Tag: ٹرینوں میں تصادم

  • ویڈیو: بھارت میں‌ دو ٹرینوں‌ میں‌ خوفناک تصادم، ایک ٹرین دوسری پر چڑھ دوڑی، 15 ہلاک

    ویڈیو: بھارت میں‌ دو ٹرینوں‌ میں‌ خوفناک تصادم، ایک ٹرین دوسری پر چڑھ دوڑی، 15 ہلاک

    بھارت میں‌ دو ٹرینوں‌ میں‌ خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک ٹرین دوسری پر چڑھ دوڑی، حادثے میں 15 افراد ہلاک ہو گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی بنگال کے ضلع دارجلنگ میں مال گاڑی اور ایک مسافر ٹرین آپس میں ٹکرا گئیں، جس سے پندرہ افراد ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے ہیں۔

    مسافر ٹرین کنچن جنگا ایکسپریس آج پیر کی صبح شہر اگرتلہ سے کولکتہ جا رہی تھی، کہ ایک مال گاڑی نے نیو جلپائی گوڑی کے قریب اسے زوردار ٹکر ماری، ٹکر اتنی زور دار تھی کہ مال گاڑی کی کئی بوگیاں مسافر ٹرین کے اوپر چڑھ گئیں۔

    ریلوے بورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ حادثہ انسانی غلطی کی وجہ سے پیش آیا ہے، ایک پریس کانفرنس میں ریل بورڈ کے چیئرمین اور سی ای او جیا ورما سنہا نے کہا کہ لوکو ڈرائیور نے سگنل کو نظر انداز کیا لیکن انھوں نے مزید کہا کہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی اصل وجہ سامنے آئے گی۔

    حادثے کے نتیجے میں 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جب کہ موسلادھار بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ خیال رہے کہ بھارت میں ٹرین حادثے معمول بن چکے ہیں، جن میں سیکڑوں جانیں جا چکی ہیں۔ٰ

  • چیک ریپبلک: ٹرینوں میں خوف ناک تصادم، ہلاکتیں

    چیک ریپبلک: ٹرینوں میں خوف ناک تصادم، ہلاکتیں

    پراگ: چیک ریپبلک میں 2 مسافر ٹرینوں میں خوف ناک تصادم میں 3 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بدھ کو یورپی ملک چیک ریپبلک میں دو مسافر ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثے میں تین افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    یہ حادثہ دارالحکومت پراگ سے 140 کلو میٹر دور پیش آیا، جب میونخ سے پراگ جانے والی ایکسپریس ٹرین اسٹاپ سگنل پر نہ رکی اور مقامی ٹرین سے ٹکرا گئی۔

    حکام کے مطابق حادثے کے نتیجے میں دونوں ٹرینوں کے ڈرائیور اور ایک شہری ہلاک ہوئے، ٹکراؤ کے نتیجے میں 50 مسافر بھی زخمی ہوئے ہیں، 8 زخمیوں کی حالت نازک تھی جس پر انھیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ریل گاڑی میں جرمن مسافر بھی سوار تھے، معمولی زخمی ہونے والے 10 جرمن مسافروں کو ایمبولینس کے ذریعے جرمنی کے اسپتال پہنچایا گیا۔ مقامی پولیس حکام کا کہنا تھا کہ مرنے والے تینوں افراد چیک باشندے تھے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق آپس میں ٹکرانے والی ٹرینوں میں جرمنی کی ہائی اسپیڈ لوکوموٹیو EX 351 اور چیک کی لوکل ٹرین شامل تھی، تصادم کے نتیجے میں جرمن ٹرین کا انجن تباہ ہو گیا ہے۔

    پولیس نے حادثے کے مقام پر کسی تخریب کاری کے امکان کی تلاش کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم ابتدائی نتائج سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ تیز رفتار ٹرین اسٹاپ سگنل کو نہیں دیکھ سکی تھی۔