Tag: ٹریفک حادثات

  • کراچی میں 2 بڑے ٹریفک حادثات، 3 افراد جاں بحق اور 25 سے زائد زخمی

    کراچی میں 2 بڑے ٹریفک حادثات، 3 افراد جاں بحق اور 25 سے زائد زخمی

    کراچی : شہر قائد میں مختلف مقامات پر دو بڑے ٹریفک حادثات کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور 25 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں دو مختلف خوفناک ٹریفک حادثات پیش آئے ، نیشنل ہائی وے پر واقعے لانڈھی بچہ جیل کے قریب منی بس اور کوسٹر میں تصادم ہوا ، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور9 زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ نجی کمپنی کے ملازمین کو پورٹ قاسم کی طرف لے جانے والی کوسٹر وین مسافر بس سے ٹکرا گئی، بس اور کوسٹر میں سوار جاں بحق اور زخمی افراد کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    دوسرے جانب کاٹھور موٹروے کے قریب بس اور ٹرالر میں تصادم ہوا ، جس کے کے نتیجے میں پچیس افراد زخمی ہو گئے، بس حیدرآباد سے کراچی آ رہی تھی ، حادثے کے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ دونوں ڈرائیورز کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ۔

  • شیخوپورہ: بس اور وین میں ہولناک ٹکر، 13 مسافر جاں بحق

    شیخوپورہ: بس اور وین میں ہولناک ٹکر، 13 مسافر جاں بحق

    شیخوپورہ: پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں بس اور وین میں ہولناک ٹکر کے باعث 13 افراد جاں بحق جب کہ 15 زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرایع کے مطابق آج صبح نارووال روڈ پر دربار میراں شاہ نارنگ منڈی میں تیز رفتار بس اور 2 مسافر وین کے درمیان خوف ناک تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں تیرہ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ یہ افسوس ناک حادثہ سڑک پر دھند کے باعث پیش آیا، گاڑیاں مخالف سمت میں آ رہی تھیں، دھند کے باعث ایک دوسرے سے بری طرح ٹکرا گئیں۔

    سڑک پر دھند پھیلی ہوئی ہے، ریسکیو اہل کار آگ بجھا رہے ہیں

    تصادم کے نتیجے میں وین کا سلنڈر پھٹنے سے مسافر وین اور بس سمیت تینوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس کے باعث 7 افرا د موقع ہی پر جھلس کر جاں بحق ہو گئے اور پندرہ سے زائد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں، جن میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک ہے۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ بدقسمت مسافر بس نارنگ سے لاہور جا رہی تھی کہ لاہور سے نارنگ جانے والی مسافر وین سے دھند کے باعث ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں آگ لگ گئی۔

    ریسکیو 1122 نارنگ منڈی، مریدکے اور شیخوپورہ کی امدادی ٹیموں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا، حادثے کے زخمیوں کو آر ایچ سی نارنگ منتقل کیا گیا ۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 13 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، مرنے والے لاہور میں شادی میں شرکت کے بعد نارووال جا رہے تھے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے شیخوپور میں ٹریفک حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے، انھوں نے اجاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہم دردی کا بھی اظہار کیا ہے۔

  • ٹریفک حادثہ، جشن آزادی منانے نکلنے والے 2 بچے جاں بحق، 3 زخمی

    ٹریفک حادثہ، جشن آزادی منانے نکلنے والے 2 بچے جاں بحق، 3 زخمی

    کراچی: شہر قائد میں آئی سی آئی پل کے قریب ایک ٹریفک حادثے میں 2 بچے جاں بحق جب کہ 3 زخمی ہو گئے، بد قسمت بچے بڑے بھائی کے ساتھ موٹر سائیکل پر جشن آزادی منانے نکلے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں آئی سی آئی پل کے قریب ٹریفک حادثے میں دو بچے جاں بحق ہو گئے، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ حادثے میں 2 بچیوں سمیت تین بچے زخمی ہو گئے ہیں جنھیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ریسکیو کے مطابق حادثہ موٹر سائیکل کو کار کی ٹکر کے باعث پیش آیا، حادثے کی شکار موٹر سائیکل پر پانچوں بچے بہن بھائی ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں 14 سال کا عمر اور 3 سال کا اویس شامل ہیں، جب کہ زخمیوں میں 4 سال کی افشاں، 6 سال کی منیبہ اور 7 سال کا عبدالہدیٰ شامل ہیں۔

    ریسکیو کا کہنا ہے کہ سب سے بڑا بھائی یوم آزادی منانے کے لیے بچوں کو موٹر سائیکل پر گھمانے کے لیے نکلا تھا کہ آئی سی آئی پل کے قریب کار کی ٹکر سے حادثے کا شکار ہو گئے، بچوں نے یوم آزادی کی مناسبت سے لباس پہن رکھا تھا۔

    معلوم ہوا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے بچے بلدیہ 7 نمبر کے رہائشی ہیں، اہل خانہ سول اسپتال پہنچے تو بچوں کو دیکھ کر ان کی حالت غیر ہونے لگی۔

    واضح رہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، بڑی تعداد میں بچوں اور خواتین سمیت لوگ گھروں سے نکل کر مختلف مقامات پر پاکستان کی آزادی کا جشن منا رہے ہیں۔

  • ساہیوال، کراچی، چلاس میں حادثات، 6 افراد جاں بحق، 46 زخمی

    ساہیوال، کراچی، چلاس میں حادثات، 6 افراد جاں بحق، 46 زخمی

    ساہیوال/کراچی/چلاس: ملک کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات میں 6 افراد جاں بحق جب کہ 46 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر ساہیوال میں عارف والہ روڈ بائی پاس کے قریب مسافر بس الٹنے سے 5 افراد جاں بحق جب کہ 35 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ 6 مسافروں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے، معلوم ہوا کہ مسافر بس فورٹ عباس سے ساہیوال آ رہی تھی کہ بائی پاس عارف والا کے قریب بس کا ٹائر بلاسٹ ہو کر باڈی سے نکل گیا اور بس درخت سے ٹکرا کر الٹ گئی۔

    کراچی میں بھی احسن آباد کے علاقے میں ایک کنٹینر سڑک پر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ ایک شدید زخمی ہو گیا ہے، ہیوی کنٹینر الٹ کر سڑک پر پارک کی گئی گاڑی پر جا گرا تھا، سڑک پر موجود افراد کنٹینر کی زد میں آئے، ریسکیو ذرایع کے مطابق حادثے کے بعد ٹریفک معطل کر دیا گیا ہے، پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔

    گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے تاریخی شہر چلاس میں بھی ایک حادثہ پیش آیا ہے، بابوسر کے مقام پر سیاحوں کی وین کو حادثہ پیش آنے سے 10 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    کراچی کے علاقے احسن آباد میں کنٹینر الٹنے کا حادثہ

    پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے سیاحوں کا تعلق کراچی سے ہے، بریک فیل ہونے پر وین بے قابو ہو کر چٹان سے ٹکرا گئی تھی، حادثے کے زخمیوں کو آر ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔

    پولیس نے بتایا کہ ایک زخمی کی حالت تشویش ناک ہونے پر اسے گلگت منتقل کر دیا گیا ہے، اسپتال ذرایع کا کہنا ہے کہ دیگر زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

  • دادا، دادی، پوتے کو کچلنے والا ڈمپر ڈرائیور گرفتار

    دادا، دادی، پوتے کو کچلنے والا ڈمپر ڈرائیور گرفتار

    کراچی: شہید ملت روڈ پر چند روز قبل ٹریفک حادثے میں 3 افراد جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا تھا، پولیس نے اس واقعے کے ذمہ دار ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کو شہید ملت روڈ پر انڈر پاس میں تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مار دی تھی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار دادا، دادی اور پوتا جاں بحق ہو گئے تھے، واقعے کے بعد حادثے کا ذمے دار ڈرائیور موقع سے ڈمپر سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔

    ہل پارک انٹر سیکشن پر قائم انڈر پاس میں تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری اور کافی دور تک اسے رگڑتا ہوا ساتھ لے گیا جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار تینوں افراد موقع ہی پر جاں بحق ہو گئے تھے۔

    پولیس نے آج ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کر کے ڈمپر تحویل میں لے لیا ہے۔

    شہر قائد میں آج دیگر ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جب کہ 3 زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرایع کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن چورنگی کے قریب ایک کار بے قابو ہو کر الٹ گئی جس سے کار سوار ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔

    کراچی کے علاقے بھینس کالونی روڈ نمبر 12 پر موٹر سائیکل سوار نالے میں گر کر جاں بحق ہو گیا، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ جاں بحق شخص کی شناخت 40 سالہ محمد اکبر کے نام سے ہوئی ہے، جس کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

  • کنڈیارو، ہری پور میں ٹریفک حادثات، 8 افراد جاں بحق

    کنڈیارو، ہری پور میں ٹریفک حادثات، 8 افراد جاں بحق

    نوشہروفیروز/ہری پور: قومی شاہراہ پر کنڈیارو کے قریب ایک مسافر کوچ دکان سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون اپنی 2 بیٹیوں سمیت جاں بحق ہو گئی۔ ہری پور میں ایک وین الٹنے سے 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبہ سندھ کے شہر نوشہروفیروز میں قومی شاہراہ پر کنڈیارو کے قریب مسافر کوچ دکان میں گھسنے کے باعث ماں دو بیٹیوں کے ساتھ زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔

    پولیس کے مطابق حادثے میں متعدد مسافر زخمی ہو گئے ہیں، مسافر کوچ کراچی سے پنجاب جا رہی تھی کہ کنڈیارو کے قریب تیز رفتاری کے باعث ایک دکان میں گھس گئی۔

    جاں بحق بچیوں کی عمریں 8 اور 10 سال ہیں، جاں بحق خاتون اور بچیوں کا تعلق شکارپور سے بتایا جاتا ہے، حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو تعلقہ اسپتال کنڈیارو منتقل کر دیا گیا ہے۔

    دوسری طرف ہری پور میں ہزارہ موٹر وے پر ایک وین الٹنے سے 5ا فراد جاں بحق جب کہ 2 زخمی ہو گئے ہیں، جاں بحق افراد میں 2 خواتین بھی شامل ہیں، زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    ریسکیو کے مطابق ہزارہ موٹر وے پر کیری ڈبہ تیز رفتاری کے باعث موٹر وے سے نیچے جا گرا تھا، ریسکیو کے اہل کاروں نے موقع پر پہنچ کر ابتداٸی طبی امداد کے بعد زخمی اور جاں بحق ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کیا۔

    زخمی اور جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے، جو روالپنڈی جا رہے تھے۔

  • ڈسکہ میں کالج وین کو حادثہ، 18 طالبات شدید زخمی

    ڈسکہ میں کالج وین کو حادثہ، 18 طالبات شدید زخمی

    ڈسکہ: سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں میڈیکی کے قریب نجی کالج کی طالبات کی وین کو خوف ناک حادثہ پیش آیا جس میں 18 طالبات شدید زخمی ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر ڈسکہ میں میڈیکی کے قریب ایک نجی کالج کی وین کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 18 طالبات شدید زخمی ہوگئیں۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والی تین طالبات کی حالت تشویش ناک ہے، حادثے میں وین کو بھی شدید نقصان پہنچا، اور اس کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہوا۔

    زخمی طالبات کو شہریوں نے اپنی گاڑیوں میں ڈال کر سول اسپتال منتقل کیا، حادثہ اتنا شدید تھا کہ زخمی طالبات میں سے بعض کی ٹانگیں اور بازو ٹوٹ گئے اور کسی کا چہرہ مسخ ہو گیا۔

    جھل مگسی میں باراتیوں کی گاڑی کو حادثہ، 16 افراد جاں بحق

    ریسکیو ذرایع کے مطابق یہ افسوس ناک حادثہ دھند کے باعث پیش آیا، کالج جانے والی وین ہارڈویسٹر مشین سے ٹکرا گئی تھی۔ حادثے کی وجہ سے وین کی ڈرائیور والی سائیڈ پوری طرح تباہ ہو گئی، جس میں ڈرائیور کے علاوہ اٹھارہ طالبات بھی شدید زخمی ہو گئیں۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ کی 14 تاریخ کو بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں باراتیوں سے بھری بس کھائی میں جاگری تھی جس کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہو گئے تھے، جاں بحق افراد میں دلہا کے 2 بھائی بھی شامل تھے۔

  • اٹک: ڈمپر اور وین میں خوف ناک ٹکر، 6 جاں بحق، 11 شدید زخمی

    اٹک: ڈمپر اور وین میں خوف ناک ٹکر، 6 جاں بحق، 11 شدید زخمی

    اٹک: فتح جنگ روڈ قطبال ٹول پلازہ کے قریب ڈمپر اور وین میں خوف ناک ٹکر کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جب کہ 11 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قطبال ٹول پلازہ کے قریب حادثہ ڈمپر اور ہائی ایس کے درمیان تصادم کی صورت میں پیش آیا، ڈمپر ڈرائیور کی غفلت اور غلط کراسنگ کی وجہ سے ڈمپر سامنے سے آنے والی ہائی ایس پر چڑھ دوڑا، جس سے 6 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہو گئے۔

    اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم فوراً موقع پر پہنچ گئی، طبی امداد دینے کے بعد زخمیوں اور لاشوں کو تحصیل اسپتال فتح جنگ منتقل کر دیا گیا، حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق پنڈی گھیب سے ہے، ہائی ایس بھی راولپنڈی سے پنڈی گھیب جا رہی تھی۔

    جھل مگسی میں باراتیوں کی گاڑی کو حادثہ، 16 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں باراتیوں سے بھری بس کھائی میں جا گری تھی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 16 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہو گئے تھے، جاں بحق افراد میں دولھے کے 2 بھائی بھی شامل تھے۔ لیویز ذرایع کے مطابق باراتیوں کی گاڑی کو حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تھا۔

    31 جنوری کو گوجر خان جی ٹی روڈ پر ٹریفک حادثے میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جن میں 3 سگے بھائی بھی شامل تھے۔ تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکرانے حادثہ پیش آیا تھا۔

  • عمرہ ادائیگی سے واپسی پر خوف ناک حادثہ، 5 افراد جاں بحق

    عمرہ ادائیگی سے واپسی پر خوف ناک حادثہ، 5 افراد جاں بحق

    شیخوپورہ: پنجاب کے شہر شیخوپورہ کے موٹر وے پر خانقاہ ڈوگراں کے قریب ٹائر پھٹنے سے کار کو حادثہ پیش آ گیا، جس میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ شیخوپورہ میں خانقاہ ڈوگراں کے قریب موٹر وے پر ٹائر پھٹنے سے ٹریفک حادثہ ہوا ہے جس میں 2 بھائیوں، ایک باپ بیٹا سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے، ایک خاتون بھی ان میں شامل ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 3 بچوں کو تشویش ناک حالت میں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ ابتدائی طور پر حادثے میں چار افراد جاں بحق ہوئے تھے تاہم ایک زخمی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا تھا۔

    یہ الم ناک حادثہ موٹر وے پر گلسیاں خانقاہ ڈوگراں کے قریب پیش آیا تھا، گاڑی میں سوار افراد سجاد ستار کو عمرے سے ادائیگی کے بعد واپسی پر انھیں لے کر چنیوٹ جا رہے تھے کہ حادثے کا شکار ہو گئے۔

    جاں بحق افراد میں 45 سالہ عبدالجبار، ان کا 10 سالہ بیٹا ابوحریرہ، 45 سالہ سجاد ستار، 42 سالہ زبیدہ رشید شامل ہیں، جب کہ زخمیوں میں 12 سالہ انس، اڑھائی سالہ حسن سجاد اور 7 سالہ انوشہ شامل ہیں۔

  • گوجر خان میں ٹریفک حادثہ، تین سگے بھائیوں سمیت 4 جاں بحق

    گوجر خان میں ٹریفک حادثہ، تین سگے بھائیوں سمیت 4 جاں بحق

    راولپنڈی: گوجر خان جی ٹی روڈ پر ٹریفک حادثے میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں 3 سگے بھائی بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ریسکیو ذرایع نے کہا ہے کہ گوجر خان جی ٹی روڈ پر تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی، جس سے کار میں سوار چار افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    جاں بحق ہونے والوں میں ملک ارشد، ملک اظہر، ثاقب امجد اور حسن محمود شامل ہیں، جن میں سے تین سگے بھائی تھے، جاں بحق افراد کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال گوجر خان منتقل کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق تیز رفتار کار کھڑے ٹرک سے ٹکرا کر اس کے پیچھلے حصے کے نیچے گھس کر پچک گئی تھی، جس کے باعث کار سوار افراد جاں بحق ہوئے، ریسکیو اہل کاروں نے کار کی باڈی کاٹ کر لاشیں نکالیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے لاہور جانے والی وین میں آگ لگنے سے 11 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ یہ واقعہ سرگودھا میں بھیرہ کے قریب موٹر وے پر پیش آیا تھا، جس کی زد میں آ کر خواتین سمیت گیارہ مسافر جان کی بازی ہار گئے جب کہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

    19 نومبر 2019 کو صوبہ پنجاب کے شہر پاکپتن میں تیز رفتار بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق ہو گئے تھے جب کہ 7 افراد زخمی تھے، حادثے کی شکار بس قصور سے ملتان جا رہی تھی۔ نومبر ہی میں سیالکوٹ میں پسرور روڈ پر خوف ناک ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا، دو گاڑیوں کے درمیان خوف ناک تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے تھے ، متوفی افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔