Tag: ٹرک

  • امریکا میں پیٹرول لے جانے والی ٹرین اور ٹرک میں خوفناک تصادم، ویڈیو نے دل دہلا دیے

    امریکا میں پیٹرول لے جانے والی ٹرین اور ٹرک میں خوفناک تصادم، ویڈیو نے دل دہلا دیے

    امریکی ریاست ٹیکسس میں آئل ٹینکوں سے لدی ہوئی ٹرین ایک ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے بعد خوفناک دھماکہ ہوا اور شعلے بھڑک اٹھے، حادثے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق واقعہ سینٹرل ٹیکسس میں پیش آیا، 18 وہیلر ٹرک جسے سیمی ٹرک کہا جاتا ہے بے قابو ہو کر مال گاڑی سے جا ٹکرایا جس کے بعد ٹرین میں زوردار دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔

    پولیس کے مطابق مذکورہ مال گاڑی سلفیورک ایسڈ سمیت دیگر خطرناک مواد کی ترسیل کر رہی تھی، حادثے کے بعد ٹرین کی 110 بوگیوں میں سے 13 الٹ گئیں جن پر پیٹرول ٹینک، کوئلہ اور پتھر لدے ہوئے تھے۔

    5 بوگیوں میں صرف تیل کے ٹینک بھرے ہوئے تھا اور دھماکہ وہیں پر ہوا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر یوں لگ رہا ہے کہ سیمی ٹرک ایک کار کو بچانے کے لیے ترچھا ہوا جس کے بعد بے قابو ہو کر ٹرین سے جا ٹکرایا۔

    حادثے میں ٹرین ڈرائیور اور کنڈکٹر معمولی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پولیس کے مطابق حادثے میں پٹریوں کے قریب ایک گھر بھی تباہ ہوا، دھماکے کے بعد علاقے میں سیاہ گاڑھا دھواں پھیل گیا جس کے مضر اثرات سے بچنے کے لیے نصف میل تک علاقہ خالی کروا لیا گیا۔

    جائے وقوع پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ حادثے کی مزید تحقیقات بھی کی جارہی ہیں۔

  • ڈاکار ریلی: ریس میں شریک ٹرک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا

    ڈاکار ریلی: ریس میں شریک ٹرک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا

    ماسکو / ریاض: سعودی عرب میں ہونے والی ڈاکار ریلی 2021 کے دوران روسی ٹرک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا، دو روز قبل ایک فرانسیسی موٹر سائیکل سوار بھی ریس کے دوران حادثے کا شکار ہو کر ہلاک ہوچکا ہے۔

    روسی میڈیا کے مطابق رواں برس سعودی عرب میں ہونے والی ڈاکار ریلی 2021 کے دوران روسی ٹرک ایک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا۔

    اطلاعات کے مطابق روسی کاماز ماسٹر ٹیم کا ٹرک جسے ڈرائیور انتون شیبلوف چلا رہے تھے، ڈاکار ریلی میراتھن کے منتظمین کے ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا۔ روسی میڈیا کے مطابق میراتھن کے بارہویں مرحلے کے دوران یہ واقعہ پیش آیا۔

    وہاں موجود افراد کی جانب سے واقعے کی ویڈیو بھی بنا لی گئی۔

    روسی ٹیم کے پریس اتاچی ایرک خیرالن نے میڈیا کو بتایا کہ ریس کے دوران جب ٹرک تیز رفتاری سے اسپرنگ بورڈ پر اچھلا تو اس نے ہیلی کاپٹر کے ایک سرے کو انتہائی قریب سے چھو لیا، ہیلی کاپٹر انتہائی نچلی پرواز کر رہا تھا۔

    خوش قسمتی سے ٹرک کے انتہائی معمولی ٹکرانے سے اور ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کی حاضر دماغی سے کوئی بڑا حادثہ رونما ہونے سے بال بال بچ گیا، اس حادثے کے نتیجے میں ٹرک کے انٹیک کو معمولی نقصان پہنچا۔

    دو روز قبل ڈاکار ریلی میں ایک فرانسیسی موٹر سائیکل سوار بھی ہلاک ہوچکا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فرانسیسی موٹر سائیکل سوار بیار شربان ساتویں راؤنڈ کے دوران حادثے سے دو چار ہوا جس میں وہ شدید زخمی ہوا۔ موٹر سائیکل سوار کو فضائی ایمبولینس کے ذریعے جدہ سے فرانس لے جایا جارہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

    سعودی وزارت کھیل اور ڈاکار ریلی کی انتظامیہ نے موٹر سائیکلسٹ کے اہل خانہ سے تقزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

  • برازیل میں بس اور ٹرک کے درمیان ہولناک تصادم، بس پل سے نیچے جا گری

    برازیل میں بس اور ٹرک کے درمیان ہولناک تصادم، بس پل سے نیچے جا گری

    برازیل میں ایک بس اور ٹرک کے درمیان ہولناک تصادم میں 16 افراد ہلاک ہوگئے، پل کے جنگلے سے ٹکرانے کے بعد بس 45 فٹ نیچے جا گری۔

    مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہولناک حادثہ جاؤ مونلواڈ شہر میں پیش آیا جہاں ایک پل پر ٹرک اور بس میں تصادم ہوا۔

    ٹرک سے ٹکرا کر بس لین سے نکل گئی اور پل کے کنکریٹ جنگلے سے ٹکرائی، بعد ازاں وہاں سے 45 فٹ نیچے ریلوے ٹریک پر جا گری۔

    نیچے گرنے سے قبل بس کا ڈرائیور بس سے نکل آیا تھا جبکہ صرف چند لمحے قبل مزید 4 مسافر بھی بس سے چھلانگ لگا کر باہر نکلے، اگلے ہی لمحے بس نیچے جا گری۔

    موقع پر جمع ہوجانے والے افراد نے 2 بچوں سمیت 3 مسافروں کو کسی طرح اوپر کھینچ لیا جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال روانہ کیا گیا۔

    ہولناک حادثے میں 16 افراد ہلاک جبکہ 27 زخمی ہوئے۔

    اسی نوعیت کا ایک حادثہ ساؤ پاؤلو میں گزشتہ ہفتے ہی پیش آیا تھا جس میں ایک ٹرک اور بس کا ہی تصادم ہوا تھا، مذکورہ حادثے میں 40 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے جبکہ 2 مزید ہلاکتیں اسپتال میں ہوئی تھیں۔

  • 1 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے پستے کی ڈکیتی

    1 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے پستے کی ڈکیتی

    نئی دہلی: بھارت میں ڈاکوؤں نے 1 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا پستہ لوٹ لیا، پستہ ایک ٹرک میں بھرا ہوا تھا جسے ڈاکو چھین کر فرار ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات میں ضلع کچھ کے انجار علاقے میں 1 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے پستے کی ڈکیتی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 32 برس کے ٹرک ڈرائیور لوکش نسادھ نے نے رپورٹ درج کروائی کہ وہ پورٹ کے علاقے سے ٹرک میں 1 کروڑ 44 لاکھ روپے مالیت کا 25 ہزار 110 کلو گرام پستہ بھر کر ممبئی کی جانب جارہا تھا۔

    اسی دوران سنسان سڑک پر ایک کار میں 4 افراد آئے اور انہوں نے ٹرک رکوایا، 2 افراد نے پستول دکھا کر ٹرک ڈرائیور کے منہ پر رومال باندھا اور کار میں بٹھا دیا۔

    دیگر 2 افراد اس کے ٹرک کی چابی اور موبائل فون چھیننے کے بعد پستہ بھرا ٹرک لے کر فرار ہوگئے۔

    ٹرک ڈرائیور کا کہنا ہے کہ اسے کار میں بٹھا کر گھنٹوں ادھر ادھر گھمانے کے بعد ڈاکو انجار کے نزدیک اتار کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے معاملے کی تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

  • لاہور: ٹرک نے موٹر سائیکل رکشے کو روند ڈالا، 5 افراد جاں بحق

    لاہور: ٹرک نے موٹر سائیکل رکشے کو روند ڈالا، 5 افراد جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ٹرک نے موٹر سائیکل رکشے کو روند ڈالا، حادثے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں ڈیفنس روڈ پر تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل رکشے کو روند ڈالا، افسوس ناک حادثے میں 5 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں قانونی کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔

    اس سے قبل رواں سال یکم مارچ کو لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ میں پیر مکی کے قریب تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل پر سوار 3 بچوں کو کچل دیا تھا، تینوں بچے طبی امداد ملنے سے پہلے ہی دم توڑ گئے تھے۔

    یاد رہے کہ رواں برس 31 مئی کو صوبہ پنجاب کے ضلع خانیوال کے قریب لاہور سے ملتان جانے والی مسافر بس الٹ گئی تھی، حادثے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہوگئے تھے۔

  • مٹھڑی کے قریب ٹرک اور وین میں تصادم، 10 افراد جاں بحق

    مٹھڑی کے قریب ٹرک اور وین میں تصادم، 10 افراد جاں بحق

    سبی: صوبہ بلوچستان کے شہر مٹھڑی کے قریب ٹرک اور وین میں تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے مٹھڑی میں ٹرک اور وین میں تصادم ہوا، افسوس ناک حادثے میں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے 2 افراد کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں 2 بچے اور خاتون بھی شامل ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ روز صوبہ پنجاب کے شہر ساہیوال میں ٹریکٹر ٹرالی اور ٹریلر میں تصادم کے نتیجے میں 2 خواتین جاں بحق جبکہ 25 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    بونیر:گاڑی کھائی میں گر گئی، 8 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بونیر میں چلندری چغرزئی میں گاڑی کھائی میں گرنے سے 8 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ 12 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گاڑی میں سوار افراد شادی میں شرکت کے بعد واپس لوٹ رہے تھے کہ افسوس ناک حادثہ پیش آیا، جاں بحق افراد میں 2 خواتین اور 2 بچے بھی شامل تھے۔

  • پاکستان میں چرس اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، ٹرک پکڑا گیا

    پاکستان میں چرس اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، ٹرک پکڑا گیا

    کوئٹہ: ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ انفورسمنٹ اینڈ کمپلائنس کوئٹہ نے افغانستان سے پاکستان چرس اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ انفورسمنٹ اینڈ کمپلائنس کوئٹہ نے چمن بارڈر کے راستے افغانستان سے پاکستان چرس کی بڑی کھیپ کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

    ترجمان کسٹمز کے مطابق خفیہ پر ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ اکبر جان کی سربراہی میں پاکستان کسٹمز کی ایک خصوصی ٹیم نے افغانستان سے پاکستان آنے والے ٹرک کو چمن بارڈر کے قریب رکنے کا اشارہ کیا تو اس میں سوار نامعلوم ملزمان ٹرک کو کچھ فاصلے پر روک کر اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہوئے فرار ہوگئے۔

    کسٹمز کے عملے نے ٹرک کو تحویل میں لے کر مکمل تلاشی کے دوران خصوصی خفیہ خانوں سے 20 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کی ایک ٹن چرس برآمد ہوئی۔

    ترجمان کے مطابق برآمد شدہ چرس اور ٹرک کو ضبط کر کے مفرور ملزمان کے خلاف کسٹم اور منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

  • سڑک پر چلتے ہوئے راہگیر کے ساتھ انہونی ہوگئی،بچے نہ دیکھیں

    سڑک پر چلتے ہوئے راہگیر کے ساتھ انہونی ہوگئی،بچے نہ دیکھیں

    بیجنگ: چین کے شہر ہائکو میں ٹرک کا ٹائر پھٹنے سے سڑک پر چلنے والا راہگیر زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی چین کے شہر ہائکو میں 17 مئی کو سڑک پر موڑ کاٹتے ہوئے بل بورڈ سے ٹکرانے کے بعد ٹرک کا ٹائر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں قریب سے گزرتا ہوا راہگیر زخمی ہوگیا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر ایمبولینس پہنچی اور زخمی راہگیر کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔واقعے کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈرائیور کی جانب سے موڑ کاٹتے ہوئے کیسے حادثہ پیش آیا۔

    یاد رہے کہ رواں سال 23 جنوری کو چین کے صوبے سیچوآن کے شہر چونگ کنگ میں موڑ کاٹنے والا ٹرک ڈرائیور سڑک سے گزرتے موٹر سائیکل سوار کو دیکھ نہ سکا اور یوں موٹر سائیکل ٹرک کے نیچے آگئی تھی تاہم نوجوان اس خطرناک حادثے میں معجزانہ طور زندہ بچ گیا تھا۔

    حادثے میں نوجوان معمولی زخمی ہوا تھا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

  • پل میں شگاف پڑنے سے ہولناک حادثہ، ویڈیو وائرل

    پل میں شگاف پڑنے سے ہولناک حادثہ، ویڈیو وائرل

    روس میں ایک پل پر گہرا شگاف پڑ گیا جس کے بعد پیچھے آتی کار تیز رفتاری سے شگاف میں جا گری، خوش قسمتی سے خاتون ڈرائیور حادثے میں محفوظ رہیں۔

    یہ ہولناک واقعہ روس میں گزشتہ ماہ پیش آیا تھا جس کی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، حادثے کی ویڈیو اسی گاڑی کے ڈیش کیم میں ریکارڈ ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پل پر ایک واضح دراڑ موجود ہے جس کے اوپر سے ایک بھاری ٹرک گزرا، ٹرک کے گزرتے ہی پل اس مقام سے بیٹھ گیا۔

    شگاف پڑتے ہی ویڈیو میں پیچھے آتی گاڑی کے ڈرائیور کو چلاتے ہوئے سنا جاسکتا ہے، بظاہر ڈرائیور گاڑی کو روکنے کی کوشش کرتا ہے لیکن ناکام رہتا ہے اور گاڑی تیز رفتاری سے شگاف میں جا گرتی ہے۔

    بعد ازاں ایک اور ویڈیو میں ریسکیو اہلکار شگاف میں اتر کر اس جائزہ کا لیتے دکھائی دیتے ہیں۔ حادثے میں گاڑی کی خاتون ڈرائیور خوش قسمتی سے محفوظ رہیں جنہیں فوری طور پر گاڑی سے باہر نکال لیا گیا۔

  • سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 35 افراد جاں بحق

    سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 35 افراد جاں بحق

    ریاض: سعودی عرب میں مدینہ منورہ سے 170 کلومیٹر دور ہجرہ روڈ پر بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 35 افراد جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مدینہ منورہ سے 170 کلومیٹر دور ہجرہ روڈ پر بس ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی، افسوس ناک حادثے میں 35 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    سعودی میڈیا کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق افریقی اور ایشیائی ممالک سے بتایا جاتا ہے۔

    سعودی پولیس حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو الحمنہ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ حادثے کی تفتیش بھی شروع کردی گئی ہے۔

    مدینہ منورہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔

    اس سے قبل رواں سال فروری میں سعودی عرب کے شہر ابہا میں ٹریفک حادثے میں دلہا اور دلہن جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    سعودی عرب میں اندوہناک ٹریفک حادثہ، ماں اور چار بچے جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں سعودی عرب کے صوبے النوایریا میں اندوہناک کار حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں ماں اور چار بجے جاں بحق ہوگئے تھے۔

    اماراتی خاندان دو الگ الگ گاڑیوں میں سوار تھا جن میں سے ایک اُن کا بیٹا اور دوسری والد چلا رہے تھے۔ والد کے ساتھ گاڑی میں دو بھائی اور تین بہنیں جبکہ دوسری میں ماں اور بیٹا بیٹھے تھے۔