Tag: ٹریفک جام

  • ٹریفک جام میں پھنسے میسی کو دیکھ کر مداح نے کیا حرکت کی؟ ویڈیو وائرل

    ٹریفک جام میں پھنسے میسی کو دیکھ کر مداح نے کیا حرکت کی؟ ویڈیو وائرل

    سپراسٹار فٹبالر لیونل میسی کہیں بھی موجود ہوں مداح ان کا پیچھا نہیں چھوڑتھے، ٹریفک جام میں بھی ایسا ہی کچھ دیکھنے میں آیا۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں مداح نے ٹریفک جام کے دوران اپنی گاڑی سے میسی کی گاڑی میں ٹی شرٹ پھینک دی اور اس پر فٹبالر سے آٹو گراف دینے کی فرمائش کی۔

    اس دوران کار میں بیٹھے میسی بھی مسکراتے رہے اور مداح کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے اس کی ٹی شرٹ پر آٹو گراف بھی دیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    اس دوران مداح اپنی کار سے اتر کر ان سے شرٹ لینے آیا جس سے میسی نے ہاتھ بھی ملایا اور پھر تیزی سے گاڑی وہاں سے نکال کر لے گئے۔

    مذکورہ ویڈیو سامنے آنے اور ارجنٹائنی سپراسٹار کی جانب سے مداح کے ساتھ خوش مزاجی کا مظاہرہ کرنے کے واقعے کو صارفین سراہ رہے ہیں۔

  • پشاور ہائیکورٹ کے جج کو گاڑی اور اسکواڈ سڑک پر چھوڑ کر جانا پڑ گیا

    پشاور ہائیکورٹ کے جج کو گاڑی اور اسکواڈ سڑک پر چھوڑ کر جانا پڑ گیا

    پشاور: خیبر پختون خوا کے شہر پشاور میں ہائی کورٹ کے جج کو وی آئی پی موومنٹ کے باعث اپنی گاڑی اور اسکواڈ دونوں کو سڑک پر چھوڑ کر جانا پڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سڑکوں پر آئے دن کی وی آئی پی موومنٹ کے باعث نہ صرف عوام کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ بعض اوقات خصوصی افراد بھی اس تکلیف دہ صورت حال سے متاثر ہو جاتے ہیں۔

    ایسا ہی آج صبح پشاور میں اس وقت ہوا جب ہائیکورٹ کے جج کو گاڑی اور اسکواڈ سڑک کے بیچ چھوڑ کر پیدل ہائیکورٹ پہنچنا پڑا، جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے وی آئی پی مومنٹ کے لیے روڈ کی بندش پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

    پولیس حکام نے مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی موومنٹ کے باعث ٹریفک کو روکا گیا تھا، تاہم اس کے بعد پولیس نے ٹریفک کلیئر کرا دیا ہے۔

  • کویت میں ٹریفک جام کا معاملہ پارلیمنٹ پہنچ گیا

    کویت میں ٹریفک جام کا معاملہ پارلیمنٹ پہنچ گیا

    کویت سٹی: کویت میں سڑکوں پر ٹریفک جام کا معاملہ پارلیمنٹ پہنچ گیا، ارکان پارلیمنٹ نے مسئلے کا حل نکالنے کے لیے لائحہ عمل بنانے پر زور دیا ہے۔

    کویتی پارلیمانی نمائندوں نے حکومت کے سامنے مطالبات کی ایک فہرست پیش کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک جام کا حل تلاش کیا جائے۔

    رکن پارلیمان ڈاکٹر عبدالکریم الکندری نے سروس بیورو سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام وزارتوں، سرکاری اداروں اور نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام کے لچکدار اوقات کی منظوری دے، ایسا اقدام شہریوں کو ٹریفک جام سے نجات دلانے کے لیے ضروری ہے جو وقت اور توانائی کو ضائع کرتے ہیں اور نفسیاتی دباؤ کا باعث بنتے ہیں۔

    رکن حمدان العجمی نے فوری طور پر پرانے نظام کی واپسی کا مطالبہ کیا تاکہ پرائمری اسکولوں میں دوپہر 12 بجے، مڈل اور سیکنڈری اسکولوں میں دوپہر 1 بجے چھٹی کی جائے جبکہ ڈاکٹر محمد الحوائلہ نے اعلان کیا کہ وہ کام کے اوقات میں کمی کی تجویز دوبارہ پیش کریں گے، تاکہ شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات متاثر نہ ہوں اور پارٹ ٹائم سسٹم کا آپشن کھولا جا سکے۔

    نمائندہ ڈاکٹر مبارک التاشا نے وزارت داخلہ، تعلیم اور تعمیرات کے وزرا سے اس مسئلے کا فوری اور مستقل حل تلاش کرنے کے لیے مشترکہ رابطہ کاری پر زور دیا جیسے کہ طلبہ کے اوقات کار کو ایڈجسٹ کرنا، ماس ٹرانزٹ اور سڑکوں پر ٹریفک کے مسائل کو حل کرنا شامل ہے۔

    رکن عبد اللہ فہد نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک فوری حل وضع کرے جو ٹریفک بحران کو حل کرنے میں معاون ثابت ہو جیسا کہ اوقات کار کے نظام کو لاگو کرنا اور کچھ اسکولوں کے اوقات کار کو تبدیل کرنا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سروس بیورو نے ایک سال سے زیادہ عرصہ قبل ایک سرکلر جاری کیا تھا جس کے تحت سرکاری اداروں میں خاتون ملازمین کو 30 منٹ کی رعایتی مدت دی گئی تھی تاکہ وہ کام کے آغاز سے ایک چوتھائی گھنٹہ لیٹ جبکہ کام کے اختتام سے ایک گھنٹے کا چوتھائی پہلے چھٹی کر جائیں۔

    ذرائع کے مطابق شیڈول کام کے اوقات کی تعداد کو برقرار رکھتے ہوئے شفٹوں کے آغاز اور اختتامی اوقات کا اطلاق کر کے کام کے لچکدار اوقات کو نافذ کرنے کا امکان ہے۔

  • معمولی واقعات پر ٹویٹ شروع ہو جاتے ہیں، ٹریفک جام کا مسئلہ سڑکوں کی وجہ سے ہے: آئی جی سندھ

    معمولی واقعات پر ٹویٹ شروع ہو جاتے ہیں، ٹریفک جام کا مسئلہ سڑکوں کی وجہ سے ہے: آئی جی سندھ

    کراچی: آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے پاک سری لنکا سیریز کے دوران سڑکوں پر ٹریفک جام کے حوالے سے عوامی ردِ عمل پر ناراضی کا اظہار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ نے کہا ہے کہ مسائل ہوں تو ان کے حل پر فوکس کرنا چاہیے، چھوٹے چھوٹے واقعات پر ٹویٹ کرنا شروع کر دیتے ہیں، غلطی ہوتی ہے لیکن بنا پروف کے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ شروع ہو جاتا ہے۔

    ڈاکٹر کلیم کا کہنا تھا ہم دباؤ میں نہیں ہیں، اپنا کام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے، ٹریفک جام کے مسائل کچھ تو سڑکوں کی وجہ سے بھی ہے، شہر میں 15 سو موٹر سائیکلیں رجسٹر ہو رہی تھیں، اب کرائسز کی وجہ سے 3 سو ہو رہی ہیں، جب 15 سو موٹر سائیکلوں کا روزانہ اضافہ ہوگا تو ٹریفک کا کیا حال ہوگا۔

    تازہ ترین:  تیسرا ون ڈے: سری لنکا کا پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

    انھوں نے کہا ہم نے پی ایس ایل کے میچز کو کام یاب کرایا، اب بھی پاک سری لنکا سیریز کے لیے تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں، ہمارا ہیومن رائٹ سیل، شکایتی مراکز کام کر رہے ہیں، کوشش ہے گریجوٹ آفیسرز کو بڑھایا جائے۔

    واضح رہے کہ شہر قائد میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین ون ڈے میچز پر مشتمل کرکٹ سیریز جاری ہے، آج سیریز کا آخری میچ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، جس کے لیے انتظامیہ نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے ہیں۔

    سیکورٹی انتظامات کی وجہ سے کراچی کی مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک جام کا بھی شدید مسئلہ پیدا ہوا ہے جس کے باعث شہری پریشانی میں مبتلا ہیں۔

  • حکومت کا دوران ڈرائیونگ سگریٹ پینے پر چالان کرنے کا فیصلہ

    حکومت کا دوران ڈرائیونگ سگریٹ پینے پر چالان کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے عالمی سطح کے نئے ٹریفک قوانین متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے مطابق دوران ڈرائیونگ سگریٹ پینے پر چالان لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں دوران ڈرائیونگ سگریٹ پینے پر چالان لگانے کا فیصلہ کیا گیا، اعجاز شاہ نے ایک ہفتے کے اندر پالیسی پر عمل درآمد شروع کرنے کا حکم دیا۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ 30 ستمبر ڈیڈ لائن تھی سوشل میڈیا مہم بھی شروع کی جائے گی، نئے قوانین کے تحت دوران ڈرائیونگ سگریٹ پینے پر جرمانہ عائد کیا جائے گا، تین بار خلاف ورزی پر لائسنس معطل کردیا جائے گا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دوران ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ باندھنا لازمی ہوگا اور بغیر لائسنس کے گاڑی چلانے پر پابندی ہوگی، بلاوجہ ٹریفک جام پر ایس پی اور ڈیوٹی افسر کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    مزید پڑھیں: سگریٹ پرہیلتھ ٹیکس کے نفاذ کی حتمی منظوری، بابرعطا کی تصدیق

    واضح رہے کہ رواں سال جون میں وزیر اعظم عمران خان نے سگریٹ اور کاربونیٹڈ ڈرنکس پر بھاری ہیلتھ ٹیکس عائد کرنے کی منظوری دے دی تھی، حکومت کا کہنا تھا کہ موت کے سوداگروں کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔

    بابر عطا نے کہا تھا کہ تاریخ میں پہلے بار اس قدر جرات مندانہ فیصلہ کیا گیا ،موت کے سوداگروں کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔

    یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل حکومت نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ اسلام آباد میں بڑی عمارات میں سگریٹ نوشی کو ممنوع کیا جائے اور اس قانون کواسلام آباد کی یونیورسٹی اور کالجز میں بھی لاگو کروائیں گے۔

  • بارشوں کا چوتھا اسپیل، کراچی میں شدید ٹریفک جام، مزید بارشوں کی پیش گوئی

    بارشوں کا چوتھا اسپیل، کراچی میں شدید ٹریفک جام، مزید بارشوں کی پیش گوئی

    کراچی: شہر قائد میں بارشوں کا چوتھا اسپیل شروع ہو چکا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید ترین مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بارشوں کے چوتھے اسپیل کا آغاز ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے آج شہر کے مختلف علاقوں کی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام رہا، کورنگی سمیت بیش تر شاہ راہوں پر سگنل بند اور ٹریفک پولیس غائب رہی۔

    کورنگی صنعتی ایریا میں سیکڑوں گاڑیاں گھنٹوں سے پھنسی رہیں، بروکس چورنگی، قیوم آباد چورنگی، کورنگی کراسنگ، جام صادق پل، کورنگی کاز وے، کورنگی ایکسپریس وے، نرسری اور ٹیپو سلطان پل پر شدید ٹریفک جام رہا۔

    لیاقت آباد، سخی حسن، کے ڈی اے چورنگی، سولجر بازار، نشتر روڈ، ملیر کالا بورڈ، کشمیر روڈ اور طارق روڈ پر بھی گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، نمایش، جہانگیر روڈ، تین ہٹی اور لیاقت آباد میں بھی ٹریفک جام رہا۔

    ادھر چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ کراچی میں بارش کا یہ چوتھا اسپیل ہے، شہر میں کل بھی بارش کا امکان ہے، خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کا ایک اور سسٹم بن رہا ہے، جس کی وجہ سے مزید بارش کے ایک سے دو اسپیل کا امکان ہے۔

    دوسری طرف محکمہ موسمیات نے صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک کا بارش کا ریکارڈ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ لانڈھی میں 18 ملی میٹر، اولڈ ایئر پورٹ پر 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    موسمیات کے مطابق فیصل بیس پر 13 ملی میٹر، جناح ٹرمینل میں 6.8 ملی میٹر جب کہ یونی ورسٹی روڈ پر 6.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

  • کراچی: اپوزیشن جماعتوں کا جلسہ، مختلف علاقوں میں بد ترین ٹریفک جام

    کراچی: اپوزیشن جماعتوں کا جلسہ، مختلف علاقوں میں بد ترین ٹریفک جام

    کراچی: شہرِ قائد میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے یوم سیاہ کے موقع پر جلسے کے انعقاد کی وجہ سے مختلف علاقوں میں بد ترین ٹریفک جام ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اپوزیشن جماعتوں کے جلسے کی وجہ سے شارع فیصل، شاہراہ قائدین اور کشمیر روڈ کے اطراف ٹریفک جام ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

    جلسے کی وجہ سے گرومندر، گارڈن، سولجر بازار، لیاقت آباد، سوک سینٹر کے اطراف میں ٹریفک جام کے ساتھ ساتھ ایم اے جناح روڈ، جیل چورنگی، صدر، پیپلز چورنگی، جمشید روڈ اور لکی اسٹار پر بھی شدید ٹریفک جام ہے۔

    اپوزیشن کے جلسے کے باعث نیو پریڈی اسٹریٹ، دادا بھائی، جہانگیر روڈ، ناراجن روڈ پر بھی ٹریفک جام ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نوازشریف سے جیل میں اے سی اور ٹی وی کی سہولت واپس لے لی گئی

    ٹریفک جام میں گھنٹوں سے پھنسی سیکڑوں گاڑیوں کا ایندھن بھی ختم ہو چکا ہے، جن میں ایمبولینسز بھی شامل ہیں، ٹریفک جام کی بڑی وجہ اپوزیشن جماعتوں کی مختلف علاقوں میں ریلیاں ہیں۔

    کئی گھنٹوں سے سڑکوں پر پھنسے شہری بری طرح رُل گئے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جن کا برا حال ہو چکا ہے۔

    واضح رہے کہ آج 25 اکتوبر کی مناسبت سے جب کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا ایک سال پورا ہو گیا ہے، اپوزیشن کی جانب سے ملک بھر کے بڑے شہروں میں ریلیاں اور جلسے منعقد کیے گئے اور آج کے دن کو یوم سیاہ کے طور پر منایا۔

  • یوم آزادی پر شہرقائد میں بدترین ٹریفک جام، عوام شدید اذیت کا شکار

    یوم آزادی پر شہرقائد میں بدترین ٹریفک جام، عوام شدید اذیت کا شکار

    کراچی: شہر قائد کی کئی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام کی وجہ سے سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں.

    تفصیلات کے مطابق یوم آزادی پر شہریوں کو بدترین ٹریفک جام کی وجہ سے شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں.

    ٹریفک کے دباؤ سے شارع فیصل شدید متاثر ہوئی، ایئرپورٹ سےصدر جانے والی شارع پرہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں.

    ٹریفک جام ہونےکی وجہ سےدرجنوں گاڑیوں میں فیول ختم ہوگیا، ایمبولینسز کو بھی راستہ نہیں مل سکا.

    گرومندر، کارساز اور صدر کے علاقے میں شہری گاڑیوں کی دباؤ کی وجہ سے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں‌ طے کرنے پر مجبور ہیں.

    ڈی آئی جی ٹریفک کا موقف

    شہر میں بدترین ٹریفک جام پر ردعمل دیتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ جشن آزادی ریلیوں کی وجہ سےعوام کا رش ہے.

    انھوں نے کہا کہ ایس ایس پی ٹریفک اسٹاف کے ہمراہ ٹریفک کنٹرول کررہے ہیں، کوشش ہےاہم شاہراہوں پرٹریفک جلد سے جلد بحال کیا جائے.

  • ٹریفک مسائل کے حل کے لیے کمشنر کراچی کی زیر صدارت اجلاس

    ٹریفک مسائل کے حل کے لیے کمشنر کراچی کی زیر صدارت اجلاس

    کراچی: شہر قائد میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کے حل کے لیے کمشنر کراچی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، ترجیحی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے ہدایت کی کہ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے ترجیحی اقدامات کیے جائیں۔

    اعجاز احمد خان نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شہر میں جگہ جگہ بے ہنگم پارکنگ ایریا ختم کیے جائیں، اور مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے۔

    خیال رہے کہ شہر میں کھدی ہوئی سڑکوں اور بے ہنگم پارکنگز کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل سنگین تر ہوگئے ہیں، خصوصاً روزہ افطار کرنے کے وقت شہریوں کو بہت تکلیف اٹھانی پڑ رہی ہے۔

    کمشنر کراچی نے چارجڈ پارکنگ کے مسئلے پر بھی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ ضرورت ہے کہ چارجڈ پارکنگ کو بہتر بنایا جائے، چناں چہ اس سلسلے میں فوری اقدامات کیے جائیں۔

    انھوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے علاقوں کی چارجڈ پارکنگز کا معائنہ کریں اور ان کی بہتری کے لیے اقدامات کریں۔

    کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے کہا کہ عید کے لیے شاپنگ کے سلسلے میں ٹریفک کی صورت حال کو قبل از وقت کنٹرول میں رکھنے کے لیے ٹریفک مینجمنٹ بورڈ کو فعال کیا جائے۔

    کراچی: ایمپریس مارکیٹ میں تجاوزات کے خلاف کارروائی، پر تشدد احتجاج میں پھل فروش جاں بحق


    واضح رہے کہ رمضان کے شروع ہوتے ہی شہر قائد میں ٹریفک کے مسائل میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے، شہر میں جگہ جگہ سڑکیں یا تو کھدی ہوئی ہیں یا جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھے پڑے ہوئے ہیں جن کی وجہ سے بھی ٹریفک کے مسائل پیدا ہورہے ہیں لیکن اس طرف مقامی حکومت کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانےکے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ٹریفک جام سے شہروں میں جرائم کی شرح میں اضافہ

    ٹریفک جام سے شہروں میں جرائم کی شرح میں اضافہ

    بڑے شہروں میں ٹریفک جام ایک معمول کی بات ہے۔ دفاتر اور مختلف کاموں کے لیے جانے والے افراد کو تقریباً روزانہ ہی ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹریفک جام ہماری جسمانی، دماغی و نفسیاتی صحت پر بدترین اثرات مرتب کرتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق ٹریفک جام کے وقت ہارن اور گاڑیوں کا شور، بھانت بھانت کے لوگوں کا شور، گاڑیوں کا دھواں، فضائی آلودگی وغیرہ یہ سب نہ صرف جسمانی طور پر نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ لوگوں کے موڈ اور مزاج پر بھی اثر انداز ہوتی ہیں۔

    مزید پڑھیں: ٹریفک جام کے صحت پر بدترین نقصانات

    علاوہ ازیں ٹریفک جام وقت کے زیاں کا سبب بھی بنتا ہے۔ امریکی ریاست ٹیکسس کے ٹرانسپورٹیشن انسٹیٹیوٹ کے مطابق بڑے شہروں میں ہر شخص سال میں اوسطاً 42 گھنٹے ٹریفک جام میں گزارتا ہے۔

    حال ہی میں ماہرین نے ٹریفک جام کے ایک اور نقصان کی طرف اشارہ کیا ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق ٹریفک جام میں وقت گزارنا چونکہ ذہنی تناؤ، دباؤاور غصے کا سبب بنتا ہے، لہٰذا یہ کیفیات کسی بھی شخص کو لاشعوری طور پر جرم کی طرف مائل کرتی ہیں۔

    تحقیق میں امریکی شہر لاس اینجلس کے ٹریفک کے بہاؤ اور وہاں کی پولیس کو درج کی جانے والی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے دیکھا گیا کہ بہت زیادہ ٹریفک کی وجہ سے گھریلو تشدد کے واقعات زیادہ رپورٹ ہوئے۔

    مذکورہ تحقیق میں بتایا گیا کہ گھریلو تشدد سمیت دیگر متشدد جرائم میں ملوث افراد جان بوجھ کر یہ نہیں کرتے، بلکہ یہ کام ان سے لاشعوری طور پر سرزد ہوتے ہیں کیونکہ وہ اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ پاتے۔

    مزید پڑھیں: کیا آپ شور شرابہ کے نقصانات جانتے ہیں؟

    ماہرین اس سے قبل بھی ٹریفک جام اور اس کے شور کے نقصانات سے آگاہ کر چکے ہیں۔ اس سے قبل ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ بڑے اور پرشور شہروں میں رہنے والے افراد میں بڑھاپے سے قبل ہی بہرے پن کا قوی امکان موجود ہوتا ہے۔

    دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کے مطابق گاڑیوں کا دھواں کینسر سمیت متعدد جان لیوا بیماریوں کو جنم دے سکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔