Tag: ٹریفک حادثات

  • 24گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 807 ٹریفک حادثات، 9 افراد جاں بحق سیکڑوں زخمی

    24گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 807 ٹریفک حادثات، 9 افراد جاں بحق سیکڑوں زخمی

    لاہور : گزشتہ24گھنٹوں کے دوران پنجاب بھرمیں807روڈ ٹریفک حادثات ہوئےجس میں09افراد جاں بحق جبکہ 892افراد شدید زخمی ہوگئے، سب سے زیادہ حادثات موٹر سائیکلوں کے ہوئے۔

    پنجاب ایمرجنسی سروس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریسکیو 1122کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات370ڈرائیوز،کم عمرڈرائیور29مسافر374اور157پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔

    اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ206ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹر ول روم میں موصول ہوئیں، جن میں صوبائی درالحکومت232متاثرین کے ساتھ پہلے فیصل آباد 75حادثات میں 83متاثرین کے ساتھ دوسرے اور ملتان64حادثات  میں63متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

    ان ٹریفک حادثات کے کل901متاثرین میں719مرد اور182خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں میں183افراد کی اوسط عمر18سال سے کم اور 490افراد کی اوسط عمر 18سے 40سال کے درمیان جبکہ228زخمی افراد کی اوسط عمر 40سال سے زائد ہے۔

    ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں675موٹر سائیکلوں،115آٹو رکشے،77موٹر کاریں،27وین7مسافر بسیں،22ٹرک اور82دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔

  • کراچی: نئی موٹر سائیکل کے لیے لرننگ لائسنس لازمی قرار دینے کی تجویز

    کراچی: نئی موٹر سائیکل کے لیے لرننگ لائسنس لازمی قرار دینے کی تجویز

    کراچی: سندھ پولیس نے موٹر سائیکل مینو فیکچررز کو تجویز دی ہے کہ نئی موٹر سائیکل کے لیے لرننگ لائسنس لازمی قرار دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام کی زیر صدرات اجلاس منعقد ہوا جس میں موٹر سائیکل لفٹنگ اور اس کے انسداد کے لیے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نئی موٹر سائیکل کی خریداری کے وقت لائسنس لازمی قرار دیا جائے، آئی جی سندھ نے کہا کہ مرکزی مارکیٹوں میں لرننگ لائسنس ٹیمز کی سہولتیں دی جائیں گی۔

    اجلاس میں متعلقہ افسران اور موٹر سائیکل مینو فیکچرز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئی جی سندھ نے کہا کہ نئی موٹر سائیکل میں پائیدار کنڈا لاک تنصیب کیا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  معمولی غفلت اور لاپرواہی کے باعث پاکستان میں ٹریفک حادثات میں تشویش ناک اضافہ

    ڈاکٹر کلیم امام نے ہدایت کی کہ موٹر سائیکلز میں ٹریکنگ ڈیوائس کی تنصیب کے لیے مؤثر اقدامات پر مبنی مسودہ ترتیب دے کر قانون سازی کے لیے حکومت سندھ کو ارسال کیا جائے۔

    خیال رہے کہ شہرِ قائد کراچی میں جہاں ایک طرف موٹر سائیکل سواروں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے وہاں دوسری طرف حادثات بھی بڑھتے جا رہے ہیں جس کا سبب موٹر سائیکل سواروں کی عدم تربیت ہے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ٹریفک حادثات کا شکار ہونے والوں کی بڑی تعداد 15 سے 30 سال کے درمیان ہے، اور ہر سال ہزاروں افراد ٹریفک حادثات میں اپنی جان کھو دیتے ہیں۔

  • معمولی غفلت اور لاپرواہی کے باعث پاکستان میں ٹریفک حادثات میں تشویش ناک اضافہ

    معمولی غفلت اور لاپرواہی کے باعث پاکستان میں ٹریفک حادثات میں تشویش ناک اضافہ

    لاہور: پاکستان میں معمولی سی غفلت اور لاپرواہی کے سبب ہونے والے ٹریفک حادثات میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے جن میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ٹریفک حادثات کی شرح بڑھتی جا رہی ہے، معمولی غفلت اور لاپرواہی کے باعث قیمتی جانوں کا نقصان ہو جاتا ہے۔

    عالمی ادارۂ صحت کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں سالانہ ساڑھے تیرہ لاکھ افراد ٹریفک حادثات میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں جب کہ پانچ کروڑ لوگ زخمی یا پھر عمر بھر کے لیے معذور ہو جاتے ہیں۔

    تشویش ناک صورت حال یہ ہے کہ ان حادثات میں 90 فی صد پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک میں رونما ہوتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کے بیٹے ٹریفک حادثے میں جاں بحق

    پاکستان میں ٹریفک حادثات کا شکار ہونے والوں کی بڑی تعداد 15 سے 30 سال کے درمیان ہے، اور ہر سال ہزاروں افراد ٹریفک حادثات میں اپنی جان کھو دیتے ہیں۔

    پنجاب ایمرجنسی سروس کے اعداد و شمار کے مطابق صوبہ بھر میں گزشتہ پانچ سالوں میں 10 لاکھ 88992 ٹریفک حادثات ہوئے۔ جس سے 13 لاکھ 1107 افراد متاثر ہوئے، ان ٹریفک حادثات میں 14 ہزار 795 افراد جان کی بازی ہار گئے جب کہ لاکھوں کی تعداد میں متاثرین زندگی بھرکے لیے اپاہج ہو گئے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ہونے والی اموات میں سے ساتویں بڑی وجہ ٹریفک حادثات ہی ہیں۔

    ٹریفک حادثات کی وجوہ کا جائزہ لیا جائے تو اب تک ساڑھے چار لاکھ سے زائد ٹریفک حادثات تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آئے، ہیلمٹ، سیٹ بیلٹ کا استعمال، کم رفتار اور معمولی احتیاط اپنی اور دوسروں کی جان بچا سکتی ہے، کیوں کہ دیر سے پہنچنا نہ پہنچنے سے بہتر ہے۔

  • جہلم: جی ٹی روڈ پر مسافر وین میں آگ، 8 مسافر جھلس کر جاں بحق

    جہلم: جی ٹی روڈ پر مسافر وین میں آگ، 8 مسافر جھلس کر جاں بحق

    جہلم: جی ٹی روڈ پر مسافر وین میں آگ لگنے سے 8 مسافر جھلس کر جاں بحق ہو گئے، چار افراد جھلس کر شدید زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جہلم میں سوہاوہ کے ترکی ٹول پلازہ کے قریب بد قسمت مسافر وین ٹرالر سے ٹکرا گئی، حادثے کے دوران وین میں آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے 8 مسافر جھلس کر دم توڑ گئے۔

    وین میں آگ لگنے سے جھلسنے والے دیگر 4 مسافروں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    ریسکیو ذرایع کے مطابق مسافر وین گوجرانوالہ سے راولپنڈی جا رہی تھی، تیز رفتاری کے باعث وین بے قابو ہو کر ٹرالر سے ٹکرا گئی جس کے باعث میں اس میں آگ بھڑک اٹھی۔

    خوف ناک آگ بھڑک اٹھنے سے مسافروں کو باہر نکلنے کا موقع بھی نہ مل سکا، چار زخمیوں کو ریسکیو ورکرز نے اسپتال پہنچایا۔

    جی ٹی روڈ پر ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر دیر سے پہنچیں۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے جہلم حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا، عثمان بزدار نے جاں بحق مسافروں کے لواحقین سے ہم دردی اور اظہار تعزیت کا پیغام جاری کیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں، وزیر اعلیٰ نے افسوس ناک واقعے پر انتظامیہ سے رپورٹ بھی مانگ لی ہے۔

    ادھر کوئٹہ میں مغربی بائی پاس ہزار گنجی کے قریب بھی ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس میں 3 افراد جاں بحق ہوئے، یہ حادثہ بس اور گاڑی میں ٹکر کے باعث پیش آیا۔

  • اسلام آباد میں ٹول پلازہ کے قریب الم ناک حادثہ، 12 افراد جاں بحق

    اسلام آباد میں ٹول پلازہ کے قریب الم ناک حادثہ، 12 افراد جاں بحق

    راولپنڈی: اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس میں 12 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ 8 افراد زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ٹول پلازہ کے قریب ایک کار کو الم ناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں بارہ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جب کہ آٹھ افراد شدید زخمی ہوئے۔

    ریسکیو ذرایع نے بتایا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ریسکیو کا کہنا تھا کہ ٹیوٹا ہائی ایس وین کو حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، گاڑی ٹول پلازہ کی دیوار سے ٹکرا کر الٹی اور اس میں آگ لگ گئی جس سے دس افراد جاں بحق ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے بابر ملک نے بتایا کہ حادثے کی شکار گاڑی سرگودھا سے راولپنڈی جا رہی تھی، وہ تیز رفتاری سے آ کر ٹول پلازہ کی دیوار سے ٹکرائی، اور اس میں فوراً ہی آگ بھڑک اٹھی، گاڑی میں موجود افراد جھلس کر جاں بحق ہوئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  دادو میں خطرناک ٹریفک حادثہ، 8 افراد جاں بحق، 20 زخمی

    نمائندے کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو پمز اسپتال اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے، زخمیوں کی حالت بھی جلنے کی وجہ سے تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

    ڈی آئی جی موٹر وے اشفاق احمد نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ وین جس تیز رفتاری سے آ کر دیوار سے ٹکرائی ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ شاید ڈرائیور سو گیا تھا۔

  • کراچی: میٹرک کا امتحان دے کر آنے والے دو طالب علم حادثے میں جاں بحق

    کراچی: میٹرک کا امتحان دے کر آنے والے دو طالب علم حادثے میں جاں بحق

    کراچی: میٹرک کا امتحان دے کر آنے والے دو طالب علم حادثے میں جاں بحق ہو گئے، یہ حادثہ میمن گوٹھ کے قریب پیش آیا جس میں 2 طالب علم جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے میمن گوٹھ کے قریب ٹریفک حادثے میں 2 طالب علم جاں بحق ہو گئے، جاں بحق طالب علم امتحان دے کر گھر واپس جا رہے تھے۔

    جاں بحق طلبہ میں 16 سال کا ہارون اور 16 سال کا کاشف شامل ہیں، جب کہ حادثے میں 2 طالب علم زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں 15 سال کا نعیم بروھی اور خیر بخش شامل ہیں۔

    دوسری طرف پولیس کا کہنا ہے کہ طالب علموں کی موٹر سائیکل تیز رفتاری کے باعث پھسل گئی تھی جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھکر: ٹریفک حادثے میں زخمی طالبہ کی خواہش پوری، اسپتال کمرہ امتحان میں تبدیل

    خیال رہے کہ 30 مارچ کو صوبہ پنجاب کے شہر بھکر میں بھی رکشہ بس کی زد میں آ گیا تھا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں 6 طالبات اور رکشہ ڈرائیور شامل تھے، طالبات نویں جماعت کا پرچہ دینے کے بعد گھر جا رہی تھیں۔

    بعد ازاں ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والی نویں جماعت کی طالبہ ثانیہ کی خواہش پر اسپتال وارڈ کو کمرہ امتحان میں تبدیل کیا گیا، جہاں اس نے باقی پرچے دیے، اس سلسلے میں سرگودھا بورڈ کو اسپتال کے کمرے کو امتحانی سینٹر کا درجہ دینے کا نوٹی فکیشن جاری کرنا پڑا تھا۔

  • کراچی: گزشتہ ماہ ٹریفک حادثات میں 50 سے زائد شہری جاں بحق ہوئے

    کراچی: گزشتہ ماہ ٹریفک حادثات میں 50 سے زائد شہری جاں بحق ہوئے

    کراچی: شہرِ قائد میں گزشتہ ماہ کے دوران ٹریفک حادثات میں 50 سے زائد شہری جاں بحق ہوئے، سندھ پولیس نے حادثات میں کمی کے لیے اقدامات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران مختلف ٹریفک حادثات میں پچاس سے زائد لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، اعداد و شمار دیکھ کر سندھ پولیس متحرک ہو گئی۔

    [bs-quote quote=”ڈرائیونگ کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنا ٹریفک حادثات کی بنیادی وجہ ہے۔” style=”style-8″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”پولیس”][/bs-quote]

    شہریوں کو حادثات سے بچانے کے لیے کلفٹن ڈرائیونگ لائسنس برانچ نے روڈ سیفٹی آگاہی کے لیے روزانہ کی بنیاد پر آگاہی مہم کا آغاز کر دیا۔

    کلفٹن ڈرائیونگ لائسنس برانچ میں روڈ سیفٹی آگاہی کے لیے لیکچر ہال بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

    لیکچر ہال میں شرکا کو بریفنگ دیتے ہوئے سندھ پولیس کے ایکسیڈنٹ انالائز اینڈ ریسرچ سینٹر کے نگران علی سوہاگ نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کو ڈرائیونگ کے دوران احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جائے گا۔

    مزید تفصیل پڑھیں:  سال 2018: کراچی میں 797 افراد ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوئے

    ان کا کہنا تھا کہ ڈرائیونگ کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنا ٹریفک حادثات کی بنیادی وجہ ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں سب سے زیادہ موٹرسائیکل سوار افراد ہی حادثات کا نشانہ بنتے ہیں، ڈرائیونگ کے قانون پر عمل درآمد سے نہ صرف حادثات میں کمی آ سکتی ہے بلکہ شہر میں ٹریفک کے مسائل بھی کم ہوں گے۔

  • امریکا: برف باری میں تیز رفتاری کے باعث خوف ناک حادثہ، 47 گاڑیاں ٹکرا کر تباہ

    امریکا: برف باری میں تیز رفتاری کے باعث خوف ناک حادثہ، 47 گاڑیاں ٹکرا کر تباہ

    میزوری: امریکی ریاست میں برف باری اور خراب موسم میں تیز رفتاری اس وقت نہایت خطرناک ثابت ہوئی جب ایک سڑک پر گاڑیاں یکے بعد دیگرے ٹریفک حادثے کا شکار ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست میزوری میں برف سے ڈھکی ایک سڑک پر تیز رفتار کاریں خوف ناک حادثے کا شکار ہو گئیں، گاڑیاں آ آ کر ٹکراتی رہیں اور ذرا دیر میں تباہ شدہ گاڑیوں کا ڈھیر لگ گیا۔

    [bs-quote quote=”حادثے میں 47 گاڑیاں تباہ ہوئیں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    خوف ناک ٹریفک حادثہ دھند اور شدید برف باری کے باعث پیش آیا، ہائی وے پرکئی بے قابو گاڑیاں آپس میں ٹکرا کر تباہ ہوگئیں۔

    غیر ملکی نیوز رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ چند دن قبل پیش آیا، ٹویٹر پر لوگوں نے حادثے کی ویڈیو شیئر کی تو وائرل ہو گئی۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق حادثے میں ایک شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، جب کہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں، حادثے میں 47 گاڑیاں تباہ ہوئیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  امریکا میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 6 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    حادثے کے بعد ایمرجنسی کا عملہ پہنچ گیا جنھوں نے تباہ شدہ گاڑیوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکال کر قریبی اسپتال پہنچایا۔

    ڈیڑھ ماہ قبل بھی امریکی ریاست فلوریڈا کے ہائی وے پر دو ٹریلر، مسافر وین اور کار آپس میں ٹکرا گئے تھے جس کے باعث 6 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

  • کراچی میں تیز رفتار واٹر ٹینکر نے شہری کی جان لے لی

    کراچی میں تیز رفتار واٹر ٹینکر نے شہری کی جان لے لی

    کراچی: شہرِ قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پانی سپلائی کرنے والے ایک تیز رفتار  ٹینکر نے شہری کی جان لے لی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے سلمان لودھی کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پانی سپلائی کے لیے جانے والے ایک ٹینکر کی تیز رفتاری کے باعث ایک شہری کو جان سے ہاتھ دھونے پڑے۔

    [bs-quote quote=”حادثے میں خاتون راہ گیر اور ڈرائیور سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    پانی کا تیز رفتار ٹینکر اورنگی ٹاؤن گلشن بہار میں ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر دکانوں میں گھس گیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ٹینکر حادثے میں دکان میں موجود ایک شخص جاں بحق جب کہ خاتون راہ گیر اور ڈرائیور سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔

     نمائندے کے مطابق حادثے میں ایک دکان مکمل طور پر تباہ ہو گئی جب کہ اس کے برابر والی دکان کو جزوی نقصان پہنچا۔

    حادثے میں واٹر ٹینکر کا بھی اگلا حصہ تباہ ہو گیا، موقع پر موجود لوگوں نے ڈرائیور کو دروازہ توڑ کر باہر نکالا۔

    یہ بھی پڑھیں:  سال 2018: کراچی میں 797 افراد ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوئے

    واٹر ٹینکر کے ڈرائیور کا کہنا تھا کہ گاڑی کے بریک فیل ہونے کے باعث حادثہ رو نما ہوا، پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری یا بریک فیل ہونے کی وجہ سے ہو سکتا ہے، اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جائے وقوعہ پر پولیس اور رینجرز کے اہل کار موجود رہے۔

  • پنجاب میں دھند : ٹریفک حادثات میں چھ افراد جاں بحق، درجنوں زخمی اسپتال منتقل

    پنجاب میں دھند : ٹریفک حادثات میں چھ افراد جاں بحق، درجنوں زخمی اسپتال منتقل

    لاہور : پنجاب کے مختلف شہروں میں قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر شدید دھند کا راج برقرار ہے، ٹریفک حادثات میں چھ افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت صوبہ پنجاب کے مختلف شہر شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں اور حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے کے کئی سیکشنز گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کردیئے گئے۔

    گزشتہ24گھنٹوں کے دوران دھند اور دیگر وجوہات کی بنا پر پنجاب کے مختلف شہروں میں حادثات کی اطلاعات ہیں، ریسکیو 1122کے مطابق پنجاب بھر میں گزشتہ24گھنٹوں میں805ٹریفک حادثات رونما ہوئے۔

    جس میں چھ افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ925افراد کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے زخمی حالت میں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، زخمیوں میں سے556 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ ٹریفک حادثات لاہور میں ہوئے جہاں189روڈ ایکسیڈنٹ میں198افراد ہلاک یا زخمی ہوئے، اس کے بعد فیصل آباد میں86 حادثات میں98جبکہ ملتان میں60 ٹریفک حادثات میں 56 افراد کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ترجمان موٹروے نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ شہری گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موٹروے پرسفر سے قبل موٹروے ایپلی کیشن ایف ایم95ریڈیو اور ہیلپ لائن130سے مدد لیں۔

    ذرائع کے مطابق چیچہ وطنی ،میاں چنوں، خانیوال ،ملتان، لودھراں، مسافرخانہ ، بہاولپور، احمد پور شرقیہ میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم ہوگئی ہے جبکہ ملتان خانیوال موٹروے دھند کی وجہ سے بند ہے۔