Tag: ٹریفک

  • کراچی میں حالات معمول پر، ٹریفک رواں دواں

    کراچی میں حالات معمول پر، ٹریفک رواں دواں

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں حالات معمول کے مطابق ہیں، سندھ بورڈ کے امتحانات شیڈول کے مطابق جاری ہیں اس کے علاوہ تمام تعلیمی ادارے بند ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کشیدگی اور ہنگاموں کے بعد شہر قائد میں اب صورتحال معمول کے مطابق ہے۔

    شاہراہ فیصل کے دونوں ٹریک پر ٹریفک رواں دواں ہے، شہر میں پیپلز بس سروس بند ہے اس کے علاوہ باقی ٹرانسپورٹ چل رہی ہے۔

    گزشتہ روز پیپلز بس سروس کی بسوں کو نقصان بھی پہنچایا گیا اور توڑ پھوڑ کی گئی تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

    تحریک انصاف نے آج کراچی میں پہیہ جام ہڑتال کی کال دی ہے اور ٹرانسپورٹرز سے ہڑتال کامیاب کرنے کی درخواست کی۔

  • سعودی عرب: سب سے زیادہ ٹریفک خلاف ورزیاں کن گاڑیوں نے کی؟

    سعودی عرب: سب سے زیادہ ٹریفک خلاف ورزیاں کن گاڑیوں نے کی؟

    ریاض: سعودی محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ ٹریفک خلاف ورزیاں لیموزین اور ایئرپورٹ ٹیکسیوں نے کیں، لیموزین اور ایئرپورٹ ٹیکسیوں نے 2 لاکھ 22 ہزار 262 خلاف ورزیاں کیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 2022 کے دوران سب سے زیادہ ٹریفک خلاف ورزیاں لیموزین اور ایئر پورٹ ٹیکسیوں نے کیں، بسوں، گاڑیوں اور ٹرکوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ٹریفک خلاف ورزیاں ان گاڑیوں کی رہیں۔

    اتھارٹی نے سرکاری اعداد و شمار جاری کر کے بتایا ہے کہ کارگو ٹرانسپورٹ ٹریفک خلاف ورزیوں کے حوالے سے دوسرے نمبر پر رہا، ان کی خلاف ورزیوں کی تعداد 1 لاکھ 52 ہزار 300 ریکارڈ کی گئیں۔

    اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ریلوے ٹرانسپورٹ میں 2022 کے دوران 2 خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئیں۔

    پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے جو مملکت بھر میں بری، بحری اور ریلوے ٹرانسپورٹ کی انتظامی و قانونی اتھارٹی ہے، 2022 کے حوالے سے مندرجہ ذیل اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔

    پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ لیموزین اور ایئرپورٹ ٹیکسیوں نے 2 لاکھ 22 ہزار 262 خلاف ورزیاں کیں۔

  • کراچی: ٹریفک حادثات میں اموات، دہشت گردی میں ہونے والی اموات سے کہیں زیادہ

    کراچی: ٹریفک حادثات میں اموات، دہشت گردی میں ہونے والی اموات سے کہیں زیادہ

    کراچی: موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثات میں ہلاک افراد کی تعداد، دہشت گردی میں مرنے والوں کی تعداد سے کہیں زیادہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب میں موٹر وے پولس نے روڈ ورکشاپ کا انعقاد کیا، ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی موٹر وے پولیس علی شیر جاکھرانی نے کہا کہ ٹریفک حادثات کے دوران مرنے والوں میں زیادہ تعداد موٹر سائیکل سواروں کی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں سالانہ 5 ہزار افراد مارے جاتے ہیں، لیکن ٹریفک حادثات میں 30 ہزار سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

    علی شیر جاکھرانی کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا استعمال کریں، ہیلمٹ کا استعمال حادثے میں گہری چوٹ سے محفوظ رکھتا ہے۔

    ورکشاپ میں انسپکٹر عمر نے روڈ سیفٹی کے حوالے سے بریفنگ دی، پریس کلب میں ڈرون ٹیکنالوجی اور ہائیڈرولک کٹر کا ڈیمو بھی دکھایا گیا۔

  • کراچی اور لاہور میں سڑکوں کی کیا صورتحال ہے؟

    کراچی اور لاہور میں سڑکوں کی کیا صورتحال ہے؟

    کراچی / لاہور: گزشتہ روز مذہبی جماعت کے مظاہروں کی وجہ سے بند ہونے والی ہائی ویز اور موٹر ویز کھولنے کا سلسلہ جاری ہے، کراچی میں تمام سڑکیں کھول دی گئیں جبکہ لاہور میں ہائی ویز تاحال مختلف مقامات سے بند ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مذہبی جماعت کے مظاہروں کی وجہ سے بند ہونے والے راستےکھولے جارہے ہیں، صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے مختلف مقامات پر ٹریفک بحال کیا جارہا ہے۔

    ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ اسٹار گیٹ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے جبکہ آئی آئی چندریگر روڈ کو بھی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

    ان کے مطابق حسن اسکوائر پر بھی ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی ہے۔

    دوسری جانب صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں گزشتہ روز احتجاج کے باعث بلاک ہونے والی موٹر ویز کو کھول دیا گیا ہے، ہائی ویز کو بھی مختلف 6 مقامات سے کھول دییا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ہائی ویز کے 15 مختلف مقامات احتجاج کے باعث تاحال بلاک ہیں۔

  • کویت: دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے والے ہوشیار

    کویت: دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے والے ہوشیار

    کویت سٹی: کویت میں دوران ڈرائیونگ موبائل فونز استعمال کرنے والوں کے لیے جرمانوں میں اضافہ کرنے کی تجویز پیش کر دی گئی، ممکنہ طور پر جرمانہ 75 دینار تک کردیا جائے گا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کویت میں ڈرائیونگ کے دوران فون استعمال کرنے پر وزارت داخلہ کی جانب سے سخت سزائیں دی جائیں گی۔

    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پچھلے کچھ عرصے میں غیر ذمہ دارانہ انداز میں گاڑی چلانے کی 20 ہزار 880 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں جبکہ دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے کی 29 ہزار 62 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔

    دوسری جانب ایک لمبے عرصے کے دوران ملک میں کئی ماہ تک جاری رہنے والے کرفیو کے دوران گزشتہ سال جس میں سڑک کے استعمال کی شرح اور خلاف ورزیوں و ٹریفک حادثات کی رجسٹریشن میں کمی واقع ہوئی، اس کے باوجود اتنی خلاف ورزیاں تشویش ناک ہیں۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس موبائل فون استعمال کرنے والوں کی نگرانی کرنے کے ایک سے زائد طریقے موجود ہیں، چاہے وہ سڑکوں پر تعینات گشت کے ذریعہ روکے جائیں یا کیمروں سے ان کی نگرانی کی جائے۔

    وزارت کے مطابق ایسی صورت میں جب کوئی بھی شہری یا غیر ملکی ویڈیو پوسٹ کرتا ہے اور اسے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر دیکھا جاتا ہے کہ وہ گاڑی چلارہا ہے تو وہ فوری طور پر طلب کر لیا جائے گا اور اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    حکام نے عوام سے مطالبہ کیا کہ جو کوئی بھی خلاف ورزی کا مرتکب ہو اس کی فوری طور پر تصویر بنائیں اور واٹس ایپ کے ذریعے ٹریفک کے جنرل ڈائریکٹر کو بھیجیں تاکہ خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف ضروری قانونی اقدامات اٹھائے جا سکیں۔

    وزارت کی جانب سے نئے ٹریفک بل کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا جو قومی اسمبلی میں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پیش کیا گیا ہے۔

    اب تک چونکہ فون کے استعمال کی خلاف ورزی کا جرمانہ 5 دینار سے زیادہ نہیں تھا اور یہ ہی اس مسئلے کے حل میں اصل رکاوٹ بن رہا ہے لہٰذا اس نئے قانون میں جرمانہ تقریباً 75 دینار تک کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

  • سعودی عرب میں خود کار چالان سسٹم نصب، آج سے کام کرے گا

    سعودی عرب میں خود کار چالان سسٹم نصب، آج سے کام کرے گا

    ریاض: سعودی عرب کے الجوف ریجن میں آج اتوار سے خود کار چالان سسٹم کام کرے گا جو سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی اور دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر خود کار چالان کرے گا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے الجوف ریجن میں ٹریفک پولیس اتوار سے سیٹ بیلٹ اور دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر خود کار طریقے سے چالان کرنے کا آغاز کرے گی۔

    ٹریفک پولیس کے ٹویٹر پر جاری بیان کے مطابق الجوف کے علاقے کی متعدد شاہراہوں پر خود کار چالان سسٹم کی تنصیب کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ سسٹم کو ادارے کے مرکزی نیٹ ورک سے جوڑنے کے بعد تجرباتی مراحل بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    خود کار چالان کا آغاز اتوار سے کیا جا رہا ہے، ٹریفک پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ خود کار طریقے سے کیے جانے والے چالان میں سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر 150 ریال جرمانہ مقرر ہے۔

    30 دن کے اندر دوبارہ خلاف ورزی ریکارڈ ہونے کی صورت میں چالان کی رقم دو گنا کر کے 300 ریال کردی جائے گی۔

    ڈرائیونگ کے دوران موبائل کا استعمال بھی انتہائی سنگین خلاف ورزی شمار کیا جاتا ہے جس پر 500 سے 900 ریال کا چالان کیا جاتا ہے۔

  • سعودی محکمہ ٹریفک کا شہریوں کے لیے سہولت کا اعلان

    سعودی محکمہ ٹریفک کا شہریوں کے لیے سہولت کا اعلان

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس تاخیر سے وصول کرنے پر لگنے والا جرمانہ فی الحال معطل کردیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے اعلان کیا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس میں توسیع کے بعد ایک ہفتے کے اندر کارڈ وصول نہ کرنے پر مقررہ جرمانہ 100 ریال معطل کر دیا گیا ہے۔

    ویب سائٹ کے مطابق سعودی شہری نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر محکمہ ٹریفک سے استفسار کیا تھا کہ میں ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروا چکا ہوں، مجھے ایک ایس ایم ایس موصول ہوا ہے جس میں لکھا ہے کہ اگر ڈرائیونگ لائسنس میں توسیع کی تاریخ سے سات روز کے اندر ڈرائیونگ لائسنس کارڈ وصول نہ کیا تو 100 ریال جرمانہ لگا دیا جائے گا۔

    شہری نے دریافت کیا کہ موجودہ حالات میں کس طرح اس جرمانے سے بچا جاسکتا ہے اور مجھے کیا کرنا ہوگا؟

    سعودی محکمہ ٹریفک نے شہری کے استفسار کا جواب دیتے ہوئے اطمینان دلایا کہ ان دنوں یہ جرمانہ معطل کر دیا گیا ہے، شہری اب ڈرائیونگ لائسنس یا استمارہ ابشر کے ذریعے حاصل کر سکتے ہیں۔

    محکمہ ٹریفک نے کہا کہ اگر ڈرائیور کا قومی پتہ ہو تو (واصل) ڈاک سروس کے ذریعے بھی نیا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا جا سکتا ہے۔

  • سعودی عرب میں نیا ٹریفک قانون متعارف

    سعودی عرب میں نیا ٹریفک قانون متعارف

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ صرف ٹریفک سگنل پر دھیان دینے کے بجائے ٹریفک اہلکار کے اشارے پر بھی توجہ دی جائے، وگرنہ بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی ٹریفک پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض اہم شاہراہوں پر متعین ٹریفک پولیس اہلکار کی ہدایات پر عمل نہ کرنا ٹریفک خلاف ورزی شمار ہوگی۔

    اس خلاف ورزی پر 500 سے 900 ریال تک چالان کیا جا سکتا ہے۔

    ٹریفک پولیس نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ میں کہا ہے کہ بعض مقامات پر ضرورت پڑنے کی صورت میں ٹریفک اہلکاروں کو متعین کیا جاتا ہے جو ٹریفک سگنل کی موجودگی میں بھی اپنے طور پر ٹریفک کو رواں رکھنے کے عمل کو جاری رکھتے ہیں۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق ڈرائیوروں کو چاہیئے کہ وہ ٹریفک سگنل کے بجائے ٹریفک اہلکار کے اشارے پر توجہ دیں جو حالات کو دیکھتے ہوئے ٹریفک کو منظم کر رہا ہوتا ہے۔

    ٹریفک پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ قانون کی دفعہ 4 کی شق نمبر 7 کے مطابق ٹریفک اہلکار کے اشارے پر عمل نہ کرنا قانون شکنی شمار ہوگی اور ایسا نہ کرنے والے پر 900 ریال تک چالان کیا جا سکتا ہے۔

    یاد رہے کہ محکمہ ٹریفک نے جنوری 2020 کے شروع میں ٹریفک قانون کا لائحہ عمل جاری کیا تھا، محکمے نے خبردار کیا تھا کہ خطرناک ٹریفک خلاف ورزیوں پر 20 ہزار ریال تک جرمانے ہیں۔

  • سعودی عرب: 20 ہزار ریال جرمانے والی ٹریفک خلاف ورزیاں کون سی ہیں؟

    سعودی عرب: 20 ہزار ریال جرمانے والی ٹریفک خلاف ورزیاں کون سی ہیں؟

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے سڑکوں پر کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد لوگوں کو ٹریفک خلاف ورزیاں نہایت بھاری پڑیں گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے کے لیے اسمارٹ کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اسمارٹ کیمروں کی تنصیب کے بعد 20 ہزار ریال جرمانے والی ٹریفک خلاف ورزیاں مہنگی پڑیں گی۔

    ٹوئٹر پر جاری اپنے اعلامیے میں محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ ٹریفک خلاف ورزیاں پکڑنے کے لیے اسمارٹ کیمرے جلد استعمال کیے جائیں گے۔

    محکمے نے ٹریفک خلاف ورزیوں اور ان کے جرمانے کی فہرست ایک بار پھر جاری کی ہے جو کچھ یوں ہے۔

    ریڈ سگنل توڑنا بڑی خلاف ورزی ہے اس پر 3 ہزار سے لے کر 6 ہزار ریال تک کا جرمانہ مقرر ہے۔

    ٹائر اسکریچنگ پر 20 ہزار ریال تک کا جرمانہ ہے، ٹائر اسکریچنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی 15 دن کے لیے ضبط کرلی جائے گی۔

    کسی اور گاڑی کی نمبر پلیٹ استعمال کرنا قانوناً جرم ہے، اس پر 5 ہزار سے لے کر 10 ہزار ریال تک کا جرمانہ ہے، مذکورہ نمبر پلیٹ ہٹانے تک گاڑی محکمہ ٹریفک کی تحویل میں رہے گی۔

    حفاظتی بیلٹ نہ باندھنے پر پہلی مرتبہ کم از کم جرمانہ 150 سے 300 ریال تک ہے۔ 30 روز کے اندر یہ خلاف ورزی دوبارہ کرنے پر جرمانے میں اضافہ ہوگا، یا گاڑی 24 گھنٹے کے لیے تحویل میں لے لی جائے گی یا دونوں سزائیں بیک وقت ہوں گی۔

    حفاظتی بیلٹ نہ باندھنے پر صرف ڈرائیور ہی سے جرمانہ نہیں لیا جائے گا بلکہ اس کے برابر کی نشست پر بیٹھا شخص بھی حفاظتی بیلٹ نہ باندھنے پر جرمانہ دے گا۔

    مقررہ رفتار سے فی گھنٹہ 10 تا 20 کلو میٹر زیادہ رفتار سے گاڑی چلانا بھی خلاف ورزی ہے، اس کا جرمانہ 150 تا 300 ریال ہے۔

    فی گھنٹہ مقررہ رفتار سے 20 تا 30 کلو میٹر زیادہ کی رفتار سے گاڑی چلانے پر 300 تا 500 ریال جرمانہ متعین ہے۔

    مقررہ رفتار سے 30 تا 40 کلو میٹر فی گھنٹے زیادہ اسپیڈ سے گاڑی چلانا خلاف ورزی ہے اس کا جرمانہ 800 تا 1 ہزار ریال ہے۔

    مقررہ رفتار سے 40 کلو میٹر سے لے کر 50 کلو میٹر حد سے زیادہ رفتار سے گاڑی چلانے پر 1200 تا 1500 ریال جرمانہ ہوگا۔

    مقررہ رفتار سے 50 کلو میٹر زیادہ اسپیڈ سے فی گھنٹہ گاڑی چلانے پر 1500 تا 2 ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔

    سروس روڈ پر مخالف سمت میں گاڑی چلانا یا ڈرائیونگ کے لیے ممنوعہ مقامات پر گاڑی چلانا جرم ہے۔ اس پر 1 ہزا ر سے 2 ہزار ریال تک کا جرمانہ ہے۔

    رات کے وقت یا خراب موسمی حالات میں لائٹ کے بغیر گاڑی چلانا ٹریفک خلاف ورزی ہے، اس پر 1 سے 2 ہزار ریال جرمانہ ہے۔

    ڈھلوانوں اور چڑھائی جیسے مقامات پر مقررہ حد سے زیادہ رفتار سے گاڑی چلانا جہاں اوور ٹیک پر پابندی ہو ٹریفک خلاف ورزی ہے اور اس کا جرمانہ 1 ہزار سے 2 ہزار ریال ہے۔

    ڈرائیونگ کے دوران موبائل کے استعمال پر جرمانہ 500 تا 900 ریال تک کا ہے۔

    ایمرجنسی سروس گاڑیوں کا تعاقب ٹریفک خلاف ورزی ہے، اس پر 500 تا 900 ریال کا جرمانہ ہے۔ یہ خلاف ورزی اس وقت شمار ہوگی جب ایمرجنسی گاڑی انتباہی الارم بجاتے ہوئے چل رہی ہو۔

    سگنل پر جہاں ٹھہرنا ضروری ہو اس کی پابندی نہ کرنے پر 500 تا 900 ریال تک کا جرمانہ ہوگا۔ سگنلز پر ایک بورڈ لگا ہوتا ہے جس پر عربی میں (قف) اور انگریزی میں اسٹاپ لکھا ہوتا ہے وہاں ٹھہرے بغیر مڑنا ٹریفک خلاف ورزی ہے۔

    ٹریفک اہلکار کے اشارے کی پابندی نہ کرنا اور سگنلز پر اس کے اشارے کو نظر انداز کردینے پر 500 تا 900 ریال کا جرمانہ ہے۔

    شاہراہوں پر ماحول کو آلودہ کرنا ٹریفک خلاف ورزی ہے، اگر گاڑی سے دھواں نکل رہا ہو اور اس سے ماحول آلودہ ہورہا ہو تو اس پر 500 تا 900 ریال تک کا جرمانہ ہے۔

  • سڑکوں پر پارکنگ نہ کی جائے، وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت

    سڑکوں پر پارکنگ نہ کی جائے، وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سڑکوں پر پارکنگ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کو سڑکوں پر پارکنگ کی اجازت نہ دینے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی کے ترقیاتی امور پر اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو کہا کہ جہاں جہاں گٹر ابل رہے ہیں وہ ٹھیک کرنے کی ہدایت بھی کی۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں 449 اسکیموں پر کام چل رہا ہے جن کی مالیت 40.6 بلین روپے ہیں، سندھ حکومت نے ابھی تک 15.14 بلین روپے جاری کیے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی چڑیا گھر کا کام بہت سست روی کا شکار ہونے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چڑیا گھر کے کام کو تیز کریں، میں خود جلد دورہ کروں گا۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سب میرین چورنگی پر بنے انڈر پاس کے بائیں جانب قائم عمارت کو ایک ماہ میں گرانے اور سڑک کی تعمیر شروع کرنے کی ہدایت کی، اس عمارت نے فیز ٹو کی طرف جانے والی سڑک بلاک کی ہے۔

    مراد علی شاہ نے سڑکوں پر پارکنگ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کو سڑکوں پر پارکنگ کی اجازت نہ دینے کی ہدایت کر دی۔