Tag: ٹرمپ کرونا ٹیسٹ

  • امریکی صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ کے کرونا ٹیسٹ کا نتیجہ آ گیا

    امریکی صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ کے کرونا ٹیسٹ کا نتیجہ آ گیا

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ کا کروناوائرس ٹیسٹ مثبت آ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ کر کے بتایا ہے کہ ان کا اور ان کی بیوی میلانیہ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

    کرونا پازیٹیو ہونے کے بعد امریکی صدر اور ان کی اہلیہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں، ٹرمپ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ہم اب اس بیماری سے ایک ساتھ نمٹیں گے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ کی قریبی معاون ہوپ ہکس میں کرونا کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد ٹرمپ نے اہلیہ سمیت قرنطینہ میں جانے کا اعلان کیا تھا۔

    مشیر کا ٹیسٹ پازیٹو آنے پر دونوں کا ٹیسٹ بھی کرایا گیا تھا جس کا نتیجہ ٹرمپ نے آج ٹویٹ میں بتا دیا۔ خیال رہے کہ ہوپ ہکس نے رواں ہفتے ٹرمپ کے ساتھ انتخابی مہم میں کافی وقت گزارا تھا۔

    امریکی صدر نے ایک ٹویٹ میں مشیر سے متعلق کرونا مثبت آنے کی خبر دیتے ہوئے ان کی تعریف بھی کی تھی، انھوں نے لکھا میری مشیر جو بہت محنتی ہیں ان میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے، جس کے باعث میں اور میری اہلیہ میلانیا ٹرمپ قرنطینہ میں چلےگئے ہیں، کرونا ٹیسٹ کے نتائج آنے تک قرنطینہ میں رہیں گے۔

    میلانیا ٹرمپ نے بھی اس حوالے سے ٹویٹ کیا اور لکھا کہ کرونا پازیٹو آنے کے بعد لاکھوں امریکیوں کی طرح ہم بھی قرنطینہ ہو گئے ہیں، ہم بہتر محسوس کر رہے ہیں، میں نے اپنی ساری سرگرمیاں معطل کر دی ہیں، آپ لوگ بھی احتیاط کریں اور گھروں میں رہیں، ہم سب مل کر اس وبا سے نمٹیں گے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ ٹرمپ کرونا ٹیسٹ کر چکے ہیں، 15 مارچ کو ان کا ٹیسٹ منفی آیا تھا، اس سے چند دن قبل برازیل کے صدر کے مشیر نے ٹرمپ سے ملاقات کی تھی جس کے بعد فیبیو ونگرٹرن میں کرونا کی تصدیق ہوئی تھی، برازیلین عہدے دار نے ٹرمپ سے ملاقات کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔

  • صدر ٹرمپ کا کرونا ٹیسٹ نیگیٹو نکل آیا

    صدر ٹرمپ کا کرونا ٹیسٹ نیگیٹو نکل آیا

    واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کرونا وائرس ٹیسٹ نیگیٹو آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ رات کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا تھا، ٹیسٹ کا نتیجہ منفی نکل آیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے ڈونلڈ ٹرمپ میں کرونا وائرس کے خدشے کا اظہار کیا جا رہا تھا، چند دن قبل برازیل کے صدر کے مشیر نے ٹرمپ سے ملاقات کی تھی جس کے بعد عہدے دار فیبیوونگرٹرن میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ انھوں نے 7 مارچ کو امریکی ریاست فلوریڈا میں امریکی صدر کے ساتھ عشائیے میں شرکت کی تھی، برازیلین عہدے دار نے ٹرمپ سے ملاقات کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔

    گزشتہ روز ایک صحافی کے سوال کے جواب میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹروں کے مطابق مجھ میں وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں مگر پھر بھی کرونا وائرس کی تشخیص کا ٹیسٹ کرانے کا سوچ رہا ہوں۔

    ادھر غیر ملکی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آسٹریلیا کے سینئر سیاست دان پیٹر ڈوٹن میں ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ اور امریکی اٹارنی جنرل ولیم بر سے ملاقات کے بعد کرونا وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ امریکا میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ اور ہلاکتوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اب تک 2,976 افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جب کہ ہلاک افراد کی تعداد 60 ہو گئی ہے۔

  • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کرونا وائرس ٹیسٹ کیوں نہیں کیا گیا؟

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کرونا وائرس ٹیسٹ کیوں نہیں کیا گیا؟

    واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کا کرونا وائرس ٹیسٹ نہیں کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ بات سامنے آ گئی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا وائرس ٹیسٹ کیوں نہیں کیا؟ وائٹ ہاؤس نے بیان میں کہا کہ صدر ٹرمپ کی کرونا وائرس سے متاثرہ کسی شخص سے ملاقات نہیں ہوئی۔

    وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ میں کرونا وائرس کی کوئی علامت نہیں پائی گئی، امریکی صدر مکمل طور پر صحت مند ہیں، تاہم حفاظتی اقدام کے طور پر صدر ٹرمپ کی مانیٹرنگ جاری رہے گی۔

    کرونا وائرس: امریکی ریاست میں ایمرجنسی نافذ

    خیال رہے کہ امریکا میں مہلک اور نیا وائرس COVID 19 کا پھیلاؤ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 25 نئے کیسز سامنے آ گئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 729 ہو گئی ہے، جب کہ وائرس سے امریکا میں اب تک 27 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ امریکی ریاست نیو جرسی کے گورنر فل مرفی نے بھی ریاست میں کرونا وائرس کی وجہ سے ایمرجنسی حالت کا اعلان کر دیا ہے، اب تک نیو جرسی میں 11 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ مزید کیسز بھی ہوں گے۔ اس سے قبل نیو یارک کے گورنر اینڈریو کومو نے بھی کرونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے ہنگامی حالات نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جب کہ نیو یارک کے میئر نے کہا تھا کہ تمام ملازمین گھروں سے کام کریں۔