Tag: ٹریفک پولیس

  • کراچی کی بند سڑکیں کتنے بجے کھل جائیں گی؟ ٹریفک پولیس نے بتادیا

    کراچی کی بند سڑکیں کتنے بجے کھل جائیں گی؟ ٹریفک پولیس نے بتادیا

    کراچی: ایرانی صدر کی آمد پر بند ہونے والی سڑکیں شہریوں کے لیے کب تک کھل جائیں گی، ٹریفک پولیس حکام کا بیان سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس حکام کا کہنا تھا کہ کراچی کی سڑکوں کو شام 7 بجے تک بند رکھا جائے گا جبکہ ٹریفک پلان میں شامل سڑکوں کو جزوی طور پر بند کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

    شاہراہ قائدین خداداد کالونی سے نمائش جانے والی سڑک بند ہے، ایم اے جناح روڈ سے صدر جانے والی سڑک بھی بند کردی گئی ہے۔

    ٹریفک پولیس نے بتایا کہ سیکیورٹی وجوہات کے پیش نظر سڑکیں محدود مدت کیلئے بند رہیں گی، اس کے بعد سڑک کو آمد و رفت کے لیے کھول دیا جائے گا۔

    ایرانی صدر کی آمد کے پیش نظر شارع فیصل اور اطراف کی سڑکوں پرخوش آمدید کے بینرز آویزاں کیے گئے ہیں جبکہ شارع فیصل اور ایئرپورٹ کے اطراف تمام پیٹرول پمپس بند کردیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ سیکیورٹی کے پیش نظر شارع فیصل کو سیل کردیا گیا ہے جبکہ ایرانی صدرکے دورہ کراچی کے موقع پر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

  • ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے ہوشیار، ٹریفک پولیس کو نئے احکامات جاری

    ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے ہوشیار، ٹریفک پولیس کو نئے احکامات جاری

    کراچی: ڈپٹی انسپکٹر جنرل ٹریفک پولیس کراچی احمد نواز کی زیر صدارت اجلاس میں ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو روکنے کے لیے ٹریفک پولیس کو نئے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

    اجلاس میں ڈی آئی جی ٹریفک کراچی احمد نواز نے ٹریفک ایشوز پر بات چیت کی، اور کہا کہ ون وے کی خلاف ورزی ٹریفک کے لیے سنگین مسئلہ بنا ہوا ہے، لوگوں نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی روز کا معمول بنا رکھا ہے۔

    انھوں نے ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے عائد کیے جائیں، اور جرمانہ جمع نہ کرانے کی صورت میں گاڑیاں ضبط کی جائیں، ہمارا فوکس چالان کرنا نہیں بلکہ ٹریفک کو مینٹین کرنا ہے، اس لیے قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں چالان ضرور ہوگا۔

    ڈی آئی جی ٹریفک نے ہدایت کی کہ ایک سے زائد خلاف ورزیاں صرف ایک ہی چالان میں دی جائیں، انفورسمنٹ آفیسرز سگنل کے بعد کھڑے ہوں گے، باڈی وورن کیمرے سے خلاف ورزیوں کی ویڈیو بنا کر اپنے پاس محفوظ رکھیں گے، اور خلاف ورزی کرنے والوں کو ویڈیو کے تحت جرمانے عائد کریں گے۔

    احمد نواز نے کہا کہ 30 فی صد نفری کو دن اور 70 فی صد کو رات میں مارکیٹوں کے اطراف لگائیں، اضافی نفری کو مؤثر جگہوں پر تعینات کریں، کورنگی روڈ، سن سیٹ بلیوارڈ، مائی کولاچی روڈ پر رات میں ٹریفک دباؤ ہوتا ہے، اس لیے وہاں روانی یقینی بنائیں۔

    انھوں نے ہدایت کی کہ ٹرانسپورٹ یونین ڈرائیورز کو ہدایت دیں کہ فاسٹ لین کی پابندی یقینی بنائیں، اس حوالے سے سڑکوں پر بینر بھی آویزاں کیے جائیں، پٹرولنگ کار، موٹر سائیکل پٹرولنگ افسران میگا فون کے ذریعے لوگوں کو آگاہ کریں کہ ہیوی گاڑیاں فاسٹ لین میں چلنے سے گریز کریں۔

    ڈی آئی جی ٹریفک نے مزید ہدایات دیں کہ موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو صرف سنگل لائن میں پارک کرائیں، رکشوں کے لیے سائیڈ پر مخصوص جگہ مقرر کریں بیچ سڑک میں کھڑا نہ ہونے دیں، جہاں چارج پارکنگ ہے اس جگہ کو لمیٹڈ کریں، ایس ایس پیز مارکیٹوں اور بازاروں کا خود دورہ کر کے صورت حال کا جائزہ لیں۔

  • ویڈیو رپورٹ: پولیس کی مبینہ سرپرستی میں چنگچی رکشوں نے ٹریفک مسائل کو گھمبیر بنا دیا

    ویڈیو رپورٹ: پولیس کی مبینہ سرپرستی میں چنگچی رکشوں نے ٹریفک مسائل کو گھمبیر بنا دیا

    کراچی: شہر قائد میں ٹریفک پولیس کی مبینہ سرپرستی میں غیر قانونی ٹرانسپورٹ مافیا نے اپنے پنجے گاڑ دیے ہیں، مختلف علاقوں میں چنگچی رکشوں کی بھرمار نے ٹریفک مسائل کو گھمبیر بنا دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کی اہم شاہراہوں پر خلاف ضابطہ چلنے والے چنگچی رکشے ٹریفک جام اور حادثات کا سبب بن رہے ہیں، چنگچی رکشہ ڈرائیورز کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی بھی معمول ہے۔

    نمبر پلیٹ، نہ کاغذات، اور نہ ہی ٹریفک رولز پر عمل درآمد کیا جاتا ہے، کراچی کی اہم شاہراہوں کے بیچوں بیچ کھڑے ان چنگچی اور فور سیٹر رکشوں کی وجہ سے ٹریفک جام اور حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے، کریم آباد، لیاقت آباد، راشد منہاس روڈ، لسبیلہ اور تین ہٹی سمیت مخلتف علاقوں میں چنگچی رکشہ اسٹینڈز کی بھرمار ہو گئی ہے۔

    ٹریفک پولیس کی مبینہ سرپرستی میں خلاف ضابطہ چلنے والے چنگچی رکشوں کے ڈرائیور غیر محتاط ڈرائیونگ کے ذریعے اپنی اور مسافروں کی جان خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔

    زیادہ رقم کی لالچ میں گنجائش سے زیادہ افراد کو رکشے میں سوار کر دیا جاتا ہے، ٹریفک پولیس اس اوور لوڈنگ کو بھی نہیں روکتی، اورنگی، بنارس چورنگی، ناظم آباد تا ناگن چورنگی کئی مقامات پر چنگچی رکشہ اسٹاپ کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے۔

    دوسری طرف چنگچی کے حوالے سے خبر چلنے پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل ٹریفک پولیس کراچی اقبال دارا کی طرف سے وضاحت جاری کی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ 2023 میں چنگچی رکشوں کے خلاف متعدد کاروائیاں کی گئی ہیں۔

    ڈی آئی جی ٹریفک پولیس کے مطابق 2023 میں چنگچی رکشوں کے خلاف 10 ہزار 90 چالان کیے گئے، جرمانے کی مجموعی رقم 68 لاکھ 86 ہزار روپے تھی، اور 6 ہزار 410 رکشے ضبط کیے گئے، جب کہ 18 ڈرائیورز کو گرفتار کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق یکم جنوری 2024 سے 6 مارچ تک 4385 چالان، 4،384،500 جرمانے کیے گئے، 2618 رکشے ضبط اور 4 ڈرائیورز کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان ٹریفک پولیس کراچی کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے کہا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مزید کارروائیوں کا عمل جاری ہے۔

  • یوم ولادت حضرت علی ؓ :  ٹریفک پلان جاری ، آج شام کون کون سے راستے بند ہوں گے؟

    یوم ولادت حضرت علی ؓ : ٹریفک پلان جاری ، آج شام کون کون سے راستے بند ہوں گے؟

    کراچی : ٹریفک پولیس نے کراچی یوم ولادت حضرت علی ؓ کی مناسب سے پلان جاری کردیا، جس میں بند ہونے والے راستوں اور متبادل راستوں کا بتایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی یوم ولادت حضرت علی ؓ کی مناسب سے ٹریفک پولیس نے اعلامیہ جاری کردیا ہے، جس میں کہا ہے کہ آج شام غفور چیمبر سے شاہ خراسان تک روڈ ٹریفک کیلئے بند رہے گا۔

    ٹریفک پولیس نےعوام کیلئےمتبادل راستوں کا اعلامیہ جاری کردیا ، جس میں کہا ہے کہ بہادریارجنگ روڈاستعمال کرنیوالے گرومندر، سولجر بازار، انکل سریا سے جا سکتے ہیں جبکہ ٹاور،عیدگاہ چوک سے ایم اےجناح روڈ آنیوالی ٹریفک کو ڈاکخانے سے بائیں جانب موڑا جائے گا۔

    ٹریفک پولیس نے بتایا کہ ٹریفک کوجوبلی سےنشترروڈکی جانب یاتبت سینٹرسےدائیں جانب ریگل موڑدیا جائے گا جبکہ عبداللہ ہارون روڈاستعمال کرنیوالوں کو پیراڈائزسگنل سےبائیں جانب موڑاجائے گا۔

    اس کے علاوہ فوارہ چوک زیب النسا مارکیٹ سے آنیوالی ٹریفک کوپاسپورٹ آفس یا لکی اسٹار جبکہ آغاخان سوائم روڈ اور نشترروڈ گارڈن سے آنیوالے ٹریفک کوگارڈن چوک سے دائیں موڑا جائے گا۔

    ،ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہری ایم اے جناح روڈ اور تبت سینٹرسےبائیں جانب ریگل چوک جاسکیں گے۔

  • اتفاقیہ گولی دو ٹریفک اہلکاروں کے سینے سے آر پار ہونے کے بعد ایک اہلکار جاں بحق

    اتفاقیہ گولی دو ٹریفک اہلکاروں کے سینے سے آر پار ہونے کے بعد ایک اہلکار جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لانڈھی میں اتفاقیہ گولی دو ٹریفک اہلکاروں کے سینے سے آر پار ہونے کے بعد ایک اہلکار جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لانڈھی تھانے میں اتفاقیہ گولی چلنے سے 2 اہلکار زخمی ہو گئے تھے، جن میں سے ایک زخمی اہلکار دوران علاج جناح اسپتال میں دم توڑ گیا۔

    ڈی آئی جی ٹریفک اقبال ڈارا کے مطابق جاں بحق اہلکار کی شناخت فہمید کے نام سے ہوئی ہے، جو ٹریفک سیکشن شاہ فیصل ضلع کورنگی میں تعینات تھا، جب کہ زخمی اہلکار گل شیر سیکشن کورنگی صنعتی ایریا میں تعینات ہے۔

    ڈی آئی جی کے مطابق اہلکار علی احمد ڈی ایس پی ٹریفک سیکشن لانڈھی کا پستول لے کر بیرک میں آیا تھا، زخمی اہلکار گل شیر کے ہاتھ سے پستول سے گولی چلی، ایک ہی گولی فہمید اور گل شیر دونوں کے سینے سے آر پار ہوئی، یہ واقعہ صبح ساڑھے 7 بجے کے قریب پیش آیا۔

    ڈی آئی جی نے بتایا کہ دونوں اہلکار ٹریفک سیکشن تھانہ لانڈھی کے بیرکوں میں رہائش پذیر تھے، واقعے کی اطلاع پر ایس ایس پی کورنگی حسن سردار اور ایس پی کورنگی ٹریفک سیکشن فرح امبرین نے جناح اسپتال کا دورہ کیا۔

    ڈی ایس پی ٹریفک لانڈھی جاوید کے گن مین علی حسن کو حراست میں لے لیا گیا ہے، واقعے سے متعلق مزید شواہد اکھٹے کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

  • 2023 میں کراچی کی سڑکوں پر موت کا راج، ٹریفک حادثات کی رپورٹ جاری

    2023 میں کراچی کی سڑکوں پر موت کا راج، ٹریفک حادثات کی رپورٹ جاری

    کراچی میں شہریوں کی سب سے زیادہ اموات ٹریفک حادثات میں ہو رہی ہیں، رواں برس اس شہر میں 1400 سے زائد شہری ٹریفک حادثات میں زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، زخمیوں کی بات کی جائے تو یہ تعداد 18 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے اور تیز رفتاری، اس شہر میں ٹریفک حادثات کی سب سے بڑی وجہ ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں برس اس شہر میں 1400 سے زائد شہری صرف ٹریفک حادثات میں اپنی زندگی گوا بیٹھے ہیں، زخمیوں کی بات کی جائے تو یہ تعداد 18 ہزار سے تجاوز کر گئی، ٹریفک حادثات کے بیشتر زخمی تو ایسے ہیں جو زندگی بھر کے لیے معذور ہو چکے ہیں۔

    ٹریفک پولیس حکام کے مطابق حادثے میں سب سے زیادہ اموات موٹر سائیکل سواروں کی ہوتی ہے، جن مین اکثر بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلاتے ہیں۔

    شہر میں دوڑتے ہوئے تیز رفتار ڈمپر ، ٹرالرز اور مسافر بسوں کے خلاف ٹریفک پولیس کی جانب سے کارروائیاں نہ ہونے کی وجہ سے کئی شہری ان کی زد میں آکر یا تو اپنی زندگی گواہ بیٹھے یا پھر ہمیشہ کے لیے معذور ہو چکے ہیں۔

    ٹریفک پولیس حکام کے مطابق ٹریفک حادثات کی سب سے بڑی وجہ تیز رفتاری اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ ہے۔

  • ابو ظہبی: مساجد کے اطراف غلط پارکنگ پر بھاری جرمانہ عائد

    ابو ظہبی: مساجد کے اطراف غلط پارکنگ پر بھاری جرمانہ عائد

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی کی ٹریفک پولیس نے عبادات و تراویح کے لیے آنے والوں کی گاڑی پارکنگ کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ابو ظبہی محکمہ ٹریفک نے خبردار کیا ہے کہ مساجد کے اطراف غلط طریقے سے گاڑی پارک کرنے پر 500 درہم جرمانہ ہوگا۔

    دبئی ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کے مالکان سے کہا ہے کہ رمضان کے دوران مثبت طرز عمل اپنائیں، ٹریفک کے نظام میں خلل نہ پیدا کریں، پارکنگ کے داخلی راستے بند کرنے سے گریز کریں۔ گاڑیاں منظم شکل میں پارک کی جائیں۔

    پولیس نے کہا کہ تراویح کے لیے مسجد آتے ہوئے گاڑی ایسے پارک کریں کہ پہلے سے پارک گاڑی کو نکلنے میں پریشانی نہ ہو۔

    ٹریفک پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ رمضان کے دوران ٹریفک سلامتی کا جامع پلان تیار کیا گیا ہے، ٹریفک اہلکار سمارٹ سسٹم کے ذریعے ٹریفک خلاف ورزیاں کرنے والوں کے حوالے سے قانونی کارروائی کریں گے۔

    ٹریفک پولیس نے مزید کہا کہ فرض نمازوں خصوصاً تراویح کے موقع پر مساجد کے اطراف ٹریفک رش ہے، نماز کے لیے آنے والے فٹ پاتھ اور گاڑیوں کے آگے پیچھے بھی پارکنگ کر دیتے ہیں جس سے پہلے سے پارک گاڑیوں کے مالکان کو نکلنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔

    رمضان کے دوران ہر سال یہ مناظر دیکھنے میں آتے ہیں، اس سے سب کو پریشانی ہو رہی ہے، ٹریفک اہلکار اسے منظم کرنے کے لیے مہم چلا رہے ہیں۔

  • گاڑیاں نام کروانے کی مہم میں شہریوں کی عدم دلچسپی

    گاڑیاں نام کروانے کی مہم میں شہریوں کی عدم دلچسپی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گاڑی کو اصل مالک کے نام پر ٹرانسفر کروانے کی مہم جاری ہے اور خلاف ورزی پر روزانہ چالان کیے جارہے ہیں لیکن شہری قانون کی پاسداری کو تیار نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں گاڑیوں کے روزانہ درجنوں چالان کیے جارہے ہیں اور لوگ جرمانے کی بھاری رقم ادا کر رہے ہیں۔

    ایک ٹریفک پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ اصل نمبر پلیٹ اور گاڑی اپنے نام کروانے کے قانون کی خلاف ورزی پر درجنوں چالان کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کچھ گاڑیاں ایسی ہیں جن کے ڈرائیورز نے ہفتے میں دو بار بھی چالان بھرا لیکن اس کے باوجود وہ قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق اوپن لیٹر پر موجود گاڑیاں ضبط کی جارہی ہیں اور ان کے کاغذات مکمل کیے جانے کے بعد انہیں ریلیز کیا جارہا ہے۔

    دوسری طرف شہریوں کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ پہلے تک اصل نمبر پلیٹ نہیں بن رہی تھی، اب سختی کے بعد دوبارہ سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے ہوں گے اور نمبر پلیٹ بنوانی ہوگی۔

    ادھر محکمہ ایکسائز موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن ضیا شاہ نے بتایا کہ گزشتہ کچھ عرصے میں 3 لاکھ سے زائد نمبر پلیٹس تیار کی گئی یں جن میں سے ڈھائی لاکھ مالکان نے وصول کرلی ہیں۔

    40 سے 50 ہزار پلیٹس ابھی تک وصول نہیں کی گئیں۔

  • پی ایس ایل میچز: ٹریفک پولیس کی جانب سے کن سڑکوں کو بند کیا جائے گا؟

    پی ایس ایل میچز: ٹریفک پولیس کی جانب سے کن سڑکوں کو بند کیا جائے گا؟

    کراچی: ٹریفک پولیس کی جانب سے پی ایس ایل میچز کے لئے ٹریفک پلان ، پارکنگ اور متبادل راستوں کا پلان جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ میچز کے لیے ٹریفک روٹ پلان جاری کردیا گیا۔

    شائقین کرکٹ کیلئے پارکنگ اور متبادل راستوں کیلئے خصوصی ٹریفک پلان تیار کیا گیا ہے۔

    کراچی کے مختلف علاقوں سے آنے والے شائقین کے لیے غریب نواز فٹبال گراؤنڈ کے قریب ڈالمیا میں پارکنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

    پارکنگ کیلئے اصل شناختی کارڈ اور میچ کا ٹکٹ دکھانا لازمی ہوگا جبکہ شائقین پارکنگ سے شٹل سروس نیشنل اسٹیڈیم لے جایا جائے گا۔

    لیاقت آباد نمبر 10، حسن اسکوائر پل سے سٹیڈیم روڈ پر ٹریفک جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی طرح یونیورسٹی روڈ کے ایکسپو سینٹر موڑ سے اسٹیڈیم کی طرف ٹریفک جانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ اسٹیڈیم روڈ سے حسن اسکوائر تک ٹریفک جاری رہے گی۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق اسٹیڈیم روڈ سے جانب حسن اسکوائر ٹریفک چلتی رہے گی۔

    اسٹیڈیم سگنل سے حسن اسکوائر تک ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہو گا، عوام سے گزارش ہے کہ پریشانی سے بچنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل 2023 کا آغاز گزشتہ روز ملتان میں ایک شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوا جس کے بعد دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان پردے کا مقابلہ ہوا۔ قلندرز نے افتتاحی میچ میں سلطانز کو 1 رن سے شکست دی۔

    دوسری جانب کراچی کنگز اپنا پہلا میچ آج بابر اعظم کی زیر قیادت پشاور زلمی کے خلاف نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے گی۔

  • ٹریفک اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم 8 سال بعد گرفتار

    ٹریفک اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم 8 سال بعد گرفتار

    کراچی: کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے صدر پارکنگ پلازہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ٹریفک پولیس اہلکارکی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم کو 8 سال کے بعد گرفتار کرلیا ۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے 30 پستول بھی برآمد ہوئی ہیں، تاہم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم اعجازکالا ساتھیوں سمیت ٹریفک اہلکار کی شہادت میں ملوث ہے، ملزم پرقتل، اقدام قتل، دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا۔

    ٹریفک پولیس اہلکار کی شہادت میں ملوث ملزم 8 سال کے بعد گرفتار

    سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ملزم نے 2014ء میں ڈیوٹی پر موجود ٹریفک اہلکار محمد منشاء کو نشانہ بنایا تھا، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ محمد منشاء ساتھی اہلکاروں سمیت ٹریفک سگنل چورنگی نمبر 1 ناظم آباد میں ڈیوٹی انجام دے رہا تھا کہ ڈیوٹی کے دوران ایک موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان لیاقت آباد ڈاک خانے کی جانب سے آئے، پیچھے بیٹھے ملزم نے پستول نکالی اور محمد منشاء کو نشانہ بنایا۔

    فائرنگ کے دوران ایک رکشہ ڈرائیور کو بھی گولیاں لگی تھی، دہشتگردی کے اس واقعہ میں محمد منشاء اسپتال میں ہی شہید ہوگیا تھا۔