Tag: ٹرمپ کے خلاف احتجاج

  • بھارت میں ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف احتجاج

    بھارت میں ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف احتجاج

    ممبئی (25 اگست 2025): بھارت کے ایک مذہبی تہوار میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اضافی ٹیرف کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارت پر عائد کیے جانے والے اضافی ٹیرف کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

    احتجاج ناگ پور شہر میں مذہبی تہوار ماربت کے دوران کیا گیا، جہاں لوگوں نے امریکا کی طرف سے بھارت پر پچاس فی صد ٹیرف عائد کرنے پر علامتی طور پر ٹرمپ کا ایک بڑا پتلا گھمایا۔

    بھارت نے امریکا کے لیے اہم سروس معطل کر دی

    ٹرمپ کے دیو ہیکل پتلے پر متعدد تختیاں بھی لٹکائی گئی تھیں، جن پر احتجاجی نعرے درج تھے، ’’ہمیں ڈرانے کے لیے محصولات عائد کرنے والا آخرکار بھارت کی طاقت دیکھ کر پچھتائے گا۔‘‘ اور ’’ہماری اشیا پر لگائے گئے محصولات صرف ان کے کاروبار کو تباہ کر دیں گے۔‘‘ اور ’’امریکی انکل بھارت پر پابندیاں لگاتا ہے، مگر خود روسی مصنوعات خرید لیتا ہے۔‘‘

    واضح رہے کہ ٹرمپ نے روس سے تیل خریدنے پر بھارت پر ٹیرف 50 فی صد کیا ہے، بھارت پر 25 فی صد امریکی ٹیرف نافذ ہو چکا ہے، جب کہ بقیہ 25 فی صد 27 اگست کو نافذالعمل ہوگا۔

    یاد رہے کہ بھارت کی کانگریس پارٹی کے مظاہرین نے 14 مئی 2025 کو بھی کولکتہ میں ایک احتجاج کے دوران، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھارت پاکستان تنازعہ میں مداخلت کا دعویٰ کرنے پر ان کا پتلا جلایا تھا۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ کے گالف کھیلنے کے دوران ہزاروں شہری احتجاج کرتے ہوئے نکل آئے

    ڈونلڈ ٹرمپ کے گالف کھیلنے کے دوران ہزاروں شہری احتجاج کرتے ہوئے نکل آئے

    اسکاٹ لینڈ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گالف کھیلنے کے دوران ہزاروں شہری احتجاج کرتے ہوئے ایڈن برگ کے ریزوٹ کمپلیکس کے باہر جمع ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر اپنے دورۂ برطانیہ کے دوران ٹرن بیری ریزوٹ پہنچ گئے جہاں انھوں نے گالف کھیلی، اس دوران ہزاروں مظاہرین ایڈن برگ کی گلیوں میں جمع ہوگئے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف احتجاج تیسرے دن میں داخل ہوگیا ہے، امریکی صدر نے اپنی اہلیہ میلانیہ اور خاندان کے ساتھ اسکاٹ لینڈ کا نجی دورہ کیا، وہ پیر کے روز فِن لینڈ کے مرکزی شہر ہیلسنکی میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔

    ہزاروں افراد نے ریزوٹ کمپلیکس کے باہر جمع ہو کر امریکی صدر کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کیا، تاہم ڈونلڈ ٹرمپ اپنی سیکورٹی کے انتہائی کڑے پہرے میں اسکاٹ لینڈ کا دورہ کر رہے ہیں۔

    قبل ازیں پولیس نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ وہ اس بات کی تفتیش کر رہی ہے کہ کس طرح ایک پیرا گلائیڈر نے ٹرن بیری پر اڑان بھرتے ہوئے ٹرمپ کے خلاف بینر ہوا میں لہرایا۔

    ٹرمپ کے گالف کورس میں کھیلنے کے دوران پولیس کے اسنائپرز نے پوزیشنیں سنبھال لی تھیں، جب کہ بڑی تعداد میں دیگر افسران نے بھی آس پاس علاقے اور گراؤنڈ پر کڑی نظر رکھی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ شب جیسے ہی ٹرمپ ریزوٹ میں داخل ہوئے، مظاہرہ کرنے والے ایک پیرا گلائیڈر نے ”نو فلائی زون“ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اڑان بھری اور ایڈن برگ کے اس ہوٹل تک پہنچا جو ٹرمپ کی ملکیت ہے۔

    امریکی صدر ٹرمپ کا دورہ برطانیہ، عوام کا شدید احتجاج


    جمعے کو امریکی صدر کے خلاف لندن میں ہونے والے احتجاج کے بارے میں آرگنائزرز کا دعویٰ تھا کہ مظاہرین کی تعداد ڈھائی لاکھ تھی، تاہم برطانوی حکومت کے انٹرنیشنل ٹریڈ سیکریٹری نے کہا کہ لندن کے شہریوں نے اچھی مہمان نوازی کا مظاہرہ نہیں کیا۔

    واضح رہے کہ امریکا اور برطانیہ کے مابین بریگزٹ ڈیل پر اختلافات پائے جاتے ہیں، گزشتہ روز ”دی سن“ سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا تھا کہ تھیریسا مے کا بریگزٹ پلان معاہدے کو ختم کر دے گا، تاہم چند ہی گھنٹے بعد انھوں نے برطانوی وزیر اعظم کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدہ بالکل ممکن ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • تارکین وطن کی بچوں سے علیحدگی، ٹرمپ کو شدید احتجاج کا سامنا

    تارکین وطن کی بچوں سے علیحدگی، ٹرمپ کو شدید احتجاج کا سامنا

    واشنگٹن: تارکین وطن کو بچوں سے الگ کرنے پر امریکی صدر ٹرمپ کو شدید احتجاج کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، نیویارک سمیت امریکا بھر میں شہری سڑکوں پر آگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو نے تارکین وطن سے متعلق امریکی رویے کو غیر انسانی قرار دیا ہے، امریکی صدر ٹرمپ کے تارکین وطن کو داخلے سے روکنے کے خلاف نیویارک سمیت امریکا بھر میں احتجاج شروع ہوگیا ہے۔

    امریکا کے شہری تارکین وطن اور ان کے بچوں کو علیحدہ رکھنے کے خلاف سڑکوں پر آگئے اور ٹرمپ کی تارکین وطن سے متعلق پالیسی کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کیپیٹل ہل کے دورے کے دوران بھی عوامی احتجاج کا سامنا کرنا پڑا، ایک شہری نے ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے بچوں کا احساس دلانے کی کوشش کی۔

    میکسیکو کی جانب سے بھی تارکین وطن کو بچوں سے الگ رکھنے کے عمل کو غیر انسانی قرار دیا گیا ہے، ٹرمپ کے حکم پر 2 ہزار بچوں کو اپنے والدین سے علیحدہ ایک مرکز میں ٹھہرنے پر مجبور کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے امریکی صدر کی میکسیکو مہاجرین سے متعلق پالیسی پر کہا تھا کہ بچوں کو ان کے والدین سے جدا کرنے پر نفرت ہے۔

    میلانیا ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مسئلے کے حل کے لیے دونوں کو امیگریشن اصلاحات پر کام کرنا چاہئے، بچوں کو ان کے والدین سے جدا نہیں کرنا چاہئے۔

    میلانیا ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسا ملک ہونا چاہئے جو تمام قوانین کی پاسداری کرے لیکن اس کے ساتھ ہی ہمیں ایسا ملک بھی ہونا چاہئے جہاں رحم دلی کی حکومت ہو۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔