Tag: ٹرین سروس

  • متحدہ عرب امارات کی ریاستوں کو ملانے کے لیے ٹرین سروس منصوبہ

    متحدہ عرب امارات کی ریاستوں کو ملانے کے لیے ٹرین سروس منصوبہ

    الاماراتی ٹرین نیٹ ورک اتحاد ریل نے متحدہ عرب امارات کی تمام ساتوں ریاستوں کو ملانے کے لیے ٹرین سروس منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سنہ 2026 میں مسافر سروس شروع کردی جائے گی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دبئی کی مشہور میٹرو سروس کے برعکس، جو صرف دبئی کے مختلف علاقوں کے درمیان چلتی ہے، اتحاد ریل پورے ملک کو جوڑے گی اور سعودی عرب اور عمان جیسے ہمسایہ ممالک کو بھی جوڑ دے گی۔

    رپورٹس کے مطابق اماراتی حکام کے مطابق، اتحاد ٹرین متحدہ عرب امارات میں تیز، آرام دہ اور سستی سفر کی سہولت فراہم کرے گا۔

    یو اے ای میں رہنے والے افراد کے لیے یہ ریل نیٹ ورک امارات کے مختلف علاقوں تک آسان رسائی اور خلیجی ممالک کے درمیان بغیر کسی مشکل کے سفر کے مواقع فراہم کرے گی۔

    دبئی میں اتحار ٹرین کا مرکزی اسٹیشن دبئی پروڈکشن سٹی میں واقع جمیرا گالف اسٹیٹس کے قریب متوقع ہے، جو کہ اہم شاہراہوں اور رہائشی کمیونٹیز تک آسان رسائی کا ذریعہ ہوگا۔

    دوسری جانب ابوظبی میں متحدہ عرب امارات اور امریکا نے 5 گیگاواٹ صلاحیت کے آرٹیفیشل انٹلیجنس (AI) کیمپس کے پہلے مرحلے کا آغاز کردیا ہے۔ یہ منصوبہ ’امریکا- امارات آرٹیفیشل انٹلیجنس ایکسیلیریشن پارٹنرشپ‘ کے تحت قائم کیا گیا ہے۔

    امریکی صدر کے دورہ مشرق وسطیٰ کے آخری مرحلے میں متحدہ عرب امارات میں آرٹیفیشل انٹلیجنس سینٹر کی شراکت داری کا آغاز ہوا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید کی ابوظبی کے شاہی محل قصر الوطن میں موجودگی کے موقع پر آرٹیفیشل انٹلیجنس سینٹر قائم کرنے کا اعلان کیا گیا جس کے لیے امریکا اور اماراتی حکام مسلسل کئی سالوں سے کوششوں میں مصروف تھے۔

    امریکی صدر کا ایپل کمپنی کو بھارت سے نکلنے کا مشورہ

    رپورٹس کے مطابق 5 گیگاواٹ بجلی کی گنجائش ایک بہت بڑی مقدار ہے، جس سے کیمپس کی وسعت کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔ اس سینٹر میں جدید ترین کمپیوٹرز اور سرورز شامل ہوں گے جو آرٹیفیشل انٹلیجنس کے پیچیدہ کاموں کے لیے استعمال ہوں گے، سینٹر میں انتہائی بڑے ڈیٹا کا تجزیہ کیا جاسکے گا۔

  • سبی ہرنائی ٹرین سروس 18 سال بعد بحال

    سبی ہرنائی ٹرین سروس 18 سال بعد بحال

    کوئٹہ: سبی ہرنائی ٹرین سروس 18 سال بعد بحال ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سبی ہرنائی ٹرین سروس کی بحالی کے لیے سبی ریلوے اسٹیشن پر افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان اور نگران وفاقی وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڑ نے افتتاح کیا۔

    سبی تا ہرنائی ٹرین سروس بحالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیرِ اعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے کہا کہ طویل مدت سے بند سبی، ہرنائی سیکشن کو دوبارہ سے کھولا جارہا ہے۔

    نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ یہ ریلوے ٹریک فروری 2006 میں بند ہوا تھا، ٹرین سروس کی بحالی  سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے، ریلوے سروس سے مریضوں کو بروقت بڑے شہروں میں جانے کی آسانی ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ 25 دسمبر کو بولان میل بھی بحال کر دی جائے گی، دوسرے مرحلے میں نواب اکبر خان بگٹی ایکسپریس بحال کی جائےگی، بلوچستان سے مال بردار ٹرینیں بھی چلیں گی۔

  • بیونسے نے طوفانی بارش میں شائقین کی محفوظ گھر واپسی کے لیے ایک لاکھ ڈالر دے دیے

    بیونسے نے طوفانی بارش میں شائقین کی محفوظ گھر واپسی کے لیے ایک لاکھ ڈالر دے دیے

    واشنگٹن: امریکی گلوکارہ بیونسے نے طوفانی بارش میں شائقین کی محفوظ گھر واپسی کے لیے ایک گھنٹے کی ٹرین سروس خرید لی، جس کے لیے انھوں نے انتظامیہ کو ایک لاکھ ڈالر ادا کیے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی گلوکارہ اور سانگ رائٹر بیونسے نے کانسرٹ میں آنے والے فینز کو پریشانی سے بچانے کے لیے ایک بے مثال قدم اٹھایا، بیونسے نے طوفانی بارش میں ٹرین سروس مزید ایک گھنٹہ چلانے کے لیے واشنگٹن انتظامیہ کو ایک لاکھ ڈالر ادا کر دیے۔

    خراب موسم کی وجہ سے میٹرو سروس نے آخری ٹرین کو ایک گھنٹہ قبل بند کرنے کا اعلان کیا تھا، لیکن بیونسے نے اپنے مداحوں کے لیے واشنگٹن میٹروپولیٹن کو ٹرینیں اضافی گھنٹے چلانے کے لیے ایک لاکھ ڈالر کی رقم فراہم کرنے کا اعلان کیا، جس کے بعد تمام 98 اسٹیشنز کو شائقین کے باہر نکلنے تک کھلا رکھا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق 6 اگست کو واشنگٹن ڈی سی کے ’فیڈ ایکس فیلڈ‘ میں بیونسے کا کنسرٹ تھا، جو خراب موسم کے باعث پہلے ہی تاخیر کا شکار تھا، تاہم کنسرٹ کے دوران بھی موسلادھار بارش اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث شائقین اندر پھنس گئے تھے، جن کے لیے ٹرین سروس رات کو مزید ایک گھنٹے کے لیے چلائی گئی۔

    گریمی ایوارڈ یافتہ گلوکارہ بیونسے مئی سے اپنے نئے البم ’رینیسانس‘ کی تشہیر کے سلسلے میں ورلڈ ٹور پر مختلف شہروں میں کنسرٹ کر رہی ہیں۔

  • سعودی عرب: سیاحوں کے لیے خوشخبری

    سعودی عرب: سیاحوں کے لیے خوشخبری

    ریاض: سعودی عرب میں لگژری ٹورسٹ ٹرین سروس شروع کرنے کے منصوبے پر دستخط کردیے گئے ہیں، ٹرین کا مقصد مملکت میں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی ریلوے کمپنی سار نے اٹلی کے ایک گروپ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، اس کے تحت مشرق وسطیٰ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لگژری ٹورسٹ ٹرین سروس شروع کی جائے گی۔

    مفاہمتی یادداشت کے تحت سار لگژری ٹرین آپریٹ کرے گی، ریلوے لائن بچھائے گی اور دوران سفر کھانے پینے کی تمام سہولتوں اور فیول کا انتظام کرے گی۔

    اٹلی کی کمپنی لگژری ٹرین کی بوگیاں تیار کرے گی، پراجیکٹ کی مارکیٹنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹم کی فراہمی اور بکنگ کی سہولت کی بھی ذمہ دار ہوگی۔

    علاوہ ازیں لگژری ٹورسٹ ٹرین کے روٹ کی نشاندہی بھی اطالوی کمپنی کے ذمے ہوگی۔

    سعودی عرب میں لگژری ٹرین متعارف کروانے کا مقصد سیاحت کا فروغ اور سعودی شہریوں اور سیاجوں کو زیادہ سے زیادہ پرکشش سیاحتی مقامات دریافت کرنے کے مواقع مہیا کرنا ہے۔

  • کئی دہائیوں کے بعد سبی اور ہرنائی میں ٹرین چلے گی: خواجہ سعد رفیق

    کئی دہائیوں کے بعد سبی اور ہرنائی میں ٹرین چلے گی: خواجہ سعد رفیق

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ کئی دہائیوں کے بعد سبی اور ہرنائی میں ٹرین چلے گی، گوادر میں ریلوے کی کافی جگہ موجود ہے، گوادرمیں ریلوے کا دفتر کھول دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے کا مسافروں کی سہولت کے لیے معاہدہ ہوا ہے، معاہدے کے ذریعے جہاں رکاوٹیں تھیں وہ ختم کردیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسمارٹ فون ایپ کے ذریعے ٹرین کی ٹکٹ، ہوٹل اور کھانے پینے کی سہولت میسر ہوگی، ایپ کے ذریعے پارسل کی بکنگ اور ٹریکنگ بھی ہو سکے گی، رابطہ ایپ کے ذریعے شہری اپنا سفر آسان بنا سکے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ریونیو شیئرنگ کی بنیاد پر یہ سروس ریلوے میں دستیاب ہوگی، یہ ایپ ریلوے کے آپریشنل معاملات کو بہتر بنانے میں اہم قدم ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سبی ہرنائی ٹریک اور چیک پوسٹ کو جلد مکمل کیا جائے گا، کئی دہائیوں کے بعد سبی اور ہرنائی میں ٹرین چلے گی، گوادر میں ریلوے کی کافی جگہ موجود ہے، گوادرمیں ریلوے کا دفتر کھول دیا گیا ہے، حالیہ سیلاب سے ریلوے کو بہت نقصان پہنچا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تنخواہوں کے معاملے میں وزارت خزانہ سے بات چیت کی ہے انشا اللہ کوئی حل نکلے گا، ہمیں توقع ہے قسطوں میں ہی صحیح تنخواہوں کے لیے پیسہ ملے گا۔

  • عرب امارات اور عمان کے درمیان ٹرین سروس کا اعلان

    عرب امارات اور عمان کے درمیان ٹرین سروس کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات اور سلطنت عمان کے درمیان ریلوے نیٹ ورک کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان نقل و حمل میں تیزی آئے گی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات اور سلطنت عمان کے درمیان طے پانے والے ایک اہم معاہدے میں ایک ریلوے نیٹ ورک کا قیام عمل میں لایا جائے گا جو دونوں ممالک کو آپس میں جوڑے گا۔

    یو اے ای نیشنل ریل نیٹ ورک کے ڈویلپر اور آپریٹر نے سلطنت عمان ریل کے ساتھ مشترکہ طور پر مساوی ملکیت والی کمپنی قائم کرنے کے لیے ایک معاہدہ کیا ہے، جسے عمان اتحاد ریل کمپنی کہا جائے گا۔

    3 بلین ڈالر کی مجموعی سرمایہ کاری کے ساتھ، یہ آنے والا انفراسٹرکچر عمان کی صحار بندرگاہ کو ابو ظہبی سے جوڑ دے گا۔

    303 کلو میٹر پر محیط اس ریلوے میں جدید ترین مسافر ٹرینیں چلائی جائیں گی جو صحار سے ابو ظہبی کے سفر کے وقت کو ایک گھنٹہ 40 منٹ تک کم کر سکتی ہیں جبکہ زیادہ سے زیادہ 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے صحار سے العین تک کا سفر صرف 47 منٹ کا رہ جائے۔

    اس دوران مال بردار ٹرینیں 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔ معاہدے پر اتحاد ریل کے سی ای او شادی مالک اور اسیاد گروپ کے سی ای او عبدالرحمن سالم الحاتمی نے دستخط کیے۔

    ابو ظہبی گورنمنٹ میڈیا آفس نے بھی ایک ٹویٹ میں اعلان کیا کہ اس معاہدے کے تحت، نئی کمپنی اس اتحاد ریل منصوبے کے لیے بنیاد اور ورک پلان، بشمول اس کے مالیاتی طریقہ کار اور شیڈول بنائے گی۔

    کمپنی دونوں ممالک کے معیارات کے مطابق ریل نیٹ ورک کے ڈیزائن، ترقی اور آپریشن کو بھی سنبھالے گی جو صحار اور ابو ظہبی کو جوڑتا ہے۔

    ریلوے ٹریک کے ذریعے دونوں ممالک کو ایک دوسرے سے ساتھ جوڑ کر انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کی صنعتوں میں نئے امکانات پیدا ہوں گے۔

  • چین اور ایران کے درمیان ٹرین جلد شروع ہونے کا امکان

    چین اور ایران کے درمیان ٹرین جلد شروع ہونے کا امکان

    تہران: ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ چین اور ایران کے درمیان براہ راست ریلوے جلد شروع ہوگی، گزشتہ برس ایک مال بردار گاڑی اس راستے پر چلائی گئی تھی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ایرانی وزارت سڑک اور شہری ترقی کے تجارتی امور کے لیے مینجنگ ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ چین سے ایران تک براہ راست ریلوے شروع کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ یہ ٹرانزٹ اور ٹرانسپورٹیشن کے شعبے میں ایران کی شنگھائی تنظیم میں رکنیت کی حمایت اور تقویت کے فریم ورک میں ایک مثبت علامت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں رکنیت اقتصادی استحکام پیدا کرنے اور ملکوں کے درمیان تجارتی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے زمین ہموار کر سکتی ہے۔

    ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ جب ملکوں کے درمیان تجارت کی گنجائش بڑھے گی تو نقل و حمل اور ٹرانزٹ میں بھی اضافہ ہوگا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل چین سے تہران تک پہلی مال بردار ٹرین گزشتہ سال پہنچی تھی۔

    اس سال جب چینی صدر شی نے ایران کا دورہ کیا تو انہوں نے مشرق وسطیٰ میں طویل مدتی امن اور استحکام میں ایران کی مدد کرنے کے اپنے عزائم کے بارے میں بات کی تھی۔

    بیجنگ کا خیال ہے کہ خطے کا ریلوے نیٹ ورک علاقائی انضمام کو آگے بڑھانے میں مدد کر سکتا ہے، چین کے مغربی علاقے سے ریل گاڑیاں سابق سوویت ٹرین نیٹ ورک کے ساتھ قازقستان میں داخل ہو کر خرگوس گیٹ وے تک جاتی ہیں۔

  • متحدہ عرب امارات: میگا ریلوے پروگرام لانچ کردیا گیا

    متحدہ عرب امارات: میگا ریلوے پروگرام لانچ کردیا گیا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہری اب جلد ہی ملک بھر میں ٹرینوں کے ذریعے سفر کر سکیں گے، ٹرین سروس 11 شہروں کو آپس میں ملائے گی۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق اماراتی حکومت نے ملک بھر میں سامان اور مسافروں کی نقل و حرکت کے لیے میگا ریلوے پروگرام لانچ کردیا۔

    ریلوے پروگرام کی لانچنگ تقریب میں امارات کے وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم اور مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید النہیان نے شرکت کی۔

    حکام کے مطابق ریلوے پروگرام میں کئی اہم منصوبے شامل ہوں گے جن میں اتحاد مال بردار ریل سروس اور مسافر ٹرین سروس شامل ہے جو 11 شہروں کو آپس میں ملائے گی۔

    مسافر ٹرین 200 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرے گی جس کے بعد دبئی سے ابو ظہبی تک کا سفر 50 منٹ اور ابو ظہبی سے فجیرہ تک کا سفر 100 منٹ میں طے ہو سکے گا۔

    ان ٹرینوں پر سفر کرنے اور سامان کی ترسیل کی بکنگ کے لیے خصوصی اسمارٹ ایپلی کیشنز تیار کی جائیں گی۔

  • دمام اور ریاض کے درمیان ریلوے سروس کی اپ گریڈیشن

    دمام اور ریاض کے درمیان ریلوے سروس کی اپ گریڈیشن

    ریاض: سعودی عرب شہروں دمام اور ریاض کے درمیان ریلوے لائن ڈبل کی جائے گی جس کے بعد ٹرین سروس کی استعداد میں 60 فیصد اضافہ ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی ریلوے جنرل کارپوریشن نے کہا ہے کہ دمام اور ریاض کے درمیان ریلوے لائن ڈبل کی جائے گی جس سے کارگو اور مسافروں کو مزید سہولت حاصل ہوگی اور موجودہ استعداد کے مقابلے میں 60 فیصد کا اضافہ ہوگا۔

    ریلوے کارپوریشن کا کہنا ہے کہ اعلیٰ آئی درجے کی جدید ٹرینوں میں مزید 6 کا اضافہ کیا گیا ہے، اس کی بدولت 2 ہزار سے زائد نشستوں کا اضافہ ہوا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر 5 ہزار مسافر ٹرین سے سفر کرنے لگے ہیں۔

    حکام کے مطابق جلد ہی 4 نئی ٹرینیں ریاض دمام ریلوے لائن پر چلائی جائیں گی۔ دہری ریلوے لائن بچھانے کی صورت میں دمام ریاض ریلوے منصوبہ مکمل ہو جائے گا۔

    ریلوے کارپوریشن نے کارگو کے لیے 8 ٹرینوں کا انتظام کیا ہے، علاوہ ازیں کارگو کے لیے 220 بوگیوں کا معاہدہ بھی کر لیا گیا ہے۔

    فی الوقت ریلوے کارپوریشن کے پاس 102 ٹرینیں ہیں جن میں سے 87 فعال ہیں، مسافروں کی بوگیوں کی تعداد 75 اور کارگو بوگیوں کی تعداد 2 ہزار 596 ہے۔

  • سعودی حکام نے حرمین ایکسپریس ٹرین کی بحالی کا اعلان کردیا

    سعودی حکام نے حرمین ایکسپریس ٹرین کی بحالی کا اعلان کردیا

    ریاض: مکہ المکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان چلنے والی حرمین ایکسپریس ٹرین جسے کرونا وائرس کی وجہ سے معطل کردیا گیا تھا، ستمبر سے بحال کردی جائے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق حرمین ایکسپریس ٹرین رواں سال ستمبر میں چلائی جائے گی اور اس کی گنجائش میں اضافہ کر کے زیادہ مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

    حرمین ٹرین انتظامیہ نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان ٹرانسپورٹ کی گنجائش بڑھانے، آسان، آرام دہ اور تیز ترین سفری سہولیات کی فراہمی پر کام جاری ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جولائی اور اگست میں حرمین ایکسپریس ٹرین کی صلاحیت، گنجائش اور اس کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے موقعے سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔

    انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگست میں حرمین ٹرین کی بکنگ کا اعلان کیا جائے گا، ٹرین کے لیے مسافروں کو آن لائن بکنگ کی سہولت حاصل ہوگی۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کے بحران کے باعث جہاں ٹرانسپورٹ کے دیگر ذرائع معطل کیے گیے تھے وہاں حرمین ٹرین کو بھی معطل کردیا گیا تھا، اب اس کی بحالی ستمبر میں ہوگی۔

    ٹرین سروس سے روزانہ 5 ہزار مسافروں کو سفر کی سہولت حاصل ہوگی۔ ایک سفر میں 417 مسافر ایک اسٹیشن سے دوسرے اسٹیشن کا سفر کرسکیں گے۔

    مستقبل میں مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ اور جدہ و رابغ کے درمیان ٹرینوں کی تعداد میں اضافے کا بھی امکان ہے۔