Tag: ٹریفک پولیس

  • شارع فیصل فائرنگ، 2 سیکورٹی گارڈز گرفتار

    شارع فیصل فائرنگ، 2 سیکورٹی گارڈز گرفتار

    کراچی: شارع فیصل پر شادی سے واپس آنے والی گاڑی روکنے پر فائرنگ سے ٹریفک پولیس اہل کار زخمی ہونے والے معاملے میں فیروز آباد پولیس نے 2 سیکورٹی گارڈز کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں شارع فیصل پر 2 روز قبل ٹریفک اہل کار اور سیکورٹی گارڈ کے درمیان تلخ کلامی کے دوران فائرنگ سے ٹریفک پولیس اہل کار زخمی ہو گیا تھا، پولیس نے اقدام قتل سمیت متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کے بعد دو سیکورٹی گارڈز ناصر اور شبیر کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے ٹریفک اہل کار شاہد اور سیکورٹی گارڈ ناصر زخمی ہوئے تھے۔ سیکورٹی گارڈز کو ریمانڈ کے لیے آج عدالت میں پیش کیا جائے گا، ملزمان سے ٹرپل ٹو رائفل اور نائن ایم ایم پستول کے 2 میگزین ملے تھے، ٹریفک پولیس اہل کار شاہد کے پاس بھی نائن ایم ایم پستول تھی، گارڈز اور ٹریفک پولیس اہل کار کا اسلحہ فرانزک کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔

    قبل ازیں، ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا کہ شادی سے واپس آنے والی گاڑی کو روکنے پر متعدد افراد نے ٹریفک اہل کار پر تشدد کیا اور مسلح شخص نے فائرنگ کی، فائرنگ بی ایم ڈبلیو میں سوار گارڈ نے کی جس سے اہل کار زخمی ہوا۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق فائرنگ شادی سے واپس آنے والی گاڑی کو روکنے پر کی گئی، اس دوران مسلح شخص نے پستول سے فائرنگ کی، تشدد کرنے والے 10 سے زائد افراد میں سے 2 مسلح تھے، فائرنگ سے ٹریفک اہل کار زخمی ہوا تو اسے فوری طبی امداد کے لیے ساتھی اہل کار نے جناح اسپتال منتقل کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں، مقدمہ بہادر آباد تھانے میں زخمی اہل کار شاہد کی مدعیت میں درج کیا گیا، واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • جرمانوں کے حوالے سے سعودی محکمہ ٹریفک کی اہم وضاحت

    جرمانوں کے حوالے سے سعودی محکمہ ٹریفک کی اہم وضاحت

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے وضاحت کردی ہے کہ ٹریفک جرمانے قسطوں میں تقسیم نہیں ہوسکتے اور انہیں یکمشت ادا کرنا ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق آن لائن ایپلی کیشن ابشر کے ذریعے ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے پر اعتراض کیا جا سکتا ہے تاہم جرمانوں کی قسطیں کسی حالت میں نہیں ہوں گی۔

    سعودی محکمہ ٹریفک کے مطابق ہر ٹریفک خلاف ورزی کا جرمانہ الگ الگ ادا کیا جائے گا۔ محکمہ ٹریفک نے بتایا ہے کہ پانچ صورتوں میں ٹریفک جرمانے ہر قیمت پر ادا کرنا ہوں گے۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا، تجدید یا گمشدہ ڈرائیونگ لائسنس کے بدلے لائسنس نکلوانے سے قبل جرمانے ادا کرنا ہوں گے۔

    رخصہ سیر (استمارا) کے اجرا یا تجدید یا گمشدہ استمارے کی جگہ نیا رخصہ سیر (گاڑی کی رجسٹریشن) جاری کرواتے وقت اسی طرح گاڑیوں کی نمبر پلیٹ نام سے ہٹوانے اور نمبر پلیٹ کی اصلاح سے قبل ادائیگی کرنا ہوگی۔

    گاڑی چلانے کا مختار نامہ جاری کرنے والے اور جس کے نام سے جاری کروایا جا رہا ہے اس کے نام پر موجود جرمانے، اسی طرح گاڑی پولیس کی ضبطی سے نکلوانے سے قبل جرمانے ادا کرنے ہوں گے۔ اس کے بغیر کوئی کارروائی نہیں ہو سکے گی۔

  • ون وے کی خلاف ورزی جاری، ٹریفک اہل کار سست پڑ گئے

    ون وے کی خلاف ورزی جاری، ٹریفک اہل کار سست پڑ گئے

    کراچی: شہر قائد میں ون وے کی خلاف ورزی روکنے کے لیے ٹریفک اہل کاروں کا جوش و جذبہ سرد پڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ون وے کی خلاف ورزی جاری ہے، ٹریفک اہل کار سست پڑ گئے، سڑک کے کنارے آگاہی بورڈ نصب ہونے کے باوجود لوگ ون وے قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

    سائٹ ٹاؤن میں حبیب چورنگی سے آنے والے راستے پر موٹر سائیکل سوار اور رکشے سیمنز چورنگی کی طرف رانگ وے پکڑتے ہیں، جب کہ چورنگی پر ٹریفک اہل کار موجود رہتے ہیں، چند ماہ قبل یہاں حادثہ بھی پیش آیا تھا۔

    یاد رہے کراچی میں 17 جنوری کو ون وے کے خلاف مہم کا آغاز کیا گیا تھا اور پہلے ہی روز 11 لاکھ 46 ہزار 650 روپے کے جرمانے کیے گئے تھے جب کہ 120 ڈرائیوروں کو گرفتار کر کے مقدمات درج کیے گئے۔

    ون وے کی خلاف ورزی پرگرفتاریوں سے پریشان شہریوں کے لئے بڑا اعلان

    گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہونے پر ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے لیے عدالت کے باہر لمبی قطاریں لگنا شروع ہوئیں، ملزموں کو 5 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا جا رہا تھا، جب کہ بینک اسٹاف کم ہونے کی وجہ سے سرٹیفکیٹ جاری کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا تھا۔ اس صورت حال کے پیش نظر 31 جنوری کو سندھ حکومت نے ون وے کی خلاف ورزیوں پر گرفتاریاں روکنے کا اعلان کر دیا۔

  • سعودی عرب میں بچوں کے لیے نیا قانون

    سعودی عرب میں بچوں کے لیے نیا قانون

    ریاض: سعودی عرب میں کم عمر بچوں کو گاڑی میں مخصوص کرسی کے بغیر بٹھانے والے ڈرائیورز کو چالان کیا جائے گا۔

    سعودی ٹریفک پولیس کے مطابق کم عمر بچوں کو گاڑی میں بغیر مخصوص کرسی کے سوار نہ کیا جائے، قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کو چالان کیا جائے گا، کم عمر بچوں کے لیے مخصوس کرسی کا استعمال لازمی ہے۔

    ترجمان ٹریفک پولیس نے بتایا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 300 سے 5 سو ریال چالان کیا جا سکتا ہے، چالان پولیس اہلکار خلاف ورزی کی نوعیت کے مطابق کریں گے۔ بچوں کے حوالے سے یہ قانون پرانا ہے لیکن اب اس قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

    گاڑی کی اگلی نشست پر بچے کو بغیر کرسی کے بٹھانا سنگین نوعیت کی خلاف ورزی ہے کیونکہ اگلی سیٹ پر تنہا چھوٹے بچے کو سوار کرنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ گاڑی میں بچوں کے لیے مخصوص کرسی میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جاتا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال جنوری میں سعودی ٹریفک پولیس کے اعلیٰ حکام کا کہنا تھا کہ 10 سال سے کمر عمر بچوں کو کسی کی نگرانی کے بغیر گاڑی میں اکیلے چھوڑ کر جانا قابل سزا جرم ہے ۔

  • پاک سری لنکا میچ کے دوران بہترین کارکردگی، ٹریفک اہل کاروں کے لیے انعامات

    پاک سری لنکا میچ کے دوران بہترین کارکردگی، ٹریفک اہل کاروں کے لیے انعامات

    کراچی: شہر قائد کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز کے انعقاد کے یادگار لمحوں میں ٹریفک پولیس اہل کاروں کی کارکردگی بہترین قرار دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز کے میچ کے موقع پر بہترین طریقے سے ٹریفک سنبھالنے کے لیے ٹریفک پولیس اہل کاروں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے، بہترین کارکردگی کو سراہنے کے لیے انھیں انعامات سے بھی نوازا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اس سلسلے میں اسکاؤٹ آڈیٹوریم میں ٹریفک پولیس کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں ایس ایس پی ٹریفک ساؤتھ امیر سعود مگسی نے خطاب کیا، تقریب میں ڈی ایس پی سیکورٹی سعید آرائیں، ڈی ایس پی ایڈمن ارشد اور دیگر افسران بھی شریک تھے۔

    تقریب میں ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے 6 افسران اور 300 سے زائد اہل کاروں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے، اہل کاروں کو سرٹیفیکیٹ کے ساتھ انعامات بھی دیے گئے۔

    اس موقع پر ایس ایس پی امیر سعود مگسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا مجھے خوشی ہے کہ میں محنت کرنے والی فورس سے مخاطب ہوں، یہ فورس ہر حال ہر موسم میں محنت سے کام کرتی ہے، سری لنکا اور پاکستان کے میچ کے دوران اس فورس نے بہترین کارکردگی دکھائی، قائد اعظم ڈے، کرسمس اور سال نو کے موقع پر بھی مجموعی کارکردگی انتہائی شان دار رہی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک فورس نے بہت مشکل وقت بھی گزارا ہے، اہل کاروں نے شہادتیں بھی دی ہیں، یقین ہے کہ آپ اسی طرح محنت سے کام کریں گے۔

    پاک سری لنکا ٹیسٹ، کراچی پولیس نے سیکورٹی پلان تیار کر لیا

    خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے ذریعے ملک میں 10 سال کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوئی تھی، اس سیریز کا دوسرا میچ 19 سے 23 دسمبر تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا۔ اس دوران کراچی پولیس نے بہترین اور جامع سیکورٹی پلان تیار کیا تھا۔ ٹریفک پولیس اہل کار کراچی میں منعقد ہونے والے نائٹ میچز کے دوران بھی بہترین کارکردگی دکھاتے رہے ہیں۔

  • گاڑی اسٹارٹ چھوڑ کر جانے پر اب جرمانہ ہوگا

    گاڑی اسٹارٹ چھوڑ کر جانے پر اب جرمانہ ہوگا

    ریاض: سعودی ٹریفک پولیس نے اعلان کیا ہے کہ اسٹارٹ حالت میں گاڑی چھوڑ کر جانے سے گاڑی چوری کی وارداتوں اور دیگر حادثات میں اضافہ ہوگیا ہے جس کے باعث اب ایسی گاڑیوں پر جرمانہ عائد ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ادارہ ٹریفک پولیس نے بیان جاری کیا ہے کہ گاڑی اسٹارٹ حالت میں چھوڑ کر جانا قانونی خلاف ورزی شماری کی جائے گی، ٹریفک اہلکار کو یہ اختیار ہے کہ اگر گاڑی میں کوئی نہ ہو اور وہ اسٹارٹ حالت میں کھڑی ہو تو مالک کے خلاف چالان کاٹے۔

    ٹریفک پولیس نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف شہروں میں گاڑی چوری کی وارداتوں میں ہونے والے اضافے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے تحت چالان کیے جارہے ہیں۔

    اسٹارٹ حالت میں گاڑی چھوڑنے کا مطلب یہ ہے کہ چوروں کو خود دعوت دی جائے، اس لیے احتیاط کا تقاضہ ہے کہ انہیں اپنی جانب سے کسی قسم کا موقع فراہم نہ کیا جائے۔

    ٹریفک پولیس کے مروجہ قانون میں سٹارٹ حالت میں گاڑی چھوڑنے پر کم از کم 100 اور زیادہ سے زیادہ 150 ریال چالان کیا جاتا ہے۔

    ٹریفک پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ لوگوں کو چاہیئے کہ وہ اپنی اشیا کی حفاظت کریں تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے مملکت کے مختلف شہروں میں کار چوری کی متعدد وارداتیں ہو رہی ہیں جن میں سے بیشتر واقعات میں گاڑی اسٹارٹ حالت میں ہوتی ہے جس میں چور بغیر کسی زحمت کے باآسانی گاڑی چرا لیتے ہیں۔

    محکمہ سیفٹی کا کہنا ہے کہ آٹو میٹک گاڑیوں کے بیشتر حادثات اس وجہ سے بھی ہوتے ہیں کہ گاڑی بچوں کی موجودگی میں اسٹارٹ حالت میں چھوڑ دی جاتی ہے۔ بچے کھیل ہی کھیل میں گیئر لگا دیتے ہیں جس سے گاڑی حادثے کا شکار ہو جاتی ہے۔

    حفاظتی قوانین کے تحت خاص ہدایت کی گئی ہے کہ گاڑی میں بچوں کی موجودگی میں اسے کبھی اسٹارٹ حالت میں نہ چھوڑا جائے۔

  • ٹریفک حادثات میں کراچی پولیس اہل کار جاں بحق، جناح اسپتال کے پروفیسر زخمی

    ٹریفک حادثات میں کراچی پولیس اہل کار جاں بحق، جناح اسپتال کے پروفیسر زخمی

    کراچی: شہر قائد میں مختلف ٹریفک حادثات میں کراچی پولیس اہل کار جاں بحق جب کہ جناح اسپتال کے پروفیسر زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پرانا گولیمار انڈر پاس کے قریب ٹریفک حادثے میں پولیس اہل کار جاں بحق ہو گیا، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ اہل کار کی شناخت اللہ دتہ کے نام سے ہوئی ہے۔

    ایک اور ٹریفک حادثے میں جناح اسپتال کراچی کے آرتھوپیڈک سرجن پروفیسر ڈاکٹر سعید منہاس زخمی ہوئے ہیں، یہ ٹریفک حادثہ آرٹس کونسل کے قریب پیش آیا، ریسکیو ذرایع کے مطابق ڈاکٹر سعید منہاس کو فوری طبی امداد کے لیے نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    سال 2019 میں کراچی ٹریفک پولیس کی کارکردگی کیسی رہی؟

    گزشتہ روز بھی کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن نمبر 4 میں ایک ٹریفک حادثے میں پولیس اہل کار زخمی ہو گیا تھا۔ جب کہ قیوم آباد ندی کے قریب ایک اور ٹریفک حادثے میں ریسکیو ذرایع کے مطابق ایک شخص جاں بحق ہو گیا تھا۔

    خیال رہے کہ ٹریفک پولیس کی کارکردگی سال 2019 میں انتہائی مایوس کن رہی، ماضی کے مقابلے میں بھاری چالان کیے جانے کے باوجود بے ہنگم ٹریفک کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔ رواں سال مختلف ٹریفک حادثات میں 850 سے زائد افراد جاں بحق جب کہ 15 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔

  • سال 2019 میں کراچی ٹریفک پولیس کی کارکردگی کیسی رہی؟

    سال 2019 میں کراچی ٹریفک پولیس کی کارکردگی کیسی رہی؟

    کراچی: ٹریفک پولیس کی کارکردگی سال 2019 میں انتہائی مایوس کن رہی، ماضی کے مقابلے میں بھاری چالان کیے جانے کے باوجود بے ہنگم ٹریفک کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق رواں سال 77 کروڑ 33 لاکھ سے زائد کے بھاری چالان کیے گئے لیکن کراچی کی سڑکوں پر چلنے والی بے ہنگم ٹریفک میں تبدیلی نہیں لائی جا سکی۔

    رواں سال سب سے زیادہ چالان ون وے اور ہیلمٹ قانون کی خلاف ورزی پر کیے گئے، اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق سال 2019 میں ٹریفک پولیس کی تمام تر توجہ غریب عوام کے چالان کاٹنے پر مرکوز رہی، ٹریفک پولیس اگر اتنی ہی کوشش ٹریفک قوانین کے عمل درآمد پر کرتی تو آج ٹریفک کی صورت حال مختلف ہوتی۔

    ایک طرف ٹریفک پولیس کی ساری توجہ سرکاری خزانے کو بھرنے پر مرکوز رہی، دوسری طرف رواں سال مختلف ٹریفک حادثات میں 850 سے زائد افراد جاں بحق جب کہ 15 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔

    ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر کا کہنا ہے کہ رواں سال 31 لاکھ کے چالان ہوئے، ٹریفک فائن کی مد میں پورے سال 75 کروڑ سے زائد کی رقم سرکاری خزانے میں جمع کرائی گئی۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے احمد ایدھی کے مطابق رواں سال ہر ماہ تقریباً 12 سو افراد زخمی ہوئے، جس کا مطلب ہے کہ پورے سال میں تقریبآ پندرہ ہزار لوگ زخمی ہوئے۔

    شہریوں نے ٹریفک پولیس کی جانب سے مختلف قسم کے چالان اور غریب طبقے کو نشانہ بنانے پر شدید رد عمل کا اظہار کیا، شہریوں کا کہنا تھا کہ بڑی گاڑیوں کو ٹریفک پولیس نہیں روکتی، یہ ہم برسوں سے اس شہر میں دیکھتے آ رہے ہیں، جب کہ غریبوں کو روکا جاتا ہے، ٹریفک اہل کار چابیاں نکال لیتے ہیں اور بد تمیزی کی جاتی ہے۔

  • نمبر پلیٹ کے ساتھ دو نمبری آپ کو بھاری نقصان پہنچا سکتی ہے

    نمبر پلیٹ کے ساتھ دو نمبری آپ کو بھاری نقصان پہنچا سکتی ہے

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے واضح کیا ہے کہ کسی اور گاڑی کی نمبر پلیٹ استعمال کرنا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے جس پر 5 سے 10 ہزار ریال تک جرمانہ مقرر ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ کسی بھی گاڑی کا مالک دوسری گاڑی کی نمبر پلیٹ استعمال نہیں کر سکتا۔ ایسا کرنے پر پابندی ہے اور اس کی خلاف ورزی پر جرمانہ مقرر ہے۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق خلاف ورزی پر 5 ہزار ریال سے 10 ہزار ریال تک جرمانہ مقرر ہے جبکہ صحیح نمبر پلیٹ لگانے تک گاڑی کو محکمے کی تحویل میں لے لیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ سعودی ٹریفک قانون میں یہ سہولت دی گئی ہے کہ ایک ہی مالک کی ایک گاڑی کی نمبر پلیٹ دوسری گاڑی میں منتقل کی جاسکتی ہے بشرطیکہ محکمہ ٹریفک میں اس کا اندراج کروایا گیا ہو اور اس کی فیس ادا کردی جائے۔

    ایک شرط یہ بھی ہے کہ گاڑی کا ملکیت نامہ جسے سعودی عرب میں ’رخصتہ السیر‘ کہا جاتا ہے ایک ہی مالک کے نام پر ہو۔ گاڑی کی ملکیت کی منتقلی اور رخصتہ السیر کی تجدید کے لیے مؤثر انشورنس دستاویز بھی ضروری ہے۔

    مذکورہ انشورنس گاڑی فروخت ہونے کے بعد بھی مؤثر رہتی ہے، بس نئے مالک کو انشورنس کمپنی میں نجی معلومات کا اندراج کروانا پڑتا ہے۔ انشورنس کمپنی انشورنس کے مکمل دورانیے کی پابند ہوتی ہے خواہ گاڑی کا ملکیت نامہ انشورنس سکیم کے مؤثر ہونے کے دوران ختم کیوں نہ ہوگیا ہو۔

  • کراچی والوں نے 70 کروڑ روپے ٹریفک پولیس کی نذر کردیے

    کراچی والوں نے 70 کروڑ روپے ٹریفک پولیس کی نذر کردیے

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ٹریفک پولیس کی کارکردگی سال 2019 میں انتہائی مایوس کن رہی، 70 کروڑ کے بھاری چالان بھی کراچی کی سڑکوں پر چلنے والے بے ہنگم ٹریفک میں تبدیلی نہ لا سکے۔

    تفصیلات کے مطابق سال 2019 میں کراچی کی سڑکوں پر بے ہنگم ٹریفک کا راج رہا، ٹریفک پولیس کا سارا زور جرمانوں پر رہا۔

    صرف 11 ماہ میں شہریوں کو 70 کروڑ کی خطیر رقم کے 33 لاکھ سے زائد چالان تھمائے گئے۔

    رواں سال سب سے زیادہ چالان ون وے اور ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر کیے گئے جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر 15 ہزار ڈرائیوروں کو گرفتار بھی کیا گیا۔

    رواں سال اب تک کراچی میں مختلف نوعیت کے حادثات میں 850 سے زائد افراد جاں بحق اور 15 ہزار سے زائد زخمی ہوئے لیکن ٹریفک پولیس کی توجہ قانون سے زیادہ سرکاری خزانہ بھرنے پر رہی۔

    شہریوں نے ٹریفک پولیس کی جانب سے صرف مخصوص قسم کے چالان اورغریب طبقے کو نشانہ بنانے پر شدید ردعمل کا اظہار بھی کیا ہے۔