Tag: ٹریفک خلاف ورزیاں

  • عرب امارات: ایک گاڑی سے 63 ہزار درہم کی ٹریفک خلاف ورزیاں

    عرب امارات: ایک گاڑی سے 63 ہزار درہم کی ٹریفک خلاف ورزیاں

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں ایک خاتون نے عدالت میں دعویٰ دائر کیا ہے کہ ان کے شوہر نے ان کی گاڑی سے 63 ہزار درہم کی ٹریفک خلاف ورزیاں کیں، اور انہیں یہ رقم واپس دلوائی جائے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ابو ظہبی فیملی کورٹ نے شوہر کے خلاف اس کی اہلیہ کا 63 ہزار درہم کا دعویٰ مسترد کردیا۔

    خاتون نے شوہر سے 63 ہزار درہم دلوانے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ شوہر نے ان کی گاڑی چوری کر کے ٹریفک خلاف ورزیاں کیں اور گاڑی کا مالک ہونے کی وجہ سے انہیں 63 ہزار درہم جرمانے کے طور پر ادا کرنا پڑ رہے ہیں، انہیں یہ رقم واپس دلوائی جائے۔

    عدالت نے خاتون کا دعویٰ یہ کہہ کر مسترد کردیا کہ انہوں نے اس بات کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا کہ ان کی گاڑی شوہر نے چوری کی تھی اور ٹریفک خلاف ورزیاں ان کی لاعلمی میں ہوئی ہیں۔

  • شارجہ میں ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانوں میں رعایت

    شارجہ میں ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانوں میں رعایت

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ کی پولیس نے کہا ہے کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے 60 روز میں ادا کرنے پر 35 فیصد رعایت دی جائے گی۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں شارجہ پولیس نے ریاست میں ٹریفک خلاف ورزیوں پر مستقل رعایت کے فیصلے کے نفاذ کا آغاز کیا ہے۔

    پولیس کی مجلس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے 60 روز میں ادا کرنے پر 35 فیصد رعایت دی جائے گی۔

    محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر محمد النقبی نے کہا کہ یہ رعایت مستقل دی جائے گی تاہم سنگین خلاف ورزیوں پر کیے جانے والے جرمانے مستثنیٰ ہوں گے، سنگین خلاف ورزیوں میں حد سے زیادہ رفتار سے خطرناک شکل میں ڈرائیونگ پر مقرر جرمانہ شامل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ رعایت ٹریفک خلاف ورزی کے ارتکاب کی تاریخ سے 2 ماہ کے اندر جرمانہ ادا کرنے پر لاگو ہوگی۔

    اگر کسی شخص نے ٹریفک خلاف ورزی کے ارتکاب کے 60 دن بعد جرمانہ ادا کیا تو ایسی صورت میں اسے 25 فیصد رعایت دی جائے گی بشرطیکہ خلاف ورزی کے ارتکاب پر ایک سال کا عرصہ نہ گزرا ہو، سال پورا ہونے پر رعایت ختم ہوجائے گی۔

  • جرمانوں کے حوالے سے سعودی محکمہ ٹریفک کی اہم وضاحت

    جرمانوں کے حوالے سے سعودی محکمہ ٹریفک کی اہم وضاحت

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے وضاحت کردی ہے کہ ٹریفک جرمانے قسطوں میں تقسیم نہیں ہوسکتے اور انہیں یکمشت ادا کرنا ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق آن لائن ایپلی کیشن ابشر کے ذریعے ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے پر اعتراض کیا جا سکتا ہے تاہم جرمانوں کی قسطیں کسی حالت میں نہیں ہوں گی۔

    سعودی محکمہ ٹریفک کے مطابق ہر ٹریفک خلاف ورزی کا جرمانہ الگ الگ ادا کیا جائے گا۔ محکمہ ٹریفک نے بتایا ہے کہ پانچ صورتوں میں ٹریفک جرمانے ہر قیمت پر ادا کرنا ہوں گے۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا، تجدید یا گمشدہ ڈرائیونگ لائسنس کے بدلے لائسنس نکلوانے سے قبل جرمانے ادا کرنا ہوں گے۔

    رخصہ سیر (استمارا) کے اجرا یا تجدید یا گمشدہ استمارے کی جگہ نیا رخصہ سیر (گاڑی کی رجسٹریشن) جاری کرواتے وقت اسی طرح گاڑیوں کی نمبر پلیٹ نام سے ہٹوانے اور نمبر پلیٹ کی اصلاح سے قبل ادائیگی کرنا ہوگی۔

    گاڑی چلانے کا مختار نامہ جاری کرنے والے اور جس کے نام سے جاری کروایا جا رہا ہے اس کے نام پر موجود جرمانے، اسی طرح گاڑی پولیس کی ضبطی سے نکلوانے سے قبل جرمانے ادا کرنے ہوں گے۔ اس کے بغیر کوئی کارروائی نہیں ہو سکے گی۔