Tag: ٹرانسمیشن لائن

  • ‘خیبرپختونخوا اپنی پاور ٹرانسمیشن لائن بچھانے والا پہلا صوبہ بن گیا’

    ‘خیبرپختونخوا اپنی پاور ٹرانسمیشن لائن بچھانے والا پہلا صوبہ بن گیا’

    پشاور : صوبائی مشیر برائے اطلاعات بیرسٹرسیف کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا اپنی پاور ٹرانسمیشن لائن بچھانے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹرسیف نے اپنے بیان میں کہا کہ گنڈاپورکی قیادت میں خیبرپختونخواایک بارپھردیگرصوبوں پرسبقت لےگیا اور خیبرپختونخوا اپنی ٹرانسمیشن لائن بچھانے والاپہلا صوبہ بن گیا ہے۔

    مشیراطلاعات کا کہنا تھا کہ صنعتی انقلاب برپاکرنےکیلئے اپنی پاور ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا فیصلہ کیا، صوبائی حکومت نےاس سلسلے میں نجی کمپنی سےمعاہدہ کرلیا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ 8ارب کی لاگت سےانقلابی منصوبہ ڈیڑھ سال میں مکمل کیا جائےگا، ٹرانسمیشن لائن سے صنعتوں کو انتہائی سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔

    صوبائی مشیر نے مزید بتایا کہ پہلےمرحلےمیں سوات مٹلتان سےمدین تک ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائے گی ، پہلے مرحلے کی تکمیل سے صوبے کو سالانہ 7 ارب آمدن ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ سوات میں پیدابجلی مقامی صنعتوں،نیشنل گرڈکوفراہم کی جائےگی، منصوبےکی تکمیل سے کے پی میں توانائی اور صنعتی انقلاب آئے گا۔

  • این ٹی ڈی سی نے 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن کو ریکارڈ مدت میں بحال کر دیا

    این ٹی ڈی سی نے 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن کو ریکارڈ مدت میں بحال کر دیا

    کراچی: این ٹی ڈی سی نے 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن کو ریکارڈ مدت میں بحال کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن کو ریکارڈ مدت میں بحال ہو گئی، حیدرآباد کے قریب جھمپیر ونڈ کلسٹر میں قائم 3 پاور پلانٹس کو دوبارہ نیشنل گرڈ سے منسلک کر دیا گیا۔

    ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے سے ونڈ پاور کلسٹر سے بجلی کی نیشنل گرڈ کو ترسیل متاثر ہو گئی تھی، ٹرانسمیشن لائن کے 8 ٹاور طوفان بیپر جوائے کے اثرات، تیز بارش، اور آندھی سے متاثر ہوئے تھے۔

    این ٹی ڈی سی کی ٹیموں نے شدید موسمی حالات کے باوجود دن رات کام کر کے بحالی کا کام مکمل کیا، انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار نے ٹرانسمیشن لائن بحالی کے کام کی نگرانی کی۔

    وفاقی وزیر خرم دستگیر خان نے کہا کہ کم سے کم وقت میں ٹرانسمیشن لائن کی بحالی قابل تعریف ہے۔

  • کراچی میں ہلکی بارش‘ کےالیکٹرک کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرگئی

    کراچی میں ہلکی بارش‘ کےالیکٹرک کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرگئی

    کراچی : شہر قائد میں ہلکی بارش کے بعد کے الیکٹرک کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرگئی، شہر کے بیشترعلاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے کے باعث شہر کے بیشترعلاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔

    کے الیکٹرک کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے سے ڈیفنس، کلفٹن، گارڈن، کھارادار، گلستان جوہر، گلشن اقبال، طارق روڈ، سولجربازار میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    ناظم آباد، بہادرآباد، کورنگی، صدر، لانڈھی، کے علاقے بھی متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں، بجلی نہ ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے کے باعث شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی، متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

  • کراچی میں ایک ہفتےمیں تیسر ا بڑا بریک ڈاون ،شہری بلبلا اُٹھے

    کراچی میں ایک ہفتےمیں تیسر ا بڑا بریک ڈاون ،شہری بلبلا اُٹھے

    کراچی: کے الیکٹرک کی نااہلی کراچی کےشہریوں کے لئے درد سر بن گئی۔ رات گئے ٹرانسمیشن لائن میں خرابی سے شہرکا بڑا علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا،کےالیکٹرک نے اس بار خرابی کی ذمے داری ہوا کی نمی پرڈال دی۔

    روشنیوں کا شہر اندھیروں کی پہچان بن گیا،کے الیکٹرک کا خستہ حال نظام ایک ہفتے کے دوران تیسری بار جواب دے گیا، بن قاسم پاور پلانٹ میں خرابی سے شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہو گیا ۔ ملیر، شاہ فیصل ، لیاقت آباد، بفرزون ، نیو کراچی ، لانڈھی، کورنگی، بہادر آباد ،نارتھ کراچی ، ناظم آباد ،گارڈن ،میٹرول سمیت کئی علاقے اندھیروں میں ڈوب گئے۔

    شہریوں کی بڑی تعدادنے رات جاگ کر گزاری، سحری میں بھی شدیدمشکلات کا سامنا کرنا پڑا،گولیمار سمیت کئی علاقوں میں بجلی کے مارےسڑکوں پر نکال آئے اور ہاتھ تک جوڑدیئے۔

    ادھرکے الیکٹرک نے اس بارنرالی منطق اپنائی اور بہانہ بنایا کہ ہوا میں نمی کے باعث ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرنے سے دس گرداسٹیشنز ٹرپ کرگئے ہیں۔

     دوسری جانب پپری ،دھابیجی اور گھارو پمپنگ اسٹیشنزپر گھنٹوں بجلی معطل رہنے سے پانچ کروڑ گیلن پانی فراہم نہیں کیاجاسکا۔جس سے شہر میں پانی کا بحران بھی شدت اختیار کرگیا اور شہری دہری اذیت میں مبتلا ہوگئے۔

  • گڈو پاور پلانٹ 220 کے وی کی لائن ٹرپ، 16 یونٹ بند

    گڈو پاور پلانٹ 220 کے وی کی لائن ٹرپ، 16 یونٹ بند

    اسلام آباد: گڈو پاور پلانٹ کی دو سو بیس کے وی ٹرانسمیشن لائن میں فنی خرابی کے باعث بجلی گھر کے سولہ یونٹ بند ہوگئے ہیں ، پلانٹ کی بندش سے سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں بجلی بند ہوگی۔

    این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق شدید دھند کے باعث گڈو پاور پلانٹ کی میں ٹرانشمیشن لائن ٹرپ کرگئی، گڈو پاور پلانٹ میں خرابی کے باعث پنجاب اور بلوچستان کے متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔

    بجلی کی فنی خرابی کے باعث لاہور کے متعدد علاقے ساڑھے چار گھنٹوں سے بجلی سے محروم رہے ، مرمتی کام جاری ہوجانے کے باوجود گڈو، دادو ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی ترسیل مکمل بحال نہ ہوسکی۔

    ملتان شہر بھی اس بریک ڈاؤن سے بری طرح متاثر ہوا، ملتان میں بھی آٹھ گھنٹے بجلی غائب رہی، اس کے علاوہ ضلع بارکھان، کوہلو اور موسی خیل میں بھی بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

    واضح رہے کہ ملک میں 20 دسمبر کو بھی بجلی کا بڑا بریک ڈاون ہوا تھا، بجلی کے بریک ڈاون سے لاہور ، گجرانوالہ، راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے متعدد علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی جبکہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پر بھی تمام لائیٹس بندہو گئی تھیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرنے کی وجہ سے بجلی کا دو مرتبہ بریک ڈاؤن ہوا تھا۔

    ذرائع کے مطابق فرنس آئل کی فراہمی میں کمی، دھند کی شدت میں اضافہ اور ٹرانسمیشن لائنوں کی خرابی کے باعث بریک ڈاؤن ہو رہے ہیں۔