Tag: ٹریفک جرمانہ

  • پیدل چلنے والے خبردار، اسپین میں 1000 یورو جرمانہ لاگو

    پیدل چلنے والے خبردار، اسپین میں 1000 یورو جرمانہ لاگو

    میڈرڈ: آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ اسپین میں اب پیدل چلنے والے بھی بھاری جرمانہ ادا کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپین میں سڑکوں پر غلط طریقے سے پیدل چلنے والوں کو محکمہ ٹریفک کی جانب سے 1,000 یورو تک کا جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔

    جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ٹریفک کا کہنا ہے کہ پیدل چلنے والوں کو بھی ٹریفک اور روڈ سیفٹی قانون کے ضوابط کی تعمیل کرنی ہوگی، اور قانون کی تعمیل کی ناکامی کی صورت میں محکمے کی جانب سے ہزار یورو تک کا جرمانہ ہو سکتا ہے۔

    محکمے نے پیدل چلنے والے افراد کی تعریف بھی متعین کی ہے، ٹریفک اور روڈ سیفٹی قانون کے مطابق پیدل چلنے والا شخص وہ ہے جو ڈرائیور نہیں ہے، اور جو عوامی سڑکوں پر پیدل سفر کرتا ہے۔

    ہسپانوی محکمہ ٹریفک کے مطابق مندرجہ ذیل صورتوں میں پیدل چلنے والوں کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    زیبرا کراسنگ استعمال کیے بغیر سڑک پار کرنا، موٹر وے یا دوہری کیریج ویز پر چلنا، پیدل چلنے والوں کے لیے موٹر ویز یا دوہری کیریج ویز پر چلنے کی سختی سے ممانعت ہے، اس کی اجازت صرف خاص حالات میں ہے۔

    چمک دار بنیان نہ پہننا، موٹر ویز یا دوہری کیریج ویز پر چمک دار بنیان پہننا لازمی ہے، رہائشی علاقوں سے باہر سڑک کے بائیں جانب نہ چلنا، اس کی وجہ یہ ہے کہ اس طرح وہ آگے سے آنے والی گاڑیوں کو دیکھ سکیں گے، اگر کوئی پیدل چلنے والا دائیں طرف چلتا ہے تو پیچھے سے آنے والی گاڑیوں کے خطرے کا ادراک کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

    ٹریفک لائٹ سرخ ہونے پر سڑک کراس کرنا، جب کوئی ڈرائیور سرخ ٹریفک لائٹ دیکھتا ہے، تو اس کا مطلب ہے کہ اسے رک کر انتظار کرنا چاہیے۔ یہی اصول پیدل چلنے والوں پر بھی لاگو ہوتا ہے۔

    الکحل یا منشیات کے لیے ٹیسٹ کروانے سے انکار، کیوں کہ صرف ڈرائیور ہی نہیں بلکہ یہ اصول پیدل چلنے والوں پر بھی لاگو ہوتا ہے، اگر وہ کسی حادثے میں ملوث ہوتے ہیں یا کوئی جرم کرتے ہیں، ان صورتوں میں الکحل یا منشیات کے لیے ٹیسٹ کروانے سے انکار کرنے پر جرمانہ ہو سکتا ہے۔

  • کویت: شہریوں اور غیر ملکیوں کو اہم ہدایت جاری

    کویت: شہریوں اور غیر ملکیوں کو اہم ہدایت جاری

    کویت سٹی: کویت ٹریفک ڈیپارٹمنٹ نے شہریوں اور غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے قبل ٹریفک جرمانے ادا کریں۔

    تفصیلات کے مطابق کویت ٹریفک حکام نے خبردار کیا ہے کہ شہری اور غیر ملکی سفر سے قبل ٹریفک جرمانے ادا کریں، ورنہ سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے تجویز دی گئی تھی کہ جب ٹریفک خلاف ورزی پر عائد جرمانے ادا نہ کیے جائیں، غیر ملکیوں کے بیرونِ ملک سفر پر پابندی لگائی جائے، وزارت داخلہ دیگر وزارتوں سے کویتیوں اور غیر ملکیوں کے لیے ہر قسم کی سروس بند کرنے کے لیے بھی رابطہ کرنا چاہتی ہے، جب تک کہ وہ ادائیگیاں نہ کر دیں۔

    واضح رہے کہ اس قسم کی سروس کئی خلیجی ممالک پہلے ہی سے موجود ہے، ٹریفک ڈیپارٹمنٹ اس تجویز کو وزیر داخلہ شیخ ثامر العلی کو پیش کرنے پر غور کر رہی ہے، تاکہ کویتی شہریوں اور غیر ملکیوں کے ٹریفک جرمانوں کو اکھٹا کیا جا سکے جس کا تخمینہ لاکھوں دینار ہے۔

    ذرائع کے مطابق کویت میں ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کی ایک بڑی تعداد یا تو قید ہے یا وفات پا چکی ہے جب کہ غیر ملکیوں کی ایک بڑی تعداد مستقل طور پر ملک چھوڑ چکی ہے۔

    تارکین وطن کو ٹریفک جرمانوں کی ادائیگی کے بغیر ملک چھوڑنے سے روکنے کے لیے زمینی، سمندری اور ہوائی بندرگاہوں پر جرمانوں کی وصولی کے لیے خصوصی دفاتر قائم کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔

    ٹریفک خلاف ورزی پر فون پر ٹیکسٹ میسج بھیجنے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے، جس میں بتایا جائے گا کہ خلاف ورزی کون سی ہے اور کتنا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب: ٹریفک جرمانے سے بچنے کا طریقہ

    سعودی عرب: ٹریفک جرمانے سے بچنے کا طریقہ

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے بتایا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران جرمانے سے بچتے ہوئے لین کیسے تبدیل کر سکتے ہیں؟

    تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے ڈرائیورز کو لین کی پابندی کی اہمیت واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی خلاف ورزی پر خود کار نظام کے تحت جرمانہ ہوگا۔

    محکمے کا کہنا ہے کہ لین کی تبدیلی سے قبل قاعدوں اور ضابطوں کی پابندی کی جائے، یہ اپنی اور دوسرے لوگوں کی سلامتی کے لیے ضروری ہے۔

    محکمے کے مطابق لین کی تبدیلی سے پہلے اس بات کا یقین کر لینا ضروری ہے کہ اس سے خود ڈرائیور اور دوسرے مسافروں کی سلامتی محفوظ رہے گی۔

    محکمے نے بتایا کہ لین کیسے تبدیل کریں کہ جرمانہ نہ ہو، اس سلسلے میں بتایا گیا کہ لین تبدیل کرنے سے مناسب وقت پہلے انڈیکیٹر دینا ضروری ہے، یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ جس لین کی طرف منتقل ہو رہے ہیں وہ گاڑیوں سے خالی ہے۔

    محکمے کے مطابق اس بات کو بھی دیکھنا ہوگا کہ جس لین کی طرف منتقل ہونے جا رہے ہیں وہاں گاڑی چلانے میں کوئی ممانعت تو نہیں نہ ہی وہاں چلنے پر کوئی ٹریفک خلاف ورزی ہے۔

    واضح رہے کہ ریاض، جدہ اور دمام کی سڑکوں پر لین کی پابندی نہ کرنے والوں کی خلاف ورزیوں کا اندراج خود کار نظام کے ذریعے ہوگا۔ جو ڈرائیور لین کی پابندی نہیں کریں گے ان پر ٹریفک کو معطل کرنے اور راہ گیروں کی زندگیوں کو خطرات سے دوچار کرنے کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی جائیں گی۔

  • سعودی عرب: کیا گاڑی میں پیٹرول کی کمی پر ٹریفک جرمانہ ہوگا؟

    سعودی عرب: کیا گاڑی میں پیٹرول کی کمی پر ٹریفک جرمانہ ہوگا؟

    ریاض: آپ سعودی عرب کی سڑکوں پر گاڑی چلا رہے ہوں اور اس دوران پیٹرول کی ٹینکی میں فیول ایک خاص مقدار سے کم ہو جائے تو کیا ٹریفک جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا؟

    اس پریشان کن سوال کا جواب محکمہ ٹریفک نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے دے دیا ہے، ایک شہری نے سوال کیا تھا کہ کیا گاڑی میں پیٹرول کم ہو جانے پر ٹریفک جرمانہ ہوگا؟

    سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ’گاڑی میں پیٹرول کی مقدار کے حوالے سے ٹریفک قوانین میں کوئی وضاحت موجود نہیں۔‘

    محکمہ ٹریفک کا یہ جواب خاصا حوصلہ افزا تھا، محکمے نے یہ بھی کہا کہ ٹینکی میں ایک چوتھائی سے کم مقدار پیٹرول رہ جانے پر جرمانہ نہیں ہوتا۔

    سعودی محکمہ ٹریفک کی ٹریفک قوانین کے حوالے سے وضاحت

    دراصل اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، ایک شہری نے ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں اس نے شکایت کی کہ گاڑی میں پیٹرول کم ہو جانے پر انھیں ٹریفک جرمانہ ہوا ہے۔

    ٹویٹر پر شیئر ہونے والی ویڈیو میں شہری نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی گاڑی میں پیٹرول ایک چوتھائی سے کم تھا جس پر انھیں 150 ریال کا جرمانہ کیا گیا۔

    شہری نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر ٹریفک جرمانے سے بچنا ہے تو گاڑی کی ٹینکی کم سے کم آدھی فُل ہونی چاہیے۔