Tag: ٹرانسفر پوسٹنگ

  • ڈاکوؤں نے 36 چراغ گُل کر دیے، پولیس افسران نئی حکومت کے بعد ٹرانسفر پوسٹنگز میں مصروف

    ڈاکوؤں نے 36 چراغ گُل کر دیے، پولیس افسران نئی حکومت کے بعد ٹرانسفر پوسٹنگز میں مصروف

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رواں سال اب تک ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 36 ہو گئی ہے۔

    ملک میں عام انتخابات کے نتیجے میں نئی حکومت آنے کے بعد کراچی میں تعینات پولیس افسران کی توجہ امن و امان کے قیام سے زیادہ ممکنہ ٹرانسفر پوسٹنگز پرمرکوز ہو گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق جن افسران کا ممکنہ طور پر ٹرانسفر ہونے والا ہے وہ دفاتر میں بھی کم آتے ہیں، یا چھٹیوں پر چلے گئے ہیں، اور نچلی سطح کے افسران پر اعلیٰ افسران کا چیک اینڈ بیلنس کم ہو گیا ہے۔

    اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لیے روایتی حکمت عملی بھی نظر نہیں آ رہی، شہر میں مختلف اوقات میں اسنیپ چیکنگ اور ٹارگٹڈ آپریشنز کا سلسلہ بھی رک گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پوسٹنگ کے منتظر افسران کسی بھی جگہ پوسٹنگ حاصل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، جو افسران پہلے سے پوسٹنگ پر ہیں وہ اس سے بھی زیادہ بہتر پوسٹنگ کے لیے سفارشیں کروانے میں مصروف ہیں۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بھی تاحال اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لیے ماتحت افسران کو کوئی جامع حکمت عملی نہیں دی ہے۔

  • گورنر سندھ نے صوبے میں ٹرانسفر پوسٹنگ پر تحفظات کا اظہار کر دیا، یونس دھاگا کے انکشافات؟

    گورنر سندھ نے صوبے میں ٹرانسفر پوسٹنگ پر تحفظات کا اظہار کر دیا، یونس دھاگا کے انکشافات؟

    کراچی: گورنر سندھ نے صوبے میں ٹرانسفر پوسٹنگ پر تحفظات کا اظہار کر دیا، کامران ٹیسوری نے کہا کہ کئی جگہوں پر ٹرانسفر پوسٹنگ صحیح نہیں ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونس دھاگا نے مجھ سے ملاقات میں سسٹم اور کئی معاملات پر اہم انکشافات کیے، نگراں وزیر اعلیٰ سے پوچھوں گا کہ جو یونس دھاگا کا انکشافات ہیں، ان میں کتنی سچائی ہے اور کیا انھیں اس کا پتہ ہے۔

    کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے جب یونس دھاگا کو وزارت سے ہٹایا تو خود وزیر اعلیٰ کو بھی کئی باتوں کا علم نہیں تھا، میں جب ان سے جب ملاقات کروں گا تو پوچھوں گا کہ یونس دھاگا سے وزارت کیوں واپس لی؟

    گورنر سندھ نے کہا ’’سندھ میں جو ٹرانسفر پوسٹنگ ہوئی ہے اس پر متحدہ سمیت بحیثیت گورنر مجھے بھی شدید تحفظات ہیں، کئی جگہوں پر یہ ٹرانسفر پوسٹنگ صحیح نہیں ہوئی ہے، ان پر نظر ثانی کی ضرورت ہے، اس حوالے سے نگراں وزیر اعلیٰ اور الیکشن کمیشن حکام سے بھی بات کروں گا۔‘‘

    انھوں نے کہا ’’سسٹم اور مافیا اس کوشش میں ہیں کہ مل کر مجھے کمزور کریں، لیکن مجھے پروا نہیں ہے، وہ دن دور نہیں جب مافیا کے سرغنہ جیلوں کے اندر دکھائی دیں گے، تارکین وطن اور غیر قانونی طور پر مقیم افغانیوں کے خلاف وہ آپریشن ہوگا کہ معلوم ہو جائے گا، ان سب کو واپس جانا ہوگا۔‘‘

    افغانیوں کے مسئلے پر کامران ٹیسوری نے مزید کہا ’’پچھلے دو ہفتوں میں ضلع ایسٹ سے 80 افغانیوں کو گرفتار کیا گیا، پورے شہر میں ان کے ٹھکانوں اور ان کی تعداد کے حوالے سے فہرست تیار کی جا رہی ہے۔‘‘

    الیکشن کی تاخیر کے خدشات کے حوالے سے گورنر سندھ نے کا کہ بلاول بھٹو کو بھی سمجھ آ گئی ہے کہ ایک سسٹم ہے اور اس کو ختم ہونا چاہیے، الیکشن ہونے چاہیئں اور جو آئین و قانون کہتا ہے اس کے مطابق ہونے چاہیئں، ایسا الیکشن جو سب کو قابل قبول ہو۔