Tag: ٹرائی سیریز

  • ٹرائی سیریز: آج پاک افغان میچ میں دونوں ملکوں کے شائقین کیلیے الگ الگ انکلوژر

    ٹرائی سیریز: آج پاک افغان میچ میں دونوں ملکوں کے شائقین کیلیے الگ الگ انکلوژر

    یو اے ای (29 اگست 2025): ٹرائی سیریز کا افتتاحی میچ آج پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہوگا پر امن انعقاد کے لیے دونوں شائقین کیلیے الگ الگ انکلوژر بنائے گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق یو اے ای میں ایشیا کپ سے قبل ٹرائی سیریز کا آج سے آغاز ہو رہا ہے۔ شارجہ کے میدان میں ہونے والے افتتاحی میچ میں پاکستان اور افغانستان مدمقابل ہوں گے۔ ماضی کے ناخوشگوار واقعہ کو مدنظر رکھتے ہوئے میچ کے پر امن انعقاد کے لیے دونوں ممالک کے شائقین کے لیے الگ الگ انکلوژر بنائے گئے ہیں۔

    شارجہ میں 2022 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان سے جیتا ہوا میچ ہارنے کے بعد اپنی ٹیم کی شکست پر افغان شائقین آپے سے ایسے باہر ہوئے کہ ڈنڈوں اور کرسیوں سے پاکستانی فینز پر حملہ کر دیا تھا اور نازیبا جملے کسے تھے، جس کے بعد افغان فینز پر شدید تنقید کی گئی تھی۔

    یہ وہ میچ تھا جس میں افغانستان کو تاریخی فتح کے لیے صرف ایک وکٹ درکار تھی لین نسیم شاہ نے مرد بحران کا کردار ادا کرتے ہوئے دو چھکے مار کر نہ صرف پاکستان کو فتح یاب کرایا تھا بلکہ افغان فینز پر بجلیاں بھی گرا دی تھیں۔

    یہ پہلا موقع نہیں کہ جب افغان ٹیم نے پاکستانی شائقین پر حملہ کیا ہو۔ اس سے قبل 2019 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران پاکستان سے شکست کے بعد افغان شائقین کرکٹ نے پاکستانی ٹیم اور کھلاڑیوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی، جس کے بعد پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کو مداخلت کرنا پڑی تھی۔

    افغان پرستاروں نے چیمپئینز ٹرافی کے دوران نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی کی کرسیاں توڑ دی تھیں۔

    ان واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے شارجہ انتظامیہ نے میچ کے انعقاد کو پر امن بنانے کے لیے آج اور اگلے پاک افغان میچ کے لیے دونوں ممالک کے شائقین کے لیے الگ الگ انکلوژر بنائے گئے ہیں۔

    دوسری جانب بات کی جائے کہ دونوں ٹیموں میں سے کس کا میدان میں پلڑا بھاری ہے تو ٹی 20 فارمیٹ میں گرین شرٹس افغان ٹیم پر حاوی ہیں۔ اب تک کھیلے گئے 6 میچز میں سے قومی ٹیم 4 میں کامیاب رہی ہے۔ شارجہ میں تین دو سے پاکستان کو برتری حاصل ہے۔

    تاہم یو اے ای میں پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں جب بھی آمنے سامنے آئی ہیں۔ فینز کو ہائی وولٹیج مقابلے دیکھنے کو ملے ہیں اور اس بار بھی شائقین کو کانٹے دار مقابلے کی امید ہے۔

    ٹرائی سیریز کی تیسری ٹیم میزبان یو اے ای ہے۔ تینوں ٹیمیں اس سیریز میں ایشیا کپ کے لیے اپنی تیاریوں کا جائزہ لیں گی۔ ایشیا کپ ٹرائی سیریز کے بعد یو اے ای میں ہی کھیلا جائے گا۔ پہلی بار اس میں 8 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔

    سیریز کے تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوں گے۔

  • ٹرائی سیریز اور ایشیا کپ کیلیے اسکواڈ کا اعلان، بابر اور رضوان آؤٹ

    ٹرائی سیریز اور ایشیا کپ کیلیے اسکواڈ کا اعلان، بابر اور رضوان آؤٹ

    لاہور(17 اگست 2025): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ یو اے ای ٹی ٹوئنٹی سہ فریقی سیریز اور ایشیا کپ 2025 کے لیے 17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان، افغانستان اور یو اے ای کی ٹرائی نیشن سیریز اور ایشیا کپ کیلئے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان سلیکٹر اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پریس کانفرنس میں کیا۔

    سلمان علی آغا کو 17 رکنی اسکواڈ کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے، اس کے علاوہ اسکواڈ میں فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، صائم ایوب، خُوشدل شاہ، حسین طلعت شامل ہیں۔

    اسکواڈ میں محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، محمد حارث ، ابرار احمد، فہیم اشرف، حسن علی، حسن نواز،صاحبزادہ فرحان، سلمان مرزا اور سفیان مقیم بھی شامل ہیں۔

    سہ فریقی سیریز میں پاکستان، افغانستان اور میزبان متحدہ عرب امارات شامل ہیں یہ سیریز 29 اگست سے 7 ستمبر تک شارجہ میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد ایشیا کپ 2025 ابوظہبی اور دبئی میں 9 سے 28 ستمبر تک ہونا ہے۔

    بابر اور رضوان سے متعلق عاقب جاوید نے کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان اس سے پہلے تین سیریز میں نہیں تھے، بابر اور رضوان دیگر کی طرح کھیلیں گے تو ضرور ٹی ٹوئنٹی کھیلیں گے، ان کے ساتھ کسی کو پرابلم نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس آپشنز اچھے ہیں۔ صائم ، فخر اور صاحبزادہ فرحان ہی ٹاپ آرڈر میں تھے۔ کسی کھلاڑی کو دو تین میچز کی بنیاد پر زیر غور نہ لانے والی بات درست نہیں، ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ اب ہم بابر اور رضوان کو زیر غور کبھی نہیں لائیں گے۔

  • 7 گیندوں پر 7 چھکے، افغانستان کے نبی اور زردان نے نیا ریکارڈ بنا ڈالا

    7 گیندوں پر 7 چھکے، افغانستان کے نبی اور زردان نے نیا ریکارڈ بنا ڈالا

    ڈھاکا: بنگلہ دیش میں جاری ٹرائینگولر سیریز کے میچ میں افغانستان کے نبی اور زردارن نے زمبابوبے کے بولرز کے خلاف 7 گیندوں پر 7 چھکے لگا کر نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق بنگہ دیش میں ٹرائنگولر سیریز جاری ہے جس میں بنگلہ دیش، زمبابوے اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل ہیں، گزشتہ روز افغانستان کے آل راؤنڈر محمد نبی اور نجیب اللہ زردان نے 7 گیندوں پر 7 چھکے لگا کر نیا ریکارڈ بنادیا۔

    زمبابوے کے خلاف ریکارڈ دونوں کھلاڑیوں نے اننگز کے 17 اور 18ویں اوور میں بنایا، افغانستان میں میچ میں زمبابوے کی ٹیم کو 28 رنز سے شکست دی۔

    افغانستان کی ٹیم پہلی بیٹنگ کررہی تھی، 16 اوور میں افغانستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنائے تھے، زمبابوے کے تیندائی چتارا 17 واں اوور کرنے آئے تو نبی اور زردان نے پہلی دو گیندوں پر سنگل رن لیے۔

    چتارا کی تیسری بال پر محمد نبی نے مڈ وکٹ پر بلند و بالا چھکا رسید کیا، دوسرا چھکا نبی نے بولر کے سر کے اوپر سے مارا، تیسرا چھکا بھی نبی نے اسٹریٹ پر لگایا، 17ویں اوور کی آخری بال پر محمد نبی نے پھر چھکا لگادیا۔

    چتارا کے 17ویں اوور میں 26 رنز بنے، لیکن یہاں چھکے رکے نہیں جھ 18 اوور شروع ہوا تو نجیب اللہ زردارن نے نیویلی مڈزیوا کی گیند پر بلند و بالا چھکا رسید کیا، دوسری اور تیسری بال پر بھی زردان نے چھکا مارا۔

    افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بناسکی اور افغانستان نے میچ 28 رنز سے جیت لیا۔