Tag: ٹانگ سے محروم

  • ایک ٹانگ سے محروم باہمت لڑکی نے سب کو حیران کردیا، ویڈیو

    ایک ٹانگ سے محروم باہمت لڑکی نے سب کو حیران کردیا، ویڈیو

    داناؤں کا قول ہے کہ اگر ہمت، حوصلہ اور کچھ کر دکھانے کی سچی لگن ہو تو ہر کام کو ممکن بنایا جا سکتا ہے، ایسی ہی ایک ٹانگ سے محروم باہمت لڑکی نے سب کو حیران کردیا۔

    پنجاب کے شہر چشتیاں سے ملحق ایک مقامی گاؤں کی باہمت لڑکی اور وطن عزیز کی بیٹی امامہ رباب نے اپنی معذوری کو مجبوری نہیں بننے دیا بلکہ اس کے برعکس دوسروں کی مدد کرنے کا بیڑہ اٹھایا۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ایک روڈ ایکسیڈنٹ کے نتیجے میں مجھے ایک ٹانگ سے محروم ہونا پڑا۔

    ایک ٹانگ سے محروم امامہ نے بتایا کہ میں نے بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی سے ماسٹر کی ڈگری حاصل کی ہے، موجودہ دور میں خواتین کو تعلیم کے حصول کیلیے بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، خاص طور پر کسی معذوری کی صورت میں بہت زیادہ پریشانیاں درپیش ہوتی ہیں۔

    امامہ رباب نے بتایا کہ ہمارے معاشرے میں اس قسم کی خواتین کی بڑی تعداد موجود ہے جن کی آواز سننے والا کوئی نہیں تھا تو سوچا کیوں نہ ایسی خواتین کی مدد کی جائے۔ جس کیلیے میں یونورسٹی میں ایک سوسائٹی سے وابستہ ہوئی۔

    یہاں ایسی خواتین کے مسائل سن کر ان کو حل کیا جاتا ہے کہ جن میں گھریلو تشدد ، جنسی ہراسانی اور اس طرح کے دیگر مسائل شامل ہیں یہ خواتین اپنے پیچیدہ مسائل کسی سے بیان نہیں کرسکتیں، والدین اور معاشرے بھی ان کو الگ کردیا ہے جس کی وجہ سے یہ اندر ہی اندر گھٹ رہی ہیں۔

    ان خواتین کو بتایا اور سمجھایا جاتا ہے کہ آپ نے کیسے زندگی گزارنی ہے اور اپنے حق کیلیے کیسے آواز اٹھانی ہے اور اس کیلیے تعلیم اور ہنر سکھانے کا انتظام کیا جاتا ہے۔

    ایک ٹانگ سے محروم امامہ رباب نے مزید بتایا کہ مجھے پینٹنگ کے علاوہ تھوڑا بہت گانے کا شوق بھی ہے جسے میں وقت ملنے اپنے طور پر پورا کرتی رہتی ہوں۔