Tag: ٹریفک حادثہ

  • کراچی میں ایک اور ٹریفک حادثہ، اسکول کی طالبہ ٹرک کے نیچے آکر جاں بحق

    کراچی میں ایک اور ٹریفک حادثہ، اسکول کی طالبہ ٹرک کے نیچے آکر جاں بحق

    کراچی: شہر قائد میں ٹریفک حادثات اور ان میں اموات بد قسمتی سے معمول بن گئی ہیں، آج اسکول جانے والی طالبہ ٹرک کے نیچے آکر جاں بحق ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق یہ ٹریفک حادثہ کراچی کے بلدیہ 9 نمبر میں پیش آیا جہاں والد کے ہمراہ اسکول جانے والی طالبہ ٹرک تلے آکر جاں بحق ہوگئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والی بچی اپنے والد کے ہمراہ اسکول جارہی تھی، والد بچی کو چیز دلوانے جنرل اسٹور پر رکا تو بچی موٹرسائیکل پر بیٹھی تھی۔

    پولیس نے بتایا کہ قریب سے گزرنے والے بچوں کی شرارت سے موٹر سائیکل گری، موٹر سائیکل کے ساتھ سڑک پر گرنے والی بچی ٹرک کی زد میں آگئی۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ اس حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور فرار ہوگیا جس کو تلاش کیا جارہا ہے۔

  • کراچی : تیز رفتار بس  اسٹاپ پر کھڑے افراد پر چڑھ گئی، خاتون جاں بحق، 8 افراد زخمی

    کراچی : تیز رفتار بس اسٹاپ پر کھڑے افراد پر چڑھ گئی، خاتون جاں بحق، 8 افراد زخمی

    کراچی : شارع فیصل پر تیز رفتار بس ٹائر پھٹنے کے باعث بے قابو ہوکراسٹاپ پرکھڑے افراد پر چڑھ گئی، حادثے میں خاتون جاں بحق اور بچوں سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں شارع فیصل پر افسوسناک ٹریفک حادثے پیش آیا، تیز رفتار بس ٹائرپھٹنے کے باعث بے قابو ہوگئی اور اسٹاپ پر کھڑے افراد پر چڑھ گئی، جس کے نتیجے میں تیزرفتار بس کی زد میں آکر ایک خاتون جاں بحق اور بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔

    واقعے کی اطلاع پر ریسکیو اداروں نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق اور زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا۔ جاں بحق خاتون کی شناخت 30 سال کی معصومہ کے نام سے ہوئی، حادثے میں جاں بحق خاتون شوہر اور بچوں کے ساتھ موٹرسائیکل پر سوار تھی۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ مسافر بس چلتی موٹرسائیکل کوروندتے ہوئے اسٹاپ پرکھڑے افرادپر چڑھ گئی، جاں بحق ہونے والی خاتون ملیر سے لائنز ایریا جارہی تھی۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی 8 افراد کو جناح اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

  • خیرپور میں خوفناک ٹریفک حادثہ : 12 افراد جاں بحق

    خیرپور میں خوفناک ٹریفک حادثہ : 12 افراد جاں بحق

    خیرپور : کار اور وین کے درمیان خوفناک تصادم میں 12 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے۔، وین کے بدقسمت مسافر سکھر سے خیرپور جا رہے تھے۔

    حادثہ ببرلوئی بائی پاس پر فرحان شاہ پٹرول پمپ کے قریب پیش آیا، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کیلئے فوری طور پر سکھر اور خیرپور کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تاحال شناخت نہیں ہوپائی ہے۔

    نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے متعلقہ حکام کو حادثے میں جاں بحق افراد کے خاندانوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی ہدایت کردی۔

    ڈپٹی کمشنر خیرپور سید فواد شاہ نے میڈیا یو تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں 12 افراد جاں بحق اور 11افراد زخمی ہوئے ہیں، 3افراد کی لاشیں خیرپور اسپتال جبکہ 9کی سکھر اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

    ترجمان کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ نے موٹر وے پولیس کو قومی شاہراہ پر تیز رفتاری کو ضابطے میں لانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

  • خاتون کے قتل میں ملوث بھارتی اداکار گرفتار

    خاتون کے قتل میں ملوث بھارتی اداکار گرفتار

    بنگلورو : بھارتی فلموں کے اداکار کی تیز رفتار کار کی ٹکر سے خاتون ہلاک جبکہ اُس کا شوہر شدید زخمی ہوگیا، پولیس نے اداکار کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کانندا فلموں کے اداکار ناگا بھوشن ایس ایس کو ایک خاتون کو قتل اور اس کے شوہر کو زخمی کرنے کے الزام میں پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ شب اُن کی تیز رفتار کار فٹ پاتھ پر چلتے ہوئے میاں بیوی سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں 48 سالہ پریما اور اُن کے 58 سالہ شوہر کرشنا شدید زخمی ہوگئے۔

    حادثے کے بعد جوڑے کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں جبکہ اُن کے شوہر ابھی بھی زخمی حالت میں زیرِ علاج ہیں۔

    اداکار گرفتار

    پولیس نے اداکار ناگا بھوشن کو گرفتار کرلیا، اداکار نے پولیس کو دیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ وہ لاپرواہی اور جلدی میں کار چلا رہے تھے۔

    پولیس کاکہنا ہے کہ اداکار کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش کے لیے اداکار کی گاڑی کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ اداکار ناگا بھوشن نے متعدد کانندا فلموں میں کام کیا ہے جن میں اُنہوں نے زیادہ تر مزاحیہ کردار کیے۔

  • سعودیہ: ہولناک ٹریفک حادثہ، متعدد پاکستانی جاں بحق

    سعودیہ: ہولناک ٹریفک حادثہ، متعدد پاکستانی جاں بحق

    سعودیہ میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے اوکاڑہ کے رہائشی ایک ہی خاندان کے دو سگے بھائیوں اور دو کزنوں سمیت 4 افراد زندگی کی بازی گئے۔ حادثہ گاڑی کا ٹائر بلاسٹ ہونے کے سبب پیش آیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بد قسمت گاڑی کا جیسے ہی ٹائر برسٹ ہوا تو پیچھے سے آنے والا تیز رفتار ٹرالر گاڑی پر چڑھ گیا۔

    خاندانی ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ افسوسناک حادثے میں طارق اور شکور نامی دو سگے بھائی اور رمضان اور اسد نامی نوجوان انکے کزن تھے، جبکہ کار میں نواز نامی ایک اور نوجوان بھی تھا جو شدید زخمی ہوا ہے۔

    حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے پانچوں نوجوان عمرہ پہ جانے کے لئے فنگر پرنٹس کروانے ریاض جا رہے تھے کہ حادثہ رونما ہوگیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے پانچویں نوجوان کی حالت بھی نازک ہے۔

    اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار پانچوں پاکستانی نوجوان روزگار کے حصول کے لئے سعودیہ میں مقیم تھے، ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی موت کے بعد پورے گاؤں میں سوگ کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔

    حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کے خاندان نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ ان کے پیاروں کی لاشوں کو جلد از جلد پاکستان لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

  • عراق میں ٹریفک حادثہ، زائرین سمیت 18 افراد جاں بحق

    عراق میں ٹریفک حادثہ، زائرین سمیت 18 افراد جاں بحق

    عراق میں ہونے والے افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے ایرانی زائرین سمیت 18 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ عراق کے شمالی صوبے صلاح الدین میں دو شہروں کو ملانے والی مصروف سڑک پر رونما ہوا۔

    ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینس واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھی جنہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

    اطلاعات کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق ایران سے ہے، جبکہ 13 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیوں میں سے ایک کا ڈرائیور سو گیا تھا جس کی وجہ سے 18 افراد موت کی وادی میں چلے گئے۔

    واضح رہے کہ اربعین (چہلم امام حسین ؓ) کے سلسلے میں ہر سال ہزاروں افراد عراق کا رُخ کرتے ہیں، جن میں زیادہ تر تعداد ایرانی زائرین کی ہوتی ہے۔

  • نوجوان کو کچل کر مارنے والی گاڑی سندھ کی اہم شخصیت کی بیٹی کی نکلی

    نوجوان کو کچل کر مارنے والی گاڑی سندھ کی اہم شخصیت کی بیٹی کی نکلی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں 15 اگست کو ایک خونی ٹریفک حادثے میں ایک نوجوان عبداللہ جاں بحق ہو گیا تھا، اس حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر تفصیلات سامنے آ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق منگل پندرہ اگست کو ڈیفنس کے علاقے میں سڑک پر موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار کر اڑانے والی گاڑی سندھ کی ایک اہم شخصیت کی بیٹی کی نکلی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی نمبر بی ٹی کے 255 مومل اعجاز کے نام پر رجسٹرڈ ہے، اور حادثے کے وقت گاڑی اہم شخصیت کا بیٹا چلا رہا تھا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔

    سامنے آنے والی فوٹیج میں تیز رفتار کار کو شہری کی موٹر سائیکل پر چڑھ دوڑتے دیکھا جا سکتا ہے، کار کے شیشے بھی خلاف قانون مکمل کالے ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی کو قبضے میں لے لیا گیا ہے، جب کہ حادثے کا مقدمہ متوفی عبداللہ کے ورثا کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق قبضے میں لی گئی گاڑی مقدمہ درج ہونے کے بعد تفتیشی پولیس کے حوالے کی جا چکی ہے، اور گاڑی کی تفصیلات اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

  • شیخوپورہ میں ڈمپر نے رکشے کو روند ڈالا، 2 نوجوان جاں بحق

    شیخوپورہ میں ڈمپر نے رکشے کو روند ڈالا، 2 نوجوان جاں بحق

    شیخوپورہ: پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں لاہور روڈ پر ایک ڈمپر نے رکشے کو روند ڈالا، حادثے میں 2 نوجوان جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں لاہور روڈ، قلعہ ستار شاہ پر ایک ڈمپر نے رکشے کو ٹکر مار دی، حادثے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں 20 سالہ سجاد عمر اور 19 سالہ نامعلوم نوجوان شامل ہیں، دونوں حادثے کے بعد موقع ہی پر جاں بحق ہو گئے تھے، جب کہ زخمیوں کو بھی شدید چوٹیں آئی ہیں۔

    ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، ڈرائیور تیز رفتار ڈمپر کو قابو نہ کر سکا اور رکشے کو روند ڈالا، زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • راجن پور میں زائرین کی بس الٹ گئی، 5 افراد جاں بحق، 20 زخمی

    راجن پور میں زائرین کی بس الٹ گئی، 5 افراد جاں بحق، 20 زخمی

    راجن پور: صوبہ پنجاب کے شہر راجن پور میں ایک بس الٹنے سے پانچ افراد جاں بحق ہو گئے، افسوس ناک حادثے میں بیس افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع راجن پور کے علاقے فاضل پور میں انڈس ہائی وے پر زائرین کی ایک بس الٹ گئی، جس کے باعث 5 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہو گئے ہیں، زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق زائرین کی بس سخی سرور سے جیکب آباد سندھ آ رہی تھی کہ تیز رفتار کے باعث حادثہ پیش آ گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تیز رفتار بس ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی تھی، حادثے میں زخمی ہونے والے افراد میں کچھ کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

  • نادرن بائی پاس پر تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل سوار ماں بیٹے کو ٹکر مار دی

    نادرن بائی پاس پر تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل سوار ماں بیٹے کو ٹکر مار دی

    کراچی: شہر قائد میں نادرن بائی پاس پر تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل سوار ماں بیٹے کو ٹکر مار دی، جس سے خاتون جاں بحق ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق نادرن بائی پاس، اورنگی کٹ کے قریب ایک افسوس ناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، جس میں ماں جاں بحق اور ان کا جواں سال بیٹا زخمی ہو گیا ہے۔

    جاں‌ بحق خاتون کی شناخت 55 سالہ عائشہ زوجہ عبدالوہاب کے نام سے ہوئی ہے، جب کہ زخمی نوجوان کی شناخت 20 سالہ سہیل ولد عبد الوہاب کے نام سے ہوئی۔

    خاتون اور ان کا بیٹا موٹر سائیکل پر سوار تھے، مبینہ طور پر تیز رفتاری سے آتی گاڑی نے دونوں کو کچل دیا، جاں بحق خاتون اور زخمی کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

    حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر منگھوپیر تھانے کی پولیس پہنچ گئی، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ہے، تاہم اس کی گرفتاری کی کوشش کر رہے ہیں۔