Tag: ٹرمپ

  • دنیا بھر میں‌ دہشت گردی کا پشت پناہ ایران ہے، ٹرمپ

    دنیا بھر میں‌ دہشت گردی کا پشت پناہ ایران ہے، ٹرمپ

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی انتہا پسند سرگرمیوں کے باعث خطے کو خطرات لاحق ہیں جس کا مقابلہ سعودیہ کے ساتھ ملکر کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار امریکی صدر نے منگل کے روز جاری بیان میں کیا جس میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کئی برسوں سے یمن میں سعودی عرب کے خلاف جاری جنگ کا ذمہ دار ایران ہے جو لبنان کی مسلح تنظیم حزب اللہ کا پست پناہ ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایرانی حکومت پڑوسی ملک عراق کی نوزائیدہ جمہوری حکومت کو بھی عدم استحکام میں مبتلا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا ایران پوری طاقت کے ساتھ کھلے عام ’مرگ بر امریکا اور مرگ بر اسرائیل‘ کے شعار بلند کرتا ہے اور مشرق وسطیٰ میں کئی امریکی شہری اور دیگر بے گناہ افراد کے قتل میں ملوث ہے۔

    امریکی صدر ٹرمپ نے سعودی عرب کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کے بعد سعودی عرب تیل پیدا کرنے والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے اور سعودیہ نے تیل کی قیمت بھی مناسب رکھی ہوئی ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا مشرق وسطیٰ میں ایرانی سرگرمیوں کے خلاف سعودی عرب کے ساتھ اتحاد کو قائم رکھتے ہوئے غیر متزلزل شراکت داری جاری رکھے گا۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو روز قبل جمال خاشقجی قتل کیس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ سی آئی اے کی رپورٹ قبل ازوقت ہے حتمی رپورٹ آنے تک کچھ نہیں کہہ سکتے مگر ایسا ہوسکتا ہے کہ قتل کا حکم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دیا ہو۔

  • ٹرمپ کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی پر امریکی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی

    ٹرمپ کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی پر امریکی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی

    اسلام آباد: امریکی صدر کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی پر امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا اور انہیں باور کروایا گیا کہ خطے کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے پاکستان کی کوششیں ڈھکی چھپی نہیں، امریکا کو بھولنا نہیں چاہیئے القاعدہ کے اہم رہنما پاکستانی تعاون کے نتیجے میں پکڑے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر امریکی ناظم الامور پال جونز کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور پاکستان کی جانب سے بے بنیاد الزامات پر شدید احتجاج کیا گیا۔

    دفتر خارجہ کے مطابق سیکریٹری خارجہ تمینہ جنجوعہ نے احتجاجی مراسلہ امریکی سفیر پال جونز کے حوالے کیا۔ سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سے زیادہ کسی نے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ کی قیمت ادا نہیں کی۔

    سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو صدر ٹرمپ کے حالیہ بیانات اور الزامات پر مایوسی ہوئی، اس قسم کی پاکستان مخالف ہرزہ سرائی بے بنیاد ہے ناقابل قبول ہے۔ پاکستانی اداروں کی اطلاعات پر ہی امریکا نے اسامہ بن لادن کا کھوج لگایا، اسامہ بن لادن سے متعلق لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔ خطے کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے ہماری کوششیں ڈھکی چھپی نہیں۔

    دفتر خارجہ ترجمان کے مطابق امریکی سفیر کو کہا گیا کہ امریکی قیادت نے القاعدہ کے خلاف آپریشن میں پاکستان کے کردار کو سراہا، امریکا کو بھولنا نہیں چاہیئے القاعدہ کے اہم رہنما پاکستانی تعاون کے نتیجے میں پکڑے گئے۔

    امریکی سفیر کو کہا گیا کہ پاکستان نے افغانستان میں قیام امن میں عالمی برادری کا ساتھ دیا، پاکستان نے زمینی، فضائی اور بحری راستوں سے کمیونیکیشن فراہم کی۔

    سیکریٹری خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان میں جنگ کے خاتمے اور مفاہمتی عمل کے لیے کوشاں ہے، امریکی بیانات اور الزامات ان کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کی امداد اس لیے بند کی کیونکہ پاکستان نے ہمارے لیے کچھ نہیں کیا، امریکا نے پاکستان کو سالانہ 1.3 بلین ڈالر کی امداد دی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ اسامہ بن لادن پاکستان میں روپوش رہا، پاکستان کو افغانستان میں دہشت گردی روکنے کے لیے کہا گیا لیکن اس میں بھی کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔

    بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی صدر کے غلط بیانات زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہیں، امریکی جنگ کا خمیازہ مالی و معاشی عدم استحکام کی شکل میں بھگتا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کو تاریخی حقائق سے آگاہی درکار ہے، امریکی جنگ میں پہلے ہی کافی نقصان اٹھا چکے ہیں، اب ہم وہی کریں گے جو ہمارے مفاد میں ہوگا۔

    بعد ازاں امریکی محکمہ دفاع پینٹا گون کے ڈائریکٹر آپریشنز پریس کرنل راب میننگ نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امریکا کا اہم اتحادی ہے۔

    کرنل راب کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے فوجی تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، خطے میں پاکستان اورامریکا کے مشترکہ مفادات ہیں۔ پرامن اورمستحکم افغانستان کے لیے پاکستان کا کردار اہم ہے۔

  • وسط مدتی انتخابات: ایوان نمائندگان ٹرمپ کی جماعت ری پبلکن سے چھن گیا

    وسط مدتی انتخابات: ایوان نمائندگان ٹرمپ کی جماعت ری پبلکن سے چھن گیا

    واشنگٹن: امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے بعد نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک کے موصول ہونے والے نتائج کے مطابق سینیٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت ری پبلکن کو برتری حاصل ہے تاہم ایوان نمائندگان ان کے ہاتھ سے نکل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وسط مدتی انتخابات میں کانگریس کی سینیٹ کی 35، ایوان نمائندگان (ہاؤس آف ری پریزینٹیٹوز) کی تمام 435 نشستوں اور 36 امریکی ریاستوں میں گورنرز کے انتخاب کے لیے پولنگ ہوئی۔

    اب تک کے موصول ہونے والے نتائج کے مطابق 24 ریاستوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پارٹی ری پبلکن اور 19 میں ان کی مخالف ڈیمو کریٹس کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

    سینیٹ کی 100 میں سے 94 نشتوں کے نتائج جاری کردیے گئے ہیں جس کے مطابق سینیٹ میں ری پبلکنز پارٹی نے 51 نشستیں جیت کر سادہ اکثریت حاصل کرلی۔

    اس موقع پر امریکی صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ووٹ دینے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

    امریکی سینیٹ میں ڈیمو کریٹس پارٹی 43 نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے۔

    ایوان نمائندگان ری پبلکن سے چھن گیا

    دوسری جانب امریکی ایوان نمائندگان کی 435 میں سے 416 نشستوں کے نتائج جاری کردیے گئے۔ یہاں پر ڈیموکریٹس کا پلہ بھاری رہا اور ڈیمو کریٹس نے 222 نشستیں اپنے نام کرلیں۔

    ایوان نمائندگان میں ڈیمو کریٹس نے ری پبلکنز کی 13 نشستیں چھین لیں جس کے بعد ری پبلکنز نے 199 نشستیں حاصل کیں۔

    امریکی تاریخ میں پہلی بار انتخابات میں خواتین کی بھی بڑی اکثریت کامیاب ہوئی اور 92 نشستوں پر خواتین نے فتح حاصل کرلی۔

    خیال رہے کہ امریکا میں وسط مدتی انتخابات کا انعقاد صدارتی انتخابات کے 2 سال بعد ہوتا ہے۔

    مڈ ٹرم انتخابات میں کانگریس کے دونوں ایوانوں سینیٹ اور ایوان نمائندگان (ہاؤس آف ری پریزینٹیٹوز) کے لیے نمائندے چنے جاتے ہیں۔

    سینیٹرز کو 6 سال کی مدت کے لیے منتخب کیا جاتا ہے جبکہ ایوان نمائندگان کے ارکان 2 سال کی مدت کے لیے منتخب کیے جاتے ہیں۔

    حالیہ انتخابات میں ملک بھر سے 60 سے زائد مسلمان بھی انتخابی امیدواروں میں شامل ہیں۔

  • ایران نے امریکی پابندیوں کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قراردے دیا

    ایران نے امریکی پابندیوں کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قراردے دیا

    تہران:  امریکا کی جانب سے ایران پر عائد کردہ نئی اقتصادی پابندیوں کوتہران نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے گزشتہ روز ایران پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کی ہیں، جس سے ایرانی تیل کی برآمدات اور دیگر مالیاتی شعبے متاثر ہوں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پابندیوں کے ردعمل میں ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ ایران امریکی اقدام کا بھرپور اور فخریہ انداز میں مقابلہ کرے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت ایران معاشی جنگ کی صورت حال میں ہے اور ہم ایک ڈرانے دھمکانے والی عالمی طاقت کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

    حسن روحانی کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امریکا کی تاریخ میں آج تک کوئی ایسا شخص وائٹ ہاؤس میں داخل ہوا ہو جو قانون اوربین الاقوامی معاہدوں کا اس قدر مخالف ہو۔

    ایران پر مزید امریکی پابندیوں کا اطلاق آج سے ہوگا، حسن روحانی کی شدید مذمت

    ان کا کہنا تھا کہ امریکا چاہتا ہے کہ ایرانی تیل کی فروخت صفر پر آجائے، مگر ہم اپنے تیل کی فروخت جاری رکھیں گے، اور ہرقسم کے حالات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

    ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ امریکا مسلسل مذاکرات کرنے کا پیغام بھیج رہا ہے لیکن اس تناظر میں مذاکرات نہیں ہوسکتے، انہیں پہلے پابندیاں ختم کرنی ہوں گی۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز حسن روحانی نے کہا تھا کہ امریکی پابندیاں وائٹ ہاؤس کی اخلاقی اور سیاسی پستی کو ظاہر کرتی ہیں، امریکا ایران کے خلاف اس نئی سازش میں کامیاب نہیں ہوگا۔

  • ٹرمپ کی میکسیکو کی سرحد پر تارکین وطن کو گولی مارنے کی دھمکی

    ٹرمپ کی میکسیکو کی سرحد پر تارکین وطن کو گولی مارنے کی دھمکی

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پڑوسی ملک میکسیکو کی سرحد سے غیرقانونی طور پر امریکا میں داخل ہونے والے تارکین وطن کو سنگین نتائج کی دھمکی دے دی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے میکسیکو کی سرحد سے غیرقانونی طور پر امریکا میں داخل ہونے والے تارکین وطن کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ میکسیکو کی سرحد سے دراندازی کرنے والے امریکی فوج پر حملہ کرنے والوں پر گولیاں چلائی جائیں گی۔

    امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ میکسیکو کی سرحد سے امریکا میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے والے افراد امریکی بارڈر پولیس پر وحشیانہ حملے کرتے ہیں، ہمیں یہ حملے ہر گز قبول نہیں اگر تارکین وطن نے پرتشدد حملے جاری رکھے تو ہمارے سپاہی ان پر فائرنگ کریں گے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میکسیکو سے ہمارے ملک میں داخل ہونے والے تارکین وطن کو کیمپوں میں ڈالا جائے گا جہاں سے انہیں واپس ان کے ملک دھکیلا جائے گا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ہزاروں افراد پر مشتمل تارکین وطن کا قافلہ گوئٹے مالا میں میکیسیکو کے ساتھ سرحد کے قریب جمع ہو چکا ہے جو امریکا میں داخل ہونے کا خواہاں ہے۔

    مزید پڑھیں: امریکا میں تارکین وطن کے کارواں کو روکنے کیلئے فوج حرکت میں آگئی

    واضح رہے کہ امریکی صدر نے قافلے میں شامل ہزاروں تارکین وطن کو گینگسٹر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ گینگ ممبرز اور دیگر مجرم تارکین وطن کے روپ میں داخل ہونا چاہتے ہیں۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل امریکی محکمہ دفاع نے کہا تھا کہ میکسیکوسے متصل سرحد پر5 ہزارسے زائد فوج تعینات ہوگی، سرحد پرفوجیوں کواسلحہ، ہیلی کاپٹراوردیگرآلات کی فراہمی جاری ہے۔

  • اوبامہ کے دور میں کوئی مثبت پالیسی رائج نہیں تھی، ٹرمپ

    اوبامہ کے دور میں کوئی مثبت پالیسی رائج نہیں تھی، ٹرمپ

    واشنگٹن : امریکی صدر ٹرمپ نے ریلی میں خطاب کے دوران بارک اوباما کو تنقید نشانہ بناتے ہوئے کہا وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹ کی فتح ملکی معیشت کےلئے تباہ کن ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ریاست انڈیانا پولس میں وسط مدتی الیکشن کے سلسلے نکالی گئی انتخابی ریلی کے دوران جارحانہ انداز میں خطاب کرتے ہوئے سابق صدر باراک اوبامہ اور ڈیموکریٹ جماعت پر برس پڑے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باراک اوبامہ کے دور صدارت میں امریکا میں مہنگائی میں بے تحاشا اضافہ ہوا، ہم وہ دن کبھی نہیں چاہیں گے جب ملازمین کی تنخوہوں قلیل ہوا کرتی تھیں۔

    امریکی صدر نے انتخابی ریلی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی عوام کو وہ دن نہیں چاہیے جب بے روزگاری عروج پر تھی، سرحدوں پر کوئی روک ٹوک نہیں تھی اور جرائم کی شرح میں بے پناہ ہورہا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈیموکریٹ جماعت نے کوئی مثبت پالیسی رائج نہیں کی تھی، آئندہ ہفتے امریکا میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات میرے لیے کسی ریفرنڈم سے کم نہیں ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اس انتخابات میں امریکی عوام نے فیصلہ دینا ہے کہ وہ موجودہ حکومت کے ساتھ ہیں یا ایسی جماعت کی حمایت کریں گی جو امریکی معیشت کےلیے انتہائی نقصان دہ ہے۔

    انڈیانا پولس میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ وسط مدتی انتخابات ثابت کردے گا کہ امریکی عوام ’میک امریکا گریٹ اگین‘ کے نعرے کے ساتھ ہیں۔

  • کم جونگ اور میں ایک دوسرے کے عشق میں مبتلا ہوگئے ہیں، ٹرمپ

    کم جونگ اور میں ایک دوسرے کے عشق میں مبتلا ہوگئے ہیں، ٹرمپ

    واشنگٹن : ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ریاست میں اجتماع سے خطاب کے دوران کہا کہ مجھے اور  شمالی کوریا کے صدر کو ایک دوسرے سے عشق ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جو آئے روز اپنی ذات سے متعلق کوئی نہ کوئی ایسا بیان دیتے رہتے ہیں جو فوری خبروں کی زینت بن جاتا ہے، گذشتہ روز بھی ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ریاست ورجینیا میں کم جونگ اُن سے متعلق ایسا ہی بیان دیا ہے جو دنیا بھر میں آگ کی طرح پھیل گیا۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے مغربی ورجینیا میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے شمالی کوریا کے صدر کم جون اُن سے محبت ہوگئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر نے ورجینیا میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ میری اور کم جونگ اُن کی مذاکرات کے سلسلے میں سنگاپور میں ہونے والی پہلی ملاقات کے بعد سے شمالی کوریا کے سربراہ نے مجھے خوبصورت خط ارسال کیے اور یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے تقریر کے دوران بھی عوام کو ہنسانے کا کام انجام دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دنوں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے بعد بھی کم جون نے مجھے لیٹر بھیجا جس کے بعد ہمارے تعلقات مزید بہتری کی جانب بڑھے اور ہم دونوں ایک دوسرے کے عشق میں مبتلا ہوگئے۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ہفتے اقوام متحدہ کم جون ان کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے جوہری ہتھیاروں کے دلدادہ شمالی کوریا کے صدر کم جونگ کو ’راکٹ مین‘ کہا تھا۔

  • ایٹمی ہتھیاروں کی تلفی تک شمالی کوریا پر پابندیاں عائد رہے گی، ٹرمپ

    ایٹمی ہتھیاروں کی تلفی تک شمالی کوریا پر پابندیاں عائد رہے گی، ٹرمپ

    نیویارک : ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ ایران خطے کے امن کو تباہ کررہا ہے، عالمی برادری ایران پر مزید پابندیاں عائد کرے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ عالمی برادری ایران کو تنہا کردے، ایرانی عوام کی جانب سے غم و غصے کا اظہار جائز ہے کیوں کہ ان کے حکمران عوامی وسائل کا استعمال ذات کے لیے کر رہے ہیں۔

    امریکی صدر نے اجلاس کے دوران ایران پر الزام عائد کیا کہ ایران مشرق وسطیٰ میں افراتفری پھیلانے میں لگا ہوا ہے، اس لیے عالمی برادری سے گزارش ہے کہ وہ ایران پر مزید پابندیاں عائد کریں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے خطاب میں کہا کہ شمالی کوریا کے ساتھ معاملات بات چیت سے ہی حل کیا جاسکتا ہے، کیوں بات چیت کے ذریعے شمالی کوریا نے اپنے ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات کو کم کرکے امریکی مغویوں کو بھی رہا کردیا۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے سربراہ کی بہادری بے مثال ہے لیکن ایٹمی ہتھیاروں کی تلفی تک شمالی کوریا پر پابندیاں عائد رہیں گی۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے چین اور امریکا کے درمیان جاری تجارتی جنگ کے حوالے سے بتایا کہ ’امریکا کسی بھی ملک کو اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ وہ امریکی معیشت سے فائدہ اٹھائے‘۔

    امریکی صدر ٹرمپ نے مقبوضہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کا خاتمہ چاہتے ہیں جس کے لیے امریکی سفارت خانہ بیت المقدس منتقل کیا گیا تھا۔

  • کم جونگ کا ٹرمپ کو خط، دوبارہ ملاقات کی خواہش کا اظہار

    کم جونگ کا ٹرمپ کو خط، دوبارہ ملاقات کی خواہش کا اظہار

    واشنگٹن: شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے ٹرمپ سے ایک بار پھر ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

    وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق امریکا نے اس دعوت نامے پر کام شروع کردیا ہے، وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرز کا کہنا ہے کہ ’یہ بہت جذبات سے بھرپور خط تھا، اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ شمالی کوریا جوہری ہتھیاروں کو تلف کرنے کے عزم میں سنجیدہ ہے۔‘

    اس خط کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ دوبارہ ملاقات کی درخواست کی جائے اور اس بارے میں وقت کا تعین کیا جائے کہ یہ ملاقات کب ہوسکتی ہے۔

    سارہ سینڈرز کے مطابق ہم اس درخواست کو خوش آمدید کہتے ہیں اور اس سلسلے میں ہم نے کام شروع کردیا ہے، تاہم ابھی یہ نہیں بتایا جاسکتا ہے کہ یہ ملاقات کب ہوگی۔

    امریکی ترجمان سارہ سینڈرز نے شمالی کوریا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ہفتے وہاں ہونے والی فوجی پریڈ جوہری ہتھیاروں کے بارے میں نہیں تھی، ٹرمپ کی پالیسیوں کی وجہ سے شمالی کوریا کے روئیے میں تبدیلی آئی ہے۔

    دوسری جانب جنوبی کوریا کے صدر مون جے نے اس خبر کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورین خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنا اہم ترین معاملہ ہے جسے امریکا اور شمالی کوریا کو آپس میں بات چیت کے ذریعے ہی حل کرنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان کا کردار جون میں ہونے والی ملاقات میں نہایت اہم رہا تھا اور وہ خود شمالی کوریائی ہم منصب سے آئندہ ماہ ملاقات کرنے والے ہیں۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے جون میں سنگاپور میں ملاقات کی تھی تاہم اس ملاقات کے بعد سے مزید کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی ہے۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ کی جنوبی ایشیا پالیسی فیل ہوگئی ہے:‌ مشاہد حسین سید

    ڈونلڈ ٹرمپ کی جنوبی ایشیا پالیسی فیل ہوگئی ہے:‌ مشاہد حسین سید

    اسلام آباد: سینیٹر مشاہد حسین سید کا کہنا ہے کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی جنوبی ایشیا پالیسی فیل ہوگئی ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے سینیٹ خارجہ امورکمیٹی کے ان کیمرہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا.

    ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کے نئے وزیرخارجہ سےملاقات تھی. اجلاس میں‌ موقف اختیار کیا گیا کہ خارجہ پالیسی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کربنائی جائے، خارجہ پالیسی بنانےکا محور خارجہ آفس ہی ہونا چاہیے.

    انھوں نے امریکی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان سے متعلق کہا کہ مائیک پومپیو نے واضح کیا ہے کہ آئی ایم ایف کا امداد روکنا چین کےقرضوں سے مشروط نہیں.

    مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ اس وقت افغانستان کاحل فوجی نہیں ہے، امریکا افغان مسئلے کے حل کے لئے پاکستان کا تعاون چاہتا ہے، البتہ پاکستان افغانستان میں اپنی موجودگی بڑھانا نہیں چاہتا.

    مزید پڑھیں: مائیک پومپیو کے دورہ پاکستان کا اعلامیہ: امریکا نے “ڈومور” کا روایتی مطالبہ دہرا دیا

    ان کا کہنا تھا کہ 14 ستمبر کو ترکی کے وزیرخارجہ اور18 ستمبر کو چینی وزیرخارجہ پاکستان کا دورہ کریں گے.

    مشاہد حسین سید نے کہا کہ امریکی صدرنے اپنی پالیسی میں بھارت کو جو مقام دیا، وہ جائز نہیں، امریکیوں سے مسئلہ کشمیر کی بات ہوئی، سعودی عرب اورایران کےدرمیان پل کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں.