Tag: ٹانک

  • ٹانک میں سیکورٹی خدشات کے باعث کرفیو نافذ

    ٹانک میں سیکورٹی خدشات کے باعث کرفیو نافذ

    خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں سیکیورٹی خدشات کے باعث کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جنوبی وزیرستان اپر اور لوئر میں آج جزوی کرفیو نافذ رہے گا۔

    ضلعی انتظامیہ ٹانک کے مطابق کرفیو صبح 6 سے شام 6 بجے تک نافذ رہے گا، کوڑ قلعہ، خرگئی، منزئی شاہراہ پر کرفیو نافذ رہے گا۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈبرہ بازارمکمل طور پر بند رہے گا، گومل وانا شاہراہ کوڑ قلعہ تک کھلی رہے گی، کڑی وام، جنڈولہ میں تمام نقل وحرکت بند رہے گی۔

    اعلامیے کے مطابق سروکئی جنڈولہ شاہراہ، رزمک سے مکین، سرارواغہ تک کرفیورہے گا، کوٹ کئی جنڈولہ شاہراہ اور توروام سے انضر چینہ تک کرفیو نافذ رہیگا جبکہ شکئی سے انضرچینہ تک نقل وحرکت معطل رہے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں دہشتگردوں نے سکیورٹی اداروں کی پوسٹ پر حملہ کیا تھا جسے پاک فوج کے جوانوں نے بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا تھا۔

    کراچی سے کوئٹہ جانے والی بولان میل ایکسپریس کو سکیورٹی کلیئرنس نہ مل سکی

    دہشتگردوں نے جنڈولہ میں پوسٹ پر حملہ کیا تھا جو پاک فوج کی بروقت اور مؤثر کارروائی سے ناکام بنا دیا گیاتھا، ایک دہشتگرد نے خود کو گیٹ پر اڑا لیاتھا۔

    سکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی میں 10 دہشتگرد ہلاک ہوئے تھے۔

  • ٹانک میں پولنگ عملے پر فائرنگ، سیکیورٹی اہلکار شہید

    ٹانک میں پولنگ عملے پر فائرنگ، سیکیورٹی اہلکار شہید

    ٹانک: خیبر پختون خوا کے علاقے ٹانک میں عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ کے دوران پہلا قتل ہو گیا ہے، ٹانک کے علاقے کوٹ اعظم میں پولنگ عملے پر فائرنگ سے ایک سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹانک پولیس کا کہنا ہے کہ کوٹ اعظم میں پولنگ عملے پر فائرنگ سے سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہو گیا، فائرنگ کے بعد پولنگ روک دی گئی ہے۔

    ادھر ٹانک میں مختلف پولنگ اسٹیشنر پر عملہ اور سامان کی ترسیل نہ ہو سکنے کی بھی اطلاعات ہیں، عملے اور سامان کی ترسیل نہ ہونے کے باعث پولنگ شروع نہ ہو سکی ہے۔

  • سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ، 2 دہشت گرد مارے گئے

    سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ، 2 دہشت گرد مارے گئے

    راولپنڈی : سیکیورٹی فورسز نے ٹانک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، ہلاک دہشت گردوں میں انتہائی مطلوب گل یوسف عرف طور بھی شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلح افواج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) سیکیورٹی فورسز نے ٹانک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ، آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں میں انتہائی مطلوب گل یوسف عرف طور بھی شامل ہیں، دہشت گردگل یوسف کے سر کی قیمت25 لاکھ روپے مقرر تھی۔

    ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ دہشت گردگل یوسف ٹانک اور ڈی آئی خان میں دہشت گردی، بےگناہ شہریوں کے قتل اور بھتہ خوری میں ملوث تھا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسزقوم کےشانہ بشانہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کےخاتمے کےلیے پُرعزم ہیں۔ مقامی لوگوں نے علاقے میں امن واستحکام برقراررکھنےمیں سیکیورٹی فورسزکی کوششوں کوسراہا اور سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

  • ٹانک :  پولیس وین پر دستی بم  حملہ ، ایک شہری جاں بحق،  پولیس اہلکاروں سمیت 22  زخمی

    ٹانک : پولیس وین پر دستی بم حملہ ، ایک شہری جاں بحق، پولیس اہلکاروں سمیت 22 زخمی

    ٹانک : خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں پولیس وین پر دستی بم حملے کے نیتجے میں ایک شہری جاں بحق اور پولیس اہلکاروں سمیت 22 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں بنوں روڈ مروت مارکیٹ کے قریب پولیس وین پر دستی بم حملہ ہوا، حملے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 22 افراد زخمی ہوگئے۔

    ریسکیوذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں ایک زخمی شہری جاں بحق ہوگیا ہے جبکہ سرچ آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    ڈی پی او وقار احمد نے بتایا کہ ایک حملہ آور زخمی حالت میں گرفتار اور ایک فرار ہوگیا تاہم پولیس نے علاقےکوگھیرےمیں لیکرسرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    وقار احمد کا کہنا تھا کہ سول لائن کےقریب پولیس اور حملہ آوروں میں فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

    یاد رہے ڈیرہ اسماعیل خان میں انسداد پولیو عملے کی سکیورٹی پر مامور پولیس وین پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا تھا ،

    پولیس کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے پہلے فائرنگ کی گئی اور پھر دستی بم پھینکے گئے جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

  • ٹانک میں 100 گھروں کے منصوبے کے لاپتا عملے کے لیے سرچ آپریشن جاری

    ٹانک میں 100 گھروں کے منصوبے کے لاپتا عملے کے لیے سرچ آپریشن جاری

    ٹانک: وزیراعظم کے اعلان کردہ 100 گھروں کے منصوبے کا عملہ ٹانک سے مبینہ طور پر اغوا ہو گیا ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے اعلان کردہ سو گھروں کے منصوبے کا عملہ خیبر پختون خوا کے شہر ٹانک سے مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا ہے۔

    ڈبرہ کے قریب ہاؤسنگ سوسائٹی کے سپروائزر، جنرل منیجر اور اکاؤنٹنٹ کو اغوا کیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق زیر استعمال گاڑی چیسن کچ گاؤں کے قریب ملی، پولیس کی جانب سے عملے کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم نے ٹانک میں سیلاب متاثرین کے لیے سو گھر بنانے کا اعلان کیا تھا، اس ہاؤسنگ منصوبے پر ڈبرہ مہاجر کیمپ کے مقام پر سوسائٹی تعمیراتی کام کر رہی ہے۔

  • پولیو ٹیم پر حملہ: وزیر خارجہ کا ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کا حکم

    پولیو ٹیم پر حملہ: وزیر خارجہ کا ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کا حکم

    اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے گزشتہ روز ٹانک میں پولیو ٹیم پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کا حکم دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے گزشتہ روز ضلع ٹانک میں پولیو ٹیم پر مسلح حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

    وزیر خارجہ نے حملے میں 2 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر بھی اظہارِ افسوس کیا ہے۔

    انہوں نے حکم دیا ہے کہ حملے میں ملوث درندوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور انسداد پولیو مہم کے لیے فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹانک میں پولیو ٹیم پر حملہ کیا گیا تھا جس میں 2 کانسٹیبل پیر رحمٰن اور نثار احمد موقع پر شہید ہوگئے جبکہ ایک پولیو ورکر زخمی ہوگیا۔

    حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے، واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے ٹانک اور گرد و نواح کی قبائلی بستیوں میں آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    اب تک متعدد افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔

  • ٹانک میں  سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 27سالہ کیپٹن شہید ، کالعدم ٹی ٹی پی کاکمانڈر ہلاک

    ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 27سالہ کیپٹن شہید ، کالعدم ٹی ٹی پی کاکمانڈر ہلاک

    ٹانک : خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 27سالہ کیپٹن سکندر شہید اور کالعدم ٹی ٹی پی کاکمانڈر ہلاک ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخواہ کے ضلع ٹانک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن میں کالعدم ٹی ٹی پی کاکمانڈرخوازہ الدین عرف شیرخان مارا گیا جبکہ فائرنگ کے تبادلےمیں 27سالہ کیپٹن سکندر بھی شہید ہوئے۔

    ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران مختلف نوعیت کے ہتھیار اور گولیاں برآمد کرلی گئیں ہیں۔

    یاد رہے 2 روز قبل سیکورٹی فورسز کی جنوبی وزیرستان میں خفیہ ‏اطلاعات پر کارروائی کے دوران 10 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

    مارے جانے والے دہشتگردوں میں 4 سرکردہ لیڈر بھی شامل ہیں، آپریشن کےدوران ہتھیار،بھاری تعدادمیں گولیاں ‏قبضے میں لےلی گئیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق تمام دہشتگرد دیسی ساختہ بارودی سرنگیں بنانے اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے ‏دہشتگرد جنوبی وزیرستان میں بڑی وارداتیں کرنے کی منصوبہ بندی کررہےتھے۔

  • ڈی آئی خان: پولیس وین پر دستی بم حملے کے زخمی ایس ایچ او دم توڑ گئے

    ڈی آئی خان: پولیس وین پر دستی بم حملے کے زخمی ایس ایچ او دم توڑ گئے

    ڈی آئی خان: ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس وین پر دستی بم حملے میں زخمی ہونے والے ایس ایچ او عنایت اللہ دم توڑ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی خان میں پولیس وین پر حملے کے زخمی ایس ایچ او جاں بر نہ ہو سکے، مقامی اسپتال میں زیر علاج عنایت اللہ آج جاں بحق ہو گئے۔

    چند روز قبل دہشت گردوں نے تھانہ گومل کی پولیس وین کو نشانہ بنایا تھا، معمول کی گشت کے دوران حملہ آوروں نے وین پر دستی بم پھینکا، جس میں ایس ایچ اوعنایت اللہ سمیت 5 اہل کار اور ایک راہ گیر زخمی ہو گئے تھے۔

    ایس ایچ او کو شدید زخمی حالت میں طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچایا گیا تھا، پولیس وین پر حملہ کرنے والا دہشت گرد جوابی فائرنگ میں مارا گیا تھا، پولیس کے مطابق ہلاک حملہ آور کے پاس دھماکا خیز مواد بھی موجود تھا جسے ناکارہ بنانے کے لیے بی ڈی ایس کو طلب کیا گیا تھا۔

    ٹانک کے علاقے میں اس واقعے کے بعد پورے علاقے کو محاصرہ کر کے سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔

    خیال رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں تھانہ گومل یونی ورسٹی کی حدود سے پولیس نے دستی بم میں استعمال ہونے والا سامان برآمد کیا تھا، سمیع آباد میں واقع پلاٹ سے 3 دستی بم، پرائما کارڈ، اور خالی ڈرم برآمد ہوئے تھے، پولیس کا کہنا تھا کہ مذکورہ مقام سے سرکاری وردیاں بھی برآمد ہوئیں، یہ پلاٹ تھانہ گومل یونی ورسٹی کی حدود میں واقع ہے۔

  • ٹانک، ملازئی میں 2 گروپوں میں فائرنگ، 14 افراد جاں بحق

    ٹانک، ملازئی میں 2 گروپوں میں فائرنگ، 14 افراد جاں بحق

    ٹانک: ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلع ملازئی میں درابین موڑ پر 2 گروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹانک میں درابین موڑ پر 2 گروپوں میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے، فائرنگ کا واقعہ انعام گروپ اور بیٹنی قبائل کے درمیان پیش آیا۔

    پولیس کے مطابق دونوں گروپوں کے 4 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ فائرنگ کی زد میں بس آنے سے 10 مسافر زندگی کی بازی ہار گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے باعث 4 افراد شدید زخمی ہوئے، جاں بحق اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر کرامت جاں بحق ہوگئے تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان نے اسسٹنٹ کمشنرکو ٹریفک پوائنٹ کے قریب نشانہ بنایا اور فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔

  • بیروزگارشخص نے گھرکے پانچ افراد کو قتل کرکے خودکشی کرلی

    بیروزگارشخص نے گھرکے پانچ افراد کو قتل کرکے خودکشی کرلی

    ٹانک: خیبر پختونخواہ کےانتہائی جنوبی و پسماندہ ضلع ٹانک میں قرض اور بے روزگاری سے تنگ آکر سید رسول نامی شخص نے اپنے ہی گھر کے اندر فائرنگ کرکے پانچ افراد کو قتل اور دو کو شدید زخمی کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ ٹانک کے محلے قاضیانوالہ میں پیش آیا جہاں معاشی حالات سے پریشان ایک شخص نے اپنے بیوی اور بچوں سمیت 5 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، واقعے میں قاتل کی ایک بیٹی اور بیٹا شدید زخمی ہوئے ہیں، ملزم نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔

    پولیس کے مطابق ٹانک کے محلہ قاضیانوالہ کا رہائشی سید رسول پیشے کے لحاظ سے جیولر تھا لیکن روزگار نہ ہونے اور لاکھوں روپے قرض پڑنے کی وجہ سے ذہنی طور پر شدید پریشان تھا ۔

    بتایا جارہا ہے کہ ملزم سید رسول نے ذہنی پریشانی کے عالم میں آج علی الصبح 6 بجے اپنے گھر میں سوتے ہوئے اہل خانہ پر فائرنگ کردی ۔ سانحے میں ملزم کی بیوی مسماتہ حلیمہ بی بی، 15 سالہ بیٹی کرن اور 13 سالہ عمیرہ بی بی، 18 سالہ بیٹا سلیمان ، 20 سالہ ثوبیہ 13 سالہ عمیرہ اور 11 سالہ عثمان پر فائرنگ کرکے بعد میں خود کو گولی مار کر اپنی بھی زندگی کا چراغ گل کردیا۔

    فائرنگ کے نتیجے میں عمیرہ اور عثمان شدید زخمی ہوگئے جبکہ خاندان کے دیگر تمام 5 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے، میتوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں سے انہیں بدنصیب خاندان کے دیگر لواحقین کے حوالے کردیا جائے گا۔

    پورا خاندان ختم ہوجانے پر جہاں ایک جانب لواحقین صدمے کی حالت میں ہیں وہی اس واقعےکو لے کر اہل محلہ میں بھی خوف اور صدمے کی ملی جلی فضا پائی جاتی ہے۔