یو اے ای (28 اگست 2025): متحدہ عرب امارات میں کل سے شروع ہونے والی ٹرائی نیشن ٹی 20 سیریز کی ٹرافی کی رونمائی ہوئی تینوں کپتانوں نے شرکت کی۔
ایشیا کپ سے قبل یو اے ای میں سہ فریقی ٹی 20 سیریز کا آغاز کل سے ہو رہا ہے۔ اس میں میزبان یو اے ای کے علاوہ پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔
سیریز کے آغاز سے ایک روز قبل ٹرائی نیشن سیریز کی خوبصورت ٹرافی کی رونمائی ہوئی۔ تقریب رونمائی میں پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا، افغان کپتان راشد خان اور یو اے ای کی ٹیم کے کپتان محمد وسیم نے شرکت کی اور ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔
29 اگست سے 7 ستمبر تک جاری رہنے والی سیریز کا افتتاحی میچ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ہر ٹیم مخالف ٹیم سے دو، دو میچ کھیلے گی اور ٹاپ دو ٹیمیں 7 ستمبر کو فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔
سیریز اور ایشیا کپ کے لیے پاکستان ٹیم کئی روز قبل یو اے ای پہنچ چکی ہے اور سیریز کے لیے تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں۔