Tag: ٹرین

  • ٹرین میں 15سالہ نابالغ لڑکی سے چھیڑ چھاڑ ملزم کو مہنگی پڑ گئی

    ٹرین میں 15سالہ نابالغ لڑکی سے چھیڑ چھاڑ ملزم کو مہنگی پڑ گئی

    ممبئی ٹرین میں سوار نابالغ 15سالہ بچی سے چھیڑ چھاڑ کرنا ایک شخص کو مہنگا پڑ گیا، مسافروں نے مذکورہ شخص کی درگت بنا کر پولیس کے حوالے کردیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ممبئی میں ایک مضافاتی ٹرین کے اندر ایک 15 سالہ لڑکی کے ساتھ مبینہ طور پر چھیڑ چھاڑ کرنے پر مسافروں نے ایک شخص کو زدو کوب کیا۔

    باندرہ ریلوے پولیس اسٹیشن کے اہلکار نے بتایا کہ یہ واقعہ ہفتہ کی رات اس وقت پیش آیا جب ٹرین مغربی لائن پر دادر اور اندھیری کے درمیان تھی، ملزم کی شناخت کامتھی پورہ کے رہائشی نور احمد (34) سالہ کے طور پر کی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق لڑکی جو اپنے والد کے ساتھ تھی، اس نے محسوس کیا کہ احمد اسے نامناسب طریقے سے چھو رہا ہے۔ اس نے اپنے والد کوبتایا، جس کے بعد مسافروں نے احمد کو زدو کوب کیا اور اسے اندھیری ریلوے اسٹیشن پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    بھارت میں بارش کے دوران ایئرپورٹ کی چھت گر گئی، ویڈیو وائرل

    پولیس کے مطابق احمد کو پٹائی کے بعد ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اسے پہلے بھی اس طرح کے جرم کے ارتکاب کے لیے گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزم منشیات کا استعمال کرتا ہے۔ جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • ٹرین میں ٹی ٹی کا مسافر پر تشدد، ویڈیو وائرل

    ٹرین میں ٹی ٹی کا مسافر پر تشدد، ویڈیو وائرل

    نئی دہلی کی ٹرین میں ٹی ٹی کی جانب سے مسافر پر کئے گئے تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ویڈیو سامنے آنے کے بعد وزیر ریلوے کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹی ٹی مسافر کو تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے، جبکہ وہاں موجود دیگر مسافر ویڈیو بنانے میں مصروف ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 18 جنوری کا ہے بریلی لکھنو ایکسپریس میں ٹی ٹی نے مسافر کے ساتھ یہ حرکت کی۔ ٹی ٹی اور مسافر کے درمیان کسی بات پر بحث ہوئی جس کے بعد ٹی ٹی نے مسافر کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

    اس سے قبل بھی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوگئی تھی، جب چلتی ٹرین میں خاتون سے موبائل فون چھین کر فرار ہونے والے چور کو مسافروں نے پکڑ کر انوکھی سزا دی اور اسے چلتی ٹرین میں باہر لٹکا دیا۔

    یہ واقعہ بھارتی ریاست بہار میں پیش آیا ہے جہاں چوری میں ناکامی پر چور نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن مسافروں نے اس کو ناکام بنا دیا اور سزا کے طور پر اسے پکڑ کر چلتی ٹرین سے باہر لٹکا دیا، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

  • ٹرین بغیر انجن خود چلتی رہی، ویڈیو دیکھنے والے سکتے میں آگئے

    ٹرین بغیر انجن خود چلتی رہی، ویڈیو دیکھنے والے سکتے میں آگئے

    کسی بھی ریل گاڑی کو چلانے کیلیے اس کے انجن کا ہونا لازمی سی بات ہے، لیکن کیا آپ نے کبھی کسی ٹرین کو خود بخود چلتے دیکھا ہے اور وہ بھی کافی دور تک۔

    جی ہاں!! سوشل میڈیا پر ایک ایسی ہی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جہاں ایک ریلوے اسٹیشن پر بغیر انجن کے کھڑی ریل گاڑی کی بوگیاں اچانک چل پڑیں۔

    ٹرین بغیر انجن کے پٹری پر چلتی ٹرین کو دیکھ کر لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا، وہاں موجود لوگوں نے ویڈیوز بنانا شروع کردیں۔

    مذکورہ واقعہ بھارت کی ریاست جھاڑکھنڈ کے علاقے صاحب گنج میں واقع برہاروا ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا۔

    واقعے کے حوالے سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق 10-15 روز قبل مال گاڑی کی دو بوگیاں لوڈنگ ریلوے ٹریک پر کھڑی تھیں۔ اسی ریلوے ٹریک پر بغیر انجن والی چار مینٹیننس کوچوں پر مشتمل ایک خصوصی کوچ بھی کھڑی تھی کہ اچانک سہ پہر تقریباً پانچ بجے مال گاڑی اچانک چلنے لگی۔

    مال گاڑی کو چلتے دیکھ کر ریلوے ٹریک کے پاس رہنے والے دیہاتیوں نے خطرے کے پیش نظر ایمرجنسی الارم بجا دیا اور کسی طرح ایک بوگی کو روکنے میں کامیاب ہوگئے۔

    اسی دوران مال گاڑی کی دوسری کوچ ریلوے ٹریک پر کھڑی مینٹیننس اسپیشل کوچ سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے مینٹیننس اسپیشل کوچ ریلوے ٹریک پر آگے اور پیچھے چلنے لگیں۔

    بغیر انجن کے چلنے والی اس اسپیشل کوچ نے راج محل روڈ کو عبور کیا اور برہدوا اسٹیشن کی طرف چلی گئی تاہم پلیٹ فارم میں داخل ہونے سے پہلے ہی بغیر انجن کے اسپیشل کوچ اور مال ٹرین رک گئی اس دوران وہاں لوگوں کا ہجوم لگ گیا۔

    خوش قسمتی سے اس وقت کوئی مسافر ٹرین کا وہاں سے گزر نہیں ہوا بصورت دیگر کوئی بڑا حادثہ رونما ہوسکتا تھا۔

    مینٹیننس اسپیشل کوچ اور مال گاڑی کا ڈبہ بغیر انجن کے پٹری پر چلنے سے بڑا حادثہ ٹل گیا، اگر اسی وقت ریلوے  لائن پر کوئی مسافر ٹرین گزرتی تو کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا تھا۔

    اس حوالے سے جب اسٹیشن منیجر نرنجن کمار بھگت سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ٹرین ڈھلان کی وجہ سے خود بخود بغیر انجن کے پٹریوں پر چلنے لگی تاہم کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

  • نوبیاہتا جوڑے نے ٹرین کے آگے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی

    نوبیاہتا جوڑے نے ٹرین کے آگے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی

    بھارت کی ریاست میں نوجوان میاں بیوی نے الگ الگ ٹرین کے سامنے کود کر خودکشی کرلی۔

    یہ واقعہ بھارت کی ریاست اندھیرا پردیش کے ضلع تاڑی پتری کے علاقے میں پیش آیا، جہاں چند ماہ قبل شادی کرنے والے جوڑے میں الگ الگ ٹرین کے سامنے کود کر خودکشی کرلی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پیر کو بیوی نے ٹرین کے سامنے آکر خودکشی کی جبکہ اس کے شوہر نے اگلے ہی دن اپنی بیوی کی طرح ہی ٹرین کے سامنے آکر خودکشی کرلی۔

    رپورٹ کے مطابق اہلخانہ کا کہنا ہے کہ 26 سالہ منجو ناتھ اور 24 سالہ رام دیوی ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے، 6 ماہ قبل خاندان کی رضامندی سے شادی ہوئی تھی۔

    لڑکی کے والدین نے مقدمہ درج کراتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ ان کی بیٹی کی موت جہیز کے لیے ہراسانی کی وجہ سے ہوئی ہے، مایوسی کے عالم میں پہلے بیٹی اور پھر بعد میں داماد نے خودکشی کی۔

  • چلتی ٹرین میں ڈکیتی کی واردات کرنے والا گرفتار

    چلتی ٹرین میں ڈکیتی کی واردات کرنے والا گرفتار

    لاہور: ریلویز پولیس رائیونڈ نے چلتی ٹرین میں مسافر کو خنجر کے زور پر لوٹنے والے ملزم کو  گرفتار کر لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی کے رہائشی امان اللہ کو ٹرین موسیٰ پاک میں پریم نگر کے قریب خنجر کے زور پر لوٹنے والے ملزم کو ریلویز پولیس رائیونڈ نے گرفتار کرلیا۔

    ریلویز پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے راولپنڈی کے رہائشی امان اللہ سے خنجر کے زور پر لوٹا تھا، ملزم نے مسافر سے 93 ہزار 500 روپے لوٹے تھے۔

    ریلویز پولیس کے مطابق مسافر اوکاڑہ سے لاہور جانے والی ٹرین موسیٰ پاک میں سفر کر رہا تھا، ملزم صدیق نے ٹرین رائیونڈ رکنے پر چھلانگ لگا کر ریلوے یارڈ کی طرف دوڑ لگا دی۔

    مسافر کے شور مچانے پر ایس ایچ او رائیونڈ رحمت علی نے ٹیم کی مدد سے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا ساتھ ہی ملزم سے مسافر کی لوٹی ہوئی رقم برآمد کرلی گئی۔

    ریلویز پولیس کا بتانا ہے کہ ملزم محمد صدیق کے خلاف تھانہ ریلویز پولیس رائیونڈ میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • روہڑی اسٹیشن کے قریب ٹرین کو حادثہ

    روہڑی اسٹیشن کے قریب ٹرین کو حادثہ

    سکھر: صوبہ سندھ میں روہڑی ریلوے اسٹیشن کے قریب شالیمار ایکسپریس کی ایک بوگی پٹری سے اتر گئی، حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق روہڑی ریلوے اسٹیشن کے قریب شالیمار ایکسپریس کی ایک بوگی پٹری سے اتر گئی۔

    ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ روہڑی اسٹیشن پر پہنچنے سے قبل آؤٹر سگنل کے قریب بوگی نمبر 5 پٹری سے اتر گئی۔

    ریلوے حکام کے مطابق بوگی اترنے کی وجہ سے اپ ٹریک بلاک ہوگیا، امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں، مین ٹریک کو جلد بحال کردیا جائے گا۔

  • اوہائیو : ریل گاڑی پٹری سے اترگئی، خوفناک آتشزدگی، ویڈیو دیکھیں

    اوہائیو : ریل گاڑی پٹری سے اترگئی، خوفناک آتشزدگی، ویڈیو دیکھیں

    اوہائیو: امریکا میں تیز رفتار ریل گاڑی کی درجنوں بوگیاں پٹری سے اترگئیں، واقعے کے بعد خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست پنسلوانیہ کے شہر اوہائیو میں ایک مال بردار ٹرین پٹری سے اترنے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگئی۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کارگو ریل گاڑی کی تقریباً50سے زائد بوگیاں پٹری سے اتریں، آگ کے شعلے اتنے شدید تھے کہ آسمان سے باتیں کرنے لگے۔

    واقعے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور جائے وقوعہ کے ایک میل کے احاطے میں موجود علاقہ میکنوں کیلئے انخلاء کی وارننگ جاری کردی۔

    رپورٹ کے مطابق بڑے پیمانے پر آگ لگنے کے بعد 5 ہزار سے زائد افراد پر مشتمل مقامی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا کام جاری ہے۔

  • سعودی عرب: خواتین حرمین ٹرین چلائیں گی

    سعودی عرب: خواتین حرمین ٹرین چلائیں گی

    ریاض: سعودی عرب میں جلد تربیت یافتہ خواتین حرمین ٹرین چلائیں گی، سعودی حکام کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ کا نظام ایسا ہے جس کا دائرہ مختلف شعبوں تک پھیلا ہوا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر برائے ٹرانسپورٹ و لاجسٹک خدمات صالح الجاسر نے کہا ہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران حرمین ایکسپریس کو تربیت یافتہ سعودی خواتین چلانے لگیں گی۔

    العربیہ نیٹ نے ریاض میں لوکل کنٹینٹ فورم سے سعودی وزیر ٹرانسپورٹ کے خطاب کی تفصیلات شائع کی ہیں۔

    سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ خواتین ایسے تمام شعبوں میں شامل ہوگئی ہیں جن میں وہ اپنی صلاحیت کے جوہر دکھانا چاہتی ہیں۔

    صالح الجاسر نے کہا کہ ہر میدان میں خواتین کی شرکت بڑے پیمانے پر بڑھتی جا رہی ہے، جلد آپ ایسے عہدوں پر خواتین کو کام کرتے ہوئے دیکھیں گے جہاں ابھی تک مردوں کی اجارہ داری تھی۔

    سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ کا نظام ایسا ہے جس کا دائرہ مختلف شعبوں تک پھیلا ہوا ہے، اس تناظر میں باصلاحیت خواتین صنعت، سیاحت، حج اور عمرے کے شعبوں میں بھی بڑے پیمانے پر کام کرتی ہوئی نظر آئیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اپنے تمام شعبوں میں لوکل کنٹینٹ کا دائرہ بڑھا رہے ہیں، سرمایہ کاری، اسامیوں کی سعودائزیشن، سامان، ٹیکنالوجی اور خدمات ہر شعبے میں لوکل کنٹینٹ کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

    صالح الجاسر کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں سعودی عرب کے مشرقی علاقے کو مغربی علاقے سے ریلوے لائن سے جوڑنے کا منصوبہ شروع کردیا جائے گا، اس حوالے سے کافی پیش رفت ہو چکی ہے۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیشنل ٹرانسپورٹ حکمت عملی کے تحت ایک ہزار اقدامات ہوں گے، ان میں سے 30 بڑے ہیں اور ان سے سعودی عرب کو پوری دنیا میں انٹرنیشنل لاجسٹک سینٹر کی حیثیت حاصل ہوجائے گی۔

  • عید کے موقع پر خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان

    عید کے موقع پر خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان

    لاہور: ہر سال کی طرح اس سال بھی عید الاضحیٰ کے موقع پر عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کردیا گیا، عید کے موقع پر 3 خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کے مو قع پر عوام کی سہولت کے لیے 3 عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ پہلی عید اسپیشل ٹرین 8 جولائی کو صبح 10 بجے کوئٹہ سے روانہ ہو کر براستہ ملتان، ساہیوال، لاہور سے ہوتی ہوئی پشاور پہنچے گی۔

    دوسری عید اسپیشل ٹرین 8 جولائی کو کراچی سے شام 6 بج کر 45 منٹ پر روانہ ہو کر براستہ ملتان، فیصل آباد، لاہور پہنچے گی۔

    تیسری عید اسپیشل ٹرین 13 جولائی کو لاہور سے صبح 11 بج کر 30 منٹ پر براستہ فیصل آباد، ملتان سے ہوتی ہوئی کراچی پہنچے گی۔

  • بھارت: رس گلوں کی وجہ سے درجنوں ٹرینیں 40 گھنٹے تاخیر کا شکار

    بھارت: رس گلوں کی وجہ سے درجنوں ٹرینیں 40 گھنٹے تاخیر کا شکار

    مٹھائی کے شوقین افراد کو رس گلا بے حد پسند ہوتا ہے، تاہم بھارت میں ان رس گلوں کی وجہ سے 40 گھنٹوں تک متعدد ٹرینیں تاخیر اور معطلی کا شکار ہوگئیں۔

    بھارتی ریاست بہار کے شہر برہیہ میں درجنوں افراد نے ریلوے ٹریکس پر دھرنا دے کر ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی۔ اس دھرنے کی وجہ سے متعدد ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوگئیں جبکہ 100 سے زائد ٹرینوں کا راستہ تبدیل کرنا پڑا۔

    دھرنا دینے والے مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ برہیہ کو ریلوے اسٹاپ قرار دیا جائے اور یہاں پر ٹرینیں روکی جائیں۔

    برہیہ اپنے لذیذ رس گلوں کی وجہ سے بے حد مشہور ہے اور اس چھوٹے سے ٹاؤن میں رس گلوں کی 200 سے زائد دکانیں موجود ہیں۔

    دھرنے پر بیٹھے مظاہرین میں بڑی تعداد رس گلے بیچنے والوں کی ہی تھی اور ان کا مطالبہ تھا کہ چونکہ کرونا وائرس کی وبا کے دوران ان کے کاروبار کو خاصا نقصان پہنچا ہے لہٰذا اب یہاں پر ٹرینیں روکی جائیں تاکہ لوگ اتر کر رس گلے خریدیں اور ان کے کاروبار کو کچھ سہارا مل سکے۔

    ریلوے حکام نے فی الحال ایک ٹرین کو برہیہ پر روکنے کی یقین دہانی کروائی ہے جبکہ اس بات کا بھی یقین دلایا ہے کہ کچھ ماہ کے اندر اس ٹاؤن کو باقاعدہ ریلوے اسٹاپ قرار دے دیا جائے گا جس کے بعد یہاں ٹرینیں رکنے لگیں گی۔

    حکام کی جانب سے یقین دہانی کروائے جانے کے بعد مظاہرین نے اپنا دھرنا ختم کردیا اور 40 گھنٹوں بعد معمول کے مطابق ٹرینوں کی آمد و رفت بحال ہوئی۔