Tag: ٹریفک جام

  • کراچی : مشتعل وکلاء سراپا احتجاج، کورنگی روڈ پر بدترین ٹریفک جام

    کراچی : مشتعل وکلاء سراپا احتجاج، کورنگی روڈ پر بدترین ٹریفک جام

    کراچی میں ڈیفنس تھانے کے قریب وکلا کی جانب سے پولیس کے خلاف احتجاج کیا گیا جس کے نیتجے میں کورنگی روڈ پر ٹریفک جام کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

    شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اور وکلاء کے درمیان تنازع کے بعد وکلاء کی بڑی تعداد نے احتجاج کرکے گاڑیوں کی آمد و رفت معطل کردی۔

    رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اہلکاروں کے مبینہ تشدد سے وکلا کے زخمی ہونے کا واقعہ اور پولیس افسران کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے پر وکلاء نے کورنگی روڈ پر احتجاج کیا۔

    مظاہرین نے ڈیفنس موڑ کے قریب میں روڈ پر دھرنا دے دیا، احتجاج کے باعث ٹریفک کی آمد ورفت شدید متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    وکلا کے مطابق پولیس کی جانب سے چند روز قبل ڈیفنس تھانے کے اندر کئی لاء کے اسٹوڈنٹس کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے اور وہ ہسپتال میں وینٹیلیٹر پر ہے۔

    مظاہرین وکلا کے مطابق پولیس نے یکطرفہ طور پر واقعے کا مقدمہ وکلا کے خلاف درج کیا، آج وکلا کی بڑی تعداد عدالتی احکامات لے کر ڈیفنس تھانے کے افسران کے خلاف مقدمہ درج کرانے پہنچی تھی ، تاہم پولیس نے ایف ائی ار درج کرنے سے انکار کر دیا۔

    جس کے بعد وکلا نے پہلے ڈیفنس تھانے پھر ڈیفنس موڑ کے قریب احتجاج کیا، جس کی وجہ سے کئی گھنٹوں سے  ٹریفک جام  اور گاڑیوں کی آمد و رفت معطل رہی۔

    وکلاء برادری نے مطالبہ کیا کہ ان کے کیس کا فوری طور پر ایف آئی آر درج کیا جائے تاکہ معاملے کا جلد حل نکالا جا سکے۔

    بعد ازاں ڈیفنس موڑ کے قریب وکلاء نے پولیس کے خلاف 3 گھنٹے بعد احتجاج ختم کردیا، وکلا پُرامن طور پر منتشر ہوگئے اور کورنگی روڈ کو عام ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا،  احتجاج کے باعث اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک  جام رہا۔

  • ٹریفک جام کا توڑ تیار، اُڑنے والی کار حقیقت بن گئی! کامیاب آزمائش کی ویڈیو جاری

    ٹریفک جام کا توڑ تیار، اُڑنے والی کار حقیقت بن گئی! کامیاب آزمائش کی ویڈیو جاری

    سڑکوں پر دوڑنے والی کار ٹریفک جام میں اڑان بھرنے کو تیار ہے امریکی کمپنی نے اس کی پہلی اڑان کی کامیاب آزمائش کی ویڈیو جاری کر دی ہے۔

    آپ نے کاریں سڑکوں پر فراٹے بھرتی دیکھی ہوں گی۔ کار کا سفر تیز رفتار اور آرام دہ ہوتا ہے تاہم ٹریفک جام میں پھنس جائیں تو یہی سفر اذیت کا باعث بن جاتا ہے اور بعض اوقات تو اہم کام التوا کا شکار ہو جاتے ہیں۔

    ماہرین عرصہ دراز سے ایسی کار بنانے کی کوششوں میں مصروف تھے کہ جو سڑکوں پر دوڑنے کے بجائے ہوائی جہاز اور ہیلی کاپٹر کی طرح اڑ سکیں۔ تاکہ ٹریفک جام میں سفر اذیت ناک ہونے کے بجائے مزید پر لطف ہو جائے اور لوگ بروقت اپنی منزل پر پہنچ سکیں۔

    اب ٹریفک جام سے نجات اور کار میں فضائی سفر کا خواب حقیقت بننے کے قریب ہے کیونکہ امریکی کمپنی ’الیف ایروناٹکس‘ نے حال ہی میں اپنی پہلی اڑنے والی کار کی کامیاب آزمائش کر کے اس کی ویڈیو جاری کی ہے۔

    اس ویڈیو میں کار کو ٹریفک جام میں پھنس جانے یا سڑک پر آگے کوئی رکاوٹ آنے پر زمین سے فضا میں بلند ہوتے، ٹریفک جام اور رکاوٹوں کو کامیابی سے عبور کرتے دکھایا گیا ہے۔ جو بھی یہ ویڈیو دیکھ رہا ہے، وہ اس نئی ایجاد کو دیکھ کر حیران ہو رہا ہے۔

    اس حیرت انگیز کار کی پہلی تاریخی کامیاب پرواز کی آزمائش 19 فروری کو کی گئی ہے۔ یہ ایسی کار ہے، جس کو جب چاہیں آپ سڑک پر چلائیں اور ٹریفک میں پھنس جائیں تو اسے اُڑائیں۔

    تاہم یہ کار صرف اڑتی ہی نہین بلکہ اس کی قیمت بھی آپ کے ہوش اڑا دے گی۔ رپورٹ کے مطابق اس کار کی ابتدائی قیمت 3 لاکھ ڈالر لگ بھگ ساڑھے 8 کروڑ پاکستانی روپے ہے۔

    یہ کار 354 کلومیٹر تک سڑک پر چل سکتی ہے اور ایک بار چارج کرنے پر 177 کلومیٹر تک فضا میں پرواز بھی کر سکتی ہے۔

    کمپنی نے ٹرائل کے لیے ایک پروٹو ٹائپ استعمال کیا جو Alef Model Zero کا انتہائی ہلکا ورژن تھا۔

    ایلف کے سی ای او جم ڈاکوونی نے کہا کہ یہ ڈرائیونگ اور فلائٹ ٹیسٹ حقیقی دنیا کے شہری ماحول میں ٹیکنالوجی کا ایک اہم ثبوت ہے۔

    ماہرین کے مطابق، اگر یہ گاڑی تجارتی طور پردستیاب ہو گئی تو یہ ٹریفک کے مسائل کو کم کرنے میں ایک انقلابی پیش رفت ثابت ہوگی۔

    https://urdu.arynews.tv/this-frog-is-named-after-an-oscar-winning-actor/

  • کرکٹ کی تاریخ کا انوکھا واقعہ: ٹیمیں ٹریفک جام میں پھنس گئیں، میچ مختصر کرنا پڑا!

    کرکٹ کی تاریخ کا انوکھا واقعہ: ٹیمیں ٹریفک جام میں پھنس گئیں، میچ مختصر کرنا پڑا!

    موسم کی مداخلت یا کوئی تنازع کرکٹ میچ کو مختصر کرتا ہے مگر پہلی بار ٹریفک کی مداخلت نے ایک ون ڈے میچ کو مختصر کرا دیا۔

    کرکٹ کی تاریخ کا یہ انوکھا واقعہ عمان میں پیش آیا جہاں امریکا اور نمیبیا کی ٹیمیں ٹریفک جام میں پھنس جانے کے باعث بروقت اسٹیڈیم میں نہ پہنچ سکیں، جس کی وجہ سے میچ کو مختصر کرنا پڑا۔

    کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق عمان کے الامارات اسٹیڈیم میں کرکٹ ورلڈ کپ لیگ ٹو کے سلسلے میں امریکا اور نمیبیا کی ٹیموں کے درمیان شیڈول ون ڈے میچ صرف اس وجہ سے بروقت شروع نہ ہوسکا کہ دونوں ٹیمیں ٹریفک جام میں پھنس گئی تھیں۔

    رپورٹ کے مطابق دونوں ٹیمیں ہوٹل سے اسٹیڈیم کے لیے مقررہ وقت پر نکلی تھیں۔ تاہم درمیان میں شدید ٹریفک جام کی وجہ سے ٹیمیں اس میں پھنس کر رہ گئیں اور وقت مقررہ پر نہ پہنچ سکیں۔

    ٹیموں کے تاخیر سے پہنچنے کے بعد میچ کو 43 اوور کا کر دیا گیا۔

    میچ کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر امریکی ٹیم نے بھی ایک پوسٹ کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ میچ میں تاخیر ’غیر متوقع لاجسٹک حالات‘ کی وجہ سے ہوئی، لیکن ٹیم نے تاخیر کی اصل وجہ واضح نہیں کی۔

    تاہم امریکا میں مقیم صحافی پیٹر ڈیلا پینا اس پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ مسقط میں آئرن مین ریس کی وجہ سے ہونے والے ٹریفک جام کے باعث میچ میں تاخیر ہوئی۔ تاہم ان کے اس دعوے کی تصدیق تاحال نہیں ہو سکی اور نہ ہی آئی سی سی یا الامارات اسٹیڈیم نے اس پر کوئی وضاحت جاری کی ہے۔

    واضح رہے کہ مذکورہ میچ امریکا نے نمیبیا کے خلاف 114 رنز کے واضح مارجن سے جیت حاصل کی۔

  • بھارت: کمبھ میلے میں 300 کلو میٹر طویل ٹریفک جام

    بھارت: کمبھ میلے میں 300 کلو میٹر طویل ٹریفک جام

    بھارت میں ہونے والے کمبھ کے میلے کے باعث 300 کلومیٹر طویل بدترین ٹریفک جام میں ہزاروں یاتری پھنس گئے، 48 گھنٹے تک گاڑیوں کی قطاریں لگی رہیں۔

    بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مہا کمبھ کے میلے میں شرکت کے خواہش مند ہزاروں افراد 300 کلو میٹر طویل ٹریفک جام میں پھنس کر رہ گئے۔ اس دوران بہت سی گاڑیوں کا فیول بھی ختم ہوگیا۔

    رپورٹس کے مطابق ریاست مدھیا پردیش کے کئی اضلاع میں پولیس نے ریاست اتر پردیش کے شہر پریاگ راج (سابقہ الہٰ آباد) جانے والے راستے پر گاڑیوں کی آمد و رفت بند کردی۔

    بھارتی پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مطابق پریاگ راج کی طرف جانا ناممکن ہے کیونکہ وہاں 200 سے 300 کلومیٹر طویل ٹریفک جام ہے، جس کے باعث راستہ بالکل بند ہے۔

    ٹریفک جام کی وجہ بتاتے ہوئے بھارتی پولیس نے کہا ہے کہ یہ ٹریفک جام ہفتے کے آخر میں رش کے باعث ہوا تھا، کچھ دنوں میں صورتِ حال معمول پر آجائے گی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹریفک جام میں پھنسے ایک شخص کا کہنا تھا کہ ٹریفک جام میں گاڑیاں 48 گھنٹوں سے پھنسی ہوئی ہیں کیونکہ صرف 50 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے میں تقریباً 10سے 12 گھنٹے لگ رہے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق بھارت کے وارانسی، لکھنؤ اور کانپور سے پریاگ راج جانے والے راستوں پر 25 کلومیٹر تک ٹریفک جام رہنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے یہاں تک کہ شہر کے اندر جہاں مہا کمبھ میلہ جاری ہے وہاں بھی بدترین ٹریفک جام کی صورتحال ہے۔

    غزہ پر قبضے سے متعلق ٹرمپ کے بیان پر ترک صدر کا رد عمل

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے محفوظ رہنے کے لئے پریاگ راج سنگم ریلوے اسٹیشن کو بھی بند کر دیا گیا۔

  • کراچی: مختلف علاقوں میں دھرنوں کے باعث شدید ٹریفک جام، شہری رُل گئے

    کراچی: مختلف علاقوں میں دھرنوں کے باعث شدید ٹریفک جام، شہری رُل گئے

    کراچی کے مختلف علاقوں میں احتجاجی دھرنوں کے باعث شدید ٹریفک جام ہوگیا، دفتر سے گھر جانے والے شہری رل گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اس وقت شہر قائد میں پارا چنار کے معاملے پر جگہ جگہ دھرنے جاری ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی صورتحال دھرم برہم ہے اور دفتری اوقات کے اختتام کے بعد گھروں کو جانے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    حسن اسکوائر، عیسیٰ نگری، عوامی مرکز، بلوچ کالونی پر بدترین ٹریفک جام کی صورتحال درپیش ہے، کورنگی ایکسپریس وے، قیوم آباد اور کورنگی ندی پر بھی ٹریفک جام ہے۔

    کن علاقوں میں دھرنے ختم اور کن میں جاری ہیں؟

    کورنگی روڈ، انڈسٹریل ایریا، اسٹیڈیم روڈ اور یونیورسٹی روڈ پر بھی ٹریفک کا دباؤ ہے، شارع فیصل پر عوامی مرکز، بلوچ کالونی اور نرسری پر ٹریفک جام ہے۔

    دریں اثنا نمائش چورنگی پر دھرنا مظاہرین پر پولیس کے لاٹھی چارج کے بعد سولجر بازار میں کشیدگی دیکھنے میں آئی، مشتعل افراد کی جانب سے سولجر بازار میں کاروباربند کرا دیاگیا۔

    سولجر بازار کی مرکزی شاہراہ پر ٹائر نذرآتش کیے گئے، علاقے میں صورتحال کشیدہ ہے، سولجر بازار نمبر 3 کے اطراف میں تمام تجارتی مراکز بند ہوگئے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-sit-in-another-religious-group-started-many-places/

  • شہر قائد میں ٹریفک جام معمول، جگہ جگہ پارکنگ مافیا کے کارندے سرگرم

    شہر قائد میں ٹریفک جام معمول، جگہ جگہ پارکنگ مافیا کے کارندے سرگرم

    کراچی میں تجارتی مراکزپرٹریفک جام معمول بن گیا ہے، جگہ جگہ پارکنگ مافیا کے کارندے سرگرم ہیں، شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔

    کراچی جسے کبھی روشنیوں کا شہر کہا جاتا تھا اب اسے ٹریفک جام کا شہر کہا جائے تو بےجا نہ ہوگا، کوئی شہری اپنے گھر سے نکلے اور تھوڑا سا بھی فاصلہ طے کرکے منزل مقصود تک پہنچنا چاہے تو اسے لامحالہ کہیں نہ کہیں ٹریفک جام سے واسطہ ضرور پڑتا ہے۔

    شہر میں ٹریفک جام کی بدتر صورتحال میں سب سے زیادہ ہاتھ پارکنک مافیا کا ہے، اس کے علاوہ بس اسٹاپس پر پتھارے اور ٹھیلے والوں کی وجہ سے بھی شدید ٹریفک جام ہوتا ہے۔

    پارکنگ مافیا اس قدر بے لگام ہوچکا ہے کہ شہر کی مختلف شاہراہوں پر ڈبل اور ٹرپل پارکنگ کی جانے لگی ہے جبکہ شہریوں سے صرف بائیکس کی پارکنگ کے 30 روپے اور کہیں 50 روپے وصول کیے جاتے ہیں۔

    کے ایم سی چارج پارکنگ، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ٹریفک پولیس کی آنکھیں اس صورتحال پر بند ہیں، شہری کا کہنا ہے کہ پارکنگ مافیا کے کارندے گھنٹوں کے حساب سے پیسے لیتے ہیں۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام

    کراچی کے مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام

    کراچی کے مختلف علاقوں میں آج بھر بدترین ٹریفک جام دیکھنے میں آیا گاڑیوں میں موجود ہزاروں شہری سڑکوں پر پھنس کر رہ گئے۔

    کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ پر بدترین ٹریفک جام کے باعث ہزاروں شہری رُل گئے، کورنگی ندی سے کورنگی ناصر جمپ جانے والی مکمل طور پر سڑک بند ہوگئی۔

    اس کے علاوہ قیوم آباد سے کورنگی کراسنگ جانے والے روڈ پر گاڑیوں کی کبی قطاریں لگ گئیں، صورتحال پر قابو پانے والے ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار سڑکوں سے غائب ہیں۔

    ٹریفک جام

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے عدنان راجپوت کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ لانڈھی قائد آباد میں ایک جماعت کی جانب سے منعقدہ جلسے کے باعث انڈسٹریل ایریا سے آنے والے ہیوی ٹریفک کو ناصر جمپ کی طرف سے کورنگی کراسنگ کی جانب بھیجا جارہا ہے۔

     اے آر وائی نیوز کے گفتگو کرتے ہوئے ایک شہری نے کہا کہ گزشتہ 2گھنٹے سے کورنگی کراسنگ پر ٹریفک جام کی یہی صورت حال درپیش ہے جائیں تو کہاں جائیں؟

    علاوہ ازیں آج شہر کے مختلف علاقوں لیاقت آباد تین ہٹی اور اطراف کے علاقوں میں ٹریفک جام کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

  • کراچی : دفاتر جانے والے ہزاروں شہری ٹریفک جام میں پھنس گئے

    کراچی : دفاتر جانے والے ہزاروں شہری ٹریفک جام میں پھنس گئے

    کراچی : نیپا پل سے دفاتر جانے والے ہزاروں شہری ٹریفک جام میں پھنس گئے اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نیپا پل سے ممتاز منزل تک ٹریفک کا شدید دباؤ ہے ، جس کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور دفاتر جانے والے ہزاروں شہری ٹریفک جام میں پھنس گئے۔

    ہزاروں گاڑیوں کو کنٹرول کرنےکیلئے صرف ایک اہلکارسڑک پرموجود ہے، حسن اسکوائر سے نیو ٹاؤن جانے والے ٹریک پر ٹریفک کا شدید دباؤ ہے ، جس کے باعث دفاتر اور اپنے کاموں پر جانے والے شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔

    خیال رہے ریڈ لائن منصوبے پر ترقیاتی کام کی وجہ سے گزشتہ ایک سال سے زیادہ عرصے سے یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ہے، جس سے شہریوں خصو صاً اساتذہ اور طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ان کا منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہورہا ہے۔

    یونیورسٹی روڈ شہر قائد کی مصروف ترین شاہراہوں میں سے ایک ہے، جہاں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے تعاون سے ماڈل کالونی براستہ یونیورسٹی روڈ، نمائش تک بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم (بی آر ٹی ایس) ریڈ لائن منصوبے پرکام کا آغازکیا گیا تھا جو اب رک گیا ہے۔

  • کراچی کی مختلف شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام

    کراچی کی مختلف شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام

    کراچی: شہر قائد میں صبح کے اوقات میں مختلف شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام کی صورتحال کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جوہر موڑ، ڈالمیا، اسٹیڈیم روڈ اور شارع فیصل پر شدید ٹریفک جام کی صورتحال ہے، سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں، جس کے باعث دفاتر جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ او لیول کے امتحانات کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ ہے۔

    دوسری جانب شہر قائد کے موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج موسم گرم اور مرطوب رہیگا، موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

    اسٹریٹ کرائمز کا شکار شہریوں میں 100 سے زائد موٹر سائیکلیں تقسیم

    شہر میں 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، جبکہ شہر کا درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کاامکان ہے۔

  • غزہ جنگ کیخلاف امریکیوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر، ٹریفک جام

    غزہ جنگ کیخلاف امریکیوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر، ٹریفک جام

    سان فرانسسکو : غزہ میں اسرائیلی بمباری کے خلاف ہزاروں امریکی سان فرانسسکو میں سڑکوں پر نکل آئے اور  جنگ بندی کا پر زور مطالبہ کیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے شہر سان فرانسسکو کے گولڈن گیٹ برج پر غزہ میں جنگ بندی کیلئے بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

    مظاہرین نے گولڈن گیٹ برج پر دھرنا دے کر ٹریفک روک دی، احتجاجی دھرنے کے باعث اہم شاہراہ پر ہزاروں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

    مشتعل مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ امریکا غزہ میں جنگ رکوائے اور فوری طور پر اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی بند کی جائے۔

    یاد رہے کہ امریکی عوام کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی حمایت میں اضافہ ہورہا ہے اس ضمن میں مختلف امریکی ریاستوں میں مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    گزشتہ ہفتے کینیڈا کے عوام نے فلسطینی قوم کی حمایت میں مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا جبکہ ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں بھی لوگوں کی بڑی تعداد فلسطینی عوام کی حمایت میں احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئی۔

     واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں بمباری ساتویں ماہ میں داخل ہوچکی ہے تاہم اب تک اس کی شدت میں کمی نہ ہوسکی اور جنگ بندی سے متعلق حتمی فیصلہ نہ ہوسکا۔

    قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے نصیرت کیمپ میں مزید 5 فلسطینیوں کو شہید جبکہ درجنوں کو زخمی ہوگئے۔

    اسرائیلی فوج نے بمباری کرکے 24 گھنٹے میں 43 فلسطینیوں کو شہید کیا، صیہونی طیاروں نے خان یونس میں یورپین پسپتال کے اطراف بھی بم برسائے۔