Tag: ٹریفک خلاف ورزی

  • معمولی سی ٹریفک خلاف ورزی پر 4 کروڑ روپے کا جرمانہ

    معمولی سی ٹریفک خلاف ورزی پر 4 کروڑ روپے کا جرمانہ

    یورپی ملک فن لینڈ میں ٹریفک خلاف ورزیوں پر جرمانے ملزمان کو ان کی سالانہ آمدنی کے حساب سے کیے جاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ایک دولت مند ترین شخص کو معمولی اوور اسپیڈنگ پر پونے 4 کروڑ روپے کا جرمانہ بھرنا پڑ گیا۔

    شمالی یورپی ملک فن لینڈ میں ایک گاڑی کے ڈرائیور پر تیز رفتار ڈرائیونگ کے جرم میں 1 لاکھ 21 ہزار یورو (3 کروڑ 66 لاکھ 85 ہزار پاکستانی روپے) جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

    ملزم آندرس وکلوف پچاس کلومیٹر کی حد رفتار والے زون میں 82 کلو میٹرکی رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ایک امیر شہری ہے اور یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ اسے بہت بھاری جرمانہ کیا گیا ہے۔

    گزشتہ ایک دہائی کے دوران اسی ڈرائیور کو 3 مرتبہ اوور اسپیڈنگ کی وجہ سے بھاری جرمانہ کیا جا چکا ہے تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ جرمانے کی رقم 1 لاکھ یورو کی حد بھی پار کر گئی۔

    اسکینڈے نیویا کی جمہوریت اور یورپی یونین کے رکن ملک فن لینڈ میں ٹریفک قوانین کی خاص بات یہ ہے کہ وہاں مقررہ حد سے زیادہ رفتار سے ڈرائیونگ کرنے والے افراد کو جرمانہ ان کی سالانہ آمدنی کے مطابق کیا جاتا ہے۔

    پولیس نے بھاری جرمانے کے علاوہ 10 روز کے لیے ملزم کا ڈرائیونگ لائسنس بھی معطل کر دیا ہے۔

    آندرس وکلوف ایک ایسی ہولڈنگ کمپنی کا سربراہ ہے، جو مال برداری، ہیلی کاپٹر سروسز، پراپرٹی کی خرید و فروخت، تجارت اور سیاحت سمیت کئی شعبوں میں متعدد کاروباری اداروں کی مالک ہے۔

    اس کے بارے میں یہ بھی مشہور ہے کہ وہ جزائر آلینڈ کا امیر ترین باشندہ ہے۔

    ایک مقامی اخبار کی رپورٹ کے مطابق آندرس وِکلوف کو اس سے قبل سنہ 2018 میں 63 ہزار 680 یورو (1 کروڑ 93 لاکھ پاکستانی روپے) کا جرمانہ کیا جاچکا ہے، جبکہ سنہ 2015 میں 95 ہزار یورو (2 کروڑ 88 لاکھ پاکستانی روپے) جرمانہ کیا جاچکا ہے۔

  • ابو ظہبی: ٹریفک خلاف ورزی کے جرمانے پر رعایت کس صورت میں مل سکتی ہے؟

    ابو ظہبی: ٹریفک خلاف ورزی کے جرمانے پر رعایت کس صورت میں مل سکتی ہے؟

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں ٹریفک پولیس نے ٹریفک خلاف ورزیوں پر عائد جرمانوں پر رعایت کا اعلان کیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ابو ظہبی ٹریفک پولیس نے ٹریفک خلاف ورزیوں پر عائد جرمانے پہلی فرصت میں جمع کرانے والوں کے لیے رعایت کا اعلان کیا ہے۔

    60 دن کے اندرجرمانہ جمع کروانے پر 35 فیصد اور 60 دن سے ایک سال کے اندر جرمانہ ادا کرنے پر 25 فیصد رعایت ملے گی۔

    ابو ظہبی ٹریفک پولیس نے کا کہنا تھا کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے کسی منافع کے بغیر مقررہ بینکوں کے ذریعے قسطوں میں بھی جمع کروائے جا سکتے ہیں۔

    ابو ظہبی نیشنل بینک، الامارات الاسلامی، المشرق، ابو ظہبی کمرشل اورابو ظہبی اسلامی بینکوں میں سے کسی ایک بینک میں ٹریفک خلاف ورزی کا جرمانہ قسطوں میں ادا کیا جاسکتا ہے۔

    ابو ظہبی پولیس کا کہنا ہے کہ جرمانوں کی ادائیگی 4 چینلز کے ذریعے کی جا سکتی ہے، ان میں ابو ظہبی پولیس کی ویب سائٹ، سمارٹ ایپ (تم، شرطہ ابو ظہبی)، اسعاد سروس سینٹر اور براہ راست ادائیگی شامل ہیں۔

    ابو ظہبی پولیس کی جنرل کمانڈ نے آگے بڑھو اور فائدہ اٹھاؤ کے سلوگن کے تحت آگہی مہم شروع کی ہے، اس کے ذریعے عوام کو ٹریفک خلاف ورزیوں کے چالان جلد جمع کروانے پر مختلف سہولتوں اور رعایتوں سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی جارہی ہے۔

  • ابو ظہبی: ایک اور ٹریفک خلاف ورزی پر 400 درہم جرمانہ عائد

    ابو ظہبی: ایک اور ٹریفک خلاف ورزی پر 400 درہم جرمانہ عائد

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی کی پولیس نے ایک اور ٹریفک خلاف ورزی پر 400 درہم جرمانہ عائد کردیا ہے، ابو ظہبی پولیس محفوظ ڈرائیونگ کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی آگاہی مہم چلا رہی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ابو ظہبی پولیس نے ڈرائیوروں سے کہا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران دائیں لین کی پابندی کریں اور عقب یا بائیں جانب سے آنے والی گاڑیوں کو ترجیحی بنیاد پر آگے بڑھنے کا موقع دیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ایسا نہ کرنا ٹریفک خلاف ورزی ہے جس پر 400 درہم جرمانہ ہوگا۔

    ابو ظہبی پولیس دراصل ان دنوں محفوظ ڈرائیونگ کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی آگاہی مہم چلا رہی ہے۔

    ابو ظہبی پولیس کا کہنا ہے کہ کوئی بھی ڈرائیور اپنے آگے چلنے والی گاڑی کو دائیں جانب سے اوور ٹیک نہ کرے، ایسا کرنے پر ٹریفک حادثے کا بڑا خطرہ ہوتا ہے۔ بعض اوقات اس سے ہلاکتیں بھی ہوتی ہیں اور لوگ زخمی بھی ہوتے ہیں۔

    پولیس کی جانب سے مزید کہا گیا کہ کوئی بھی ڈرائیور اس وقت تک ٹریک تبدیل نہ کرے جب تک کہ اس بات کا اطمینان نہ کرلیا جائے کہ راستہ خالی ہے اور ٹریک تبدیل کرتے وقت ایک گاڑی دوسری گاڑی کے درمیان ضروری فاصلے کی پابندی کرے۔ ایک ٹریک سے دوسرے ٹریک میں جاتے وقت سگنل ضرور دے۔

  • سعودی عرب: 20 ہزار ریال جرمانے والی ٹریفک خلاف ورزیاں کون سی ہیں؟

    سعودی عرب: 20 ہزار ریال جرمانے والی ٹریفک خلاف ورزیاں کون سی ہیں؟

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے سڑکوں پر کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد لوگوں کو ٹریفک خلاف ورزیاں نہایت بھاری پڑیں گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے کے لیے اسمارٹ کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اسمارٹ کیمروں کی تنصیب کے بعد 20 ہزار ریال جرمانے والی ٹریفک خلاف ورزیاں مہنگی پڑیں گی۔

    ٹوئٹر پر جاری اپنے اعلامیے میں محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ ٹریفک خلاف ورزیاں پکڑنے کے لیے اسمارٹ کیمرے جلد استعمال کیے جائیں گے۔

    محکمے نے ٹریفک خلاف ورزیوں اور ان کے جرمانے کی فہرست ایک بار پھر جاری کی ہے جو کچھ یوں ہے۔

    ریڈ سگنل توڑنا بڑی خلاف ورزی ہے اس پر 3 ہزار سے لے کر 6 ہزار ریال تک کا جرمانہ مقرر ہے۔

    ٹائر اسکریچنگ پر 20 ہزار ریال تک کا جرمانہ ہے، ٹائر اسکریچنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی 15 دن کے لیے ضبط کرلی جائے گی۔

    کسی اور گاڑی کی نمبر پلیٹ استعمال کرنا قانوناً جرم ہے، اس پر 5 ہزار سے لے کر 10 ہزار ریال تک کا جرمانہ ہے، مذکورہ نمبر پلیٹ ہٹانے تک گاڑی محکمہ ٹریفک کی تحویل میں رہے گی۔

    حفاظتی بیلٹ نہ باندھنے پر پہلی مرتبہ کم از کم جرمانہ 150 سے 300 ریال تک ہے۔ 30 روز کے اندر یہ خلاف ورزی دوبارہ کرنے پر جرمانے میں اضافہ ہوگا، یا گاڑی 24 گھنٹے کے لیے تحویل میں لے لی جائے گی یا دونوں سزائیں بیک وقت ہوں گی۔

    حفاظتی بیلٹ نہ باندھنے پر صرف ڈرائیور ہی سے جرمانہ نہیں لیا جائے گا بلکہ اس کے برابر کی نشست پر بیٹھا شخص بھی حفاظتی بیلٹ نہ باندھنے پر جرمانہ دے گا۔

    مقررہ رفتار سے فی گھنٹہ 10 تا 20 کلو میٹر زیادہ رفتار سے گاڑی چلانا بھی خلاف ورزی ہے، اس کا جرمانہ 150 تا 300 ریال ہے۔

    فی گھنٹہ مقررہ رفتار سے 20 تا 30 کلو میٹر زیادہ کی رفتار سے گاڑی چلانے پر 300 تا 500 ریال جرمانہ متعین ہے۔

    مقررہ رفتار سے 30 تا 40 کلو میٹر فی گھنٹے زیادہ اسپیڈ سے گاڑی چلانا خلاف ورزی ہے اس کا جرمانہ 800 تا 1 ہزار ریال ہے۔

    مقررہ رفتار سے 40 کلو میٹر سے لے کر 50 کلو میٹر حد سے زیادہ رفتار سے گاڑی چلانے پر 1200 تا 1500 ریال جرمانہ ہوگا۔

    مقررہ رفتار سے 50 کلو میٹر زیادہ اسپیڈ سے فی گھنٹہ گاڑی چلانے پر 1500 تا 2 ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔

    سروس روڈ پر مخالف سمت میں گاڑی چلانا یا ڈرائیونگ کے لیے ممنوعہ مقامات پر گاڑی چلانا جرم ہے۔ اس پر 1 ہزا ر سے 2 ہزار ریال تک کا جرمانہ ہے۔

    رات کے وقت یا خراب موسمی حالات میں لائٹ کے بغیر گاڑی چلانا ٹریفک خلاف ورزی ہے، اس پر 1 سے 2 ہزار ریال جرمانہ ہے۔

    ڈھلوانوں اور چڑھائی جیسے مقامات پر مقررہ حد سے زیادہ رفتار سے گاڑی چلانا جہاں اوور ٹیک پر پابندی ہو ٹریفک خلاف ورزی ہے اور اس کا جرمانہ 1 ہزار سے 2 ہزار ریال ہے۔

    ڈرائیونگ کے دوران موبائل کے استعمال پر جرمانہ 500 تا 900 ریال تک کا ہے۔

    ایمرجنسی سروس گاڑیوں کا تعاقب ٹریفک خلاف ورزی ہے، اس پر 500 تا 900 ریال کا جرمانہ ہے۔ یہ خلاف ورزی اس وقت شمار ہوگی جب ایمرجنسی گاڑی انتباہی الارم بجاتے ہوئے چل رہی ہو۔

    سگنل پر جہاں ٹھہرنا ضروری ہو اس کی پابندی نہ کرنے پر 500 تا 900 ریال تک کا جرمانہ ہوگا۔ سگنلز پر ایک بورڈ لگا ہوتا ہے جس پر عربی میں (قف) اور انگریزی میں اسٹاپ لکھا ہوتا ہے وہاں ٹھہرے بغیر مڑنا ٹریفک خلاف ورزی ہے۔

    ٹریفک اہلکار کے اشارے کی پابندی نہ کرنا اور سگنلز پر اس کے اشارے کو نظر انداز کردینے پر 500 تا 900 ریال کا جرمانہ ہے۔

    شاہراہوں پر ماحول کو آلودہ کرنا ٹریفک خلاف ورزی ہے، اگر گاڑی سے دھواں نکل رہا ہو اور اس سے ماحول آلودہ ہورہا ہو تو اس پر 500 تا 900 ریال تک کا جرمانہ ہے۔