Tag: ٹربائن

  • سمندری لہروں سے بجلی بنانے والی دنیا کی طاقتور ترین ٹربائن

    سمندری لہروں سے بجلی بنانے والی دنیا کی طاقتور ترین ٹربائن

    ایڈنبرا: اسکاٹ لینڈ میں سمندری لہروں سے بجلی بنانے والی دنیا کی طاقتور ترین ٹربائن نے کام شروع کردیا، یہ ٹربائن سمندر کی تیز لہروں اور ہواؤں کی مدد سے بجلی بناتی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سمندری لہروں سے بجلی بنانے والی دنیا کی طاقتور ترین ٹربائن نے پیداوار شروع کردی، خوبصورت ڈیزائن والی اس ٹربائن کا وزن 680 ٹن ہے جو اگلے 15 برس تک 2 ہزار گھروں کو بجلی فراہم کرے گی۔

    اسکاٹ لینڈ کے ساحلوں سے پرے نصب اس ٹائیڈل ٹربائن کو آربیٹل او ٹو کا نام دیا گیا ہے جس پر دس سال سے تحقیق جاری تھی، اس کی مکمل تیاری اور تنصیب میں 18 ماہ کا عرصہ صرف ہوا ہے۔

    اپنے غیر معمولی اسٹرکچر کی بنا پر یہ دو میگا واٹ بجلی بناتی ہے جسے مئی میں سمندر میں اتارا گیا اور اب زیر آب کیبل کی تنصیب کے بعد ٹربائن سے بجلی کی فراہمی شروع ہوگئی ہے۔

    لہروں کی آمد و رفت سے اس کا اندرونی نظام اوپر نیچے اٹھتا ہے اور کسی ٹربائن کی طرح کام کرتے ہوئے بجلی بناتا ہے۔

    لہریں ماند پڑجاتی ہیں تو اس کی پنکھڑیاں گھوم کر بجلی بنانا شروع کردیتی ہیں اور ظاہر ہے یہ کام سمندر کی تیز ہواؤں کی بدولت ہی ممکن ہوتا ہے۔ اسے آربٹل او ٹو نامی کمپنی نے ڈیزائن کیا ہے۔

    کمپنی کے مطابق یہ ماحول دوست بجلی بنانے کا ایک بہت حوصلہ افزا منصوبہ ہے جس سے پوری دنیا کو فائدہ ہوسکتا ہے کیونکہ زمین کے 70 فیصد رقبے پر سمندر موجود ہے۔

    اسے ایک طرح کی زیرِ آب ٹربائن بھی کہا جاسکتا ہے جو سمندری لہروں کے نشیب و فراز کے تحت کام کرتی ہے، اسے سنبھالنے کے لیے چار مقامات پر آہنی زنجیریں لگائی گئی ہیں۔

  • ہوا سے پانی کھینچنے والی ٹربائن

    ہوا سے پانی کھینچنے والی ٹربائن

    ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں پینے کے پانی کے ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں جس کا منفی اثر زراعت پر بھی ہوگا اور کروڑوں افراد قحط کا شکار ہوجائیں گے۔

    تاہم سائنس دان اب ایسی ایجادات کر رہے ہیں جو مختلف طریقوں سے ہمارے قدرتی وسائل میں اضافہ کرے، ماحول دوست ہوں اور ہماری زمین پر موجود وسائل کو کفایت شعاری سے استعمال کرنے میں مدد دیں۔

    مزید پڑھیں: پانی کی قلت سے مختلف ممالک کی جی ڈی پی میں کمی

    ایسی ہی ایک ایجاد واٹر سیر نامی ٹربائن بھی ہے جو فضا میں موجود پانی کو پینے کے لیے فراہم کرے گی۔

    دن کے 24 گھنٹے کام کرنے والی یہ ٹربائن فضا میں موجود پانی لے کر اسے پینے کے قابل بناتی ہے اور اس کے لیے اسے کسی قسم کی بجلی، توانائی، یا کیمیکلز کی ضرورت نہیں ہوتی۔

    اس کے زمین کے اوپر لگے بلیڈز ہوا کی طاقت سے گھومتے ہیں اور ہوا کو زمین کے اندر نصب چیمبر میں دھکیلتے ہیں۔ یہ چیمبر مٹی میں دبا ہوتا ہے اور ٹھنڈی مٹی کی وجہ سے خاصا سرد ہوتا ہے۔

    water-seer-2

    یہ اپنے اندر موجود گرم ہوا کو بھی ٹھنڈا کردیتا ہے اور اس میں موجود پانی قطروں کی صورت میں چیمبر کی دیواروں پر جم جاتا ہے۔

    یہ ٹربائن ہوا چلنے یا نہ چلنے دونوں صورتوں میں کام کرتی ہے اور روزانہ 37 لیٹرز پانی فراہم کرتی ہے۔

    یہ ٹربائن ان گاؤں دیہاتوں میں نصب کرنے کے لیے بہترین ہے جہاں بچوں اور خواتین کو پانی حاصل کرنے کے لیے میلوں دور تک چلنا پڑتا ہے۔

    پانی کے حصول کے لیے گاؤں کی خواتین کو کیسے درد ناک سفر طے کرنے پڑتے ہیں، پڑھیں خصوصی رپورٹ

    واضح رہے کہ ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا میں موجود پانی کے ذخائر میں تیزی سے ہوتی کمی کے باعث 2025 تک دنیا کی ایک تہائی آبادی پینے کے صاف پانی سے محروم ہوجائے گی۔

    مزید پڑھیں: پانی کو مضر صحت اجزا سے پاک کرنے کا آسان طریقہ

    اس وقت دنیا بھر میں 780 ملین افراد پینے کے صاف پانی سے محروم اور گندا اور آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں جو انہیں مختلف بیماریوں اور بعض اوقات موت سے ہمکنار کردیتا ہے۔