Tag: ٹرانسپورٹ اتحاد

  • کراچی: سی این جی قیمت میں اضافے پر 10 جولائی کو ہڑتال کا اعلان

    کراچی: سی این جی قیمت میں اضافے پر 10 جولائی کو ہڑتال کا اعلان

    کراچی: ٹرانسپورٹ اتحاد نے سی این جی کی قیمت میں اضافے پر 10 جولائی کو ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سی این جی کی قیمت میں اضافے پر کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے دس جولائی کو ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے، ٹرانسپورٹ اتحاد کا کہنا ہے کہ موجودہ سی این جی کی قیمت میں ٹرانسپورٹ نہیں چلا سکتے۔

    کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے محمود آفریدی نے کہا ہے کہ فروری سے اب تک سی این جی 50 روپے تک مہنگی ہوئی ہے، لیکن سی این جی مہنگی ہونے کے باوجود کرائے نہیں بڑھائے گئے۔

    ٹرانسپورٹ اتحاد کا یہ بھی کہنا ہے کہ مختلف ٹرانسپورٹ تنظیموں نے ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

    خیال رہے کہ منگل کو سی این جی کے نرخ میں اضافے کے بعد کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے غیر اعلانیہ ہڑتال کی، جس کی وجہ سے شہر میں بسیں غائب ہو گئیں اور مسافروں کو دفاتر اور بچوں کو اسکول جانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

    یہ بھی پڑھیں:  سی این جی پر سیلز ٹیکس کے نئے اضافی نرخ کا نوٹیفکیشن جاری

    ادھر مسافروں کا یہ کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ کرنے کے لیے غیر اعلانیہ ہڑتال کے ذریعے دراصل دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں سی این جی 19 روپے اضافے کے بعد 123 روپے فی کلو ہو گئی ہے اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اپنے طور پر اضافہ کر دیا گیا ہے جس سے شہریوں پر مزید بوجھ پڑ گیا ہے۔

  • گیس کی قیمتوں میں اضافہ : ٹرانسپورٹ اتحاد نے احتجاجاً ہڑتال کا اعلان کردیا

    گیس کی قیمتوں میں اضافہ : ٹرانسپورٹ اتحاد نے احتجاجاً ہڑتال کا اعلان کردیا

    کراچی : سی این جی فورم نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا، ٹرانسپورٹ اتحاد نے احتجاجاً ہڑتال کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی این جی فورم نے حکومت کی جانب سے گیس کی حالیہ قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا ہے جبکہ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے گیس مہنگی ہونے پر ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

    کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ارشاد بخاری کا کہنا تھا کہ ہم ٹرانسپورٹ بند کردیں گے تو سی این جی اسٹیشنز بھی بند ہوجائیں گے۔

    سی این جی فورم کے رکن عبدالسمیع خان نے کہا کہ حکومت نے سی این جی سیکٹر کی گیس کی قیمت میں 40 فیصد کا اضافے کے تجویز دی ہے گیس مہنگی ہوئی تو سی این جی 22 روپے تک مہنگی ہوجائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ70 فیصد ٹرانسپورٹ سی این جی چلتی ہے، گیس مہنگی ہونے کے بعد سندھ اور بلوچستان میں فی کلو سی این جی82سے بڑھ کر105روپے فی کلو تک ہوجائے گی جس سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ ہو جائے گا۔

    کراچی چیمبر کے صدر جنید ماکڈا نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ جب تک قیمت کا تعین نہیں ہوتا گیس کی قیمت میں اضافہ نہ کیا جائے۔

    اس موقع پر آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن سندھ کے صدرشبیر سلیمان جی نے کہا کہ15سال میں پہلی بار گیس 15روپے کلو مہنگی ہونے جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارا گیس کی قیمت کا تعین اوگرا کرتی ہے لیکن حکومت نے گیس کی قیمتوں میں 40فیصد اضافہ کیا ہے۔

  • ایل این جی منصوبے کو سازش کے تحت ناکام کیا جارہا ہے، غیاث پراچہ

    ایل این جی منصوبے کو سازش کے تحت ناکام کیا جارہا ہے، غیاث پراچہ

    راولپنڈی: آل پاکستان سی این جی ایسو سی ایشن کے چیئر مین غیاث پراچہ کا کہنا ہے کہ سازش کے تحت ایل این جی منصوبے کو ناکام بنایا جارہا ہے، مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔

    راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سی این جی ایسو سی ایشن کے چیئر مین غیاث پراچہ کا کہنا تھا کہ انڈسٹری بند ہو نے سے ساڑھے چار لاکھ افراد بے روزگار ہو چکے ہیں۔

    ایل این جی کے منصوبے کو سازش کے ذریعے ناکام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    غیاث پراچہ نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ ایل این جی منصوبے کی راہ میں حائل رکاٹیں دور کی جائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سی این جی سیکٹر ایل این جی خود درآمد کرنے کو تیار ہے۔

  • کراچی:سی این جی مالکان اور ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کردی

    کراچی:سی این جی مالکان اور ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کردی

    چیئرمین سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ کی اپیل پر سی این جی مالکان اور ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کردی، ہڑتال ختم ہونے کے بعد کراچی کے سی این جی اسٹیشنز کھلنا شروع ہوگئے۔

    سی این جی اسٹیشن مالکان اور ٹرانسپورٹ اتحاد نے سی این جی بندش شیڈیول پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کیا تھا، چیئرمین سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ کی اپیل پر سی این جی مالکان اور ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا، جس کے بعد کراچی کے تمام سی این جی سٹیشنز کھلنا شروع ہوگئے۔

    سی این جی اسٹیشنز اور ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، شہری پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے باعث سخت سردی میں گھنٹوں اسٹاپ پر کھڑے سواری کا انتطار کرتے رہے، موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیکسی اور رکشہ ڈرائیوروں نے من مانے کرائے وصول کئے۔

    سندھ میں سی این جی بندش کے نئے شیڈول کے مطابق پیر کی صبح آٹھ بجے سے منگل کی صبح آٹھ بجے تک سی این جی اسٹیشنز بند رہیں گئے۔