Tag: ٹریفک پولیس

  • لاہور میں ٹریفک اسسٹنٹ نے بچے کے اغوا کی کوشش ناکام بنادی

    لاہور میں ٹریفک اسسٹنٹ نے بچے کے اغوا کی کوشش ناکام بنادی

    لاہور: لاہور میں ٹریفک اسسٹنٹ نے 2سال کےبچےکےاغواکی واردات ناکام بنادی، ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق ایک خاتون اپنے پوتے کے ہمراہ نارووال سے لاہور آرہی تھی کہ اس دوران بس میں سوار ایک شخص نے بچے کو چھین کر فرار ہونے کی کوشش کی ۔

    بس میں ٹریفک اسسٹنٹ بھی سفر کررہا تھا جو کہ ڈیوٹی کے لیے لاہور آرہا تھا، ٹریفک اسسٹنٹ نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو دھر لیا اور بچے کے اغوا کی کوشش ناکام بنا دی۔

    واقعے سے متعلق ٹریفک اسسٹنٹ نے پولیس کو اطلاع دی جس پر مقامی تھانے کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کر کے تھانہ شاہدرہ ٹاؤن منتقل کردیا۔

    پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی ہے جب کہ واردات ناکام بنانے پر خاتون نے ٹریفک اسسٹنٹ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    خاتون نے مقامی پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے پوتے کے ساتھ لاہور آرہی تھی کہ راستے میں مذکورہ ملزم نے اس سے بچہ چھین لیا اور فرار ہونے لگا تو بس میں سوار ایک نوجوان نے اسے گریبان سے پکڑ کر اپنی گرفت میں لے لیا جب کہ واقعے کا علم ہونے پر بس میں سوار دیگر لوگ بھی مدد کو آگئے۔

  • ٹریفک پولیس کو دھمکیاں دینا امیر زادے کو مہنگا پڑگیا

    ٹریفک پولیس کو دھمکیاں دینا امیر زادے کو مہنگا پڑگیا

    کراچی :شہر قائد میں جاری فینسی نمبر پلیٹ اور کالے شیشوں کے خلاف مہم کے دوران پولیس کو دھمکانا امیر زادے کو مہنگا پڑگیا، تلاشی پر گاڑی سے شراب بر آمد ، ٹریفک پولیس نے ویڈیو بھی بنالی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کالے شیشوں کے خلاف مہم کے دوران مہنگی اووڈی کار سے مہنگی شراب نکل آئی ، ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں نوجوان مسلسل ٹریفک حکام کو دھمکیاں دیتا نظر آرہا ہے ۔

    ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر کے مطابق جب مذکورہ گاڑی کو روکا گیا تو اس میں موجود نوجوان ٹریفک پولیس اہلکاروں کو دھمکیاں دینے پر اتر آیا، کار سوار کو سیاہ شیشوں اور فینسی نمبر پلیٹ کی بنا پر روکا گیا تھا ، اس نے پولیس اسکواڈ سے بچ کر بھاگنے کی کوشش بھی کی تھی۔

    نوجوان کی حرکتوں پر موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کو شک گزرا، اورانہوں نے گاڑی کی تفصیلی تلاشی لینے کا فیصلہ کیا، جس پر نوجوان چراغ پا ہوگیا اوردھمکیاں دینے پر اتر آیا، بعد ازاں اس نے کوشش کی کہ چالان بھر کر فوراً نکل جائے۔

    نوجوان کے رویے سے پولیس کا شک یقین میں بدل گیااور جب گاڑی کی تلاشی لی تو اس میں سے مہنگی وائن اور بیئر کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔

    پولیس نے شراب برآمد ہونے پر ملزم کو حراست میں لے لیا ہے ، اور اس کو کالے شیشوں اور فینسی نمبر پلیٹ پر جرمانہ بھی بھرنا ہوگا۔

    طلحہ نامی اس ملزم نے گاڑی میں شراب کی موجودگی کا جواز دیتے ہوئے کہا کہ وہ بنکاک سے کراچی پہنچاتھا اس لیے اس کے پاس یہ بوتلیں موجود تھیں۔

    یاد رہے کہ اے آئی جی کراچی امیر شیخ کے حکم پر ان دنوں کالے اور اندھے شیشوں کے خلاف ٹریفک پولیس کی مہم جاری ہے ، اس سے قبل ٹریفک پولیس کامیاب ہیلمٹ مہم بھی چلا چکی ہے۔

  • ہیلمٹ مہم : 25 روز میں شہریوں کے ساڑھے 5 کروڑ سے زائد کے چالان

    ہیلمٹ مہم : 25 روز میں شہریوں کے ساڑھے 5 کروڑ سے زائد کے چالان

    کراچی : ٹریفک پولیس نے ہیلمٹ کی خصوصی مہم کی خلاف ورزی پر 25 روز کے دوران شہریوں کےساڑھے 5 کروڑ سے زائد کےچالان کردیئے جبکہ رانگ وے مہم میں صرف 4 روز میں 50 لاکھ روپے کے قریب چالان ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس کی خصوصی مہم میں تاریخ کے سب سے بھاری چالان کئے گئے ، 25 روز کے دوران شہریوں کےساڑھے 5 کروڑ سے زائد کےچالان کئے ، جبکہ رانگ وے مہم میں صرف 4 روز میں 50 لاکھ روپے کے قریب چالان کئے۔

    کراچی کے 7 اضلاع کی 25 روزہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے ، جس میں ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے بتایا ہیلمٹ نہ پہننے والے شہریوں کے3 لاکھ40 ہزار 669 چالان کیےگئے، قانون کی خلاف ورزی پر 2 لاکھ 20 ہزار 548 موٹرسائیکلیں ضبط کی گئی۔

    جاوید مہر کا کہنا تھا کہ ہیلمٹ مہم میں کل کی تاریخ تک 5 کروڑ 11 لاکھ کے چالان کئے جبکہ رانگ وے کی خلاف ورزی پر صرف 4 روز میں 40 لاکھ 94 ہزار کے چالان کیے۔

    ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا رانگ وے پر 18 ہزار 9 سو 22 شہریوں کے چالان کیے گئے، چالان ایسٹ، ویسٹ، ساؤتھ، سٹی، ملیر، سینٹرل ، کورنگی میں کیے گئے۔

    مزید پڑھیں : ہیلمٹ کے بعد کراچی میں رانگ وے پر گاڑی چلانے والوں کے خلاف مہم

    یاد رہے چند روز قبل جاوید علی مہر کا کہنا تھا کہ ہیلمٹ مہم اور اب ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مہم کا مقصد قانون کی پاسداری کرنے والے شہریوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی کو روکنا ہے، عموماً ٹریفک پولیس ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو نظر انداز کرتی ہے لیکن اس مہم کے دوران ٹریفک پولیس خلاف ورزی کرنے والوں کی گرفتاریاں بھی کرے گی۔

    جاوید علی مہر نے شہریوں کو متنبہ کیا کہ ون وے کی پابندی ان کی اپنی جان کے تحفظ کے لیے ہے ، لہذا شہری اب ون وے کی خلاف ورزی کرنے سے گریز کریں۔

    ڈی آئی جی ٹریفک نے ہیلمٹ مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرانے پر مہم میں تعاون کرنے والے میڈیا اور دیگر سول سوسائٹی کا بھی شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی وہ شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

    خیال رہے یکم جولائی کو ڈی آئی جی ٹریفک نے ہیلمٹ پہننا لازم مہم کا آغاز پر کہا تھا کسی کو بھی بنا ہیلمٹ بائیک چلانے نہیں دیں گے اور شارع فیصل پر بغیرہیلمٹ سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔

  • ہیلمٹ کے بعد کراچی میں رانگ وے پر گاڑی چلانے والوں کے خلاف مہم

    ہیلمٹ کے بعد کراچی میں رانگ وے پر گاڑی چلانے والوں کے خلاف مہم

    کراچی: شہر قائد میں ہیلمٹ کی پابندی کی 20 روز تک جاری رہنے والی مہم کی کامیابی کے بعد اب ٹریفک پولیس ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مہم شروع کرنے جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہر قائد میں ہیلمٹ پابندی کی مہم کامیابی سے ہم کنار ہوئی، ایک جولائی سے لے کر بیس چلائی تک 300154 چالان کئے گئے جبکہ شہریوں کو اس موقع پر ہیلمٹ کی اہمیت سے آگاہ بھی کیا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ ہیلمٹ مہم کی خلاف ورزی کرنے پر مجموعی طور پر چار کروڑ پانچ لاکھ تیس ہزار ایک سو روپے کا مہم کے دوران شہریوں کو جرمانہ کیا گیا، جبکہ مہم کے دوران دوبارہ خلاف ورزی کرنے پر 194761 موٹر سائیکل ضبط کی گئیں۔

    ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ اب کراچی کی ٹریفک پولیس ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں محسوس ہوا کہ ون وے کی خلاف ورزی کرنے پر شہری بہت پریشان ہیں۔

    شہر کی اہم شاہراہوں پر لوگ بننے کی خلاف ورزی کرتے دکھائی دیتے ہیں ۔ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مہم کا آغاز بھی اسی طرح کیا جائے گا جس طرح ہیلمٹ مہم کا کیا گیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہیلمٹ مہم اور اب ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مہم کا مقصد قانون کی پاسداری کرنے والے شہریوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی کو روکنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عموماً ٹریفک پولیس ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو نظر انداز کرتی ہے لیکن اس مہم کے دوران ٹریفک پولیس خلاف ورزی کرنے والوں کی گرفتاریاں بھی کرے گی۔

    جاوید علی مہر نے شہریوں کو متنبہ کیا کہ ون وے کی پابندی ان کی اپنی جان کے تحفظ کے لیے ہے ، لہذا شہری اب ون وے کی خلاف ورزی کرنے سے گریز کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ شہر میں ہونے والے بیشتر ٹریفک حادثات کا سبب بھی ون وی کی خلاف ورزی ہے۔ نئی مہم کے حوالے سے تمام ٹریفک اہلکاروں کو آگاہی دی جا چکی ہے، ٹریفک پولیس کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے کہ مہم کے دوران کسی بھی شہری کے ساتھ کوئی زیادتی نہ کی جائے۔

    ڈی آئی جی ٹریفک نے ہیلمٹ مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرانے پر مہم میں تعاون کرنے والے میڈیا اور دیگر سول سوسائٹی کا بھی شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی وہ شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

  • ہائی ویز پر زیادہ وزن لادنے والی گاڑیوں پر بھاری جرمانہ عاید کیا جائے گا

    ہائی ویز پر زیادہ وزن لادنے والی گاڑیوں پر بھاری جرمانہ عاید کیا جائے گا

    کراچی: ڈی آئی جی موٹر وے پولیس ساؤتھ زون نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہائی ویز پر زیادہ وزن لادنے والی گاڑیوں پر بھاری جرمانہ عاید کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی موٹر وے پولیس ساؤتھ زون نے ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ یکم جون سے بھاری گاڑیاں ہائی وے سیفٹی آرڈیننس کے تحت وزن لادیں۔

    یہ اعلامیہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے لیے جاری کیا گیا ہے، جس میں ڈی آئی جی نے کہا کہ مقررہ وزن لادنے والی گاڑیاں ہی صرف ایم نائن اور ہائی ویز پر لائی جائیں۔

    انھوں نے کہا کہ اوورلوڈنگ اور شیڈول سے زیادہ وزن پر بھاری جرمانہ عاید کیا جائے گا، جرمانے کی ادائیگی کے بعد گاڑی کو واپس بھی کرایا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  معمولی غفلت اور لاپرواہی کے باعث پاکستان میں ٹریفک حادثات میں تشویش ناک اضافہ

    ڈی آئی جی موٹر وے پولیس نے کہا کہ اوورلوڈنگ کی وجہ سے سڑکوں کو نقصان پہنچتا ہے اور حادثات ہوتے ہیں۔

    خیال رہے کہ شہر قائد کی سڑکوں پر ہیوی ٹریفک کے داخلے کے لیے اوقات بھی مقرر کیے جا چکے ہیں تاہم اس کی تعمیل دیکھنے میں نہیں آ رہی ہے اور آئے دن بڑے اور ہیوی ٹرالرز کی وجہ سے مخصوص سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہو جاتا ہے۔

    کراچی کی متعدد سڑکیں ہیوی ٹریفک کی وجہ سے جگہ جگہ دھنسی اور ٹوٹی ہوئی نظر آتی ہیں تاہم ٹریفک پولیس تا حال اس مسئلے کو حل نہیں کر سکی ہے۔

  • کوئٹہ : بغیر ہیلمٹ تیس ہزار موٹرسائیکل سواروں کے خلاف چالان اور جرمانہ

    کوئٹہ : بغیر ہیلمٹ تیس ہزار موٹرسائیکل سواروں کے خلاف چالان اور جرمانہ

    کوئٹہ : پولیس نے بغیر ہیلمٹ کے موٹرسائیکل چلانے پر 30ہزار موٹرسائیکل سواروں کے چالان کرکے جرمانہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سٹی ٹریفک پولیس سرکل کے عملے نے گزشتہ چند روز میں بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 30 ہزار موٹر سائیکل سواروں کے چالان کرکے جرمانہ کیا اورخلاف ورزی کرنے پر 100 موٹر سائیکلوں کو بند کردیا۔

    بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کی موٹر سائیکلیں بند کردی جائیں گی، ریجنل پولیس آفیسر و ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کی خصوصی ہدایت پر ایس ایس پی ٹریفک پولیس کوئٹہ نذیر احمد کرد کی نگرانی کی میں ایس پی سٹی ٹریفک پولیس جاوید احمد خان کی سربراہی میں ٹریفک پولیس نے سٹی سرکل میں کارروائیاں کیں۔

    کارروائی کے دوران بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے والے 30 ہزار موٹر سائیکل سواروں کے چالان کرکے انہیں جرمانہ عائد کردیا اس کے علاوہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے 100 موٹر سائیکلوں کو بند کردیا ۔

    ایس پی سٹی سرکل جاوید احمد خان نے بتایا کہ ہیلمٹ پہن کر موٹر سائیکل چلانے والوں کا تناسب 10 فیصد ہے ٹریفک پولیس نے قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کو ٹریفک قوانین کی پابندی کروانے کے لئے بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف کارروائی تیز کرتے ہوئے موٹر سائیکلوں کو بند کرنے کا آغاز کردیا ہے ۔

    شہریوں سے التماس ہے کہ وہ اپنی موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ ضرور پہنیں قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے چالان کرنے کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکلیں بند کی جائیں گئی۔

  • کراچی: متعدد وارداتوں میں ملوث ٹریفک پولیس اہلکار گرفتار

    کراچی: متعدد وارداتوں میں ملوث ٹریفک پولیس اہلکار گرفتار

    کراچی: قانون کا محافظ ٹریفک اہلکار کراچی پولیس کا انتہائی مطلوب ڈکیت نکلا، ملزم پولیس اہلکار اپنے دو شریک جرم بھائیوں کے ساتھ گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سکھن کے قریب پولیس مقابلے میں حاضر سروس ٹریفک اہلکار گرفتار کرلیا گیا، ٹریفک پولیس اہلکار تقدس علی کو سرکاری پستول سمیت گرفتار کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق مقابلے کے دوران تقدس علی کے 2 سگے بھائی بھی گرفتار کرلیے گئے۔ 3 رکنی ملزمان کا گروہ ڈکیتی اور جرائم کی سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔

    سینیئر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کا حاضر سروس اہلکار سرکاری پستول کی نوک پر ڈکیتیاں کرتا تھا، تقدس علی نے دوران تفتیش ساتھیوں کے ہمراہ متعدد وارداتوں کا اعتراف بھی کیا۔

    ایس ایس پی ملیر کے مطابق ملزم تقدس علی ٹریفک سیکشن ماڈل کالونی میں بطور نائٹ منشی تعینات ہے، ملزم کا بکل نمبر 36466 ہے، گرفتار ملزمان سے سرکاری پستول سمیت 3 پستول اور چھینے گئے موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے۔

    ایس ایس پی ملیر نے بتایا کہ ملزم بابر ایک ماہ قبل ہی جیل سے رہا ہو کر آیا تھا، ملزم نے جمشید کوراٹر اور فیروز آباد سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں وارداتوں کا اعتراف کیا۔

    ملزمان کے خلاف پولیس پر فائرنگ اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے جبکہ ملزمان سے برآمد اسلحے کو فارنزک لیب روانہ کیا جا رہا ہے۔

    ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ عوام الناس سے اپیل ہے اگر ان ملزمان کو کسی واردات کے حوالے سے شناخت کرسکیں تو سکھن تھانے سے رابطہ کریں۔

  • یوم پاکستان پر راولپنڈی کا ٹریفک پلان جاری

    یوم پاکستان پر راولپنڈی کا ٹریفک پلان جاری

    اسلام آباد: یومِ پاکستان 23 مارچ 2019 پر راولپنڈی ٹریفک پولیس نے پنڈی کا ٹریفک پلان جاری کر دیا، 336 افسران و اہل کار خصوصی ڈیوٹی انجام دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان پر اسلام آباد میں منعقدہ خصوصی پروگرام کے موقع پر راولپنڈی ٹریفک پولیس نے منظم ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔

    ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ بہترین ٹریفک انتظامات کے پیشِ نظر ٹریفک پولیس کے کل 336 افسران و اہل کار اسپیشل ڈیوٹی انجام دیں گے۔

    ترجمان کے مطابق 23 مارچ کی صبح سے پروگرام کے اختتام تک فیض آباد سے راولپنڈی اور اسلام آباد جانے والا ٹریفک مکمل طور پر بند رہے گا۔

    راولپنڈی مری روڈ سے اسلام آباد جانے والا ٹریفک ڈبل روڈ چوک ڈائیورشن پوائنٹ سے براستہ اسٹیڈیم روڈ سے 9th ایونیو اسلام آباد جائے گا، کرال چوک سے اسلام آباد آنے والا ٹریفک کھنہ پل سروس روڈ سے ہوتے ہوئے چونگی نمبر 8، بند کھنہ روڈ، صادق آباد، مری روڈ سے اسٹیڈیم روڈ 9th ایونیو سے اسلام آباد جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ملائیشین وزیراعظم یوم پاکستان پریڈمیں مہمان خصوصی ہوں گے

    9th ایونیو سے راولپنڈی داخل ہونے والا ٹریفک اسٹیڈیم روڈ کی بجائے آئی جے پی روڈ استعمال کرتے ہوئے ناکہ کٹاریاں، پنڈوڑہ چونگی اور ناکہ کیرج فیکٹری سے ہوتے ہوئے شہر میں داخل ہو گا۔

    مظفر آباد سے براستہ مری آنے والے ٹریفک کو لوئر ٹوپہ، ایبٹ آباد سے آنے والے ٹریفک کو باڑیاں اور مری سے آنے والے ٹریفک کو سترہ میل ٹول پلازہ کے مقام پر روکا جائے گا، راولپنڈی میں موجود پبلک ٹرانسپورٹ اڈے بند رہیں گے۔

    ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق راولپنڈی شہر میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ بھی مکمل بند ہو گا، شہری ٹریفک پلان سے متعلق معلومات اور رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 051.9272839،051.9272616 اور مری ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 0519269200 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

  • پوسٹر کو رشوت کیوں دی؟ سری لنکن نوجوان مشکل میں پڑ گئے

    پوسٹر کو رشوت کیوں دی؟ سری لنکن نوجوان مشکل میں پڑ گئے

    کولمبو:  پولیس کی رشوت خوری کو طنز کا نشانہ بنانے والے سری لنکن نوجوان اس وقت مشکل میں پڑ گئے جب انھیں ایک پوسٹر کو رشوت دینے کے ’جرم‘ میں گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا میں دو شہریوں نے ٹریفک پولیس اہل کار کے ایک کٹ آؤٹ پوسٹر کو ’رشوت‘ دی، اور اس عمل کی ویڈیو بنا کر انٹر نیٹ پر ڈال دی۔

    [bs-quote quote=”سوشل میڈیا پر عوام نے نوجوانوں کے عمل کو جرم کی بجائے طنز قرار دے دیا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    انٹرنیٹ پر ویڈیو وائرل ہوتے ہی سری لنکن پولیس اپنی ساکھ خطرے میں پڑتے میں دیکھ کر حرکت میں آ گئی اور پولیس اہل کار کے قدِ آدم پوسٹر کو رشوت دینے اور ویڈیو بنانے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس نے موٹر سائیکل سوار دوستوں کو عوامی املاک اور محکمے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار کیا، تاہم بعد میں دونوں کو ضمانت پر رہا کیا گیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  سری لنکا میں آسمان سے درختوں کی بارش


    خیال رہے کہ محکمہ پولیس کی جانب سے عوام کو تیز رفتاری سے روکنے کے لیے گتے سے بنے ’ٹریفک اہل کار‘ مرکزی شاہراہوں پر نصب کیے گئے ہیں۔

    دو شہریوں کی گرفتاری پر سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں نے بھی تنقید کرتے ہوئے اس عمل کو جرم کی بہ جائے طنز قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ لڑکوں نے اپنے عمل سے ایک اہم پیغام دیا ہے۔

  • کراچی: ٹریفک پولیس نے اداکار ہمایوں سعید کا چالان کردیا

    کراچی: ٹریفک پولیس نے اداکار ہمایوں سعید کا چالان کردیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں ٹریفک پولیس نے معروف اداکار ہمایوں سعید کا ایک ہزار 20 روپے کا چالان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن میں ٹریفک پولیس نے اداکار ہمایوں سعید کا چلان کردیا، ٹریفک پولیس کے مطابق ہمایوں سعید کو ایک ہزار 20 روپے کا جرمانہ کیا گیا۔

    ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ چالان گاڑی کے سیاہ شیشے ہونے کی وجہ سے کیا گیا۔

    دوسری جانب اداکار ہمایوں سعید نے ٹریفک پولیس کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس اچھا کام کررہی ہے، گاڑی کے سیاہ شیشے ہونے پر چالان کیا گیا۔

    ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ مجھے چالان پر کوئی اعتراض نہیں ہے میں نے چالان بھر دیا ہے، ٹریفک قوانین کی سب کو پابندی کرنی چاہئے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جارہا ہے، ہمایوں سعید کا چالان کلفٹن کے علاقے دو تلوار کے قریب کیا گیا۔

    مزید پڑھیں: سابق وزیراعظم کے بیٹے کا کراچی میں چالان

    یاد رہے کہ چند روز قبل ٹریفک پولیس نے شاہراہ فیصل پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے موسیٰ گیلانی کا چالان کیا تھا۔

    موسیٰ گیلانی کو بھی کالے شیشوں والی گاڑی کے ساتھ روکا گیا تھا ۔ گاڑی پر فینسی نمبر پلیٹ بھی لگی ہوئی تھی جس پر ’سابق وزیراعظم پاکستان ‘ کے الفاظ درج تھے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی میں ایک ٹریفک اہلکار عرب سفارتی عملے کا چالان کرچکا ہے، جسے سوشل میڈیا پر بے پناہ پذیرائی ملی تھی اور حکومت کی جانب سے سراہا گیا تھا۔