیں ہے ، سندھ حکومت کو رینجرز اور پولیس افسران کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔

    ان کا کہنا تھا پولیس اور رینجرز پر حملہ کرنے والوں کے چہرے جلد عوام کے سامنے بے نقاب کریں گے، دہشت گردوں کے گھیرا تنگ کیا جارہا ہے ۔

    انہیں کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے چوہدری اسلم شہید کی رہائش گاہ پر ان کی اہلیہ سے ملاقات اور ان چوہدری اسلم کی دہشت گردوں کے ہاتھوں شہادت پر تعزیعت کی ۔

       

  • کراچی:پولیس اور رینجرز کی ٹارگٹڈ کاروائیاں،20ملزمان گرفتار

    کراچی:پولیس اور رینجرز کی ٹارگٹڈ کاروائیاں،20ملزمان گرفتار

    کراچی میں پولیس اور رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہیں، ٹارگٹڈ کاروائیوں میں ٹارگٹڈ کلرز اور بھتہ خور سمیت بیس سے زائد ملزمان کو حراست لے لیا۔

    کراچی میں قیام امن کے لئے پولیس اور رینجرز کی ٹارگٹڈ کاروائیاں جاری ہیں، پولیس حکام کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شاہ فیصل کالونی نمبر پانچ میں کاروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے بھتہ خور کو گرفتارکرلیا۔

    موچکو میں کاروائی کے دوران عبید نامی ٹارگٹ کلر تین ساتھیوں کے ہمراہ گرفتار کرلیا، ملزم نے اٹھائیس افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے، ملزم عبید دس افراد کے قتل کے الزام میں پہلے گرفتار اور رہا ہوچکا ہے۔

    گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو دستی بم، راکٹ، دو کلاشنکوف اور چار ٹی ٹی پستول برآمد ہوئیں، نیو کراچی پولیس نے کوثر نیازی کالونی میں منشیات کے اڈے پر چھاپہ مار کر بدنام زمانہ منشیات فروش مظفر شاہ کو گرفتار کر لیا۔

    ملزم منشیات فروشی سمیت دیگر سنگین جرائم میں انتہائی مطلوب تھا، اورنگی ٹاوٴن کے علاقے سیکٹر فائیو ای میں پولیس نے سرچ آپریشن کے بعد انیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
       

  • کراچی:پرتشدد واقعات جاری، 6افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد

    کراچی:پرتشدد واقعات جاری، 6افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد

    کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے ساتھ پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے، گلشن معمار میں چھ افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئیں، مقتولین میں چار کی شناخت منور، شفیق ، جاوید اور عمران کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ دو کی شناخت نہ ہوسکی۔

     ایس ایس پی عامر فاروقی کے مطابق گلشن معمار سے چھ افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد کرلی گئیں، مقتولین کو تشدد کے بعد تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا، پولیس حکام کے مطابق گلشن معمار کے علاقے میں واقع مزار کے قریب سے چھ افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملیں، جنہیں تیز دھار آلے کی مدد سے گلے کاٹ کر قتل کیا گیا۔

    ایس ایس پی سینٹرل عامر فاروقی کے مطابق تمام لاشیں مردوں کی ہیں اور انھیں گلشن معمار سے اغواء کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پھر خنجر کی مدد سے گلے کاٹ کر قتل کر دیا گیا ، پولیس نے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا ہے، مقتولین کی عمریں بیس سے تیس سال کے درمیان ہیں۔

    پولیس کے مطابق تمام افراد فیکٹری ورکر اور مزدور ہیں، جنہیں واپسی پر اغواء کے بعد قتل کیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولین میں سے تین مزار کے متولی تھے، ابتدائی تفتیشی رپورٹ کے مطابق مقتولین کو گزشتہ رات آٹھ سے نو بجے کے درمیان قتل کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واردات میں کالعدم تنظیم کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں، سپرہائی وے پر لکی سیمنٹ فیکٹری کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی، جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا، لاش کو ضابطے کی کاروائی کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    دوسری جانب موچکو پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے عبید نامی ٹارگٹ کلر کو تین ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا، ملزم نے اٹھائیس افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے، ملزم دس افراد کے قتل کے الزام میں پہلے گرفتار اور پھر رہا ہوچکا ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان سے دو دستی بم دو راکٹ، دو کلاشنکوف اور چار ٹی ٹی پستول برآمد ہوئے، نیو کراچی پولیس نے کوثر نیازی کالونی میں منشیات کے اڈے پر چھاپہ مار کر بدنام زمانہ منشیات فروش مظفر شاہ کو گرفتار کرلیا، ملزم منشیات فروشی سمیت دیگر سنگین جرائم میں انتہائی مطلوب تھا۔

    کاروائی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات، اسلحہ اور متعدد گولیاں برآمد کر لی گئیں، دوسری جانب اورنگی ٹاوٴن کے علاقے سیکٹر فائیو ای میں پولیس نے سرچ آپریشن کے بعد انیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

    اتحاد ٹاؤن میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر نوجوان زخمی ہوگیا، کورنگی نمبر تین میں شہری کی فائرنگ سے دو مبینہ ڈاکو زخمی ہوگئے، جنھیں پولیس نے گرفتار کرلیا۔

  • کراچی:ٹارگٹڈ آپریشن، 2مبینہ دہشتگردوں سمیت 6ٹارگٹ کلرز گرفتار

    کراچی:ٹارگٹڈ آپریشن، 2مبینہ دہشتگردوں سمیت 6ٹارگٹ کلرز گرفتار

    کراچی میں دومبینہ دہشتگردوں سمیت چھ ٹارگٹ کلرز پکڑے گئے جبکہ ٹارگٹڈ آپریشن میں مختلف علاقوں سے پچیس سے زائد جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

    سی آئی ڈی پولیس نے سرجانی ٹاون میں پولیس مقابلے کے بعد کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دو دہشتگردوں آصف اور شہادت حسین کو گرفتار کرلیا، سی آئی ڈی حکام کے گرفتار ملزمان فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ اور ڈکیتیوں کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

    سی آئی ڈی پولیس کی مختلف ٹیموں نے لیاری اور بلدیہ ٹاون میں کاروائیاں کرتے ہوئے لیاری گینگ وار اور سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے4ٹارگٹ کلرز کو بھی گرفتار کیا، کورنگی صنعتی ایریا میں پولیس نے مقابلے کے بعد دو ڈاکووں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔

    نیوکراچی اور سپر مارکیٹ سے بھی پولیس نے قتل اور بھتہ خوری میں ملوث2ملزمان کو گرفتار کرلیا، شہر کے دیگر علاقوں میں بھی سیکورٹی اداروں نے چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران22ملزمان کو حراست میں لیکر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
       

  • کراچی:پولیس اور رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن جاری

    کراچی:پولیس اور رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن جاری

    کراچی میں پولیس اور رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہیں، احسن آباد میں پولیو ٹیم پرحملے میں ملوث ایک دہشت گرد ہلاک جب کہ ایک کو گرفتار کرلیا گیا، مختلف کاروائیوں میں ٹارگٹ کلرز، بھتہ خوروں سمیت چالیس سے زائد جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    احسن آباد میں پولیس نے انسداد پولیو مہم کی ٹیم پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی اورمقابلے کے بعد کالعدم تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے دو دہشت گردوں کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ہے، ملزمان کی شاخت امیر حمزہ اور نور اللہ عرف مصباح الدین کے ناموں سے ہوئی۔

    ملزم نوراللہ عرف مصباح دوران علاج ہلاک ہوگیا، بن قاسم میں پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے چار کارندے گرفتار کرلئے ہیں، اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ نے سرجانی ٹاون میں کاروائی کے دوران مقابلے کے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، پی آئی بی پولیس نے مختلف کاروائیوں میں مفرور ملزم سمیت تین جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

    شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ٹارگٹ کلنگ، منشیات فروشی اور بھتہ خوری میں ملوث اکیس ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان سے دستی بم، ایس ایم جی رائفل اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا، ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار اور سیاسی جماعتوں سے ہے۔