Tag: ٹریفک ایڈوائزری

  • ایرانی صدر کی لاہور آمد، ٹریفک ایڈوائزری جاری

    ایرانی صدر کی لاہور آمد، ٹریفک ایڈوائزری جاری

    لاہور: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی آمد کے موقع پر ٹریفک پولیس نے ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی ہے، شہریوں سے غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سی ٹی اولاہور کا کہنا ہے کہ شہر لاہور میں مقامی تعطیل ہے، ایسے میں شہری غیرضروری سفر سے گریز کریں۔

    سی ٹی او لاہور کے مطابق شہریوں سے مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، مین بلیوارڈ روڈ پر غیر ضروری سفر سے اجتناب کی اپیل کی گئی ہے۔ شہری گریٹراقبال پارک، لاری اڈہ، لوئرمال پر بھی غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

    موومنٹس مخصوص روڈ کو ٹریفک کیلئے بند رکھا جائے گا، موومنٹس کے دوران شہریوں کو متبادل راستے فراہم کئے جائیں گے۔ لاہور رنگ روڈ، رنگ روڈ اتھارٹی کی جانب سے دوپہر 3 بجے تک بند رہے گا۔

    دوسری جانب ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وفد کی شہر قائد آمد کے پیش نظر شہر قائد میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔ اہم شاہراہوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا، جبکہ ایرانی صدر کی مزار قائد آمد کے حوالے سے سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شاہراہ قائدین خدادا دکالونی سے نمائش جانیوالی روڈ پر کنٹیبرز لگا دیئے گئے ہیں، ڈی آئی جی ایسٹ بھی سیکیورٹی انتظامات کاجائزہ لینے شاہراہ قائدین پہنچ گئے ہیں۔

    ایم اے جناح روڈ سے صدر جانیوالی سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا جبکہ پیپلز سیکریٹریٹ سے صدر کی جانے والی سڑک کوبھی کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

    شہر میں اعلیٰ سطحی وفد کی نقل و حمل کے دوران شہریوں کی آسانی کیلیے پولیس نے ٹریفک پلان جاری کر دیا جس کے مطابق سکیورٹی وجوہات پر کچھ سڑکیں عارضی طور پر بند رہیں گی، کلب روڈ پی آئی ڈی سی سے میٹروپول تک مکمل بند رہے گا۔

    پلان کے مطابق ڈاکٹر ضیا الدین روڈ اور سگنل سے پی آئی ڈی سی چوک تک مکمل بند ہوگا، ڈاکٹر ضیا الدین روڈ کھجور چوک سے پی آئی ڈی سی تک بند ہوگا، سلطان آباد سے آنے والی ٹریفک ڈاکٹر ضیا الدین روڈ کھجور چوک سے ایوان صدر روڈ جائے گی۔

    شارع فیصل سے سلطان آباد آنے والے کلب چوک سے بائیں جانب ٹرن لیں، شہری کلب چوک سے بائیں جانب سے کلفٹن برج اور بورڈ بیسن جا سکیں گے، خلیق الزمان روڈ اور گزری سے آنے والے ضیا الدین لائٹ سگنل سے سیدھی جانب ٹرن لیں۔

    پاک ایران سرحد پر باہمی رابطے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، آرمی چیف

    شہری میٹروپول سے فوارہ چوک اور ایوان صدر کی طرف جا سکیں گے، شاہین کمپلیکس سے آنے والے کھجور چوک سے دائیں جانب ٹرن لیں گے، شہری ایوان صدر روڈ، میٹروپول، کلفٹن اور دیگر علاقوں کی جانب جا سکیں گے۔

  • پی ایس ایل 9 کا پہلا ٹاکرا، لاہور کیلئے ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری

    پی ایس ایل 9 کا پہلا ٹاکرا، لاہور کیلئے ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری

    پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے پہلے مرحلے کیلئے  لاہور ٹریفک پولیس نے ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 9 کا میلہ آج سجے گا، افتتاحی میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 2 بار کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور میزبان دفاعی چیمپئین لاہور قلندرز کے مابین کھیلا جائے گا۔

    اس کے لیے سٹی ٹریفک پولیس(سی ٹی او) نے ٹریفک کی موثر روانی اور شائقین کرکٹ کی آگاہی کیلئے ٹریفک پلان جاری کردیا، اس دوران 4 ایس پیز، 12 ڈی ایس پیز، 90 انسپکٹرز فرائض سر انجام دیں گے۔

     سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے بتایا کہ قذافی اسٹیڈیم، ٹیموں کے روٹس، متبادل راستوں پر 900 سے زائد وارڈنز تعینات ہوں گے جبکہ رانگ پارکنگ کے خاتمے کیلئے 20 فورک لفٹرز، 5 بریک ڈاؤنز بھی تعینات ہونگے۔

     عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ شائقین کرکٹ کی سہولت اور باآسانی اسٹیڈیم تک رسائی کیلئے 3 پارکنگ اسٹینڈز مختص کیے گئے ہیں، میچ کے دوران کسی بھی روڈ کو ٹریفک کیلئے بند نہیں رکھا جائے گا، مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ،مین بلیوارڈ روڈ گلبرگ ٹریفک کیلئے کھلی رہیں گیں۔

    انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس روایتی انداز میں شائقین کرکٹ کو خوش آمدید کہے گی۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل شیڈول کے مطابق پی ایس ایل کا یہ سیزن 17 مارچ تک جاری رہے گا پہلے مرحلے میں میچ لاہور اور ملتان میں کھیلے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے کے میچز کراچی اور راولپنڈی میں ہوں گے۔