Tag: ٹرین حادثہ

  • 19 افراد کی اموات کیسے ہوئیں، ٹرین ڈرائیور نے سب بتا دیا

    19 افراد کی اموات کیسے ہوئیں، ٹرین ڈرائیور نے سب بتا دیا

    کراچی: روہڑی میں پیش آنے والے ہولناک ٹرین حادثے کی وجوہات ریل گاڑی کے ڈرائیور نے بتا دیں۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرین ڈرائیور نے کہا ہے کہ پھاٹک سے بہت کم فاصلے سے اچانک بس سامنے آگئی، ایمرجنسی بریک لگایا لیکن فاصلہ بہت کم تھا جس کے باعث تصادم ہوگیا۔

    ڈرائیور کا کہنا تھا کہ بیگمان جی ریلوے اسٹیشن سے ٹرین مقررہ رفتار سے جارہی تھی، کم فاصلے سے ٹکرانے کی وجہ سے انجن اور بس دونوں کا نقصان ہوا۔

    دوسری جانب وزیرریلوے شیخ رشید نے روہڑی حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ حادثہ ان مینڈلیول کراسنگ پر پیش آیا، حادثہ بظاہر بس ڈرائیور کی لاپروائی کی وجہ سے پیش آیا۔

    ترجمان ریلوے نے کہا ہے کہ حادثے میں ٹرین انجن کو نقصان پہنچا اور اسسٹنٹ ڈرائیور زخمی ہوا، حادثے میں ٹرین کے مسافر محفوظ رہے، حادثے کی انکوائری ایف جی آئی آر کریں گے۔

    سکھر: مسافر کوچ ٹرین کی زد میں آگئی، 19 افراد جاں بحق

    ڈی ایس سکھر نے بتایا ہے کہ حادثے کا شکار پاکستان ایکسپریس کو روانہ کردیا گیا ہے، مختلف اسٹیشنز پر روکی گئی ٹرینوں کو بھی روانہ کیاجا رہا ہے۔ قرار قرم، جناح اور علامہ اقبال مختلف اسٹیشنز پر روکی گئیں تھیں۔

    ادھر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے روہڑی حادثے میں اموات پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ سندھ حکومت پر زخمیوں کے بروقت علاج کو ممکن بنائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آئے روز ٹرین حادثات حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، ایک حادثے پر استعفی کی بات کرنے والے وزیراعظم کتنے حادثوں بعد جاگیں گے؟۔

  • معروف اداکارہ نجمہ محبوب کی 36 ویں برسی آج منائی جارہی ہے

    معروف اداکارہ نجمہ محبوب کی 36 ویں برسی آج منائی جارہی ہے

    اسلام آباد: پاکستان ٹیلی ویژن اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ نجمہ محبوب کی برسی آج منائی جارہی ہے. وہ 6 دسمبر 1983 کو ایک ٹرین حادثے میں زندگی کی بازی ہار گئی تھیں۔

    1949 میں راولپنڈی میں پیدا ہونے والی نجمہ محبوب نے اسٹیج ڈراموں سے اداکاری کا سفر شروع کیا اور 1969 میں ٹیلی ویژن کی طرف آئیں۔ ان کا پہلا ڈراما ‘‘ہاتھی دانت’’ تھا جو لاہور اسٹیشن سے نشر ہوا۔ اس کے بعد انھوں نے ٹی وی پر متعدد سیریلوں اور ڈراما سیریز میں کام کیا۔

    پاکستان ٹیلی ویژن کی اس اداکارہ نے جلد ہی فلم نگری میں قدم رکھ دیا اور بڑے پردے پر 79 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی پہلی فلم ‘‘خلش’’ تھی جب کہ ‘‘نازک رشتے’’ ان کی آخری فلم تھی۔ یہ فلم 1987 میں ریلیز ہوئی۔

    نجمہ محبوب ایک پنجابی فلم ‘‘رکشہ ڈرائیور’’ کی شوٹنگ کے دوران بچے کو بچاتے ہوئے چلتن ایکسپریس سے ٹکرا گئی تھیں۔ ان کی مشہور فلموں میں سلطانہ ڈاکو، ان داتا، ٹھگاں دے ٹھگ، غازی علم الدین شہید، سالا صاحب شامل ہیں۔

  • عدالت کا وزارت داخلہ کو ٹرین حادثے کی رپورٹ جمع کرانے کا حکم

    عدالت کا وزارت داخلہ کو ٹرین حادثے کی رپورٹ جمع کرانے کا حکم

    اسلام آباد: تیزگام ریلوے حادثے کی آزادانہ انکوائری کے لیے دائر درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے وزارت داخلہ کو ٹرین حادثے کی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس محسن اختر کیانی نے تیزگام ریلوے حادثے کی آزادانہ انکوائری کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔

    ریاض حنیف راہی ایڈووکیٹ نے دوران سماعت دلائل دیتے ہوئے کہا کہ تیزگام حادثے میں لوگوں کی جانیں گئی ہیں، حادثے کے شواہد کو ختم کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نے کہا تبلیغی جماعت کے سلنڈر سے آگ لگی، ریلوے بوگی میں آگ بزنس کلاس میں لگی، ریلوے تھانے میں ایف آئی آر درج ہوئی، شفاف تحقیقات کیسے ہوگی۔

    ریاض حنیف راہی ایڈووکیٹ نے کہا کہ کوئی ایک دو نہیں بلکہ ہرآئے دن ریلوے حادثات ہو رہے ہیں، تیزگام کے متاثرین کو ابھی تک حادثے کا معاوضہ ادا نہیں کیا گیا

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت داخلہ کو ٹرین حادثے کی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

    لیاقت پور: تیزگام کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی، 74 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ 31 اکتوبر کو کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں پنجاب کے علاقے لیاقت پور کے قریب گیس سلینڈر پھٹنے سے آتشزدگی کے باعث 74 افراد جاں بحق اور متعدد مسافر زخمی ہوگئے تھے۔

    تیزگام ایکسپریس کو حادثہ صبح چھ بجکر پندرہ منٹ پر پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور میں چنی گوٹھ کے نزدیک چک نمبر 6 کے تانوری اسٹیشن پر پیش آیا تھا۔

  • وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کا ٹرین حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار

    وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کا ٹرین حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سمیت سیاسی رہنماؤں نے تیز گام ٹرین حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے لیاقت پور کے قریب پیش آنے والے ٹرین حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    وزیراعظم عمران نے غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔

    وزیرخارجہ شاہ محمو قریشی نے تیزگام ایکسپریس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حادثے میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ٹرین حادثے پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے غمزدہ خاندانوں سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت زخمیوں کے بہترعلاج کا بندوبست کرے، حکومت جاں بحق افراد کو معاوضہ ادا کرے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹرین حادثے پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ زخمی افراد کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

    جہانگیر ترین نے کہا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ ہے، اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کے لواحقین کو صبر، زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ٹرین سانحے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کے جاں بحق ہو نے پر پوری قوم افسردہ ہے۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر متاثرین کےغم میں برابر کےشریک ہیں۔ انہوں نے جاں بحق مسافروں کے لیے مغفرت، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔

    لیاقت پور: تیزگام کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی، 10افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ آج صبح صوبہ پنجاب کے شہر لیاقت پور کے قریب تیز گام ٹرین کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔

  • نوابشاہ : پاکستان ایکسپریس ٹرین حادثہ سے بال بال بچ گئی، مسافروں کو مشکلات کا سامنا

    نوابشاہ : پاکستان ایکسپریس ٹرین حادثہ سے بال بال بچ گئی، مسافروں کو مشکلات کا سامنا

    نوابشاہ : کراچی سے راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس ٹرین کا حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا، ٹرین کا وہیل اسپرنگ خراب ہونے سے ٹریں رک گئی۔ رین ایک گھنٹے سے نوابشاہ ریلوے اسٹیشن پرکھڑی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نوابشاہ ریلوے اسٹیشن پر پاکستان ایکسپریس ٹرین حادثے سےبال بال بچ گئی، پاکستان ایکسپریس کراچی سے راولپنڈی جارہی تھی۔

    اس حوالے سے ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان ایکسپریس کے ڈبہ نمبر122792کا وہیل اسپرنگ اچانک خراب ہوگیا جس کے باعث ٹرین ایک گھنٹے سے ریلوے اسٹیشن پرکھڑی ہے۔

    مزید پڑھیں: صادق آباد ٹرین حادثہ، تفتیشی رپورٹ سامنے آگئی، ڈرائیور قصوروار

    پاکستان ایکسپریس کے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے، حکام کا مزید کہنا ہے کہ خراب ڈبے کو الگ کر کے ٹرین کو ایک گھنٹے میں روانہ کیا جائے گا۔

  • صادق آباد ٹرین حادثہ، جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی

    صادق آباد ٹرین حادثہ، جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی

    صادق آباد: مسافر ٹرین اکبر ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی جبکہ 84 افراد زخمی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اکبرایکسپریس حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی، ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل کا کہنا ہے کہ ملبے سے 5 سالہ بچی کی لاش نکال لی گئی، حادثے میں 84 افراد زخمی ہیں جنہیں اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    صادق آباد میں گزشتہ روز لاہور سے کوئٹہ جانے والی اکبر ایکسپریس مین لائن سے ہٹ کر ولہار اسٹیشن کی لوپ لائن پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی تھی، المناک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 22 تک پہنچ گئی ہے۔

    حادثے میں شاہ کوٹ کے ڈاکٹر بشیر، ان کی اہلیہ اور دو بیٹے جاں بحق اور ایک بیٹا اور بیٹی زخمی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر رحیم یارخان جمیل احمد جمیل کے مطابق حادثہ سگنل تبدیل نہ کرنے کی وجہ سے پیش آیا۔

    افسوس ناک حادثے کے نتیجے میں ٹرین کا انجن مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور 4 بوگیاں الٹیں جبکہ 7 کو نقصان پہنچا لاشوں کو زخمیوں کو اکبرایکسپریس کی بوگیاں کاٹ کر نکالا گیا۔

    وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اکبرایکسپریس حادثے کو انسانی غلطی قرار دیتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے9،9 لاکھ جبکہ شدید زخمیوں کو پانچ لاکھ اور کم زخمی افراد کو 2،2 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان کا صادق آباد ٹرین حادثے پر اظہارافسوس

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے صادق آباد ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کئی عشروں سے ریلوے کے انفراسٹرکچرکونظراندازکیا گیا۔ انہوں نے انفرااسٹرکچربہترکرنے اور سیفٹی اسٹینڈرڈ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تھی۔

  • صادق آباد ٹرین حادثے پر حزب اختلاف کی تنقید پر پی ٹی آئی کا جواب

    صادق آباد ٹرین حادثے پر حزب اختلاف کی تنقید پر پی ٹی آئی کا جواب

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر سرفراز چیمہ نے صادق آباد ٹرین حادثے پر حزب اختلاف کی تنقید پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم سوگوار ہے جب کہ حزب اختلاف کو سیاست چمکانے سے فرصت نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما عمر چیمہ نے کہا کہ صادق آباد اور حسن ابدال میں افسوس ناک ٹرین حادثات پیش آئے، قوم سوگواران اور متاثرہ خاندانوں کا دکھ بانٹ رہی ہے۔

    عمر چیمہ کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف کو سیاست چمکانے سے فرصت نہیں ہے، متاثرین سے ہم دردی کی بہ جائے اپوزیشن سیاسی بیان داغنے میں مصروف ہے۔

    رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ریلوے نظام کو برباد کرنے میں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی ان دو جماعتوں کا بڑا حصہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  آئے روز ٹرین حادثات، محکمہ ریلوے نے ڈرائیورز کو ذمہ دار قرار دے دیا

    واضح رہے کہ آج صبح ولہار پھاٹک کے قریب مسافر ٹرین اکبر ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جب کہ 32 زخمی ہوئے۔

    اکبر ایکسپریس حادثے کے بعد ٹرین آپریشن معطل ہے، بزنس ایکسپریس، کراچی ایکسپریس کو مختلف اسٹیشنز پر روک لیا گیا تھا، گرین لائن، رحمان بابا ٹرین کا سفر بھی تعطل کا شکار ہو گیا تھا۔

    ٹرین حادثے پر وزیر اعظم پاکستان نے ٹویٹر پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ کئی عشروں سے ریلوے کے انفراسٹرکچر کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ انھوں نے متعلقہ حکام کو انفرا اسٹرکچر بہتر کرنے اور سیفٹی اسٹینڈرڈز یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان کا صادق آباد ٹرین حادثے پر اظہارافسوس

    وزیراعظم عمران خان کا صادق آباد ٹرین حادثے پر اظہارافسوس

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے صادق آباد ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے صادق آباد ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ کئی عشروں سے ریلوے کے انفراسٹرکچرکونظراندازکیا گیا۔ انہوں نے انفرااسٹرکچربہترکرنے اور سیفٹی اسٹینڈرڈ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

    صادق آباد : اکبرایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم، 10 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ آج صبح ولہار پھاٹک کے قریب مسافر ٹرین اکبرایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 32 زخمی ہوئے۔

    اکبرایکسپریس حادثے کے بعد ٹرین آپریشن معطل ہے، بزنس ایکسپریس، کراچی ایکسپریس کو مختلف اسٹیشنزپرروک لیا گیا، گرین لائن، رحمان بابا ٹرین کا سفر بھی تعطل کا شکار ہے۔

  • حیدرآباد میں ٹرین حادثے کی ابتدائی رپورٹ تیار

    حیدرآباد میں ٹرین حادثے کی ابتدائی رپورٹ تیار

    حیدرآباد: صوبہ سندھ کے شہر حیدرآباد میں پیش آنے والے ٹرین حادثے کی ابتدائی رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ حادثہ جناح ایکسپریس کے ڈرائیور، اسسٹنٹ کی غفلت سے پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں ٹرین حادثے کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 20 جون کی شام ساڑھے5 بجے جناح ایکسپریس ساہیوال کول اسپیشل ٹرین سے ٹکرائی۔

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق حادثےمیں جناح ایکسپریس کاانجن تباہ ہوگیا، ٹرین ڈرائیوراور2 اسسٹنٹ ڈرائیورجاں بحق ہوئے۔ ڈرائیوراسلم چانڈیو،اسسٹنٹ یاسربشیر،عمان شاہ تھے۔ حادثےمیں کوئلے کی ٹرین کا گارڈ عمران شاہ بھی زخمی ہوا جو اسپتال میں زیرعلاج ہے۔

    حادثے میں مال گاڑی کی پاور وین اورایک بوگی کونقصان پہنچا، زخمی گارڈکانام عمران شاہ ہےجواسپتال میں زیرعلاج ہے۔

    ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثے میں کسی مسافرکے جاں بحق یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے. رپورٹ میں خدشہ ہے حادثہ جناح ایکسپریس کے ڈرائیور، اسسٹنٹ کی غفلت سے پیش آیا۔

    کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، 3 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ روز حیدرآباد کے قریب کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی تھی، حادثے میں تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

    وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے حیدرآباد ٹرین حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے کی متعلقہ افسران سے رپورٹ طلب کی تھی۔

  • شیخ رشید کو وزارت ملنے کے بعد ریل حادثات بڑھ گئے: اپوزیشن، استعفے کا مطالبہ

    شیخ رشید کو وزارت ملنے کے بعد ریل حادثات بڑھ گئے: اپوزیشن، استعفے کا مطالبہ

    لاہور/ کراچی: اپوزیشن نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جب سے انھیں وزارت ملی ہے، ٹرینوں کے حادثات بڑھ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے حیدر آباد کے قریب ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ٹرین حادثہ شیخ رشید کی ناکامی ہے۔

    پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللہ نے ریلوے حادثے پر وزیر ریلوے سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کو جب سے وزارت ملی، ٹرینوں کے حادثات بڑھ گئے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ اپوزیشن کے خلاف بیان کی بہ جائے کام پر توجہ دی ہوتی تو حادثہ نہ ہوتا، وزیر اعظم مغربی جمہوریت پر چلتے ہوئے وزیر ریلوے سے استعفیٰ لیں، نیز ریلوے حادثے پر شیخ رشید کے خلاف مقدمہ بھی ہونا چاہیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، تین افراد جاں بحق

    دریں اثنا، پی پی رہنما نفیسہ شاہ نے بھی کہا ہے کہ شیخ رشید ریلوے نہیں چلا سکتے تو مستعفی ہو جائیں، ٹرینوں کا شیڈول متاثر ہے، مسافروں کا کوئی پرسان حال نہیں، ریلوے کی طرح حکومت کی ریل گاڑی بھی حادثات کا شکار ہے، نا اہلی پر شرمندگی کی بہ جائے حکومت ڈھٹائی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

    ادھر وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ زبان اور ریلوے سنبھالنا شیخ رشید کے بس کی بات نہیں ہے، شیخ رشید کی توجہ وزارت پر کم اور چاپلوسی پر زیادہ ہے، ان کی نا اہلی کی وجہ سے ریلوے خسارے کا شکار ہے۔

    خیال رہے وزیر ریلوے نے ٹرین حادثے کی 24 گھنٹے میں انکوائری مکمل کرنے کا حکم دیا ہے، ادھر ایس ایس پی ریلوے کراچی ڈویژن شہلا قریشی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ڈاؤن ٹریک کلیئر کر دیا گیا ہے، جب کہ اپ ٹریک پر ریسکیو کا کام جاری ہے، حادثے کی وجوہ کا تعین ریسکیو آپریشن کے بعد کیا جائے گا۔