Tag: ٹریفک پولیس

  • ٹریفک پولیس اہلکاروں کو اسلحہ دینے کا فیصلہ زیرغور

    ٹریفک پولیس اہلکاروں کو اسلحہ دینے کا فیصلہ زیرغور

    کراچی : شہر قائد میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کو اسلحہ دینے کے فیصلے پر غور کیا جارہا ہے، کراچی پولیس ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک امیر شیخ نے کراچی کے مختلف علاقوں میں تعینات ٹریفک اہلکاروں کو اسلحہ فراہم کرنے کی درخواست دی ہے۔

    جس پر پولیس کے اعلیٰ افسران آئندہ اجلاس میں مشاورت کے بعد ٹریفک پولیس اہلکاروں کو اسلحہ فراہم کرنے کا فیصلہ کریں گے۔

    ٹریفک پولیس اہلکاروں کو اسلحہ فراہم کرنے کا فیصلہ شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک پولیس اہلکاروں کے قتل کے واقعات کے بعد کیا جارہا ہے۔

    واضح رہے کہ چند سال قبل اس کے وقت آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے بھی ٹریفک پولیس اہلکاروں کو اسلحہ دینے کا اعلان کیا تھا تاہم بعد میں اس اعلان پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔

    علاوہ ازیں گذشتہ روز کراچی کے علاقے نیپا چورنگی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے دو ٹریفک پولیس اہلکاروں کے قتل کی تحقیقات جاری ہیں۔

    پولیس حکام نے بتایا ہے کہ عینی شاہدین کے بیانات لئے گئے ہیں، جس کے مطابق حملہ آور قمیض شلوار میں ملبوس اور موٹرسائیکل پر سوار تھے۔

    حملہ آوروں کی تعداد دو تھی عینی شاہدین کی مدد سے ملزمان کے خاکے بھی بنائے جائیں گے، جبکہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے چار خول ملے تھے جنہیں فارنزک لیب بھجوادیا گیا ہے، واقعاتی شواہد کی مدد سے ملزمان کی جلد گرفتاری کی کوشش جاری ہے۔

  • ٹریفک پولیس افسر اپنی گاڑی سے چار افراد کو کچل کر با آسانی فرار

    ٹریفک پولیس افسر اپنی گاڑی سے چار افراد کو کچل کر با آسانی فرار

    چنیوٹ : چیف ٹریفک پولیس فیصل آباد کی گاڑی نے خاتون سمیت چار افراد کو کچل ڈالا،حادثے کے بعد مذکورہ سرکاری افسر اپنے عملے کے ساتھ فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق چنیوٹ میں چیف ٹریفک پولیس فیصل آباد کی گاڑی نے ایک خاتون سمیت چار افراد کو روند ڈالا۔ حادثے میں زخمی ہونے والے شخص کا کہنا ہے کہ حادثہ سرکاری گاڑی سے پیش آیا۔

    جائے وقوعہ پر موجود لوگوں نے بھی میڈیا کو بتایا کہ ایک سرکاری گاڑی تیز رفتاری سے دوسری گاڑی کو اوورٹیک کرتے ہوئے خاتون اور موٹرسائیکل سواروں اور فروٹ کی ریڑھی پر چڑھ گئی۔

    عینی شاہدین کے مطابق گاڑی میں چیف ٹریفک پولیس آفیسر رانا معصوم اور ان کا عملہ سوار تھا، جو حادثے کے بعد اپنی ذمہ داری اور فرض نبھانے کے بجائے گاڑی سمیت فرار ہوگئے۔

    زخمیوں کوفوری طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، جن میں سے دو زخمیوں کی حالت تشویشناک  بتائی جاتی ہے۔