Tag: ٹرک

  • گولی کی طرح جاتی بائیک تیز رفتار ٹرک کے سامنے آگئی، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    کہتے ہیں کہ جس انسان کی زندگی باقی ہو، موت کا فرشتہ اسے چھو کر گزر جاتا ہے، سوشل میڈیا پر وائرل ایک خطرناک ویڈیو اسی بات کا ثبوت ہے۔

    انڈین پولیس سروس کے ایک اہلکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سی سی ٹی وی کیمرے کی ایک فوٹیج شیئر کی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک انٹر سیکشن سے ایک تیز رفتار بائیک گولی کی طرح نکلتی ہے اور اسی لمحے اسی رفتار سے ایک ٹرک سامنے سے آجاتا ہے۔

    پلک جھپکتے میں ٹرک ڈرائیور ٹرک کو موڑتا ہے جس سے ٹرک فٹ پاتھ پر درخت سے جا ٹکراتا ہے۔

    خوش قسمتی سے بائیک سوار بچ جاتا ہے کیونکہ اگلے ہی لمحے وہ ٹرک کے سامنے سے نکل کر واپس جاتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔

    تاحال ٹرک ڈرائیور یا موٹر سائیکل سوار کے بارے میں علم نہ ہوسکا کہ وہ زخمی ہونے سے محفوظ رہے یا نہیں۔

    پولیس اہلکار نے اپنے ٹویٹ میں طنزیہ طور پر لکھا کہ ایسے ہی رفتار سے گاڑی چلاتے رہیں، ایکسیڈنٹ بھی نہیں ہوں گے، خود آپ اور دوسرے لوگ بھی محفوظ رہیں گے۔

  • ٹرک سے تھیلے چرانے پر ڈرائیور نے چور کو بونٹ سے باندھ دیا

    ٹرک سے تھیلے چرانے پر ڈرائیور نے چور کو بونٹ سے باندھ دیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک ٹرک ڈرائیور نے گندم کے تھیلے چرانے پر چور کو انسانیت سوز سزا دیتے ہوئے اسے ٹرک کے بونٹ سے باندھ دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست پنجاب میں پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

    موٹر سائیکل پر سوار 2 نوجوانوں نے گندم سے بھرے ٹرک کا پیچھا شروع کردیا، ایک نوجوان نے ٹرک سے 2 تھیلے نکال لیے۔

    لیکن جلد ہی ڈرائیور نے انہیں پکڑ لیا جس پر بائیک چلانے والا نوجوان تو فرار ہوگیا، دوسرا نوجوان ڈرائیور کے ہتھے چڑھ گیا۔

    ڈرائیور اور اس کے معاون نے چور کو رسیوں کی مدد سے ٹرک کے بونٹ سے باندھ دیا، ویڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ ڈرائیور کا معاون کہہ رہا ہے کہ وہ اسے اس طرح باندھ کر پولیس کے پاس لے کر جارہے ہیں۔

    پولیس کے پاس پہنچنے پر چور، ڈرائیور اور اس کے معاون تینوں کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ چور کو بونٹ سے باندھنا انسانیت سوز حرکت ہے اور اس پر دونوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

  • مصر میں خوفناک بس حادثہ، 22 افراد جاں بحق

    مصر میں خوفناک بس حادثہ، 22 افراد جاں بحق

    قاہرہ: مصر میں ٹرک اور مسافر بس کے درمیان تصادم میں 22 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں، ٹرک کو سڑک کنارے کھڑا کر کے اس کے ٹائر تبدیل کیے جارہے تھے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مصر کے جنوبی صوبے المنیا کے قریب ایک بس حادثے میں کم از کم 22 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہوئے ہیں۔

    مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ منگل کی صبح اس وقت پیش آیا جب دارالحکومت قاہرہ کے قریب ہائی وے پر ایک مسافر بس کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی، ٹرک کو سڑک کنارے کھڑا کر کے اس کے ٹائر تبدیل کیے جارہے تھے۔

    حادثے کے زخمیوں کو المنیا کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، المنیا قاہرہ سے تقریباً 220 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مصر میں ہر سال ہزاروں افراد ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوتے ہیں، یہ حادثات زیادہ تر تیز رفتاری، خراب سڑکوں یا ٹریفک قوانین پر عملدر آمد نہ ہونے کی وجہ سے رونما ہوتے ہیں۔

  • امریکا میں ٹرک سے 46 افراد کی لاشیں برآمد

    امریکا میں ٹرک سے 46 افراد کی لاشیں برآمد

    واشنگٹن: امریکا میں غیر قانونی پناہ گزینوں سے بھرے ٹرک سے 46 افراد کی لاشیں ملی ہیں، تمام افراد کی موت ہیٹ اسٹروک اور گھٹن کے باعث ہوئی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست ٹیکسس کے شہر سان انتونیو میں ایک ٹرک سے کم از کم 46 افراد کی لاشیں ملی ہیں، یہ غیر قانونی پناہ گزین تھے جن کو ٹیکسس کے جنوب میں اسمگل کیا جا رہا تھا۔

    حکام نے دیگر 16 افراد کو ٹرک سے مقامی اسپتال بھی منتقل کیا ہے۔

    سان انتونیو کے فائر کنٹرول کے محکمے کے مطابق ان افراد کی موت ہیٹ اسٹروک اور گھٹن کے باعث ہوئی تاہم مرنے والوں میں بچے شامل نہیں۔

    فائر چیف چارلس ہڈ کا کہنا ہے کہ جن متاثرین کو اسپتال پہنچایا گیا وہ ہیٹ اسٹروک اور گھٹن کا شکار تھے، یہ ریفریجیریٹڈ ٹریکٹر ٹرالر تھا لیکن بظاہر اس کا کوئی اے سی کام نہیں کر رہا تھا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹرک ریاست کے جنوب مغربی علاقے میں ریل کی پٹڑی کے قریب سے کھڑا ملا تھا۔

    ٹویٹر پر شیئر کی گئیں تصویروں میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹرالر کے ارد گرد پولیس اہلکار بڑی تعداد میں موجود ہیں جبکہ ایمبولینس بھی کھڑی ہیں۔

    خیال رہے کہ میکسیکو کی سرحد سے امریکا میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش میں گزشتہ دہائیوں کے دوران ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور یہ واقعہ ان میں سے سب سے زیادہ ہلاکت خیز ہے۔

    سان انتونیو کے علاقے میں سنہ 2017 میں 10 غیر قانونی تارکین وطن ایک ٹرک میں ہلاک ہوگئے تھے جبکہ سنہ 2003 میں پیش آنے والے ایک واقعے میں 19 غیر قانونی پناہ گزین حبس کے باعث ٹرک میں ہلاک ہوگئے تھے۔

  • مصر میں روٹی کی لائن میں کھڑے افراد کو ٹرک نے کچل دیا

    مصر میں روٹی کی لائن میں کھڑے افراد کو ٹرک نے کچل دیا

    قاہرہ: مصر میں تیز رفتار ٹرک نے روٹی کے لیے لائن میں کھڑے دسیوں افراد کو کچل دیا، ٹرک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر بیکری میں جا گھسا تھا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق افسوسناک واقعہ مصری صوبے الشرقیہ میں پیش آیا جہاں درجنوں دیہاتی بیکری سے روٹی خریدنے کے لیے لائن میں کھڑے تھے کہ اچانک ایک تیز رفتار ٹرک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر لائن میں کھڑے افراد پر چڑھ گیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں وہاں موجود افراد 17 زخمی ہوگئے۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تیز رفتار ٹرک کو بڑھتے دیکھ کر لوگ کچھ سمجھ نہ سکے اور بہت سے لوگوں کو سنبھلنے کا موقع بھی نہ ملا اور اسی اثنا میں ٹرک وہاں کھڑے لوگوں کو کچلتا ہوا بیکری میں جا گھسا۔

    عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے بعد ٹرک میں آگ بھی لگ گئی تھی جس سے کئی افراد جھلس گئے، آگ پر قابو پا لیا گیا اور متاثرین کو علاج کی غرض سے سینٹرل اسپتال داخل کر دیا گیا۔

  • گاڑیوں سے لدے ٹرک کا ٹرین سے تصادم، ٹرک کے پرخچے اڑ گئے

    گاڑیوں سے لدے ٹرک کا ٹرین سے تصادم، ٹرک کے پرخچے اڑ گئے

    امریکی ریاست اوکلاہوما میں خوفناک واقعہ پیش آیا جس کی ویڈیو نے لوگوں کے دل دہلا دیے، یہ ویڈیو ایک حادثے کی ہے جس میں ٹرین، گاڑیوں سے بھرے ہوئے ٹرک سے ایسے ٹکرا کر گزرتی ہے کہ گاڑیاں فضا میں اچھل جاتی ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑیوں سے لوڈڈ ٹرک ٹرین کی پٹری کے قریب پہنچتا ہے تو لوڈ کی وجہ سے گزر نہیں پاتا اور پٹری پر پھنس جاتا ہے۔

    اسی دوران ٹرین وہاں پہنچ جاتی ہے اور دھماکے سے ٹرک سے ٹکرا کر گزرتی چلی جاتی ہے، ٹرین کی ٹکر سے لوڈڈ گاڑیاں فضا میں اچھلتی ہیں جبکہ ٹرک کے بھی پرخچے اڑ جاتے ہیں۔

    تصادم سے ٹرین کا ایک ڈبہ بھی ڈی ریل ہوگیا جبکہ 5 مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں جنہیں فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا۔

    ٹرین ٹریک کو فوری طور پر بند کر کے وہاں امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئیں، حکام کے مطابق پٹری کو بھی معمولی نقصان پہنچا ہے جس کی مرمت کرنے کے بعد ٹریک کو کھول دیا جائے گا۔

    حادثے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر آئیں تو صارفین نے ٹرک ڈرائیور سے ہمدردی کا اظہار کیا اور اس کے زندہ بچنے پر خوشی ظاہر کی۔

  • بے صبرے بائیکر کی بھاری بھرکم ٹرکوں کے درمیان سے بائیک گزارنے کی کوشش

    بے صبرے بائیکر کی بھاری بھرکم ٹرکوں کے درمیان سے بائیک گزارنے کی کوشش

    برازیل میں ایک سرپھرے اور بے صبرے بائیکر نے اپنی بائیک سڑک پر راستہ روکے کھڑے دو ہیوی ٹرکوں کے درمیان سے گزارنی چاہی لیکن جیسے ہی وہ دونوں ٹرکوں کے بیچ میں پہنچا ٹرک حرکت کرنے لگے۔

    برازیل میں پیش آنے والا یہ واقعہ بائیکر کے ہیلمٹ کیمرے میں ریکارڈ ہوا، وہ اس کیمرے کو اپنی ولاگنگ کے لیے استعمال کر رہا تھا کیونکہ اس دوران وہ کمنٹری کرتا بھی سنائی دے رہا ہے۔

    سڑک پر کافی سارے ٹرک موجود ہیں جو آہستہ روی سے حرکت کر رہے ہیں اور بائیکر ان کے درمیان سے جگہ بناتا ہوا آگے بڑھ رہا ہے۔

    ایک موقع پر دو ٹرک ساتھ کھڑے دکھائی دیتے ہیں اور ان کے درمیان معمولی سا فاصلہ ہے، بائیکر کچھ دیر رکنے کے بعد ان کے درمیان سے بائیک گزارنے کا فیصلہ کرتا ہے اور تیزی سے بائیک کو ٹرکوں کے درمیان لے جاتا ہے۔

    جیسے ہی وہ بالکل بیچ میں پہنچتا ہے ایک ٹرک ذرا سی حرکت کرتا ہے جس سے بائیک کا ایک پہیہ ٹرک کے بھاری بھرکم پہیے کے نیچے آجاتا ہے۔

    ٹرک ڈرائیور ریئر مر رمیں بائیک سوار کو دیکھ لیتا ہے اور وہ فوراً ٹرک روک لیتا ہے، اس کے بعد وہ ٹرک کو ریورس کرتا ہے تاکہ بائیک کا پہیہ آزاد ہوسکے جس سے موٹر سائیکل کو مزید نقصان پہنچتا ہے۔

    اس دوران بائیکر نقصان کا جائزہ لیتے ہوئے افسوس کرتا سنائی دیتا ہے۔

    یہ ویڈیو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، سوشل میڈیا صارفین نے بائیکر کے بے صبرے پن پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کی قسمت اچھی تھی کہ اس کی جان بچ گئی ورنہ وہ اپنی جان سے بھی ہاتھ دھو سکتا تھا۔

  • ٹرک کے بریک فیل ہونے کے بعد ڈرائیور نے کیا کیا؟

    ٹرک کے بریک فیل ہونے کے بعد ڈرائیور نے کیا کیا؟

    گاڑیوں سے بھری پرہجوم سڑک پر کسی گاڑی کے بریک فیل ہوجانا نہایت خوفناک بات ہوسکتی ہے، اور اگر بریک کسی ٹرک کے فیل ہوئے ہوں تو نہایت ہولناک حادثہ پیش آسکتا ہے، بھارت میں ایسا ہی ایک حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست مہاراشٹر میں پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    ایک بڑے ٹرک کے بریک فیل ہوجانے کے بعد ڈرائیور نے حاضر دماغی سے کام لیا اور ٹرک کو آگے دوڑانے کے بجائے پیچھے ریورس میں چلانے لگا۔

    اس دوران سامنے سے آتے موٹر سائیکل سواروں کو بھی صورتحال کا اندازہ ہوا تو انہوں نے ٹرک ڈرائیور کو پیچھے کا راستہ بتاتے ہوئے اسے گائیڈ کرنا شروع کردیا جبکہ دیگر گاڑیوں کو بھی وہاں سے ہٹا کر راستہ صاف کرنے لگے۔

    ٹرک 3 کلو میٹر تک ریورس میں چلتا رہا جس کے بعد ایک کھیت آیا اور ٹرک اس کھیت کے اندر موڑ دیا گیا۔ کھیت کی کھردری زمین پر ٹرک کی رفتار کم ہوتی گئی اور بالآخر ٹرک بحفاظت رک گیا۔

    یہ واقعہ رواں برس جنوری کا ہے جس کی ویڈیو ایک بار پھر سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

    سوشل میڈیا صارفین نے ڈرائیور کی حاضر دماغی اور موٹر سائیکل سواروں کے مدد کرنے پر ان کی تعریف کی اور کہا کہ ان تمام افراد کی وجہ سے ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا۔

  • گیس سلنڈرز سے بھرا ٹرک خود ہی چل پڑا، لوگ دہشت زدہ (ویڈیو)

    گیس سلنڈرز سے بھرا ٹرک خود ہی چل پڑا، لوگ دہشت زدہ (ویڈیو)

    برازیل: کیا آپ نے فائنل ڈسٹنیشن نامی فلم سیریز دیکھی؟ یہ فلم ہمارے ذہن میں یہ خیال بٹھاتی ہے کہ چیزیں دہشت ناک طور پر گڑ بڑ ہو سکتی ہیں، ایسا ہی ایک واقعہ برازیل میں پیش آیا۔

    برازیل کے شہر ابریتی میں گیس سلنڈرز کے ایک گودام پر یہ واقعہ 7 اپریل کو پیش آیا، جب ٹرک پر سلنڈرز لوڈ کیے جا رہے تھے، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹرک اچانک خود بہ خود چل پڑا، اور گودام پر موجود لوگ دہشت زدہ ہو کر اسے روکنے کے لیے دوڑے پڑے۔

    ویڈیو کے مطابق بھرا ہوا ٹرک جب اپنے آپ چل پڑا تو سب سے پہلے ٹرک ڈرائیور جو باہر کھڑا تھا، چیخ کر اس کی طرف دوڑا، اور اسے روکنے کی جدوجہد کرنے لگا۔

    بلاشبہ یہ ہڈیوں میں سنسنی دوڑانے والی ویڈیو تھی، کیوں کہ ٹرک گیس سلنڈرز سے بھرا ہوا تھا اور اگر ٹرک آگے پہاڑی سے ٹکرا جاتا تو کوئی بھی بڑا حادثہ ہو سکتا تھا، اس لیے ڈرائیور نے پہلے بد حواسی میں سامنے سے ٹرک کو روکنے کی کوشش کی۔

    بعد ازاں، ڈرائیور نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے ٹرک کا رخ بدلنے کے لیے ٹرک کے کھلے دروازے سے اسٹیئرنگ گھمانے کی مسلسل کوشش کی، اس سے پہلے کہ ٹرک ڈھلوان پر پہاڑی تک پہنچتا، ڈرائیور اسے روکنے میں کامیاب ہو گیا۔

    معلوم ہوا کہ ٹرک ڈرائیور نے ٹرک کو نیوٹرل موڈ میں چھوڑ دیا تھا، لیکن اچانک وہ ناقابل توجیہہ طور پر گیئر سے نکل گیا، تاہم ڈرائیور اسے پہاڑی سے ٹکرانے سے قبل روکنے میں کامیاب ہو گیا ورنہ کوئی بھی بڑا حادثہ ہو سکتا تھا۔

    ویڈیو دیکھنے والے صارفین نے ڈرائیور کی بہادری کو سراہا، لوگوں نے اس پر کمنٹس بھی کیے، ایک صارف نے لکھا ڈرائیور نے شان دار کام کیا۔

  • ٹریفک حادثے میں بیوی کی موت کے بعد شوہر نے ٹرک ڈرائیور کے ساتھ کیا کیا؟

    ٹریفک حادثے میں بیوی کی موت کے بعد شوہر نے ٹرک ڈرائیور کے ساتھ کیا کیا؟

    برازیل میں ہونے والے ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار اہلیہ دم توڑ گئی تو شوہر ٹکر مارنے والے ٹرک پر چڑھ گیا اور اس وقت تک نیچے نہیں اترا جب تک لوگوں نے ڈرائیور کو پکڑ نہیں لیا۔

    جنوبی برازیل میں پیش آنے والے اس ہولناک حادثے نے پورے شہر کو افسردہ کردیا ہے، 49 سالہ اینڈرس انٹونیو اور اس کی اہلیہ 47 سالہ سینڈرا اپنی 2 ماہ قبل خریدی گئی بائیک پر اتوار کی چھٹی گزارنے باہر نکلے تھے۔

    موٹر وے پر سفر کے دوران ان کی بائیک کو پیچھے سے ایک ٹرک نے زوردار ٹکر ماری جس سے سینڈرا شدید زخمی ہو کر نیچے گر پڑی، شوہر نے یہ دیکھا تو وہ ٹرک کے دروازے پر چڑھ گیا۔

    ٹرک ڈرائیور نے پھر بھی ٹرک نہیں روکا اور اگلے 19 میل تک اسے اس طرح بھگاتا ہوا لے گیا کہ اس کے دائیں طرف اینڈرس لٹکا ہوا تھا جبکہ آگے موٹر سائیکل بدستور اٹکی ہوئی تھی۔

    قریب سے گزرنے والے ڈرائیورز نے اس کی ویڈیوز اور تصاویر بھی بنائیں۔

    کافی دیر بعد جب ٹرک ڈرائیور نے ٹرک روکا تو لوگوں نے ٹرک کو گھیر لیا اور اسے کھینچ کر باہر نکالا، کچھ لوگوں نے اسے تشدد کا نشانہ بنانے کی بھی کوشش کی تاہم جلد ہی پولیس موقعے پر پہنچ گئی۔

    پولیس کے مطابق واقعے کے وقت ڈرائیور منشیات کے زیر اثر تھا۔

    زخمی سینڈرا کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا تاہم سر میں شدید چوٹیں لگنے کے باعث وہ دم توڑ گئی، اینڈروس بھی اس دوران زخمی ہوا جسے اسپتال میں طبی امداد دی گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرک ڈرائیور پر اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔