Tag: ٹرک آرٹ

  • سیسنا طیارے پر آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے حوالے سے علامتی عکاسی

    سیسنا طیارے پر آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے حوالے سے علامتی عکاسی

    کراچی: سیسنا طیارے پر آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے حوالے سے علامتی عکاسی کر کے ایک نجی اسکائی ونگز ایوی ایشن نے پاک فضائیہ کے غازیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو 4 سال مکمل ہو گئے ہیں، اسکائی ونگز ایوی ایشن نے پاک فضائیہ کے ہیروز کو خراج پیش کرنے کے لیے سیسنا جہاز کو پینٹ کیا۔

    سی ای او اسکائی ونگز ایوی ایشن عمران اسلم خان نے بتایا کہ طیارے پر بھارت کے پکڑے گئے ونگ کمانڈر ابھی نندن کی تصویر بنا کر بھارت سے پوچھا گیا ہے کہ چائے کیسی تھی۔

    انھوں نے کہا کہ یہ طیارہ 27 فروری 2019 کے پاک بھارت تنازعے کی تصویر کشی کرتا ہے، جب ہمارے محافظوں نے دو ہندوستانی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا، بھارتی ایئر فورس نے پاکستان کی فضائی حدود میں گھسنے کی کوشش کی تھی۔

    عمران اسلم خان نے کہا ’’اسکائی ونگز کا سیسنا 152 ٹرینر ہوائی جہاز جس کو تربیت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، قوم کے اس عزم کو ظاہر کرتا ہے، ہم اپنے ہیروز کی عزت کرتے ہیں اور پوری قوم ان کے پیچھے کھڑی ہے۔‘‘

    جہاز پر ایم ایم عالم اور حسن صدیقی کی تصاویر بھی پینٹ کی گئی ہیں، جہاز پر بنی پینٹنگ میں 1965 اور 2019 میں ہندوستانی فضائیہ کے طیاروں کو مار گرانے کے دو واقعات کی علامتی عکاسی کی گئی ہے۔

    عمران اسلم خان کے مطابق جہاز پر کشمیر کی وادیوں کو پاکستان اور کشمیر دونوں کے جھنڈوں کے ساتھ دکھایا گیا ہے، انھوں نے کہا ہم مسئلہ کشمیر کے حل کا مطالبہ کرتے ہیں، کشمیر پر استصواب رائے کے لیے اقوام متحدہ کی 05 جنوری 1949 کی قرارداد پر عمل تاحال زیر التوا ہے، لیکن مشرقی تیمور کے بارے میں اقوام متحدہ کی سپریم کورٹ کی 1999 کی قرارداد 1264 پر بہت تیزی سے عمل درآمد کیا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ ہوائی جہاز کو مشہور ٹرک آرٹسٹ حیدر علی نے پینٹ کیا ہے، اور اس طیارے کو امن اور محبت کا نام دیا گیا ہے، طیارے پر دونوں علامتیں پینٹ کی گئی ہیں۔

  • ہوا میں اڑنے والا ٹرک یا ٹرک آرٹ کا نمونہ

    ہوا میں اڑنے والا ٹرک یا ٹرک آرٹ کا نمونہ

    کراچی: پاکستانی ٹرک آرٹ کا سفر سڑکوں سے فضاؤں تک پہنچ گیا ہے، کراچی میں ایک فلائنگ اکیڈمی نے سیسنا جہاز پر ٹرک آرٹ استعمال کر کے اسے نیا روپ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹرک آرٹ کے روایتی رنگ اب فضاؤں میں بھی اڑیں گے، اسکائی ونگز نامی فلائٹ ٹریننگ آرگنائزیشن نے اپنے طیاروں کو پاکستانی ٹرک آرٹ کے روایتی رنگوں سے سجانا شروع کر دیا ہے۔

    اسکائی ونگز آرگنائزیشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر عمران اسلم کے مطابق طیاروں کو روایتی رنگوں سے سجانے کا مقصد سیاحت اور پاکستان کے بہتر امیج کو دنیا بھر میں متعارف کرانا ہے۔

    ٹرک آرٹ کے ماہر حیدر علی کا کہنا ہے کہ یہ فن ہمارے ملک کی پہچان ہے، اب یہ دنیا بھر میں ہماری پہچان بنے گا۔ چالیس سالہ حیدر علی نے ٹرک آرٹ کا کام اپنے والد سے سیکھا تھا اور اب ان کا شمار اس فیلڈ کے مشہور ترین کاریگروں میں ہوتا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستانی ٹرک آرٹ دنیا بھر میں مقبول ہو چکا ہے، اور اب یہ آرٹ فضاؤں میں بھی اپنی پہچان کے لیے تیار ہے، اس سلسلے میں کراچی ایئر پورٹ پر موجود دو سیسنا طیاروں کو ٹرک آرٹ سے مزین کیا گیا ہے۔

    کئی مغربی ممالک کی آرٹ گیلریوں میں پاکستانی ٹرک آرٹ کو پیش کیا جا چکا ہے اور کئی بین الاقوامی اسٹورز سے ایسی چھوٹی چھوٹی اشیا ملتی ہیں، جن پر آپ کو پاکستانی ٹرک آرٹ کے رنگ نظر آتے ہیں۔

    چند برس قبل جب اس ٹرک آرٹ کو دنیا کے سامنے لایا گیا تو اس کا مقصد دہشت گردی کی لپیٹ میں آئے ہوئے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنا تھا۔

  • ٹرک آرٹ پر مبنی ویسپا تیار ہو گئی، برلن کی سڑکوں پر چلاؤں گا: جرمن سفیر

    ٹرک آرٹ پر مبنی ویسپا تیار ہو گئی، برلن کی سڑکوں پر چلاؤں گا: جرمن سفیر

    اسلام آباد: پاکستان میں تعینات جرمن سفیر مارٹن کوبلر کی ویسپا پر پاکستان کا روایتی ٹرک آرٹ مکمل ہو گیا ہے، ٹرک آرٹ کے لیے جرمن سفیر نے اپنے ایک مقامی کاریگر دوست سے رابطہ کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن سفیر مارٹن کی ویسپا موٹر سائیکل پر پاکستانی ٹرک آرٹ کے کاریگروں رئیس اور جاحی پرویز نے اپنی مہارت دکھائی، جرمن سفیر نے ویسپا پر کام مکمل ہونے کے بعد دونوں کا شکریہ ادا کیا۔

    جرمن سفیر نے ٹویٹر پر اپنی پوسٹ میں ویسپا موٹر سائیکل اور دونوں پاکستانی کاریگروں کے ساتھ تصویریں بھی شیئر کیں۔

    مارٹن کوبلر نے لکھا کہ ان کی ویسپا تیار ہو کر آگئی ہے، اور اب وہ خوب صورت موسم بہار میں ویسپا پر اپنے پہلے سفر سے لطف اندوز ہوں گے۔

    جرمن سفیر کا کہنا تھا کہ وہ جرمن شہر برلن کی سڑکوں پر اپنی فیملی کے ساتھ رنگین ویسپا چلانے کا مزا لیں گے۔

    خیال رہے کہ جرمن سفیر نے جرمنی میں اپنے گھر کے لیے فرنیچر مارکیٹ سے ایک کلاسک روایتی پرانا دروازہ بھی خریدا ہے۔ مارٹن کا کہنا تھا کہ یہ دروازہ انھوں نے اپنے دوست بختیار سے خریدا۔ خیال رہے کہ جرمن سفیر پاکستان میں عام شہریوں کے ساتھ بھی دوستانہ رویہ رکھنے کے لیے مشہور ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  جرمن سفیر نے اپنی موٹر سائیکل پر “ٹرک آرٹ” بنوا لیا

    نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملے کے حوالے سے جرمن سفیر نے کہا ہے واقعے کا سن کر دھچکا لگا، اموات پر غم زدہ ہوں۔ تشدد اور دہشت گردی کہیں بھی قابل قبول نہیں۔ میری دعائیں غم گین خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

  • جرمن سفیر نے اپنی موٹر سائیکل پر "ٹرک آرٹ” بنوا لیا

    جرمن سفیر نے اپنی موٹر سائیکل پر "ٹرک آرٹ” بنوا لیا

    اسلام آباد: جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے اپنی موٹر سائیکل سجانے کے لیے ٹرک آرٹ کا سہارا لے لیا.

    تفصیلات کے مطابق اپنے دل چسپ ٹویٹس کے لیے معروف جرمن سفیر نے اپنی موٹر سائیکل پر ٹرک آرٹ کروا لیا.

    سوشل میڈیا کی مقبول شخصیت مارٹن کوبلر نے ٹویٹر پر چند تصاویر شیئر کیں، جن میں‌ وہ اپنی ویسپا کے ساتھ ہیں، جس پر ایک مقامی آرٹسٹ نے ٹرک آرٹ کیا ہے.

    مارٹن کوبلر نے لکھا: ’’اس خوبصورت پرزوں کو دیکھیں، جن سے میرا ویسپا تیار ہو رہا۔‘‘

    انھوں نے مزید لکھا کہ ’’گزشتہ ماہ مجھے ویسپا برآمد کرنے کا اجازت نامہ مل گیا، تو سوچا کیوں نہ اس پہ ٹرک آرٹ کروائی جائے؟‘‘

    انھوں نے مزید کہا کہ یہ مجھے پہلے سے ہی پسند آنے لگا ہے، آپ لوگوں کو اپ ڈیٹ کرتا رہوں گا۔

    مزید پڑھیں: پاکستانی کھانے کھا کھا کر جرمن سفیر کا وزن بڑھ گیا، نئے کپڑے بنانے پڑ گئے

    یاد رہے جرمن سفیر پاکستانیوں میں بہت مقبول ہیں۔ ان کے ٹویٹر پر لاکھوں فالورز ہیں۔ وہ باقاعدگی سے اپنے تجربات شیئر کرتے رہتے ہیں، جنھیں بہت پسند کیا جاتا ہے۔

    مارٹن کوبلر پاکستان کھانوں کے بھی دل دادہ ہیں اور ان سے متعلق اکثر اظہار خیال کرتے ہیں۔

  • معروف فیشن برانڈ پاکستانی ٹرک آرٹ سے متاثر

    معروف فیشن برانڈ پاکستانی ٹرک آرٹ سے متاثر

    پاکستانی ٹرک آرٹ کی شہرت پاکستانی حدود کو پار کر کے دیگر ممالک تک بھی جا پہنچی۔ 2 مشہور بین الاقوامی برانڈز نے اپنی نئی مصنوعات کو ٹرک آرٹ کی طرز پر پیش کردیا۔

    معروف اطالوی مینو فیکچرر کمپنی سمیگ نے کچن مشینری کی نئی رینج کو پاکستانی ٹرک آرٹ سے مماثلت رکھنے والے رنگوں میں ڈھال کر پیش کیا۔

    اس ڈیزائن کو متعارف کروانے کا سہرا معروف فیشن کمپنی ڈولچے اینڈ گبانا کے سر ہے اور دونوں برانڈز نے مشترکہ تعاون سے یہ خوبصورت مشینری پیش کی ہے۔

    گو کہ ڈولچے اینڈ گبانا کا کہنا ہے کہ یہ آرٹ اطالوی شہر سسلی کا روایتی آرٹ ہے اور تصاویر میں پیش کیے جانے والے مناظر بھی وہیں کے ہیں، تاہم اس میں دنیا بھر میں مشہور ہوجانے والے پاکستانی ٹرک آرٹ کی آمیزش اور اس سے مماثلت کا عنصر نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

    جاری کیے جانے والے نہایت رنگا رنگ اور خوبصورت ٹوسٹر، کافی مشین، جوسر اور بلینڈر وغیرہ نے فوراً ہی لوگوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کروالی ہے۔

    یہ پہلی بار نہیں ہے کہ جب ڈولچے اینڈ گبانا نے اس قدر خوش رنگ مصنوعات کو پیش کیا ہے۔ اس سے پہلے بھی ایک نمائش میں یہ برانڈ پاکستانی ٹرک آرٹ سے مشابہہ ایک رنگین ٹرک میں اپنی میک اپ مصنوعات پیش کرچکا ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستانی ٹرکوں پر بنائی جانے والی خوش رنگ تصاویر اور رنگوں سے ڈھلے الفاظ و اشعار کو اب ٹرک آرٹ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: پاکستانی ٹرک پر کینیڈا کے وزیر اعظم کی تصویر

    مختلف پاکستانی فنکاروں نے اس آرٹ میں مزید نکھار پیش کر کے اسے دنیا بھر میں پیش کیا جس کے بعد اب یہ دنیا بھر میں پاکستانی ٹرک آرٹ کے نام سے جانا جاتا ہے۔