Tag: ٹرین اسٹیشن

  • آوارہ کتے اتنی بیتابی سے ٹرین آنے کا انتظار کیوں کرتے ہیں؟

    آوارہ کتے اتنی بیتابی سے ٹرین آنے کا انتظار کیوں کرتے ہیں؟

    ٹرین کے اسٹیشن پر پہنچنے کے ساتھ ہی وہاں گھومتے آوارہ کتے ریل گاڑی کی طرف لپکتے ہیں، ایسا کیوں ہوتا ہے اس کی وجہ حیران کن ہے۔

    کہتے ہیں محبت کا رشتہ عجیب ہے جو نہ صرف انسانوں بلکہ جانوروں کے ساتھ بھی جڑ جاتا ہے۔ انٹرنیٹ پر ایک ریلوے اسٹیشن کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں پلیٹ فارم پر موجود آوارہ کتے ٹرین آنے کا بڑی شدت سے انتظار کرتے ہیں اور اس کے قریب آتے ہیں ساتھ دوڑنا شروع کردیتے ہیں۔

    کتوں کو ٹرین کے ڈرائیور اور انجینئر کے اسٹیشن پر پہنچنے کا انتظار رہتا ہے کیوں کہ وہ تقریباً روزانہ ان آوارہ جانوروں کے کھانے کے لیے کچھ نہ کچھ ساتھ لاتے ہیں۔

    دونوں افراد کے اس رحم دلانہ طرز عمل اور کتوں کی بیتابی کو وہاں موجود کسی شخص نے کیمرے میں قید کرلیا اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی۔

    ویڈیو کے ساتھ مذکورہ صارف نے لکھا کہ ٹرین ڈرائیور اور انجینئر روزانہ ان کتوں کو کھانا کھلاتے ہیں جس کی وجہ سے ان بےزبانوں کو اپنے محسنوں کا انتظار رہتا ہے۔

    مذکورہ ویڈیو یکم مئی کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپ لوڈ کی گئی تھی جسے اب تک ڈھائی ملین سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں جبکہ اس ویڈیو کو 56 ہزار سے زائد لائکس بھی مل چکے ہیں۔

  • موبائل چھیننے کی ناکام واردات اور سیلفی نے اندھی موت کا معمہ حل کردیا

    موبائل چھیننے کی ناکام واردات اور سیلفی نے اندھی موت کا معمہ حل کردیا

    موبائل چوری کی ناکام واردات اور فون میں محفوظ ہوجانے والی سیلفی ویڈیو نے اسٹیشن پر ہونے والے اندھی موت کا معمہ حل کردیا۔

    بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر کلیان میں ایک ٹرین کے مسافر کا موبائل فون چوری کرنے والے ملزم کے پکڑے جانے کے بعد ایک شخص کی موت کا معمہ حل ہو گیا۔ چور کی شناخت آکاش جادھو کے نام سے کی گئی ہے۔

    آکاش نے پیر کو ایک مسافر کا فون اس وقت اس کے ہاتھ سے چھیننے کی کوشش کی تھی جب وہ چلتی ٹرین میں سیلفی ویڈیو بنا رہا تھا۔

    مسافر زاہد زیدی اپنے فون سے ویڈیو ریکارڈنگ کر رہا تھا کہ ملزم جادھو نے فون پر جھپٹا مارا تاہم وہ موبائل چھیننے میں ناکام رہا، اس دوران زاہد کے موبائل ویڈیو میں آکاش کا چہرہ قید ہوگیا۔

    زاہد نے پولیس سے مدد طلب کرتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی، کلیان ریلوے پولیس نے وائرل ویڈیو کو دیکھنے کے بعد جادھو کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس افسر پندھری ناتھ کاندے نے بتایا کہ ہم نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا جس کے خلاف تھانے میں پہلے سے مقدمات درج تھے جبکہ اس سے دوسرا موبائل فون بھی برآمد ہوا۔

    ہم نے اس سے پوچھ گچھ کی کہ اسے موبائل کہاں سے ملا، موبائل فون کو آن کیا گیا تو پتہ چلا کہ یہ پونے کے رہنے والے پربھاس بھانگے کا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ بھانگے ایک بینک میں ملازم تھا اور ہولی کے لیے پونے سے گھر جارہا تھا۔ 25 مارچ کو آدھی رات کو ریلوے اسٹیشن پر ٹرین سے گر کر اس کی موت واقع ہوگئی تھی۔

    افسر پندھری ناتھ کاندے نے کہا کہ جادھو سے پوچھ گچھ پر ایک چونکا دینے والا انکشاف سامنے آیا۔ جادھو نے چلتی ٹرین سے موبائل چرایا تھا اور پربھاس بھانگے نے جب اپنا موبائل واپس لینے کی کوشش کی تو ٹرین سے گر کر ہلاک ہوگیا۔

    پولیس کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ملز آکاش جادھو کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور کیس کی مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔

  • ٹرین اسٹیشن پر خاتون کا خوفناک قتل، مرنے سے پہلے قاتل کو پہچان لیا

    ٹرین اسٹیشن پر خاتون کا خوفناک قتل، مرنے سے پہلے قاتل کو پہچان لیا

    امریکا میں ایک خاتون کو ان کے سابق بوائے فرینڈ نے بہیمانہ طریقے سے قتل کر ڈالا، پولیس نے 15 گھنٹوں سے قبل قاتل کو گرفتار کرلیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکی شہر شکاگو میں 31 سالہ شخص نے اپنی سابق گرل فرینڈ کو اس وقت قتل کردیا جب وہ رات کے وقت ٹرانزٹ اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر ٹرین کا انتظار کر رہی تھی۔

    سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج میں قاتل کو 26 سالہ سمانتھا کا پیچھا کرتے دیکھا جاسکتا ہے، دونوں کا تعلق گزشتہ 6 ماہ سے قائم تھا اور حال ہی میں دونوں نے اپنی راہیں جدا کی تھیں۔

    واقعے کی رات قاتل سمانتھا کا پیچھا کرتے ہوئے انڈر گراؤنڈ ٹرین اسٹیشن میں داخل ہوا اور اس دوران اس نے جیب سے چاقو نکال لیا، قاتل اس دوران اپنے پیچھے بھی دیکھتا رہا۔

    جیسے ہی ٹرین قریب آنے لگی، قاتل نے سمانتھا کو کھینچ کر نیچے گرایا اور اس پر چاقو کے پے در پے کئی وار کیے۔ اس کے بعد ٹرین رکتے ہی اس میں سوار ہو کر اپنے گھر چلا گیا۔

    سمانتھا شدید زخمی حالت میں کسی طرح سیڑھیاں چڑھ کر باہر پہنچی اور مدد کی اطلاع دی۔ اسے موقع پر طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دم توڑ گئی۔

    قاتل نے اس کے سینے، پیٹ اور بازو پر وار کیے تھے جو جان لیوا ثابت ہوئے۔

    پولیس نے اگلے 15 گھنٹوں میں قاتل کا سراغ لگا لیا اور اس کے گھر پر چھاپہ مار کر اسے گرفتار کرلیا۔

    مقتولہ کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ قاتل کو سزا ہونے کے باوجود بھی اس نقصان کی تلافی نہیں ہوسکتی جو ایک زندگی سے بھرپور اور نیک فطرت لڑکی کے چلے جانے سے ہوا۔

  • مختصر کہانیاں فراہم کرنے والی مشین

    مختصر کہانیاں فراہم کرنے والی مشین

    ہم میں سے بہت سے افراد بس اسٹاپ یا اسٹیشن پر ٹرین یا بس کا انتظار کرتے ہوئے کیا کرتے ہیں؟ انتظار کے کٹھن لمحات کاٹنے کے لیے ہمارا سب سے پہلا انتخاب موبائل فون ہوتا ہے جس میں ہم بے مقصد فیس بک اور ٹوئٹر کا استعمال کرتے ہیں۔

    لیکن فرانس نے اپنے لوگوں کو اس انتظار کی زحمت سے بچانے کا ایک دلچسپ طریقہ نکال لیا۔ اس نے ان منتطر افراد کے لیے مختلف بس اور ٹرین اسٹیشنوں پر وینڈنگ مشینیں نصب کردیں جو کافی یا چائے نہیں بلکہ مختصر کہانیاں فراہم کرتی ہیں۔

    machine-2

    یہ وینڈنگ مشین بٹن دبانے پر بالکل مفت، آپ کو ایک کاغذ پر چھپی ایک مختصر سی کہانی فراہم کرے گی جسے پڑھ کر آپ اپنا وقت کاٹ سکتے ہیں۔

    اس وینڈنگ مشین میں یہ سہولت بھی ہوگی کہ آپ اپنے انتظار کی مدت کے مطابق 1، 3 یا 5 منٹ میں پڑھنے والی کہانی منتخب کر سکتے ہیں۔

    machine-5

    اس آئیڈیے کی خالق کرسٹوفی نامی پبلشر ہیں جو مختصر کہانیاں چھاپتی ہیں۔ ان کا مقصد ہے کہ وہ مطالعہ کے ختم ہوتے رجحان کو پھر سے زندہ کریں اور لوگوں میں اس کو دوبارہ سے مقبول بنائیں۔

    machine-3

    کرسٹوفی نے بتایا کہ اس آئیڈیے کی تکمیل کے بعد بے شمار لوگوں نے انہیں کہانیاں لکھ کر بھیجیں جو چاہتے ہیں کہ ان کی کہانی کو اس مشین سے نکلنے والے کاغذوں پر پرنٹ کیا جائے۔

    machine-4

    یہ مشینیں ابتدا میں صرف ایک ٹرین اسٹیشن پر نصب کی گئی، مگر اس کی مقبولیت کے بعد اب ملک بھر کے مختلف ٹرین اور بس اسٹیشنز پر ایسی مشینیں نصب کی جارہی ہیں۔