Tag: ٹرمپ

  • روسی صدر سے کیا گفتگو ہوئی؟ ٹرمپ نے بتا دیا

    روسی صدر سے کیا گفتگو ہوئی؟ ٹرمپ نے بتا دیا

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روسی صدر سے یوکرین امن معاہدے پر مثبت گفتگو ہوئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق روس کے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی، روس اور امریکی صدور کے درمیان ڈھائی گھنٹے طویل گفتگو ہوئی جس میں یوکرین جنگ سمیت دیگر امور پر بات کی گئی۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر سے گفتگو کے بعد امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ روسی صدر کے ساتھ یوکرین امن معاہدے  پر گفتگو مثبت رہی، مکمل جنگ بندی کیلئے تیزی سے کام کریں گے۔

    امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں ٹرمپ نے مزید کہا روسی صدر سے یوکرینی امداد پر بات نہیں ہوئی، امریکی مندوب اسٹیو وٹکوف کا کہنا ہے روسی وفد سے اتوار کو جدہ میں بات ہوگی۔

    روس یوکرین جنگ کے خاتمے کیلیے اہم پیشرفت

    دوسری جانب امریکا اور روس کے درمیان یوکرین میں جنگ بندی سے متعلق بات چیت کے بعد یوکرینی صدر کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کی امریکی تجویز پر امریکی صدر سے بات کریں گے۔

    یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا ٹرمپ سے گفتگو کا مقصد یہ جاننا ہوگا کہ روس نے امریکا کو کیا پیشکش کی ہے، یہ جاننا بھی چاہتے ہیں کہ امریکا نے روس کو کیا پیشکش کی۔

    صدر ولادیمیر زیلنسکی کا مزید کہنا تھا کہ پیوٹن کی شرائط ظاہر کرتی ہیں کہ روس جنگ بندی کے لیے تیار نہیں، روسی صدر کا مقصد یوکرین کو کمزور کرنا ہے۔

  • پیوٹن اگر جنگ بندی پر نہ مانے تو لگتا ہے کہ یہ بُری خبر ہو گی: ٹرمپ

    پیوٹن اگر جنگ بندی پر نہ مانے تو لگتا ہے کہ یہ بُری خبر ہو گی: ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ پیوٹن اگر جنگ بندی پر نہ مانے تو یہ بُری خبر ہو گی لیکن مجھے لگتا ہے کہ وہ راضی ہوجائیں گے۔

    اتوار کو نشر ہونے والے امریکی نیوز آؤٹ لیٹ کے ریکارڈ شدہ انٹرویو میں ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ روس یوکرین جنگ کے خاتمے والی بات تھوڑا سا طنزیہ تھی۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرا اصل مطلب یہ تھا کہ میں اس جنگ کو ختم کرنا چاہتا ہوں، اور مجھے لگتا ہے کہ میں کامیاب ہو جاؤں گا، ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر روسی صدر ولادیمیر پوٹن جنگ بندی پر راضی نہیں ہوئے تو یہ "اس دنیا کے لیے بری خبر” ہو گی۔

    روس یوکرین جنگ خاتمے میں حقیقی پیشرفت کی امید ہے: امریکا

    واضح رہے کہ ٹرمپ 30 روزہ جنگ بندی کی تجویز کے لیے پیوٹن کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جسے یوکرین نے گزشتہ ہفتے قبول کر لیا ہے۔

    یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے مئی 2023 میں سی این این ٹاؤن ہال میں کہا تھا کہ روسی اور یوکرینی مر رہے ہیں، میں چاہتا ہوں کہ وہ نہ مریں اور میں یہ 24 گھنٹے میں کر لوں گا۔

    سابق امریکی نائب صدر کملا ہیرس کے ساتھ مباحثے میں انہوں نے کہا تھا کہ یہ ایک جنگ ہے جسے ختم ہونا ہے، میں صدر بننے سے قبل ہی اسے ختم کرواؤں گا، جب میں صدر منتخب ہوں گا تو ایک فریق سے بات کروں گا پھر دوسرے سے، میں انہیں اکٹھا کروں گا۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کو ایک  اور بڑا  جھٹکا

    ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کو ایک اور بڑا جھٹکا

    کیلیفورنیا : کیلیفورنیا میں ڈسٹرکٹ جج ولیم السپ نے ٹرمپ انتظامیہ کو برطرف ہزاروں وفاقی ملازمین کو فوری بحال کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کو ایک اور بڑا جھٹکا لگا، کیلیفورنیا میں ڈسٹرکٹ جج ولیم السپ نے ٹرمپ انتظامیہ کو برطرف ہزاروں وفاقی ملازمین کو فوری بحال کرنے کا حکم دیدیا۔

    عدالت نے ریمارکس دیئے کہ وفاقی ملازمین کو برطرف کرنے کا بوگس جواز پیش کیا گیا، عدالت نے فیصلے میں وفاقی اداروں کے پروبیشنری ملازمین کوبحال کرنےحکم دیا، جنہیں ٹرمپ انتظامیہ نے گزشتہ ماہ ملازمتوں سے فارغ کردیا تھا۔

    جج نے چھ وفاقی اداروں ،محکمہ دفاع، سابق فوجیوں کے امور، زراعت، توانائی، داخلہ اور خزانہ کو حکم دیا کہ وہ غلط طریقے سے برطرف کیے گئے ملازمین کو بحال کرے۔

    جج ولیم السوپ نے ان ملازمین کی برطرفی کو انتظامیہ کی شرمناک حرکت قرار دیا

    واضح رہے وفاقی ملازمین کو برطرف کرنے کے اقدام کی قیادت ایلون مسک کر رہے ہیں جبکہ جان ہاپکنز یونی ورسٹی نے وفاقی امداد پر انحصار کرنے والے دوہزار سے زائد ورکرز کو نکالنے کا اعلان کر دیا ہے۔

  • ٹرمپ نے ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا کی الیکٹرک گاڑی خرید لی

    ٹرمپ نے ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا کی الیکٹرک گاڑی خرید لی

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا کی الیکٹرک گاڑی خرید لی اور کہا ٹیسلا ڈیلر شپ کے خلاف تشدد کو گھریلو دہشت گردی قرار دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایلون مسک کی حمایت میں ٹیسلا کی الیکٹرک گاڑی خرید لی، سرخ رنگ کی چمچماتی گاڑی کی فرنٹ سیٹ پر بیٹھتے ہوئے ٹرمپ نے گاڑی کی تعریف کرتے ہوئے کہا بہت خوبصورت ہے، سب کچھ کمپیوٹرزئزڈ ہے۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا وہ ٹیسلا ڈیلر شپ کے خلاف تشدد کو گھریلو دہشت گردی قرار دیں گے۔

    اس موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ ٹیسلا کمپنی کے سی ای او ایلون مسک بھی تھے، ٹرمپ نے گاڑی کا ٹیسٹ نہیں کیا کیونکہ انہیں گاڑی چلانے کی اجازت نہیں ہے، لیکن کہا کہ وہ اسے وائٹ ہاؤس میں چھوڑ دیں گے تاکہ ان کا عملہ اسے چلا سکے۔

    واضح رہے ٹرمپ نے الیکٹرک کار فرم ٹیسلا کے حصص میں پندرہ فیصد سے زیادہ کمی کے بعد ایلون مسک کی حمایت میں گاری خریدی ہے.

    یاد رہے امریکی صدر ٹرمپ نے ٹیسلا کی گاڑی خریدنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ اپنے ڈونر اور قریبی ایڈوائزر ایلون مسک کی حمایت کے طور پر ٹیسلا گاڑی خریدوں گا، ایلون مسک امریکی قوم کے لیے بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں۔

  • ویڈیو: ’’احمق اور غیر معمولی ذہین‘‘، امریکی صحافی کا ٹرمپ سے متعلق دلچسپ تجزیہ

    ویڈیو: ’’احمق اور غیر معمولی ذہین‘‘، امریکی صحافی کا ٹرمپ سے متعلق دلچسپ تجزیہ

    امریکی صحافی مائیکل وولف نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق دلچسپ تجزیہ پیش کرتے ہوئے انہیں احمق کے ساتھ غیر معمولی ذہین قرار دیا ہے۔

    مائیکل وولف جو ڈونلڈ ٹرمپ پر چار کتابیں لکھ چکے ہیں اور انہیں ذاتی طور پر انتہائی قریب سے جاننے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں امریکی صدر سے متعلق دلچسپ تجزیہ پیش کیا۔

    صدر ٹرمپ جو منصب صدارت سنبھالنے کے بعد اپنے متنازع اقدامات اور اعلانات کی وجہ سے موضوع بحث بنے ہوئے ہیں۔

    حال ہی میں اوول آفس میں یوکرینی ہم منصب ولادیمیر زیلنسکی سے تلخ ملاقات کے بعد ان پر چار کتابیں تحریر کرنے والے مائیکل وولف نے اپنے ایک انٹرویو میں حیرت انگیز طور پر ان کی ذات کا تجزیہ پیش کرتے ہوئے ٹرمپ کو احمق ہونے کے ساتھ ساتھ غیر معمولی طور پر ذہین بھی قرار دے دیا۔

    امریکی صحافی نے کہا کہ میں لوگوں کو کہتا ہوں کہ ٹرمپ کو سیاست دان کے طور پر مت دیکھیں، وہ ایک شو مین ہیں، اداکار ہیں اور اداکار زیادہ تر بیوقوف ہوتے ہیں۔

    مائیکل وولف نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اداکار کو اپنے ناظرین اور سننے والوں کا پتہ ہوتا ہے۔ اس لیے وہ بہت زیادہ ذہین بھی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یاد رکھیں ٹرمپ 14 سال تک ایک مشہور ریئلٹی شو کا حصہ رہے ہیں اور یہ ایسی تربیت ہے جو کسی دوسرے سیاستدان کو نہیں ملی۔

     

  • ٹرمپ نے بٹ کوائن اسٹریٹجک ریزرو کے قیام کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیئے

    ٹرمپ نے بٹ کوائن اسٹریٹجک ریزرو کے قیام کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیئے

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بٹ کوائن اسٹریٹجک ریزرو کے قیام کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیئے ، اب امریکا کرپٹو کرنسی ریزرو کا عالمی دارالحکومت بنے گا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بٹ کوائن اسٹریٹجک ریزرو کے قیام کا ایگزیکٹو آرڈر جاری کردیا۔

    ایگزیکٹو آرڈر کے تحت امریکا کرپٹو کرنسی ریزرو کا عالمی دارالحکومت بنے گا ، امریکی حکومت بٹ کوائن کا اسٹریٹجک ریزرو قائم کرے گی۔

    امریکا کے پاس دو لاکھ بٹ کوائن ہیں، جن کی مالیت ساڑھے سترہ ارب ڈالر ہے۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکی محکمہ خزانہ، کامرس اضافی بٹ کوائن اثاثوں کیلئے کام کریں گے ، جس میں بٹ کوائن اور دیگر کرپٹو کرنسی کے اثاثے جمع کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

    کرپٹو کرنسی انڈسٹری کے قائدین نے صدر ٹرمپ سے ملاقات کی، بٹ کوائن اور دیگر کرپٹو کرنسی کے اثاثے جمع کرنے کے لیے اقدامات پر ٹرمپ نے کہا کہ کرپٹو ذخائر جمع کرنے کے لیے ٹیکس دہندگان پر بوجھ نہیں ڈالا جائے گا، امریکہ یہ اصول اپنائے گا کہ اپنا بِٹ کوائن کبھی نہ بیچو۔

    یاد رہے ڈونلڈ ٹرمپ نے چند رو زپہلے پانچ کرپٹو کرنسی کے ناموں کا اعلان کیا ہے، جنھیں وہ ایک نئے اسٹریٹیجک ریزرو کا حصہ بنانا چاہتے ہیں۔

    امریکی ڈیجیٹل ریزرو کا مقصد امریکا کو ’کرپٹو کرنسی کا عالمی دارالحکومت‘ بنانا ہے، امریکی صدر نے بٹ کوائن کے علاوہ ایتھیریم، ایکس آر پی ، سولانا اور کارڈانو کو بھی امریکی ڈیجیٹل ریزرو کا حصہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔

  • ٹرمپ نے حماس سے بات کرنے کی تصدیق کردی

    ٹرمپ نے حماس سے بات کرنے کی تصدیق کردی

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حماس سے یرغمالیوں کی رہائی کے لیے بات کرنے کی تصدیق کردی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ حماس سے یرغمالیوں کی رہائی کے لیے بات کی ہے، حماس کو غزہ میں قید تمام یرغمالیوں کو رہا کرنا ہو گا۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا میں تارکینِ وطن کا داخلہ روکنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ میکسیکو اور کینیڈا پر ٹیرف کو 2 اپریل تک مؤخر کیا ہے، 2 اپریل امریکی تاریخ کا اہم دن ہو گا،

    اُنہوں نے کہا کہ چاہتا ہوں روس اور یوکرین کے درمیان جلد جنگ بندی کا معاہدہ ہو جائے۔ یوکرین کی مدد کے لیے اربوں ڈالرز دیے۔

    امریکی صدر نے کہا کہ امید ہے کہ چین کے ساتھ معاملات طے پا جائیں گے، چینی صدر کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں، ٹک ٹاک میں دلچسپی ہے۔

    اُنہوں نے کہا کہ اسٹیل اور ایلومینیئم پر محصولات میں ترمیم نہیں کریں گے۔ ٹک ٹاک سمیت غیرملکی ایپس پر پابندی سے متعلق رپورٹ طلب کی ہے۔

    امریکی صدر نے کہا کہ کینیڈا اور بھارت ہماری مصنوعات پر سب سے زیادہ ٹیکس لگاتے ہیں، جوبائیڈن انتظامیہ کی غلط پالیسی سے افغانستان کو نقصان اٹھانا پڑا۔

    دوسری جانب حماس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف کسی بھی اسرائیلی فوجی کارروائی ممکنہ طور پر کچھ اسیروں کی ہلاکت کا باعث بنے گا۔

    اپنے پیغام میں ابو عبیدہ نے اسرائیل پر جنگ بندی کی شرائط کی خلاف ورزی اور نیتن یاہو پر اپنے مفادات کو ”قیدیوں کی جانوں پر ترجیح”رکھنے کا الزام لگایا۔

    انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی مزید جنگ اور ناکہ بندی کی دھمکیاں باقی اسیران کی رہائی کو محفوظ نہیں بنائیں گی۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو اور کینیڈا کے ٹیرف پر یو ٹرن لے لیا

    ابو عبیدہ نے کہا کہ حماس کے پاس باقی تمام اسیروں کے لیے ”زندگی کا ثبوت“ ہے لیکن یہ کہ ہمارے لوگوں کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت دشمن کے اسیروں کی ہلاکت کا باعث بنے گی۔

  • ٹرمپ نے 13 سالہ بچے کو سیکرٹ سروس کا ایجنٹ کیوں بنایا؟

    ٹرمپ نے 13 سالہ بچے کو سیکرٹ سروس کا ایجنٹ کیوں بنایا؟

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 13 سالہ بچے ڈی جے کو سیکرٹ سروس کا ایجنٹ مقرر کر دیا اور اس کا اعلان کانگریس کے مشترکہ اجلاس میں کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے اپنے خطاب کا استعمال کرتے ہوئے جہاں ملکی اور بین الاقوامی امور پر گفتگو کی وہیں امریکی خفیہ سروس کے ایک نئے رکن کا انکشاف کیا، جس کی عمر صرف 13 سال ہے۔ تاہم یہ 13 سالہ ڈی جے دماغ کے کینسر سے بچ جانے والا خوش نصیب بچہ ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ڈی جے جو اجلاس کے دوران اپنے والد کے ساتھ ایوان نمائندگان کی گیلری میں موجود تھا۔ اس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اس بچے نے ہمیشہ پولیس افسر بننے کا خواب دیکھا تھا۔ امریکی صدر کے اس انکشاف اور اعلان پر اجلاس تالیوں سے گونج اٹھا۔

    امریکی صدر نے مزید بتایا کہ 2018 میں ڈی جے کو دماغ کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔ ڈاکٹروں نے انہیں زندہ رہنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پانچ ماہ کا وقت دیا لیکن یہ آج چھ سال بعد بھی زندہ ہے۔ اس دوران ڈی جے نے کئی بار قانون نافذ کرنے والے اعزازی افسر کے طور پر حلف اٹھایا۔

    ٹرمپ نے کہا کہ بچے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے محکمے کو آپ سے پیار ہے اور آج ہم آپ کو ان کا سب سے بڑا اعزاز دینے جا رہے ہیں۔ میں اپنے نئے سیکرٹ سروس ڈائریکٹر شان کرن سے کہتا ہوں کہ وہ آپ کو امریکا کی خفیہ سروس کا باضابطہ ایجنٹ مقرر کریں۔

    امریکی صدر کا یہ اعلان سن کر بچے اور اس کے والد حیران رہ گئے۔

    ٹرمپ کے حکم کے بعد سیکریٹ سروس ڈائریکٹر شان کرن نے سیکرٹ سروس کی بظاہر سند پیش کی جس کو بچے نے فخریہ طور پر اوپر اٹھا کر اجلاس کے شرکا کو دکھایا۔

  • کابل ائیرپورٹ دھماکے میں ملوث دہشت گرد کی گرفتاری میں تعاون پر ٹرمپ پاکستان کے شکر گزار

    کابل ائیرپورٹ دھماکے میں ملوث دہشت گرد کی گرفتاری میں تعاون پر ٹرمپ پاکستان کے شکر گزار

    واشنگٹن : امریکی صدر ٹرمپ نے افغانستان میں کابل ائیرپورٹ دھماکے میں ملوث دہشت گرد کی گرفتاری میں مدد پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدرٹرمپ نے کانگریس سے خطاب میں پاکستان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں 13 امریکیوں کو ہلاک کرنیوالے داعش کے دہشت گرد کو ہم نے پکڑلیا ہے ،اہم ترین دہشت گرد کو پکڑنے میں مدد دینے پر پاکستان کے شکرگزار ہیں۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکی فوجیوں کے قتل میں ملوث دہشت گرد کو امریکا لایا جارہا ہے، امریکیوں کویقین دلاتاہوں،دہشتگرد کو امریکی نظام انصاف کی تلوار کا سامنا کرے گا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد کی گرفتاری میں پاکستانی حکومت کا شکریہ اداکرتا ہوں ،ساڑھے 3 سال پہلے کابل دھماکے میں 13 امریکی فوجی جان سے گئے تھے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاناما کینال کوواپس لیاجائے گا، پاناما کینال بنانےمیں امریکی قربانیاں ہیں،پاناما کینال بنانے میں اس لئے قربانیاں نہیں دیں کہ اسے چین کے حوالےکیاجائے۔

    انھوں نے کہا گرین لینڈ کے باشندوں کو کہتا ہوں آپ کی سیکیورٹی ہماری ذمہ داری ہے، گرین لینڈ کے شہری امریکا میں شامل ہو جائیں، ہم آپ کو ترقی یافتہ اور امیر بنائیں گے۔

    امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ امریکا اور بین الاقوامی سیکیورٹی کیلئے ضروری گرین لینڈ امریکا کا حصہ بنے، گرین لینڈ کو امریکا کا حصہ بناکر ہی رہیں گے۔

  • ’کل کی رات اہم ہونے والی ہے‘، ٹرمپ کی سوشل میڈیا پوسٹ نے دنیا میں ہلچل مچا دی

    ’کل کی رات اہم ہونے والی ہے‘، ٹرمپ کی سوشل میڈیا پوسٹ نے دنیا میں ہلچل مچا دی

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ نے دنیا میں ہلچل مچا دی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ کل کی رات اہم ہونے والی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ٹروتھ‘‘ پر ایک پوسٹ کی ہے جس میں انہوں نے لکھا کہ ہے کہ ’’کل کی رات بہت اہم ہونے والی ہے۔ میں اس بارے میں ٹھیک ویسے ہی بتاؤں گا جیسا کہ یہ ہے۔‘‘

    دنیا کی سپر پاور ملک کے سربراہ کی جانب سے اس مبہم پوسٹ پر دنیا بھر میں ہلچل مچ گئی ہے اور قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں۔

    اکثریت اس پوسٹ کو ٹرمپ اور زیلنسکی کی حالیہ تلخ ملاقات کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں اور یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ کیا ٹرمپ یوکرین کے صدر زیلنسکی سے بدلہ لینے کی تیاری کررہے ہیں یا پھر روسی صدر پیوٹن کے ساتھ مل کر کوئی نیا سیاسی دھماکا کرنے والے ہیں۔

    واضح رہے کہ ٹرمپ نے اسی سوشل میڈیا سائٹ پر زیلنسکی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ شخص امن نہیں چاہتا۔ امریکی صدر نے یوکرینی صدر سے ملاقات کے بعد یوکرین کی فوجی امداد بھی بند کر دی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/trump-is-once-again-angry-with-zelensky/