Tag: ٹریفک جام

  • چین: بدترین ٹریفک جام سے جنم لیتی حیران کن تصاویر

    چین: بدترین ٹریفک جام سے جنم لیتی حیران کن تصاویر

    بیجنگ: چین کے جنوبی صوبے ’ہینان‘ میں ہفتہ وار تعطیل پر شہریوں کی اتنی بڑی تعدار گھروں سے باہر نکلی کہ گاڑیوں کی قطار لگ گئی، شدید ٹریفک جام میں پچاس ہزار سے زائد شہری سڑکوں پر پھنس گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ان دنوں چین میں قمری سال نو کی مناسبت سے فیسٹیول کا انعقاد کیا جارہا ہے جہاں سرکاری سطح پر ہفتہ وار تعطیل کا اعلان کیا گیا، جس کا جشن منانے کے لیے شہری گھروں سے نکلے، تو دور دور تک گاڑیوں کی قطار لگ گئی۔ البتہ جب اس ٹریفک جام کی بلندی سے منظر کشی کی گئی، تو رنگا رنگ تصاویر سامنے آئیں، جو انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئیں۔

    ٹریفک جام کا مسئلہ، کون سا ملک سرفہرست ہے؟ رپورٹ سامنے آگئی

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق تقریباً پچاس ہزار سے زائد شہری ٹریفک جام میں بری طرح پھنس رہے جس کے بعد انتظامیہ حرکت میں آئی اور دو دن مسلسل محنت کے بعد ٹریفک بحال کرایا۔ اس دوران ڈرون کیمروں سے تصاویر لی گئیں، جو کسی فن پارے کے مانند معلوم ہوتی ہیں۔ یہ تصاویر پر انٹرنیٹ پر بڑے دلچسپ تبصرے سامنے آئے۔

    اس سے قبل گذشتہ سال چین کے دار الحکومت بیجنگ میں شدید ٹریفک جام ہوا تھا، جہاں تقریباً پچاس کلومیٹر تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں تھیں اور نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا تھا۔

    خیال رہے دنیا بھر میں پھیلے کروڑوں چینی باشندے نئے چینی قمری سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد کرتے ہیں۔مقامی اور انوکھے ملبوسات زیب تن کرتے ہوئے خوب ہلا گلا کرتے ہیں۔

    ٹریفک جام سے شہروں میں جرائم کی شرح میں اضافہ

    واضح رہے گاڑیوں سے متعلق تجزیوں پر نظر رکھنے والی کمپنی ’انریکس‘ نے سال 2017 میں بدترین ٹریفک جام والے شہروں کی فہرست جاری کی تھی۔

    جس میں سال 2017 میں بدترین ٹریفک جام کے لحاظ سے شہروں کی فہرست میں لاس اینجلس پہلے جبکہ ماسکور اور نیویارک مساوی طور پر دوسرے نمبر پر جبکہ بالترتیب ساؤ پاؤلو ، سانس فرانسسکو ، لندن، پیرس بھی فہرست میں ابتدائی 10 شہروں میں شامل ہوئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں ٹریفک جام کا نوٹس لے لیا، رپورٹ طلب

    وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں ٹریفک جام کا نوٹس لے لیا، رپورٹ طلب

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ نے شہر قائد کی سڑکوں پر ٹریفک جام کا نوٹس لے لیا، شوروم کے باہر سڑکوں پر کار پارکنگ کے خاتمے اور رپورٹ آئی جی سندھ سے طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے بالآخر ٹریفک جام سے پریشان مظلوم شہریوں کی پکار سن ہی لی، کراچی میں شو روم  مالکان کی ہٹ دھرمی کا وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نوٹس لے لیا اور آئی جی سندھ کوشاہراہوں سے گاڑیاں ہٹانے اوررپورٹ پیش کرنےکی ہدایت کر دی ہے۔

     مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ کو نیو ایم اے جناح روڈ، خالد بن ولید روڈ اور شاہراہ قائدین سمیت دیگر مرکزی شاہراہوں پر کھڑی شو روم کی گاڑیاں ہٹانے اوررپورٹ پیش کرنےکی ہدایت کی ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنی ہی حکومت کے زیر کنٹرول اداروں سے سخت بازپرس کرتے ہوئے کہا ہے کہ واضح ہدایت کے باوجود انتظامیہ اس معاملے پر چادر تان کر کیوں سو رہی ہے؟

    وزیراعلیٰ سندھ نے برہمی کا اظہار کیا کہ شہر میں کار شوروم مالکان اپنی گاڑیاں فٹ پاتھ پر کھڑی کردیتے ہیں، عوام کو فٹ پاتھ پر چلنا نصیب نہیں ہوتا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے دکانداروں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات اورگاڑیاں خود ہٹالیں ورنہ ان کےخلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

    دوسری جانب آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے غیرقانونی پارکنگ میں ملوث عناصرکے خلاف سخت قانونی اقدامات اٹھائے فیصلہ کرلیا اور اس حوالے سے انتظامیہ کو مکمل معاونت فراہم کرنے کی یقین دھانی بھی کرائی ہے۔


    مزید پڑھیں : کراچی، شوروم مالکان کو فٹ پاتھوں سے گاڑیاں‌ ہٹانے کا حکم


    یاد رہے کہ رواں سال ماہ جنوری میں بھی وزیر اعلیٰ سندھ نے شوروم مالکان کو سڑکوں پر موجود گاڑیاں ہٹانے کا حکم دیا تھا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر سے یہ گاڑیاں ہٹ بھی گئیں تو یہی انتظامیہ رشوت لے کر دوبارہ سے گاڑیاں پارک کرنے کی اجازت دے گی کیوں کہ یہاں پورا مافیا کام کررہا ہے جو بھتہ کی رقم وصول کرتا ہے۔

    صدر ایمپریس مارکیٹ اس کی واضح مثال ہے جہاں انکروچمنٹ کے خلاف بارہا آپریشن کے باوجود آج بھی پتھارے موجود ہیں۔

  • کراچی حیدرآباد موٹروےپرشدیدٹریفک جام

    کراچی حیدرآباد موٹروےپرشدیدٹریفک جام

    کراچی : کراچی تاحیدر آباد موٹروے پررات بھرشدید ٹریفک جام رہا،ٹریفک جام کے باعث سپرہائی وے کےدونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

    تفصیلات کےمطابق کراچی اور حیدرآباد کو ملانے والی سپرہائی وے ٹرالر خراب ہونے کے بعد 11گھنٹے گزر جانے کے باوجود ٹریفک کو بحال نہیں کیاجاسکا جس کے باعث سینکڑوں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔

    سپرہائی وے پرتعمیراتی کام جاری ہےاور اس سلسلے میں ٹریفک کو متبادل راستوں سے موڑا جارہا ہے۔

    موٹروے پولیس کے مطابق سپر ہائی وے پر لکی چڑھائی کے قریب متبادل راستے پر موجود ٹرالر خراب ہوگیا۔ٹرالرکو تو کچھ دیر میں ہی ہٹادیا گیا لیکن دونوں ٹریک پرگاڑیاں آمنےسامنےآگئیں۔

    کراچی تاحیدرآباد موٹروے پر ایمبولینسزسمیت سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ایمبولینس ڈرائیورکا کہناہےکہ ٹریفک جام کےباعث مریض کوکچھ ہوگیاتوذمہ دارکون ہوگا۔


    انشاءاللہ2018تک تمام وعدے پورے کریں گے‘وزیراعظم نوازشریف


    یاد رہےکہ کراچی سے حیدرآباد تک تعمیر کی جانے والی ایم نائن 132 کلومیٹر طویل موٹروے کا 76 کلومیٹر طویل حصہ مکمل کرلیا گیا ہے۔ اس حصے کو رواں ماہ کے آخر میں عام ٹریفک کےلیے کھول دیا جائے گا۔

    واضح رہےکہ کراچی سے حیدرآباد موٹروے ایم نائن سیکشن کی تکمیل 2017 کے آخر تک ہونے کا امکان ہے۔

  • حیدرآباد: وزیراعظم کی 58 گاڑیوں کے ہمراہ آمد، ٹریفک جام، احتجاج

    حیدرآباد: وزیراعظم کی 58 گاڑیوں کے ہمراہ آمد، ٹریفک جام، احتجاج

    حیدر آباد: جلسے کے لیے حیدرآباد آمد پر وزیراعظم کے قافلے میں 58 گاڑیاں شامل تھیں جس کے باعث بدترین ٹریفک جام ہوگیا، طلبا نے احتجاج کیا اور گو نواز گو کے نعرے لگائے۔

    اطلاعات ہیں کہ ان کے قافلے میں 85 گاڑیاں شامل تھیں، قافلے کی آمد کے موقع پر جگہ جگہ سڑکیں بند کردی گئیں،گل سینٹر پر ٹریفک جام میں دو ایمبولینسز پھنس گئیں۔

    اسی سے متعلق: وزیر اعظم کا حیدر آباد میں انٹرنیشنل ایئر پورٹ بنانے کا اعلان 

    وزیراعظم نواز شریف کی ورکرز کنونشن سینٹر آمد پر طلبا نے بھرپو احتجاج کیا اور گو نواز گو کے نعرے لگادیے۔

    اطلاعات ہیں کہ طلبا جام شورو تا حیدرآباد سڑک بند کرنے کے خلاف مشتعل تھے اور اسی لیے احتجاج کررہے تھے

  • وزیراعظم کی ملتان آمد، ٹریفک جام کے باعث شہری پریشان

    وزیراعظم کی ملتان آمد، ٹریفک جام کے باعث شہری پریشان

    ملتان : وزیراعظم نواز شریف کے پروٹوکول کے باعث ملتان کے عوام رل گئے، صرف میٹرو بس چلی، باقی گاڑیاں روک دی گئیں، ٹریفک جام میں دل کے مریض کی ایمبولینس بھی پھنس گئی، گلیوں سے بھی راستہ نہ ملا، عوام کوپیدل بھی جانے نہیں دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان میں عوامی منصوبے کاافتتاح عوام کے لیے ہی درد سر بن گیا۔ وزیر اعظم نواز شریف ملتان میں میٹرو بس سروس کا افتتاح کرنے پہنچے تو ان کے طویل پروٹوکول کے باعث شہر کی اہم شاہراہیں بلاک ہوگئیں۔

    سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، ٹریفک جام میں پھنسے لوگوں کا سوال تھا کہ وزیراعظم یہاں سہولت دینے کیلیے آئے ہیں یا چھیننے کیلیے؟

    وزیراعظم کی آمد نے ملتان والوں کی زندگی کا پہیہ جام کردیا، ٹریفک جام میں ایمبولینسوں کو اسپتال جانے کا بھی راستہ نہ ملا دل کا مریض ٹریفک میں پھنسا رہا۔ ایمبولنس ڈٖرائیور فریاد کرتا رہا، ایمبولینس کو بھیجنے کیلئے لوگ گلیوں میں بھی گئے لیکن وہاں بھی راستہ نہ تھا۔

    مزید پڑھیں : ترقی کاراستہ روکنے یادھرنے کے لئے نہیں آئے،ملتان کے عوام کو حق دینے آئے ہیں، وزیراعظم

     بہاء الدین ذکریا یونیورسٹی تک سڑک بند تھی، انتظٓامیہ کی جانب سے گاڑیوں کے ساتھ ساتھ عوام کو پیدل جانے کی بھی اجازت نہ تھی، اہلکاروں نے ایک طالبہ کو بھی جانے سے روک دیا۔
  • کراچی، کارساز سے حسن اسکوائر اور کوریڈور تھری پر ٹریفک جام

    کراچی، کارساز سے حسن اسکوائر اور کوریڈور تھری پر ٹریفک جام

    کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں شدید ٹریفک جام کی وجہ سے شاہراہوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کارساز سے حسن اسکوائرتک جانے والی شاہراہ پر سخت ٹریفک جام ہوگیا ہے جس کے باعث سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔

    اس کے علاوہ آئی آئی چندریگرروڈ، میٹروپول، کوریڈورتھری میں بھی گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ چکی ہیں اور لوگوں کو شدید کوفت کا سامنا ہے۔

    اسی طرح حسن اسکوائر سے کراچی یونیورسٹی جانے والی شاہراہ پر بھی شدید ٹریفک جام ہے، اس شاہراہ کی ازسرِ نو تعمیر کی وجہ سے ٹریفک کے بہاؤ کو دوسری سڑک کی جانب موڑ دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک جام رہنا معمول کی بات بن گئی ہے۔

    شہریوں کی کہنا ہے کئی جگہوں پر تعمیراتی کاموں کے دوران متبادل انتظام نہ کرنے کی وجہ سے ٹریفک جام ہے جب کہ ٹریفک پولیس حسب روایت سڑکوں سے غائب ہے۔

  • ذرا سی بارش: کراچی میں بجلی غائب، سڑکوں‌ پر پانی، ٹریفک جام

    ذرا سی بارش: کراچی میں بجلی غائب، سڑکوں‌ پر پانی، ٹریفک جام

    کراچی میں بارش سے کے الیکٹرک کے 260 فیڈر ٹرپ کرگئے جس کے سبب شہر کا بیشتر حصہ تاریکی میں ڈوب گیا جبکہ ذرا سی بارش نے نکاسی آب کا بھی پول کھول دیا، سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے جگہ جگہ ٹریفک جام ہوگیا، محکمہ موسمیات نے کراچی میں مزید بارش اور سردی کی پیش گوئی کردی۔ 

    اطلاعات کے مطابق شہر میں ہلکی بارش ہوتے ہی 260 سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے اورکہیں کہیں بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کے تار ٹوٹ گئے جس کے باعث گلشن اقبال،ابوالحسن اصفہانی روڈ، گلستان جوہر، گارڈن ، بلدیہ، شاہ لطیف ٹائون، کورنگی، سائٹ ایریا، اورنگی، لانڈھی، نارتھ ناظم آباد میں بھی بجلی بند ہوگئی۔

    ٹریفک جام سے ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں

    دوسری جانب کراچی کے مختلف شہروں میں ٹریفک جام کے سبب شہری رل گئے، شارع فیصل پر ٹریفک جام کے سبب ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں۔

    وقفے وقفے سے جاری ہلکی بارش نے نکاسی آب کا پول کھول کر رکھ دیا، شہر کی مختلف سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا۔

    نمائندہ اےآر وائی نیوز سلمان لودھی کے مطابق صدر، ایم اے جناح روڈ، کھارادر میٹھادر اور دیگر اولڈ سٹی ایریا کی سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہونے سے گاڑیوں کا گزرنا مشکل ہوگیا جس کی وجہ سے جگہ جگہ ٹریفک جام ہے۔

    محکمہ موسمیات کی مزید بارش اور سردی کی پیش گوئی

    اس حوالے سے چیف میٹرولوجسٹ نے کہا ہے کہ کراچی میں سب سے زیادہ بارش مسرور ایئربیس پر 6ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اسی طرح نارتھ کراچی میں چار، ناظم آباد میں تین، کراچی ایئرپورٹ پر ایک، یونیورسٹی روڈ پر 2.2ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹے میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہے گی۔

    سردی کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میں درجہ حرارت گیارہ ڈگری سینٹی گریڈ تک گرسکتا ہے، کوئٹہ میں منفی چار، اسلام آباد میں درجہ حرارت منفی ایک، لاہور میں دو سینٹی گریڈ تک ہوسکتا ہے۔


    دریں اثنا پہلی بارش ہوتے ہی شہریوں نے پکوڑے اور دیگر اشیا کھانے کو ترجیح‌ دی، بازار میں‌ پکوڑے، نمکو، سموسے اور دیگر کھانے پینے کی اشیا کی دکانوں پر لوگوں‌ کا رش لگ گیا۔


    بارش ہوتے ہی کچھ لوگوں‌ نے فورا ہی ساحل کا رخ کیا اور وہاں‌ سردی کے باوجود موسم سے لطف اندوز ہوئے۔

  • کراچی: پولیس کی ناقص حکمت عملی کے باعث شدید ٹریفک جام

    کراچی: پولیس کی ناقص حکمت عملی کے باعث شدید ٹریفک جام

    کراچی: چپ تعزیہ کے اختتامی جلوس کے باعث کراچی میں ٹریفک پولیس کی ناقص حمکت عملی سے مختلف شاہراہوں پر ٹریفک جام رہا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں چپ تعزیے کے جلوس کے باعث مختلف شاہراہوں پر بد ترین ٹریفک جام ہوگیا۔ لوگوں اور بچوں کو اسکول اور دفاتر پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا رہا اور لوگ کئی کئی گھنٹے ٹریفک میں پھنسے رہے۔

    متبادل روٹس کے اعلان کے باوجود ٹریفک پولیس سڑکوں پر بے ہنگم ٹریفک روکنے میں ناکام رہی جس سے شاہراہ فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، ٹاور سمیت دیگر شاہراہوں اور علاقوں میں ٹریفک کا دباؤ رہا اور مذکورہ علاقوں اور ملحقہ سڑکوں پر مختلف اوقات میں بدترین ٹریفک جام دیکھنے میں آیا۔

    واضح رہے کہ آج قصر مسیب سے چپ تعزیہ کا آخری جلوس دوپہر میں برآمد ہوگا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مارٹن روڈ پر واقع امام بارگاہ شاہ نجف پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

    جلوس کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور اطراف کی سڑکوں کو کنٹینرز، بسیں اور دیگر رکاوٹیں کھڑی کر کے سیل کر دیا گیا ہے۔

    جلوس کے ساتھ پولیس کے 4 ہزار 8 سو 88 اہلکاروں کے علاوہ رینجرز کی بھاری نفری بھی موجود ہے۔ بلند عمارتوں پر اسنائپر شوٹرز تعینات ہیں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی تین ٹیمیں جلوس کے راستوں کی سوئپنگ کر رہی ہیں۔

  • کراچی: سڑکوں پر پانی جمع،شدید ٹریفک جام، گاڑیوں کی قطاریں

    کراچی: سڑکوں پر پانی جمع،شدید ٹریفک جام، گاڑیوں کی قطاریں

    کراچی: شہر قائد میں ہونے والی بارش کے سبب کراچی کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی، متعدد شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، دفاتر سے واپس جانے والے لاکھوں شہری سڑکوں پر پھنس کر رہ گئے، وزیر بلدیات نے کہا ہے کہ ناتھا خان پل کے اطراف سے پانی نکالنے کا کام شروع کردیا۔

    ایئرپورٹ اور شارع فیصل پر زیادہ پانی جمع

    اطلاعات کے مطابق موسلا دھار بارش کے سبب شارع فیصل، ڈالمیا، راشد منہاس روڈ، گلشن اقبال، گلستان جوہر، نیپا چورنگی، ناتھا خان، ڈرگ روڈ، شاہ فیصل اور اطراف کی شاہراہوں پر بارش ہوتے ہی بڑی مقدار میں پانی جمع ہوگیا جس شہری انتظامیہ کی جانب سے کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود تاحال نہیں نکالا جاسکا اور نہ پیشگی ایسے انتظامات کیے گئے کہ پانی جمع ہی نہ ہو۔

    پانی نکالنے کا کام شروع کردیا، وزیر بلدیات جام خان شورو

    اے آر وائی نیوز نے وزیر بلدیات سندھ کو آن لائن لیا اور سوالات کیے جواب میں جام خان شورو نے کہا کہ انتظامات شروع کردیے ہیں، ناتھا خان کے دونوں اطراف سے پانی کی نکاسی کے لی مشینیں بھیج دی ہیں جنہوں نے کام شروع کردیا ہے ،چند گھنٹوں میں پانی بالکل نکال دیا جائے، ہمیں احساس ہے کہ لوگوں کو ایئرپورٹ بھی جانا ہے اور لوگ کئی گھنٹے سے پھنسے ہوئے ہیں۔

    بارش کی پیشگی اطلاع نہیں تھی، ایئرپورٹ کے اطراف 56ملی میٹر بارش ہوئی، وزیر بلدیات

    وزیر بلدیات نے مزید بتایا کہ ایئرپورٹ کے اطراف 56 ملی میٹر بارش ہوئی، اس بارش کی پیش گوئی نہیں تھی یہ بارش اچانک ہوئی جس کی وجہ سے یہ حالت ہوئی، آئندہ بارش کے پانی کی نکاسی کے پیشگی انتظامات کریں گے شہریوں کو دوبارہ تکلیف اٹھانی نہیں پڑے گی۔

    ایئرپورٹ جانے والا راستہ زیادہ جام ہے ، نمائندہ اے آر وائی

    اے آر وائی نیوز کے رپورٹر انجم وہاب کے مطابق ایئرپورٹ جانے والے رستے پر پانی جمع ہونے کے سبب شدید ٹریفک جام ہے، ہزاروں گاڑیاں کئ گھنٹوں سے وہاں پھنسی ہوئی ہیں،ناتھ خان پل کے دونوں اطراف سڑک پر نیچے گھٹنوں گھٹنوں پانی جمع ہے اس کی نکاسی کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا، ہر انتظامیہ یہ مسئلہ حل کرنے کا کہتی ہے لیکن تاحال یہ مسئلہ حل نہیں ہوا۔

    ہر بار بارش میں یہاں ایسا ہی ہوتا ہے،انجم وہاب

    رپورٹر نے مزید بتایا کہ یہاں ہر بار بارش میں ایسا ہی ہوتا ہے، شہری انتظامیہ نے وزیراعلیٰ سندھ کے احکامات ہوا میں اڑا دیے ہیں ، بارش ہونے کے کئی گھنٹوں بعد بھی پانی کی نکاسی ممکن نہ ہوسکی، متعدد گاڑیاں بند بھی ہوگئیں اور کئی گاڑیوں کا فیول ختم ہوگیا، کئی شہری گاڑیاں چھوڑ گئے، مسافر شدید پریشانی سے دوچار ہیں ان میں سے کچھ کی فلائٹ بھی تھی جنہیں ایئرپورٹ جانا تھا۔

    دفاتر سے نکلنے والے لاکھوں شہری پھنس کر رہ گئے

    اطلاعات ہیں کہ دفاتر سے جانے والے لاکھوں افراد سڑکوں پر پھنس کر رہ گئے ہیں، شہری انتظامیہ کی نااہلی نے باران رحمت کو باران زحمت بنا دیا۔

    اگلے 24 گھںٹوں میں دوبارہ بارش کا امکان

    اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے کراچی میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہےاور کہا ہے کہ اگلے چوبیس گھنٹوں میں دوبارہ بارش کا امکان ہے۔

    دریں اثنا بارش کے بعد پکوڑوں اور سموسوں کی دکان پر رش لگ گیا اور لوگوں موسم سے لطف اندوز ہوتے رہے


    People of Karachi enjoy rainy weather by arynews

  • کراچی، لاہور، مری میں ٹریفک جام، لاکھوں شہری پھنس گئے

    کراچی، لاہور، مری میں ٹریفک جام، لاکھوں شہری پھنس گئے

    کراچی+لاہور+مری: ملک کے مختلف شہروں میں شام ہوتے ہی لاکھوں شہریوں نے  اپنی سواریوں پر رشتہ داروں اور تفریح گاہوں کا رخ کیا جس کے سبب بدترین ٹریفک جام ہوگیا، شاہراہوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

    اطلاعات کے مطابق کراچی میں گلشن اقبال، الٰدین پارک، راشد منہاس روڈ، جہانگیر روڈ، تین ہٹی، لسبیلہ، غریب آباد، کریم آباد، عائشہ منزل، حسن اسکوائر، ابوالحسن اصفہانی روڈ، نیپا،یوپی موڑ، ناگن چورنگی اور ڈرگ روڈ پر ہزاروں انتہائی سست رفتاری سے منزل مقصود کی جانب رواں دواں ہیں، شہریوں کا منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہورہا ہے۔

    اس طرح تفریح کے لیے لاکھوں شہریوں کے سی ویو جانے کے سبب اس روڈ پر بھی بدترین ٹریفک جام ہوگیا،موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں راستے بدلتے ہوئے کلفٹن اور ڈیفنس میں بھی داخل ہوگئیں تاہم انہیں سی ویوجانے والے ہر رستے پر گاڑیوں کی قطاریں ہی ملیں۔

    اے آئی وائی نیوز کراچی کے نمائندے صلاح الدین کے مطابق ٹریفک جام اس قدر بدترین ہے کہ بہت سی گاڑیوں کا ایندھن تک ختم ہوگیا ہے جب کہ ٹریفک پولیس کے اہلکار کہیں بھی نظر نہیں آرہے۔

    الہٰ دین پارک میں عوام کا داخلہ بند

    ٹریفک جام کے سبب راشد منہاس روڈ پر واقع الہٰ دین پارک میں عوام کا داخلہ بند کردیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ایسٹ قاضی جان نے کہا کہ عوام کے بے پناہ ہجوم کے سبب الٰہ دین پارک کےاطراف ٹریفک جام ہوگیا، عوام سے اپیل ہے کہ وہ الٰہ دین پارک نہ آئیں یہاں پہلے ہی ہزاروں افراد موجود ہیں۔

    مری میں راول جھیل سے گلیات تک ٹریفک جام

    ملک کے دیگر شہروں کی طرح مری میں بھی ٹریفک جام ہوگیا، روال جھیل سے مری گلیات تک گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیںِ۔اطلاعات کے مطابق مری روڈ، گلیات، ایوبیہ، نتھیا گلی تفریح کے لیے آنے والے ہزاروں شہری پھنسے ہوئے ہیں، ٹریفک انتہائی سست رفتاری سے چل رہا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مری میں آج پچاس ہزار سے زائد گاڑیوں داخل ہوئیں جس کے سبب ٹریفک جام ہوا۔

     اطلاعات ہیں کہ لاکھوں سیاح کے بیک وقت مری پہنچنے کے سبب ٹریفک جام ہوگا، تمام ہوٹل بک ہوچکے ہیں سڑکوں پر لگے ہوئے تخت اور ہوٹلوں سمیت کہیں بھی جگہ خالی نہیں ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے مری میں ٹریفک جام کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ ٹریفک جام کا معاملہ فوری طور پر حل کیا جائے،شہریوں کی لمحہ بہ لمحہ رہنمائی کی جائے اور مری روڈ پر ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جائے۔

    لاہور میں فوڈ اسٹریٹس کے اطراف گاڑیوں کی قطاریں

    اسی طرح لاہور میں بھی فوڈ اسٹریٹس، باغات سمیت تفریح گاہوں اور شہر کی دیگر اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام کی اطلاعات ہیں۔