Tag: ٹام کروز

  • خلا میں شوٹ کی گئی دنیا کی پہلی فلم کا ٹریلر ریلیز

    روسی ڈائریکٹر نے خلا میں دنیا کی پہلی فلم تیار کرلی جس کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا، ٹام کروز اپنی فلم خلا میں شوٹ کرنے کے اعلان کے بعد پیچھے رہ گئے۔

    سنہ 2020 میں یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ ہالی وڈ اسٹار ٹام کروز امریکی خلائی ادارے ناسا اور اسپیس ایکس کے ساتھ مل کر انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن میں دنیا کی پہلی فلم کی شوٹنگ کریں گے۔

    اس کے چند ماہ بعد روس کی جانب سے بھی انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن میں ایک فلم کی شوٹنگ کا اعلان کیا گیا تھا، اب روسی ڈائریکٹر نے خلا میں دنیا کی پہلی فلم کی تیاری کے حوالے سے ٹام کروز کے پراجیکٹ کو واضح شکست دے دی ہے۔

    روسی اداکارہ یولیا پیری سلڈ کو فلم دی چیلنج کے اہم کردار کے لیے 3 ہزار امیدواروں میں سے منتخب کیا گیا تھا، اس فلم کی کہانی ایک ایسی خاتون سرجن کے گرد گھومتی ہے جو ایک خلاباز کو بچانے کے لیے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن پر جاتی ہے۔

    اس فلم کے لیے ڈائریکٹر کلم شیپینکو، یولیا پیری سلڈ اور ایک خلاباز اکتوبر 2021 میں انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن پہنچے تھے اور وہاں 12 دن تک فلم کی عکسبندی کی۔

    جہاں تک ٹام کروز کی بات ہے تو اب بھی وہ خلا میں بنائی جانے والی پہلی ہالی وڈ فلم کا اعزاز اپنے نام کر سکتے ہیں۔

    یونیورسل اسٹوڈیو نے اکتوبر 2022 میں تصدیق کی تھی کہ ٹام کروز انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کے باہر چہل قدمی کرنے والے پہلے عام شہری ہوں گے۔

    یہ وہ کام ہے جس کے لیے ناسا کی جانب سے کئی ماہ کی تربیت دی جاتی ہے، مگر یہ واضح نہیں کہ ٹام کروز اس تربیتی پروگرام کا حصہ بنیں گے یا نہیں۔

  • ٹام کروز نے شکریہ ادا کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر سے چھلانگ لگا دی

    ٹام کروز نے شکریہ ادا کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر سے چھلانگ لگا دی

    ہالی ووڈ ایکشن ہیرو ٹام کروز نے مداحوں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر سے چھلانگ لگا دی۔

    تفصیلات کے مطابق ہالی ووڈ کے سپر سٹار اور مشن امپاسیبل سیریز کے ہیرو ٹام کروز نے مداحوں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر سے چھلانگ لگا دی۔

    خصوصی ویڈیو پیغام میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹام کروز ایک ہیلی کاپٹر پر موجود ہیں اور کہتے ہیں کہ ہم نوبی افریقہ میں مشن امپوسیبل ڈیڈ ریکنگ پارٹ ون اور ٹو کی شوٹنگ کر رہے ہیں۔

    مزید بولے کہ میں سال کا اختتام اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیے بغیر نہیں کرنا چاہتا، ٹاپ گن میوورک کو سپورٹ کرنے پر آپ سب کا شکرگزار ہوں۔

    واضح رہے کہ اگلی فلم کو مشن امپاسبل سیون پارٹ ون کا نام دیا گیا ہے، جو آئندہ برس 14 جولائی کو ریلیز ہوگی جب کہ اس کا دوسرا حصہ 28 جون 2024 میں ریلیز کیا جائے گا۔

  • کیا ٹام کروز نے "مشن امپاسبل 07” میں اکشے کمار کی نقل کی؟

    کیا ٹام کروز نے "مشن امپاسبل 07” میں اکشے کمار کی نقل کی؟

    بھارتی فلموں کی کہانی یا گیتوں میں کوئی چربہ نہ ہو ایسا ممکن نہیں، بھارتی ہدایت کار کسی ہالی ووڈ یا لالی ووڈ کی فلموں میں سے کوئی سین، ڈائیلاگ یا گانا چرا کر اسے کامیابی دلانے کی کوشش کرتے ہیں۔

    لیکن اس بار بھارتی اداکار اکشے کمار کے مداحوں نے ایک فلمی سین کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹام کروز نے مشن امپاسبل سیون کے لیے اکشے کمار کے اسٹنٹ کو کاپی کیا۔

    ہالی ووڈ فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار ٹام کروز اپنی جاندار اداکاری کی بدولت فلمی شائقین کے دلوں میں علیحدہ مقام رکھتے ہیں ان کا جدا گانہ انداز ہی ان کے مداحوں کو پسند آتا ہے۔

    دی ٹاپ گن اور مشن امپاسبل سیریز کے ہیرو ٹام کروز 600سال کے ہوگئے، ان کی سالگرہ کے موقع پر ڈیڈ ریکوننگ پارٹ ون کے ڈائریکٹر نے اپنی آنے والی فلم کا ایک کلپ شیئر کرکے سالگرہ کی مبارکباد دی۔

    اس تصویر میں ٹام کروز کے کردار ایتھن ہنٹ کو اڑتے ہوئے طیارے پر لٹکا ہوا دکھایا گیا تھا۔ اس پوسٹ پر ٹام کروز کے مداحوں نے بھی ان کی سالگرہ کی مبارکباد دی۔

    اس موقع پر پٹیالہ ہاؤس اداکار اکشے کمار کے مداحوں نے کہا کہ ٹام کروز کا اسٹنٹ والا یہ سین اکشے کمار کی سال2000 میں بننے والی فلم کھلاڑی420 سے بہت مماثلت رکھتا ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل مشن امپاسبل، ڈیڈ ریکننگ پارٹ ون کا ٹریلر جاری کیا گیا تھا۔ فلم اگلے سال 14 جون کو ریلیز ہوگی۔

    فلم میں ٹام کروز ایتھن ہنٹ کے کردار کو دہرائیں گے۔ ہیلی ایٹ ویل اور ربیکا فرگوسن بالترتیب گریس اور ایلسا فاسٹ کے کردار میں نظر آئیں گی۔

    فلم کی دیگر کاسٹ میں پوم کلیمینٹیف، وینیسا کربی، سائمن پیگ، کیری ایلویس، شیا وِگھم، اندرا ورما اور ونگ رمز شامل ہیں۔

     

  • ٹاپ گن میورک: امریکی بحریہ کے فائٹر جیٹس کا لاکھوں ڈالرز کرایہ

    ٹاپ گن میورک: امریکی بحریہ کے فائٹر جیٹس کا لاکھوں ڈالرز کرایہ

    معروف ہالی ووڈ اداکار ٹام کروز کی نئی فلم ٹاپ گن: میورک کامیابی کے ریکارڈز توڑ رہی ہے اور اس کی عکس بندی کے لیے بھی کروڑوں امریکی ڈالرز خرچ کیے گئے ہیں۔

    ہالی وڈ کے بہترین اداکاروں میں سے ایک ٹام کروز کی فلم ٹاپ گن کا سیکوئل ٹاپ گن: میورک باکس آفس پر چھایا ہوا ہے۔ فلم میں فائٹر جیٹس کا جو ایکشن دکھایا گیا اس نے ناظرین کو مبہوت کردیا۔

    رپورٹس کے مطابق پیرا ماؤنٹ پکچرز اسٹوڈیوز نے فلم میں استعمال ہونے والے ایک جنگی لڑاکا طیارے کے لیے فی گھنٹہ 11 ہزار 374 امریکی ڈالرز کرایہ ادا کیا۔

    ٹام کروز کی زبردست اداکاری سے مزین نئی فلم میں نظر آنے والے حیرت انگیز طور پر حقیقت پسندانہ مناظر تخلیق کرنے کے لیے اسٹوڈیو نے امریکی بحریہ کے ساتھ ایف اے 18 سپر ہارنٹس جنگی طیارے لینے کا معاہدہ کیا۔

    معاہدے میں یہ پابندی بھی شامل تھی کہ ٹام کروز کنٹرول کو چھو بھی نہیں سکتے۔

    خیال رہے کہ ٹام کروز اپنے اسٹنٹس (کرتب) خود کرنے کے لیے مشہور ہیں، اور اصل ٹاپ گن فلم میں اداکاری کے دوران انہوں نے سنہ 1986 میں ایک جیٹ بھی اڑایا تھا۔

    ٹام نے اصرار کیا کہ پائلٹس کا کردار ادا کرنے والے تمام اداکار بوئنگ کمپنی کے بنائے ہوئے لڑاکا طیارے اڑانا سیکھیں تاکہ اداکار پائلٹوں کی تجربہ کردہ کشش ثقل کی قوتوں (گریوی ٹیشنل فورسز) کو پوری طرح سمجھ سکیں۔

    کروز نے اپنے ساتھی اداکاروں کے لیے فلائٹ ٹریننگ پروگرام بھی بنایا تاکہ وہ فضائی مشقوں کے دوران پرفارم کر سکیں۔

    رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پیرا ماؤنٹ پکچرز اسٹوڈیوز کو نہ صرف بحریہ کے طیاروں، طیارہ بردار بحری جہازوں اور فوجی اڈوں تک رسائی حاصل تھی بلکہ پینٹاگون کے انٹرٹینمنٹ میڈیا آفس سے اسکرپٹ کو منظور بھی کروانا پڑا تھا۔

    ٹاپ گن: میورک کی عکس بندی انتہائی مہنگے ہونے کے باوجود، یہ پروجیکٹ ٹام کروز کے کیریئر کا بہترین افتتاحی پروجیکٹ بننے کے راستے پر ہے، توقع ہے کہ فلم اپنے ابتدائی ہفتے کے آخر میں تقریباً 130 ملین امریکی ڈالر کمائے گی۔

  • فلم ٹاپ گن کو سیونگ پرائیویٹ رائن سے بہتر قرار دینے پر طلاق کا خدشہ

    فلم ٹاپ گن کو سیونگ پرائیویٹ رائن سے بہتر قرار دینے پر طلاق کا خدشہ

    سوشل میڈیا پر جہاں ایک طرف تقریباً پچیس سال بعد ایک شان دار ہالی ووڈ فلم کا پھر سے چرچا ہونے لگا ہے، وہیں ٹام کروز کی سپر ہٹ فلم ٹاپ گن کو بہتر قرار دینے پر ایک خاتون کو طلاق ملنے کے خدشے نے آ گھیرا ہے۔

    دراصل اتوار کو ٹویٹر پر ایک خاتون صارف راشل ونڈمین نے ایک پوسٹ کی، جس میں انھوں نے لکھا کہ ’میں نے کہا کہ ٹاپ گن، سیونگ پرائیویٹ رائن سے بہتر فلم ہے، اور اس پر لگتا ہے اب مجھے طلاق ہونے والی ہے۔‘

    اس ٹویٹ کے بعد فلموں میں دل چسپی رکھنے والوں کی طرف سے تبصروں کا تانتا بندھ گیا، جس کی وجہ سے فلم سیونگ پرائیویٹ رائن ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہو گئی، یہ فلم دراصل 1998 میں ریلیز ہوئی تھی، چوبیس برس قبل پہلی بار سنیما گھروں کی زینت بننے والی اس فلم میں ٹام ہینکس اور میٹ ڈیمن نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، لیکن ایک ٹویٹ نے اسے پھر سے ٹاپ ٹرینڈ بنا دیا۔

    جب کہ پہلی ’ٹاپ گن‘ فلم 1986 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس فلم میں ٹام کروز نے ایک فائٹر پائلٹ کا کردار ادا کیا تھا، جس نے اکیڈمی اور گولڈن گلوب سمیت متعدد ایوارڈز جیتے تھے، اس فلم کا سیکوئل ’ٹاپ گن: میورک‘ رواں سال ریلیز ہوئی ہے اور اس وقت دنیا پھر کے سینما گھروں میں دکھائی جا رہی ہے۔

    صارفین کا زبردست ردِ عمل

    ایک ٹوئٹر صارف نے راشل ونڈمین کی ٹویٹ پر لکھا ’سیونگ پرائیویٹ رائن کے شروع کے 30 منٹ پوری ٹاپ گن سے بہتر ہیں۔‘

    ’چیز برگر‘ نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ نے واشل کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ’یہ دونوں ہی غیر معمولی فلمیں ہیں لیکن آپ غلط ہیں۔ صرف ایسی چار فلمیں ہیں جنھیں دیکھ کر آدمی روتا ہے: ’سیونگ پرائیویٹ رائن، گلیڈی ایٹر، ہیون کین ویٹ اور روڈی۔‘

    جیک ہکس نامی صارف نے لکھا ’سیونگ پرائیویٹ رائن اب تک کی سب سے بہترین فلموں میں سے ایک ہے، جب کہ ٹاپ گن 1986 کی بہترین فلموں میں بھی نہیں تھی۔‘

    آئی ایم بی ڈی ریٹنگ

    انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس (آئی ایم ڈی بی) پر ’سیونگ پرائیوٹ رائن‘ کو لاکھوں لوگوں نے 10 میں سے 8.6 ریٹنگ دی ہے، جب کہ دوسری جانب 1986 میں ریلیز ہونے والی ’ٹاپ گن کی ریٹنگ 10 میں سے 6.9 ہے۔

    ٹاپ گن کی نئی مووی

    ’ٹاپ گن‘ سیریز کی دوسری فلم ’ٹاپ گن: میورک‘ اپنی ریلیز کے بعد سے دو دنوں میں اب تک 100 ملین ڈالرز سے زیادہ پیسے کما چکی ہے اور خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بزنس کے اعتبار سے ٹام کروز کی اب تک کی سب سے بڑی فلم ثابت ہوگی۔

    فلم سیونگ پرائیویٹ رائن

    یہ فلم دوسری جنگ عظیم کے ارد گرد گھومتی ہے جس میں امریکی رینجرز کے ایک کپتان جان ایچ ملر (ٹام ہینکس) فرانس کے علاقے نارمنڈی میں جرمن فوجی آپریشن کے دوران ایک فوجی اہل کار پرائیوٹ فرسٹ کلاس جیمز فرانسس رائن (میٹ ڈیمن) کو ڈھونڈ رہے ہیں تاکہ انھیں واپس امریکا بھیجا جا سکے۔

    پرائیویٹ رائن کو گھر بھیجنے کے احکامات اس لیے جاری ہوئے ہیں کیوں کہ ان کے تین بھائی پہلے ہی جنگ میں ہلاک ہو چکے ہیں اور امریکی حکومت چاہتی ہے کہ چوتھا بھائی واپس اپنے وطن جا کر اپنے خاندان کے ساتھ رہے۔

    ’سیونگ پرائیویٹ رائن‘ کا شمار جنگوں پر بننے والی مشہور ترین فلموں میں ہوتا ہے اور اسے 71 ویں اکیڈمی ایوارڈز میں 11 ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا تھا اور اس فلم کو اس سال پانچ اکیڈمی ایوارڈز ملے تھے۔ اس کے علاوہ نے گولڈن گلوب سمیت متعدد ایوارڈز اپنے نام کیے تھے۔

  • مشن امپوسیبل کا دلوں کو دھڑکانے والا ٹریلر ریلیز

    مشن امپوسیبل کا دلوں کو دھڑکانے والا ٹریلر ریلیز

    ہالی ووڈ کے ایکشن ہیرو ٹام کروز کی فلم سیریز مشن امپوسیبل 7 کا دلوں کو دھڑکانے والا ٹریلر ریلیز ہو گیا۔

    ذرائع ابلاغ بتا رہے ہیں ٹام کروز کی آنے والی مشن امپاسیبل فلم ‘ڈیڈ ریکننگ پارٹ ون’ کا ٹریلر مبینہ طور پر ہفتے کے روز آن لائن لیک ہو گیا تھا۔

    کئی ٹویٹر اکاؤنٹس نے بظاہر لیک ہونے والے ٹریلر کو شیئر کیا، اور ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیلنا شروع ہوگئی، تاہم ہفتے کے دن کے اختتام تک اسٹوڈیو کی طرف سے کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کی رپورٹ درج کرنے کے بعد زیادہ تر جگہوں سے ویڈیوز کو ہٹا دیا گیا۔

    یہ ٹریلر گزشتہ ماہ لاس ویگاس میں سیزر پیلس میں منعقدہ شو ‘سنیما کان’ میں دکھایا گیا تھا، لیکن اسے عوامی طور پر ریلیز نہیں کیا گیا تھا۔

    دو منٹ طویل اس ٹریلر میں زبردست ایکشن والے مناظر اور ٹام کروز کے اعصاب شکن اسٹنٹس نے شائقین کو حیران کر دیا ہے، ٹریلر میں 59 سالہ کروز کو ایتھن ہنٹ کے طور پر واپس آتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    مشن امپوسیبل 7 شوٹنگ کے مرحلے پر تھی، تب ہی سے خبروں کی زینت بننے لگی تھی، کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے اس کی شوٹنگ میں تاخیر بھی ہوئی، تاہم ٹام کروز کے خطرناک اسٹنٹس پر مبنی کلپس سامنے آئے تو شائقین اس فلم کا بے چینی سے انتظار کرنے لگے، جو اب آخر کار ختم ہونے جا رہا ہے۔

    مشن امپوسیبل ڈیڈ ریکننگ پارٹ ون 14 جولائی 2023 کو تھیٹرز میں ریلیز ہونے جا رہی ہے۔

  • ٹام کروز نے حقیقی زندگی میں بھی ناقابل یقین کام کر لیا

    ٹام کروز نے حقیقی زندگی میں بھی ناقابل یقین کام کر لیا

    ہالی ووڈ کے ٹاپ ایکشن ہیرو ٹام کروز نے فلم کے عملے کے لیے ‘امپاسبل’ قدم اٹھا لیا، لوگ اس بات پر حیران رہ گئے کہ ٹام کروز نے حقیقی زندگی میں بھی ‘مشن امپاسبل’ کی کس طرح ایک حقیقی جھلک دکھا دی ہے۔

    برطانوی ٹیبلائڈ دی سن کی رپورٹ کے مطابق ٹام کروز نے ‘مشن امپاسبل 7’ کے عملے کے لیے اپنے پرائیویٹ جیٹ پر 300 کرسمس کیک منگوائے، لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ کیک نے امریکا سے برطانیہ تک کا سفر طے کیا۔

    59 سالہ امریکی اداکار نے اس منفرد انداز میں مشن امپاسیبل 7 کی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، بتایا گیا ہے کہ ٹام کروز اپنے ساتھیوں کو سرپرائز دینا چاہتے تھے، اسی لیے انھوں نے لاس اینجلس سے 300 کرسمس کیک اپنے نجی طیارے پر برطانیہ منگوانے کا فیصلہ کیا۔

    دی گارڈین کے صحافی اسٹوارٹ ہیریٹیج کو ایک ہفتہ قبل بھیجا گیا کیک

    اس مشن کو پورا کرنے کے لیے ٹام کروز کے طیارے کو بحر اوقیانوس کے پار جانے کے لیے 5500 میل کا چکر کاٹنا پڑا۔

    ٹام کروز سے شادی کیریئر کو متاثر کرنے کی وجہ بنی: نکول کڈمین

    رپورٹ کے مطابق ٹام کروز کرسمس کے موقع پر مشن امپاسبل 7 کی ٹیم کو ایک دعوت دینا چاہتے تھے، اس لیے انھوں نے فیصلہ کیا کہ صرف لاس اینجلس میں ان کی پسندیدہ بیکری کے کیک ہی یہ دعوت دوبالا کر سکتے ہیں۔

    انھوں نے 300 کیک بنانے کے لیے مطلوبہ دکان کو خصوصی آرڈر دیا اور پھر جب یہ تیار ہوئے تو انھیں اپنے جیٹ پر واپس برطانیہ پہنچوایا۔

    ٹام کروز نے کرسمس کیکس پر 11,400 پاؤنڈ خرچ کیے ہیں۔

    واضح رہے کہ ایکشن ہیرو کو ایک فراخ دل انسان مانا جاتا ہے۔ اور ان کی عادت ہے کہ وہ کرسمس پر اپنے قریبی دوستوں کو 50 ڈالرز (38 پاؤنڈ) کا سفید چاکلیٹ کوکونٹ کیک بھیجتے ہیں۔

  • ٹام کروز سے شادی کیریئر کو متاثر کرنے کی وجہ بنی: نکول کڈمین

    ٹام کروز سے شادی کیریئر کو متاثر کرنے کی وجہ بنی: نکول کڈمین

    معروف ہالی ووڈ اداکارہ نکول کڈمین نے اپنے کیریئر کے متاثر ہونے کا ذمہ دار سابق شوہر ٹام کروز سے شادی کو قرار دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ میڈیا ان کے تعلقات میں کچھ زیادہ ہی دخل اندازی کر رہا تھا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ نکول کڈمین نے اپنے سابق شوہر ٹام کروز سے اپنی شادی اور طلاق کے بارے میں گفتگو کی۔ دونوں کے درمیان طلاق اس وقت ہوئی جب ٹام کروز نے ایک مذہبی فرقے سائنٹولوجی میں شمولیت اختیار کی تھی۔

    اپنے انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے نکول کڈمین نے کہا کہ ان کے اور ٹام کروز کے تعلقات پر میڈیا نے 1990 کے عشرے میں کچھ زیادہ ہی جانچ کی تھی۔

    دونوں نے اسی سال شادی کی تھی جو 10 سال قائم رہی تاہم 2001 میں ان میں عیلحدگی ہوگئی تھی۔ نکول کا کہنا تھا کہ ان کا ایکٹنگ کیریئر، ان کی شادی اور ذاتی زندگی پر توجہ دینے سے متاثر ہوا، اور وہ اس کا ذمہ دار میڈیا کو سمجھتی ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت نوجوان تھیں اور ہر ممکن کوشش کرتی تھیں کہ سب سے کھل کر بات کریں اور یہی چیز ان کے لیے نقصان دہ ثابت ہوئی۔

  • مشن امپاسبل کی شوٹنگ کے دوران ٹام کروز کی بی ایم ڈبلیو کی چوری کی واردات ہو گئی

    مشن امپاسبل کی شوٹنگ کے دوران ٹام کروز کی بی ایم ڈبلیو کی چوری کی واردات ہو گئی

    برمنگھم: مشن امپاسبل 7 کی شوٹنگ کے دوران ٹام کروز کی بی ایم ڈبلیو کی چوری کی واردات ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ہالی ووڈ سپر اسٹار ٹام کروز بڑے بڑے چوروں اور مجرموں کا پیچھا کرتے ہیں مگر کوئی من چلا چور خود ان کی بی ایم ڈبلیو گاڑی چرا کر لے گیا۔

    یہ واردات بدھ کے روز برطانوی شہر برمنگھم میں ہوئی، جہاں مشن امپاسبل سیون کی شوٹنگ جاری تھی، ان کی BMW X7 گرانڈ ہوٹل میں پارک تھی، جب ان کے باڈی گارڈ نے انھیں بتایا تھا کہ گاڑی غائب ہے۔

    اپنی قیمتی گاڑی کی چوری کی خبر سن کر ٹام کروز سخت غصے میں آ گئے، اگرچہ پولیس نے بعد میں ان کی گاڑی قریبی قصبے سمتھویک سے برآمد کر لی، تاہم چور گاڑی کے اندر موجود ٹام کا قیمتی سامان لے اڑا تھا، جو کئی ہزار پاؤنڈز مالیت کا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ وہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے چور کی تلاش کر رہے ہیں، تاہم ابھی تک وہ ہاتھ نہیں آیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق چوروں نے گاڑی اڑانے کے لیے لگژری گاڑی کی بغیر چابی اگنیشن فوب سے سگنل کلون کرنے کے لیے ایک اسکینر کا استعمال کیا تھا۔ گاڑی چوں کہ الیکٹرانک ٹریکنگ ڈیوائس سے لیس تھی اس لیے پولیس نے جلد ہی اسے ٹریک کر لیا۔

    ٹام کروز کے حقیقی اور خطرناک ایکشن نے سب کو خوفزدہ کردیا، ویڈیو وائرل

    میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ چور یقیناً کوئی پاگل تھا جس نے ٹام کروز کی گاڑی اڑانے کی ہمت کی، تاہم وہ ٹام کروز سے زیادہ پاگل نہیں ہو سکتا، کیوں کہ کروز نے اپنی آنے والی فلم میں جو خوف ناک مناظر خود فلمائے ہیں اس نے دنیا بھر میں موجود ان کے شائقین کو حیران کر دیا ہے۔

    دی گارجین کے مطابق مشن امپاسبل 7 کے ایک منظر کی شوٹنگ کے لیے برمنگھم کے گرانڈ سینٹرل شاپنگ سینٹر کو ابوظبی کے ایک ایئرپورٹ کی شکل دی گئی تھی۔

    مشن امپاسبل سیون کے پلاٹ کے بارے میں ابھی تو کوئی پتا نہیں چلا ہے تاہم اس فلم میں موجود چند اسٹنٹ مناظر سے متعلق ساری دنیا جان چکی ہے، ایک تصویر میں وہ بی ایم ڈبلیو کی ایک شان دار موٹر سائیکل پر سوار ہیں اور ایک خطرناک منظر کے لیے اس کی سیفٹی رِگ کو ٹیسٹ کر رہے ہیں۔

    بعد میں یہ بائیک ایک حادثے کا اس وقت شکار ہوگئی جب یہ فلم سے ہٹ کر ایک اسٹنٹ کے دوران گتوں سے بنے باکسز پر چڑھ دوڑی، جس سے ان میں آگ لگ گئی، اور شوٹنگ میں تاخیر ہو گئی۔

  • مشن امپاسبل 7: ٹرین کا انجن پہاڑی سے گر پڑا، ویڈیو وائرل

    مشن امپاسبل 7: ٹرین کا انجن پہاڑی سے گر پڑا، ویڈیو وائرل

    ہالی ووڈ اداکار ٹام کروز کی نئی فلم مشن امپاسبل 7 کی شوٹنگ کا ایک سین سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہا ہے جس میں ٹرین کا انجن پہاڑی سے گرایا گیا ہے۔

    ہالی ووڈ کے معروف اداکار ٹام کروز ایک بار پھر مشن امپاسبل کے نئے حصے میں واپس لوٹ رہے ہیں جس کی شوٹنگ جاری ہے، مشن امپاسبل کے نئے حصے کے لیے ٹرین کے انجن کے پہاڑی سے گرنے کا منظر سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہا ہے۔

    اس سین کو برطانیہ کے علاقے ڈربی شائر میں 20 اگست کو فلمایا گیا تھا اور مقامی فوٹوگرافر نے اسے اپنے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر کے ٹویٹر پر شیئر کیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by VillagerJim (@villagerjim)

    رپورٹس کے مطابق ٹام کروز بھی اس موقع پر موجود تھے اور ہیلی کاپٹر سے انجن کے گرنے کا مشاہدہ کررہے تھے۔

    فوٹو گرافر جم نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ 5 ماہ سے ہم نئی مشن امپاسبل فلم کے اس سین کا انتظار کررہے تھے جس میں ٹرین کو پہاڑی سے نیچے گرایا گیا، ٹام بھی وہاں موجود تھے۔

    فوٹو گرافر نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے ٹام کروز کو خود ہیلی کاپٹر اڑاتے ہوئے دیکھا۔

    اس ٹرین انجن کو کچھ دن پہلے اس گاؤں میں پہنچایا گیا تھا اور اس سین کے لیے فلم کی ٹیم نے خصوصی طور پر ٹریک تیار کروایا تھا۔

    ٹام کروز اکثر اپنی فلموں میں خطرناک اسٹنٹ کر چکے ہیں اور کئی مواقع پر ان کی زندگی بھی خطرے میں پڑگئی تھی۔

    یہ فلم ٹام کروز کی ایکشن سیریز مشن امپاسبل کی ساتویں فلم ہے، سیریز کی ساتویں فلم میں ٹام کروز کے ساتھ اداکارہ ونیسا کربی، ربیکا فرگوسن، ہائلے ایٹویل، سائمن پیگ اور ہینری زیمی سمیت دیگر اداکار موجود ہیں۔

    فلم کی ریلیز کرونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں تاخیر کا شکار ہوچکی ہے اور شوٹنگ کو بھی متعدد مرتبہ کیسز یا دیگر مشکلات کے باعث روکا گیا۔