Tag: ٹرین حادثہ

  • عوام ایکسپریس حادثہ کس کی وجہ سے ہوا؟ رپورٹ سامنے آ گئی

    عوام ایکسپریس حادثہ کس کی وجہ سے ہوا؟ رپورٹ سامنے آ گئی

    لاہور (17 اگست 2025): عوام ایکسپریس حادثے سے متعلق ابتدائی جوائنٹ سرٹیفکیٹ رپورٹ سامنے آ گئی ہے جس میں حادثے کے ذمہ دار کا بھی تعین کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عوام ایکسپریس ٹرین کو لودھراں کے قریب حادثہ پیش آیا ہے، جس کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ حادثہ ٹرین کے اوور شوٹ ہونے کی وجہ سے ہوا ہے۔

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق عوام ایکسپریس حادثہ ٹرین ڈرائیور کی غلطی قرار دے دیا گیا ہے، ٹرین ڈرائیور وقت پر بریک نہ لگا سکا تھا، جس کی وجہ سے اتنا بڑا حادثہ پیش آیا، اس حادثے میں ایک مسافر جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور سے کراچی جانے والی عوامی ایکسپریس ٹرین کے ساتھ لودھراں جنکشن کے قریب حادثہ پیش آیا تھا، مسافروں کے مطابق ریل لودھراں جنکشن کے مقام پر نہیں رکی اور آگے مال بردار گاڑی کے کھڑے انجن کے ساتھ ٹکرا گئی، جس کی وجہ سے ٹرین کی متعدد بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں۔

    لاہور سے کراچی جانے والی ٹرین کو حادثہ، ایک مسافر جاں بحق متعدد زخمی

    ریلوے حکام کے مطابق ڈاؤن ٹریک کو بحال کر دیا گیا ہے، 6 نمبر ٹریک پر کام جاری ہے، عوام ایکسپریس کے 250 مسافروں کو رحمان بابا ایکسریس سے کراچی روانہ کر دیا گیا ہے۔ وزیر ریلوے نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ 7 دنوں میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • تیز رفتار ٹرین کی ٹکر سے وین تباہ، ڈرائیور محفوظ، ویڈیو نے دل دہلا دیے

    تیز رفتار ٹرین کی ٹکر سے وین تباہ، ڈرائیور محفوظ، ویڈیو نے دل دہلا دیے

    (8 اگست 2025): مشرقی یورپی ملک میں مسافر ٹرین کی زد میں کار آگئی جس کی ویڈیو نے لوگوں کے دل دہلا دیے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مشرقی یورپی ملک پولینڈ کے ایک گاؤں وولا فلیپوفسکا میں ایک تیز رفتار ٹرین سے وین ٹکرا گئی تاہم ڈرائیور معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وین کا ڈرائیور ٹریفک لائٹ کے رکنے کے اشارے کے باوجود ریلوے ٹریک کو عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

    اس دوران بیریئرز نیچے آنے پر وین پھنس گئی اور اسی اثنا میں ٹرین قریب آئی گئی تو ڈرائیور پریشانی میں وین کو پٹریوں کے کنارے کی طرف موڑنے لگا۔

    لیکن مسافر بردار ٹرین وین سے جا ٹکرائی اور وین کے پرخچے اڑ گئے تاہم معجزانہ طور پر وین ڈرائیور محفوظ رہا جس کی دل دہلا دینے ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

  • ٹرین سے کچلا جانے والا شخص زندہ کیسے لوٹا؟

    ٹرین سے کچلا جانے والا شخص زندہ کیسے لوٹا؟

    تلنگانہ: بھارت میں ایک ایسا شخص زندہ گھر لوٹ آیا جس کی لاش ریلوے کی پٹری سے ملی تھی، اور گھر میں ماتم کیا جا رہا تھا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست تلنگانہ کے ضلع وقار آباد میں ایک شخص کی آخری رسومات کی تیاریاں جاری تھیں کہ وہ اچانک گھر زندہ سلامت لوٹ آیا۔

    گورنمنٹ ریلوے پولیس کے مطابق 22 جون کی رات وقار آباد ریلوے اسٹیشن پر ریل کی پٹریوں پر ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی تھی، جس کا سر کچلا ہوا تھا، لاش کے پاس سے ایک موبائل فون بھی ملا، جس سے اس کے گھر والوں سے رابطہ ہوا اور پتا چلا کہ وہ 40 سالہ ییلپا کا ہے۔

    بعد ازاں 23 جون کو ییلپا کی بیوی اور اس کے خاندان کے افراد نے سرکاری اسپتال پہنچ کر کہا لاش ییلپا کی ہے، اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ان کے حوالے کی گئی جسے وہ گاؤں نوندگی لے گئے، تاہم آخری رسومات کی تیاری کے دوران کچھ دیہاتیوں نے دوپہر میں انھیں اطلاع دی کہ انھوں نے ییلپا کو ضلع کے تندور قصبے میں زندہ دیکھا ہے۔

    جب ییلپا گھر پہنچا تو ماتم والا گھر خوشیوں سے بھر گیا، ریلوے پولیس والوں نے وہاں پڑی لاش واپس لے جا کر مردہ خانے میں رکھوا دی، ییلپا نے بتایا کہ وہ کام کی تلاش میں تھا کہ 20 جون کو تندور کے ایک بس اسٹاپ پر سو گیا، اور کسی نے اس کا فون چرا لیا۔ گھر والوں نے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ ییلپا کام پر جانے کے بعد ایک ہفتہ یا اس سے زیادہ کے بعد گھر لوٹتا تھا۔

  • ویڈیو: بھارت میں‌ دو ٹرینوں‌ میں‌ خوفناک تصادم، ایک ٹرین دوسری پر چڑھ دوڑی، 15 ہلاک

    ویڈیو: بھارت میں‌ دو ٹرینوں‌ میں‌ خوفناک تصادم، ایک ٹرین دوسری پر چڑھ دوڑی، 15 ہلاک

    بھارت میں‌ دو ٹرینوں‌ میں‌ خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک ٹرین دوسری پر چڑھ دوڑی، حادثے میں 15 افراد ہلاک ہو گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی بنگال کے ضلع دارجلنگ میں مال گاڑی اور ایک مسافر ٹرین آپس میں ٹکرا گئیں، جس سے پندرہ افراد ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے ہیں۔

    مسافر ٹرین کنچن جنگا ایکسپریس آج پیر کی صبح شہر اگرتلہ سے کولکتہ جا رہی تھی، کہ ایک مال گاڑی نے نیو جلپائی گوڑی کے قریب اسے زوردار ٹکر ماری، ٹکر اتنی زور دار تھی کہ مال گاڑی کی کئی بوگیاں مسافر ٹرین کے اوپر چڑھ گئیں۔

    ریلوے بورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ حادثہ انسانی غلطی کی وجہ سے پیش آیا ہے، ایک پریس کانفرنس میں ریل بورڈ کے چیئرمین اور سی ای او جیا ورما سنہا نے کہا کہ لوکو ڈرائیور نے سگنل کو نظر انداز کیا لیکن انھوں نے مزید کہا کہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی اصل وجہ سامنے آئے گی۔

    حادثے کے نتیجے میں 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جب کہ موسلادھار بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ خیال رہے کہ بھارت میں ٹرین حادثے معمول بن چکے ہیں، جن میں سیکڑوں جانیں جا چکی ہیں۔ٰ

  • بھارت: ٹرین حادثے میں 12 ہلاک، متعدد زخمی

    بھارت: ٹرین حادثے میں 12 ہلاک، متعدد زخمی

    بھارت کے جھارکھنڈ میں پیش آنے والے خوفناک ٹرین حادثے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسنسول ڈویژن کے جنتارا علاقے میں خلجیریا ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹرین حادثہ رونما ہوا، جس کے باعث 12 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھاگلپور سے بنگلور جانے والی انگا ایکسپریس میں آگ لگنے کی افواہ سے مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں بعض مسافر آگ سے بچنے کے لئے ٹرین سے اتر گئے۔

    بعض مسافر مبینہ آگ سے بچنے کے لئے پٹریوں پر دوڑنے لگے، اسی اثناء میں ایک اور لائن پر آرہی ٹرین کی زد میں آگئے جس کے باعث 12 مسافر اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    ریلوے پولیس اور مقامی لوگ اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ زخمیوں کو ایمبولینسوں میں قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ حادثہ میں ہلاک افراد کی نعشیں نکال لی گئیں۔

  • خوفناک ٹرین حادثے میں متعدد ہلاکتیں، درجنوں زخمی

    خوفناک ٹرین حادثے میں متعدد ہلاکتیں، درجنوں زخمی

    بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں مسافر ٹرینوں کے درمیان ہونے والے تصادم کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ 50سے زائد ہیں، زخمیوں میں سے بعض کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وشاکاپٹنم پلاسا مسافر ٹرین اور وشاکا پٹنم راگادا مسافر ٹرین ایک دوسرے سے ٹکرائیں جس سے ٹرینوں کی کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ یاد رہے کہ تین ماہ کے دوران بھارت میں یہ پانچواں ٹرین حادثہ ہے۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں مکمل کرلی گئی ہیں، تمام لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    اس سے قبل بنگلادیش میں کشور گنج کے علاقے بھیرب کے قریب مسافر ٹرین اور مال گاڑی آپس میں ٹکرا گئی تھی، جس کے باعث 17 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے، 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

    حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین کی بوگیوں سے 17 افراد کی لاشوں کو نکالا گیا، تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • ٹرین حادثے میں متعدد افراد ہلاک

    ٹرین حادثے میں متعدد افراد ہلاک

    بنگلادیش میں کشور گنج کے علاقے بھیرب کے قریب مسافر ٹرین اور مال گاڑی آپس میں ٹکرا گئی، جس کے باعث 17 افراد لقمہ اجل بن گئے، جبکہ 100 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حادثے کے نتیجے میں پٹری سے اترنے والی مسافر ٹرین کی دو بوگیوں میں پھنسے افراد اور لاشیں نکالنے کیلئے امدادی کاموں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین کی بوگیوں سے اب تک 17 افراد کی لاشوں کو نکالا جاچکا ہے، تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    بنگلادیشی ریلوے حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ چٹاگرام جانے والی مال بردار ٹرین کشور گنج کے علاقے بھیرب کے قریب مسافر بردار ٹرین ایگر سندھور ایکسپریس حادثے کا شکار ہوگئیں تھیں، تاہم حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی ریاست بہار میں افسوسناک ٹرین حادثے کے باعث 4 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

    ریاست آسام کے وزیراعلیٰ کے مطابق حادثے کی وجہ جاننے کے لئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں۔

  • بھارت میں ٹرین حادثہ، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

    بھارت میں ٹرین حادثہ، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

    بھارتی ریاست بہار میں افسوسناک ٹرین حادثہ پیش آیا ہے، جس کے باعث قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نارتھ ایسٹ ایکسپریس ٹرین دہلی سے مسافروں کو لے کر ریاست آسام جارہی تھی کہ حادثے کا شکار ہوگئی۔

    میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مسافر ٹرین میں سیکڑوں مسافر سوار تھے، جبکہ ٹرین بہار کے شہر بکسر میں رگھوناتھ پور ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹری سے اتر گئی۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں 4 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں سے بعض کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

    مقامی انتظامیہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ہیں جبکہ زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، ریسکیو حکام کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے، ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔

    ریاست آسام کے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ حادثے کی وجہ جاننے کے لئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

  • بھارت میں ایک اور ٹرین حادثہ، 10 افراد ہلاک متعدد زخمی

    بھارت میں ایک اور ٹرین حادثہ، 10 افراد ہلاک متعدد زخمی

    نئی دہلی: بھارت میں مدورائی ریلوے اسٹیشن پر ایک ٹرین کے ڈبے کے اندر آگ لگنے سے 10 افراد ہلاک ہوگئے

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تامل ناڈو کے ایک اسٹیشن پر  ٹرین سے علیحدہ کیے گئے  ڈبے میں آگ لگنے کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

    ریلوے حکام کے مطابق ڈبے میں غیرقانونی طور پرگیس سلینڈر رکھا گیا تھا اور اس پر کھانا پکایا جا رہا تھا اس دوران آگ بھڑک اٹھی جس نے پورے ڈبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    رپورٹ کے مطابق مقامی پولیس، فائر، ریسکیو سروسز اور ریلوے کے اسٹاف نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پرقابو پایا جس کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

    حکام کے مطابق متعدد افراد نے آگ لگتے ہی ڈبے سے چھلانگ لگا دی جبکہ کچھ  لوگ پہلے ہی ڈبے سے اتر گئے تھے ورنہ جانی نقصان زیادہ ہوتا، حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

  • علامہ اقبال ایکسپریس کو حادثہ، ڈرائیور نے بروقت ایمرجنسی بریک لگا کر بڑے حادثے سے بچا لیا

    علامہ اقبال ایکسپریس کو حادثہ، ڈرائیور نے بروقت ایمرجنسی بریک لگا کر بڑے حادثے سے بچا لیا

    نوشہروفیروز: پڈعیدن کے قریب علامہ اقبال ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرین کی 2 بوگیاں پٹری سے اتریں تاہم مسافر محفوظ رہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے سیالکوٹ جانے والی ٹرین علامہ اقبال ایکسپریس کو پڈ عیدن کے مقام پر حادثہ پیش آیا ہے، تاہم ٹرین ڈرائیور نے بروقت ایمرجنسی بریک لگا کر ٹرین کو بڑے حادثے سے بچا لیا۔

    6 گھنٹے گزرنے کے باوجود اپ ریلوے ٹریک کلیئر نہ ہو سکا ہے، پڈعیدن میں ٹرین حادثے کے مقام پر مرمت کا کام جاری ہے، روہڑی سے آئی ریلیف ٹرین متاثرہ بوگیاں اٹھانے میں مصروف ہے۔

    ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 2 سے 4 گھنٹے میں مکمل کر کے اپ ٹریک کو بحال کر دیا جائے گا، علامہ اقبال ایکسپریس شیڈول سے پہلے ہی ڈیڑھ گھنٹے تاخیر کا شکار تھی، ٹرین کی بوگیاں اترنے سے اپ ٹریک پر دیگر ٹرینوں کی آمد و رفت بھی معطل ہو گئی۔

    ریلوے انتظامیہ کے مطابق ملتان جانے والی بہاالدین ذکریا ایکسپریس کو کوٹ لالو اسٹیشن پر روک لیا گیا ہے، جب کہ ملتان جانے والی فریدالدین ایکسپریس کو باندی اسٹیشن پر روک لیا گیا ہے۔

    ریلوے ذرائع کے مطابق ریلیف ٹرین روہڑی سے کرین بوگی کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچی، تاہم اسے جائے حادثہ پہنچنے میں 3 گھنٹے لگے، ریلیف ٹرین کی کرین سے بوگیوں کو ٹریک سے اٹھایا جا رہا ہے۔

    ڈی سی او کا کہنا ہے کہ متاثرہ بوگیوں سے آگے والی بوگیوں کو الگ کر کے بھریا روڈ اسٹیشن روانہ کر دیا گیا تھا، دوسری طرف مسافروں کی پریشانی کم کرنے کے لیے سکھر ڈویژن انتظامیہ کی جانب سے چائے، جوسز اور پانی کی فراہمی کا انتظام کیا گیا۔

    پشاور جانے والی خیبر میل کو 4 گھنٹے سے نوابشاہ اسٹیشن پر روکا گیا ہے، جب کہ پرئمیر ٹرین گرین لائن ایکسپریس 4 گھنٹے سے دوڑ اسٹیشن پر رکی ہوئی ہے۔ اسٹیشن ماسٹر پڈعیدن کا کہنا ہے کہ اپ ٹریک بند ہونے پر ٹرینوں کو ڈاؤن ٹریک سے گزارا جا رہا ہے۔