Tag: ٹریفک حادثات

  • جلتی ہائی روف سے مسافر باہر کیوں نہ نکل سکے، وجہ معلوم ہو گئی

    جلتی ہائی روف سے مسافر باہر کیوں نہ نکل سکے، وجہ معلوم ہو گئی

    کراچی: شہر قائد میں ہائی روف اور رکشے کے ٹکر اور آتش زدگی کے افسوس ناک واقعے سے متعلق یہ اہم بات معلوم ہوگئی کہ جلتی ہائی روف سے مسافر باہر کیوں نہیں نکل سکے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں رونما ہونے والے ہائی روف حادثے میں آگ سے 11 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، ایکسیڈینٹ اینالسز ڈپارٹمنٹ نے واقعے کی رپورٹ تیار کر لی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہائی روف کے دروازے اندر سے نہیں کھل سکتے تھے اس لیے مسافر بر وقت باہر نہ نکل سکے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ ہائی روف کے اندر پنکھے موجود تھے جس کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی، گاڑی مکینکل طور پر بھی خراب تھی، رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گاڑی کے دروازے صرف باہر سے کھل سکتے تھے، دروازے اندر سے کھل جاتے تو جھلسنے والے افراد باہر نکل سکتے تھے۔

    نیو کراچی، چلتی ہائی روف میں آگ، مزید 2 بچے دم توڑ گئے

    خیال رہے کہ کراچی میں ٹریفک حادثات کے حوالے سے 32 مقامات بلیک اسپاٹ قرار دیے جا چکے ہیں، بد قسمت گاڑی بھی نیو کراچی میں بلیک اسپاٹ کے قریب حادثے کا شکار ہوئی، ذرایع کا کہنا ہے کہ ریسرچ سینٹر کی رپورٹ کراچی پولیس چیف کو ارسال کر دی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ یہ واقعہ 10 جنوری کو شہر قائد کے علاقے 2 منٹ چورنگی کے قریب پیش آیا تھا، ابتدائی طور پر اس میں 6 افراد جھلس کر جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے تھے، جن میں 3 خواتین، 2 بچے اور ایک مرد شامل تھے۔ حادثے کے شکار بد قسمت ہائی روف میں 3 سگے بھائیوں کے اہل خانہ سوار تھے۔ بی ڈی ایس نے جائے حادثہ پر تباہ شدہ گاڑی کا معائنہ کرنے کے بعد کہا کہ شارٹ سرکٹ کے بعد پیٹرول کی وجہ سے گاڑی میں آگ پھیلی، سی این جی سلنڈر محفوظ تھے۔ چلتی ہائی روف میں آگ لگی تو بے قابو ہو کر رکشے سے ٹکرا گئی، جس سے رکشے میں بھی آگ لگی۔

    تحقیقات میں یہ بھی معلوم ہوا کہ حادثے کو شدید بنانے میں پیٹرول سے بھری بوتلوں کا بھی ہاتھ تھا، جس کے بعد تمام پیٹرول پمپس پر پابندی لگا دی گئی ہے کہ بوتل میں پیٹرول نہیں دیا جائے گا اور گاڑیوں میں بھی پیٹرول کی بوتل رکھنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

  • خضدار، مسافر کوچ اور مزدا ٹرک میں ٹکر، 3 افراد جاں بحق

    خضدار، مسافر کوچ اور مزدا ٹرک میں ٹکر، 3 افراد جاں بحق

    خضدار: بلوچستان کے شہر خضدار کے علاقے اورناچ کے قریب ٹریفک حادثے میں 3 افراد جاں بحق جب کہ متعد دزخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اورناچ کے قریب ایک مسافر کوچ اور مزدا ٹرک میں ٹکر کے باعث پیش آنے والے حادثے میں تین افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جب کہ پندرہ سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار مسافر کوچ تفتان سے کراچی جا رہی تھی کہ اورناچ کراس کے قریب مزدا ٹرک سے ٹکرا گئی، زخمیوں کو خضدار سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

    تازہ ترین:  پشاور، سی این جی بھرتے ہوئے گاڑی میں ہولناک دھماکا، خاتون جاں بحق

    خیال رہے کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ کی خستہ حالی اور تنگ سڑکوں کی وجہ سے آئے روز حادثات پیش آتے رہتے ہیں، ان ٹریفک حادثات کی ایک اہم وجہ کوچ ڈرائیوروں کی لاپرواہی بھی ہے۔ کراچی کوئٹہ شاہراہ پر سب سے زیادہ حادثات خضدار اور بیلہ کے درمیان پیش آتے رہے ہیں۔

    وڈھ، اورناچ کے مقام پر اس سے قبل بھی حادثات ہوتے رہے ہیں، چند ماہ قبل ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 6 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، جب کہ 21 افراد زخمی ہوئے، اس کے بعد ایک اور ٹریفک حادثے میں 5 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے جب کہ 15 زخمی ہوئے تھے۔

  • کنڈیارو میں کھڑی کار کو بس کی ٹکر، 5 افراد جاں بحق، 10 سے زائد زخمی

    کنڈیارو میں کھڑی کار کو بس کی ٹکر، 5 افراد جاں بحق، 10 سے زائد زخمی

    نوشہروفیروز: کنڈیارو میں ٹول پلازہ پر کھڑی کار کو ایک بس نے ٹکر مار دی، جس سے 5 افراد جاں بحق جب کہ 10 سے زائد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع نوشہروفیروز کے شہر کنڈیارو میں ایک بس نے ٹول پلازہ پر کھڑی کار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور 10 سے زائد زخمی ہو گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے کنڈیارو کے اسپتال منتقل کر دیا گیا، حادثے کا شکار ہونے والی بد قسمت کار اور بس سکھر جا رہے تھے، کار کے مسافر ٹول پلازہ پر ٹول ٹیکس دے رہے تھے، کہ پیچھے سے تیز رفتار بس اس پر چڑھ دوڑی۔

    پنجاب کے شہر بہاولپور کے علاقے لال سوہانرا کے قریب بھی ایک حادثے میں 16 افراد زخمی ہوئے ہیں، یہ حادثہ بس، ٹرک اور ٹریکٹر ٹرالی کے آپس میں ٹکرانے سے پیش آیا، ریسکیو کا کہنا ہے کہ ٹرک میں پھنسے ڈرائیور کو باڈی کاٹ کر نکالا جا رہا ہے۔

    ادھر لاہور کے علاقے پھول نگر بائی پاس کے قریب بھی ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا ہے، پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 30 سالہ مقدس کے نام سے ہوئی ہے۔

    خیال رہے کہ پنجاب میں شاہراہوں پر دھند کے باعث حادثات معمول بن گئے ہیں، ٹریفک حکام کی جانب سے گاڑی مالکان اور ڈرائیورز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نہایت احتیاط سے کام لیں، تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔

  • کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے ساتھ ٹریفک حادثات بھی بڑھ گئے، 3 جاں بحق

    کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے ساتھ ٹریفک حادثات بھی بڑھ گئے، 3 جاں بحق

    کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز کے ساتھ ساتھ ٹریفک حادثات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 3 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات میں تین افراد جاں بحق ہو گئے، لانڈھی بابر مارکیٹ میں بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار دو افراد جان سے گئے۔

    حادثے کے بعد ڈرائیور فرار ہو گیا، پولیس نے بس قبضے میں لے لی، اسپتال ذرایع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی عمریں 18 اور 22 سال ہیں، جن کی شناخت شیری ولد ولی محمد اور ہدایت اللہ ولد غلام رسول کے ناموں سے ہوئی ہے، دونوں آپس میں دوست اور لانڈھی محمد نگر کے رہایشی تھے۔

    ایک اور حادثہ سپر ہائی وے پر پیش آیا، سپر ہائی وے جمالی پل کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا۔

    دوسری طرف اسٹریٹ کرائمز بھی عروج پر ہیں، کراچی کے علاقے سچل تھانے کی حدود میں اسٹریٹ کرائم کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے چلائی، فوٹیج میں دیکھا گیا کہ صفورا کے قریب ملزم نے گلی کی مکمل ریکی کی، اور موقع ملتے ہی گاڑی سے اے سی اور ڈیجیٹل سسٹم نکال کر فرار ہو گیا۔ سولجر بازار تھانے کی حدود میں گارڈن کے قریب بھی ایک موٹر سائیکل چوری کی گئی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اے آر وائی نیوز نے حاصل کی، ملزم نے سڑک پر کھڑی موٹر سائیکل پر بیٹھ کر ارد گرد کا جائزہ لیا، اور منٹوں میں موٹر سائیکل اسٹارٹ کی اور لے اڑا، ایک شہری نے واقعے کی رپورٹ سولجر بازار تھانے میں درج کرا دی ہے۔

    فائرنگ کا بھی ایک واقعہ پیش آیا، کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن اردو چوک کے قریب فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہوا، ریسکیو ذرایع کے مطابق واقعہ ڈکیتی پر مزاحمت کا نتیجہ تھا، زخمی کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

  • کراچی، تیز رفتار کار ٹریلر سے ٹکرا گئی، 3 دوست جاں بحق

    کراچی، تیز رفتار کار ٹریلر سے ٹکرا گئی، 3 دوست جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے شیر شاہ چوک پر ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر کھڑے ٹریلر سے ٹکرا گئی، حادثے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جب کہ 2 شدید زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شیر شاہ میں چوک پر کھڑے ایک ٹریلر کے ساتھ بے قابو کار ٹکرا گئی جس سے تین افراد جاں بحق ہو گئے، دو شدید زخمی ہو گئے جنھیں سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد آپس میں دوست تھے، تمام افراد شیر شاہ اور اردو بازار کے رہایشی تھے، جاں بحق ہونے والوں میں فاروق علی، افتخار مجید اور کامران خان شامل ہیں جب کہ جمیل اور سہیل زخمی ہوئے، حادثے کے وقت افتخار گاڑی چلا رہا تھا۔

    افتخار کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ افتخار کی اپنی اور شادی کی سال گرہ تھی، وہ دوستوں کو مٹھائی کھلانے لے جا رہا تھا، افتخار مجید نے 8 بکرے بھی خریدے تھے، اور 150 دوستوں کی دعوت رکھی تھی، جس کے لیے ایک فارم ہاؤس بک کرا رکھا تھا، حادثے کی شکار گاڑی میٹروول سے کرائے پر حاصل کی گئی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  ٹریفک حادثات میں کراچی پولیس اہل کار جاں بحق، جناح اسپتال کے پروفیسر زخمی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز شہر قائد میں مختلف ٹریفک حادثات میں کراچی پولیس اہل کار جاں بحق جب کہ جناح اسپتال کے پروفیسر زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس اہل کار اللہ دتہ پرانا گولیمار انڈرپاس کے قریب ٹریفک حادثے کا شکار ہوئے جبکہ جناح اسپتال کراچی کے آرتھوپیڈک سرجن پروفیسر ڈاکٹر سعید منہاس آرٹس کونسل کے قریب ٹریفک حادثے میں زخمی ہوئے۔

    دو روز قبل بھی کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن نمبر 4 میں ایک ٹریفک حادثے میں پولیس اہل کار زخمی ہو گیا تھا۔ جب کہ قیوم آباد ندی کے قریب ایک اور ٹریفک حادثے میں ریسکیو ذرایع کے مطابق ایک شخص جاں بحق ہو گیا تھا۔

  • ٹریفک حادثات میں کراچی پولیس اہل کار جاں بحق، جناح اسپتال کے پروفیسر زخمی

    ٹریفک حادثات میں کراچی پولیس اہل کار جاں بحق، جناح اسپتال کے پروفیسر زخمی

    کراچی: شہر قائد میں مختلف ٹریفک حادثات میں کراچی پولیس اہل کار جاں بحق جب کہ جناح اسپتال کے پروفیسر زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پرانا گولیمار انڈر پاس کے قریب ٹریفک حادثے میں پولیس اہل کار جاں بحق ہو گیا، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ اہل کار کی شناخت اللہ دتہ کے نام سے ہوئی ہے۔

    ایک اور ٹریفک حادثے میں جناح اسپتال کراچی کے آرتھوپیڈک سرجن پروفیسر ڈاکٹر سعید منہاس زخمی ہوئے ہیں، یہ ٹریفک حادثہ آرٹس کونسل کے قریب پیش آیا، ریسکیو ذرایع کے مطابق ڈاکٹر سعید منہاس کو فوری طبی امداد کے لیے نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    سال 2019 میں کراچی ٹریفک پولیس کی کارکردگی کیسی رہی؟

    گزشتہ روز بھی کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن نمبر 4 میں ایک ٹریفک حادثے میں پولیس اہل کار زخمی ہو گیا تھا۔ جب کہ قیوم آباد ندی کے قریب ایک اور ٹریفک حادثے میں ریسکیو ذرایع کے مطابق ایک شخص جاں بحق ہو گیا تھا۔

    خیال رہے کہ ٹریفک پولیس کی کارکردگی سال 2019 میں انتہائی مایوس کن رہی، ماضی کے مقابلے میں بھاری چالان کیے جانے کے باوجود بے ہنگم ٹریفک کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔ رواں سال مختلف ٹریفک حادثات میں 850 سے زائد افراد جاں بحق جب کہ 15 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔

  • پنجاب: ٹریکٹر ٹرالیوں کے ساتھ دیگر گاڑیوں کا تصادم، 5 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

    پنجاب: ٹریکٹر ٹرالیوں کے ساتھ دیگر گاڑیوں کا تصادم، 5 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

    ملتان/وہاڑی: پنجاب کے مختلف اضلاع میں ٹریکٹر ٹرالیوں، بس اور وین میں تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جب کہ درجنوں زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع حافظ آباد میں چک چھٹہ کے قریب ٹریکٹر ٹرالی اور بس میں تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جب کہ حادثے میں 13 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمیوں کو ٹراما سینٹرمنتقل کر دیا گیا ہے، حادثے کا شکار بس شادی کے لیے جوکھیاں سے ملتان جا رہی تھی، بس میں باراتی سوار تھے۔

    ادھر دوسرے حادثہ سلطان کالونی میں پیش آیا، اڈا پٹھان ہوٹل کے قریب ٹریکٹر ٹرالی ایک وین سے ٹکرا گئی، ریسکیو ذرایع کے مطابق حادثے میں 14 افراد زخمی ہوئے جنھیں ملتان کے نشتر اسپتال منتقل کیا گیا، یہ حادثہ دھند کے باعث پیش آیا۔

    ضلع وہاڑی کے علاقے ٹبہ سلطان پور میں وہاڑی روڈ پر تیز رفتار کار ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، ریسکیو ذرایع کے مطابق حادثے میں ایک شخص جاں بحق، جب کہ 1 شدید زخمی ہو گیا، جاں بحق شخص کی شناخت 18 سالہ محمد انس کے نام سے ہوئی۔

    جاں بحق ہونے والا نوجوان کمالیہ کا رہایشی تھا، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ زخمی ڈرائیورعبدالرشید کی حالت بھی تشویش ناک ہے۔

  • گھوٹکی: تیز رفتار بس الٹ گئی، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    گھوٹکی: تیز رفتار بس الٹ گئی، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    گھوٹکی: صوبہ سندھ کے شہر گھوٹکی کی قومی شاہراہ پر تیز رفتار بس الٹ گئی، جس کے باعث 3 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گھوٹکی میں قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثے میں تین افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، حادثے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق مسافر بس کراچی سے صادق آباد جا رہی تھی، کہ ڈہرکی کے قریب قومی شاہراہ باگو بھٹو کے مقام پر تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی، حادثے میں 5 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں، لاشیں ڈہرکی اسپتال جب کہ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال میرپور ماتھیلو منتقل کر دیا گیا ہے۔

    جاں بحق ہونے والوں میں بس کا ڈرائیور اور مسافر خاتون شامل ہیں، موٹر وے پولیس کے مطابق کہ مسافر بس کراچی سے صادق آباد جا رہی تھی کہ حادثے کا شکار ہوگئی۔

    ادھر پنڈی بھٹیاں میں لاہور روڈ پر ڈمپر کی وین کو ٹکر کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، حادثے میں ایک شخص زخمی ہوا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی، منگھوپیر ناردرن بائی پاس کے قریب ٹریفک حادثے میاں بیوی سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے تھے، سرگودھا میں نشتر آباد کے قریب ڈمپر ٹرین کی زد میں آنے کی وجہ سے ڈرائیور جاں بحق ہو گیا تھا اور حادثے کے باعث ٹرین کا انجن پٹڑی سے اتر گیا تھا۔

  • پنجاب: وین نہر میں گرنے سے 6 افراد ڈوب گئے، دیگر حادثات میں 12 جاں بحق

    پنجاب: وین نہر میں گرنے سے 6 افراد ڈوب گئے، دیگر حادثات میں 12 جاں بحق

    بھکر/ چنیوٹ: پنجاب کے ضلع میانوالی کےعلاقے پپلاں میں کار کو بچاتے ہوئے وین نہر میں جا گری، جس سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد ڈوب گئے، ٹریفک کے دیگر حادثات میں بھی 12 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق میانوالی میں تیز رفتار منی وین بے قابو ہو کر نہر میں گر گئی، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ وین میں 7 افرا دسوار تھے، ایک کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا ہے۔

    ریسکیو نے تھل کینال سے ڈوبنے والی 3 خواتین کی لاشیں نکال لی ہیں، تین کی تلاش جاری ہے، خواتین کا تعلق میانوالی کے نواحی علاقے ڈب پپلاں سے تھا، واقعہ گزشتہ رات پپلاں کے قریب پیش آیا تھا۔

    حادثے کا شکار بد قسمت خاندان مریضہ کو اسپتال سے گھر لے جا رہا تھا کہ راستے میں ایک کار کو بچاتے ہوئے یہ حادثہ رونما ہوا۔ ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت ایک شخص کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا تھا تاہم باقی چھ افراد نہیں ملے، جن کی تلاش کی گئی، آج ان میں سے تین خواتین کی لاشیں مل گئیں۔

    دوسری طرف چنیوٹ میں فیصل آباد روڈ پر ایک تیز رفتار ڈمپر مسافر وین پر چڑھ گیا، ریسکیو ذرایع کے مطابق وین میں سوار 6 مسافر جاں بحق جب کہ 11 زخمی ہو گئے جنھیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق اور زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، یہ حادثہ فیصل آباد جانے والی مسافر وین کو پل ڈینگرو کے قریب پیش آیا۔

    ادھر پنجاب کے شہر چکوال میں بھی ایک بس کو حادثہ پیش آیا ہے، جس میں 4 مسافر جاں بحق جب کہ 10 زخمی ہو گئے ہیں۔ ادھر فیصل آباد میں بھی بس کی زد میں آ کر ایک موٹر سائیکل سوار 2 بھائی چل بسے ہیں، واقعے پر متوفی بھائیوں کے لواحقین نے شدید احتجاج کیا۔

  • چمن اور خانیوال میں ٹریفک حادثات، 10 افراد جاں بحق

    چمن اور خانیوال میں ٹریفک حادثات، 10 افراد جاں بحق

    چمن/خانیوال: بلوچستان کے شہر چمن اور پنجاب کے شہر خانیوال میں مختلف ٹریفک حادثات میں ایک خاتون سمیت 10 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ چمن شاہراہ پر جنگل پیرعلیزئی کے قریب کوچ اور پک اپ میں تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    لیویز ذرایع کا کہنا ہے کہ چمن میں ہونے والے ٹریفک حادثے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔ حادثے کے باعث مسافر کوچ پک اپ پر الٹ گئی تھی۔

    حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد پک اپ میں سوار تھے، جن کی شناخت تا حال نہیں ہو سکی ہے، بتایا جاتا ہے کہ کوچ چمن سے کراچی جا رہی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 807 ٹریفک حادثات، 9 افراد جاں بحق سیکڑوں زخمی

    ریسکیو آپریشن کے بعد کوئٹہ چمن شاہ راہ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔

    دوسری طرف پنجاب کے شہر خانیوال میں موٹر وے ایم 4 پر کار اور ٹرک میں ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے۔

    ریسکیو ذرایع کے مطابق خانیوال حادثے میں 3 بچوں سمیت 5 کار سوار افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جنھیں طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ ملک کی سڑکوں پر آئے دن افسوس ناک ٹریفک حادثات رو نما ہو رہے ہیں، جن میں قیمتی جانیں ضایع ہو جاتی ہیں، ان حادثات کی اکثر وجہ تیز رفتاری بتائی جاتی ہے۔

    دو ہفتے قبل پنجاب ایمرجنسی سروس کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ 20 جولائی کو چوبیس گھنٹوں میں صوبے بھر میں 807 روڈ ٹریفک حادثات ہوئے، جن میں 9 افراد جاں بحق جب کہ 892 افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔