جرمنی میں دنیا کی پہلی ہائیڈروجن ٹرین بہت جلد منظر عام پر آنے والی ہے جو ماحول دوست ہے اور کسی قسم کی گیسوں کا اخراج نہیں کرتی۔
ہائیڈروجن گیس کو بطور ایندھن استعمال کرنے والی ہائڈریل نامی یہ ٹرین رواں برس دسمبر سے فعال کردی جائے گی۔ پہلی ٹرین صرف 60 میل کا سفر کرے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر یہ تجربہ کامیابی سے ہمکنار ہوجاتا ہے تو جرمنی، فرانسیسی کمپنی کی معاونت سے ایسی مزید ٹرینوں کی تیاری پر کام کرے گا اور اس دوران ان کی صلاحیت و استعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
اسے تیار کرنے والی نجی کمپنیوں کا کہنا ہے کہ وہ ماحول دوست سفری سہولیات کے شعبے میں اس شاندار کام کے آغاز سے بے حد خوش ہیں۔
ہائڈریل نامی یہ ٹرین اسی طریقہ کار کے مطابق کام کرے گی جس سے عام ٹرینیں کام کرتی ہیں، مگر ان میں استعمال کی جانے والی ٹیکنالوجی نئی ہے۔ اس میں ایندھن کے طور پر ہائیڈروجن گیس کو استعمال کیا جائے گا جو کیمیائی صنعتوں میں بڑی مقدار میں خارج ہوتی ہے۔
ٹرین میں نصب کیا جانے والا سسٹم ہائیڈروجن اور آکسیجن کو ملا کر بجلی پیدا کرے گا اور یہی بجلی دراصل ٹرین کو چلائے گی۔
اس کا ہائیڈروجن سے بھرا ہوا ایک ٹینک 300 مسافروں کے ساتھ 500 میل تک کے سفر کے لیے کافی ہوگا۔
ماہرین کا خیال ہے کہ یہ ٹرین آلودگی پھیلانے اور ماحول کو تباہ کرنے والے ڈیزل سے چلنے والی ٹرینوں کا اختتام ثابت ہوگی۔ جرمنی میں اس وقت 4 ہزار سے زائد ٹرینیں ڈیزل پر چلائی جارہی ہیں جو ماحول کو شدید آلودہ کرنے کا سبب بن رہی ہیں۔
نئی دہلی : بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں ٹرین کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کےمطابق ایسٹ کوسٹ ریلوے کے سربراہ جے پی مشرا کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ وزیاناگرم ضلعے میں کونیرو اسٹیشن کے قریب اس وقت پیش آیا جب انجن اور سات بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
ٹرین کے پٹری سے اترنے کی وجہ یاحال واضح نہیں ہو سکی ہے۔تاہم امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
خیال رہے کہ یہ حادثہ گزشتہ رات پیش آیا جب ایک ٹرین جگدالپور سے پھونیشور کی جانب جا رہی تھی۔
لاہور: لودھراں میں اسکول کے بچوں سے بھرے دو چنگ چی رکشا اور ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہوگئی، چھ بچوں کی تدفین کردی گئی، پولیس نے ٹرین ڈرائیور اور پھاٹک کے ذمہ دار ملازم کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق لودھراں میں انتظامی غفلت اور رکشا ڈرائیور کی عجلت نے علم کے 7 متوالوں اور دو افراد کو ابدی نیند سلا دیا، لودھراں تھانہ سٹی کی حدود میں بغیر پھاٹک ریلوے کراسنگ پر اسکول کے بچوں سے بھرے 2 چنگ چی رکشا کو ہزارہ ایکسپریس نے روند ڈالا۔
ذرائع کے مطابق ٹرین کی آمد پر لوکل اور کمپیوٹرائزڈ پھاٹک بند نہ ہو سکے اور دھند کے باعث رکشا ڈرائیوروں کو بھی ٹرین کی آمد کا احساس کا نہ ہوا۔
پولیس کے مطابق رکشا پٹریوں میں پھنس گیا تھا، واقعے کے بعد ٹرین کے ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور کو سمہ سٹہ اسٹیشن پر حراست میں لے لیا گیا۔
حادثے میں دوسرے رکشا ڈرائیور سمیت 10 افراد زخمی بھی ہوئے، اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
بعد ازاں ریسکیو اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو پہلے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کیا اور بعد ازاں شدید زخمیوں کو وکٹوریا ہسپتال بہاولپور منتقل کردیا گیا۔
ہمیں کچھ نہیں چاہیے صرف ہمارے بچے لادو،مائیں پھوٹ پھوٹ کر روتی رہیں
حادثے کے بعد مائیں پھوٹ پھوٹ کر روتی رہیں، حواس کھو بیٹھیں (دیکھیں ویڈیو) اور اپنے بچوں کی واپسی کا مطالبہ کرتی رہیں، ایک ماں نے کہا مجھے کچھ نہیں چاہیے مجھے صرف میرا بچہ واپس لادو، ایک ماں نے کہا کہ انڈر پاس کیوں تعمیر نہیں ہوا؟ کسی ماں نے کہا پھاٹک کیوں کھلا ہوا تھا اور کسی ماں نے حکومت انڈر پاس تعمیر نہ ہونے پر مورد الزام ٹھہرایا۔
ماؤں کے بلک بلک کر رونے کا منظر دیکھ کر وہاں موجود افراد کے بھی آنسو نکل آئے، ورثا نے کہا کہ حکومتی شخصیت آنے تک جنازے نہیں اٹھائیں گے۔
وزیراعظم نے 14 برس قبل جلسہ عام کرکے ترقیاتی کام اور انڈر پاس کی تعمیر کا وعدہ کیا تھا۔
پاکستانی تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کا لودھران کو ڈھائی ارب روپے کا پیکیج دینے کا اعلان کہاں گیا؟والدین پوچھتے ہیں کہ لودھراں ترقیاتی پیکیج کہاں ہے۔
ایک شہری نے کہا کہ اگریہ فلائی اوور یا انڈر پاس بنا ہوا ہوتا تو یہ حادثہ نہ ہوتا، اس کا مطلب یہ ہے کہ ہماری حکومت ہی ہمارے بچوں کی قاتل ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے کی انوکھی منطق
دوسری جانب وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے لودھراں ٹرین حادثے پر نئی منطق پیش کردی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین یا امریکا نہیں، ہم اپنے وسائل کے مطابق کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک رکشا ٹرین کی زد میں آیا اور دوسرا چلتی ٹرین سے ٹکرایا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق سگنل اپ اور گیٹ کھلا تھا، ٹرین کونہیں گزرنا چاہیئے تھا، پھاٹک کھلا تھا، ٹرین ڈرئیور نے ہارن نہیں بجایا۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ 160 کلو میٹر کی رفتار سے ٹرین چلانی ہے تو لیول کراسنگ ختم کرنا ہوں گے۔
اٹک میں بھی پھاٹک کھلے ہونے پر حادثہ، ٹرک ٹرین کی زد میں آگیا
دریں اثنا جھنگ پھاٹک پر ایک گاڑی ٹرین کی زد میں آگئی جس کے باعث 3 افراد زخمی ہوگئی۔
نمائندہ اٹک محمد صدیق کے مطابق پنڈی سے ملتان جانے والی ایکسپریس جھنگ کے قریب ایک ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں گاڑی کے ڈرائیور سمیت تین افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
بیجنگ: چین نے اپنے صوبے ژی جیانگ سے برطانیہ کے دارالحکومت لندن تک پہلی مال بردار ٹرین سروس کا آغاز کردیا۔ ٹرین براستہ قازقستان، روس، بیلا روس، پولینڈ، جرمنی، بیلجیئم اور فرانس سے لندن جائے گی۔
چینی اخبار کے مطابق 12 ہزار کلومیٹر کا سفر طے کر کے یہ ٹرین 18 دن میں اپنا سفر طے کرے گی۔ اس سروس کے تحت پہلی ٹرین 1 جنوری کو اپنے سفر کا آغاز کر چکی ہے جو 18 جنوری کو اپنی منزل پر پہنچ جائے گی۔
اس سروس کے آغاز کے بعد برطانیہ یورپ کا وہ آٹھواں ملک بن گیا ہے جہاں چین کی مال بردار ٹرین سروس فعال ہوگئی ہے۔ لندن جانے والی خصوصی مال بردار ٹرین یہاں سے گھریلو استعمال کی اشیا سمیت گارمنٹس، بیگز، سوٹ کیسز اور دیگر مصنوعات لے کر جائے گی۔
چینی ریلوے انتظامیہ کے مطابق چین سے برطانیہ تک یہ ٹرین سروس دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو بہتر کرے گی۔ یہ سروس صدر شی چن پنگ کی پالیسی ’ایک خطہ ایک روڈ‘ کے تحت شروع کی گئی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایک ہی ٹرین اتنا لمبا سفر طے نہیں کرسکتی لہٰذا مختلف مقامات پر ٹرین پر رکھے کنٹینرز کو دوسری ٹرین میں منتقل کیا جائے گا۔
تہران: ایران کے شمالی علاقے میں دو مسافر ٹرینوں میں تصادم کے نتیجے میں 44 افراد ہلاک جبکہ100سےزائدافراد زخمی ہوئے۔
تفصیلات کےمطابق صوبہ استان سمنان کے ریلوے اسٹیشن پر کھڑی انٹرسٹی ایکسپریس ٹرین سے پیچھے سے آنے والی ٹرین ٹکرا گئی۔
ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق حادثہ تہران اور مشہد کے درمیان مرکزی ریلوے ٹریک پر پیش آیا،حادثے کےبعد ٹرینوں میں آگ لگ گئی۔
تبریز سے مشہد جانے والی ٹرین خرابی کے باعث اسٹیشن پر رکی ہوئی تھی،جب سمنان سے مشہد جانے والی ٹرین اس سے ٹکرا گئی۔
صوبائی گورنر محمد رضا نے ہفت خان ریلوے اسٹیشن کے نزدیک ٹرینوں کے تصادم میں کی تصدیق کرتے بتایا کہ 44 افراد ہلاک افراد کی لاشوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا جا چکا ہے۔
واضح رہےکہ سمنان میں ریڈ کریسنٹ کے ڈائریکٹر حسن شکوراللہ کی جانب سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔حادثے میں امدادی سرگرمیوں کےدوران ہیلی کاپٹرز کی مدد بھی لی گئی۔
نئی دہلی : بھارت کی ریاست کانپور میں مسافر ٹرین حادثے کے نتیجے میں کم از کم 142 افراد ہلاک جبکہ 150 سے زائد افراد زخمی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کےشہر کانپور میں پوکھراین کے نزدیک یہ حادثہ پیش آیا،جب اندور پٹنہ ایکسپریس کی 14 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 142کی قریب ہے تاہم حکام نے اس کی تصدیق نہیں کی۔
شمالی وسطی ریلوے کے ترجمان وجے کمار کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز اور سینئر ریلوے حکام حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر ۔۔پہنچےاورریسیکوآپریشن میں حصہ لیا۔
ترجمان ریلوے وجے کمار کے مطابق ٹرین حادثے میں ایس ٹو کوچ کو شدید نقصان پہنچا ہےاور سب سے زیادہ ہلاکتیں بھی اسی کوچ نمبر سے ریکارڈ ہوئی ہیں۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹرین حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ہمدردیاں ہلاک والے مسافروں کےخاندان کے ساتھ ہیں۔
Anguished beyond words on the loss of lives due to the derailing of the Patna-Indore express. My thoughts are with the bereaved families.
بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پٹنا اندور ایکسپریس کانپور کے قریب پٹڑی سے اتری جبکہ امدادی سرگرمیوں کی نگرانی نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کررہی ہے۔
I have spoken to DG NDRF and instructed him to rush NDRF teams to Pukhrayan. He is also leaving for Pukhrayan to oversee the rescue ops.
وزیر ریلوے سریش پربو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کہا ہے کہ انکوائری ٹیم حادثے کی تحقیقات کرے گی اور ٹرین حادثے میں متاثرین کو ہرطرح سے مدد فراہم کریں گے۔
Enquiry team will start investigation for cause of accident immediately All necessary assistance provided to the affected,We r taking care
آپ جب روزانہ اپنے گھر سے دفتر یا اسکول جانے کے لیے ایک مخصوص راستے پر سفر کرتے ہیں تو سفر کے دوران کئی چہرے آپ کے جانے پہچانے بن جاتے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جو آپ کے ہم سفر ہوتے ہیں اور تقریباً روز آپ سے ٹکراتے ہیں۔
لیکن جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں لوگ اپنے زیر زمین ٹرین کے سفر کے دوران ایک بلی کو بھی دیکھنے کے عادی ہیں جو تقریباً روز ان کی ہم سفر ہوتی ہے۔
یہ تقریباً 3 سال پرانی بات ہے جب ٹوکیو کے سیبو ایکبکورو سب وے میں لوگوں نے ہفتے میں کئی روز اس بلی کو دیکھا۔ ایک مخصوص اسٹاپ سے سوار ہونے والی یہ بلی ہر بار ایک ہی جگہ اترتی ہے۔
بعض افراد نے دعویٰ کیا ہے کہ شام میں واپسی کے سفر میں بھی انہوں نے کئی بار اس بلی کو دیکھا جس سے یوں لگتا ہے کہ دن بھر کام کرنے کے بعد بلی بھی تھکی ہاری اپنے گھر جارہی ہے۔
متعدد افراد نے اس بلی کی تصاویر کھینچ کر اپنے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر اور فیس بک پر پوسٹ کیں جس کے بعد دیگر کئی افراد نے بھی اس بلی کے سفر کی تصدیق کی۔
اس بلی کو دیکھنے والے افراد کا کہنا ہے کہ یہ بلی سفر کے آداب سے بھی واقف لگتی ہے۔ روز ٹرین میں داخل ہو کر وہ ایک کونے کی سیٹ پر چڑھ کر بیٹھ جاتی ہے جو اس کی مخصوص سیٹ بن چکی ہے۔
کئی بار وہ راستے میں اونگھتی ہوئی بھی پائی گئی لیکن اس کے بیٹھنے یا سونے سے کبھی کسی کو کوئی زحمت نہیں پہنچی۔
یاؤنڈے: افریقی ملک کیمرون میں ٹرین حادثے کےنتیجےمیں70 افراد ہلاک جبکہ 575افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کےمطابق کمیرون میں دارالحکومت کے قریب مسافر ٹرین کی آٹھ سے زائدبوگیاں پٹری سےاترنےکےبعدالٹ گئیں جس کے نتیجے میں 70افراد جان کی بازی ہارگئے۔
عام طور پر اس مسافر ریل گاڑی سے 600 افراد سفر کرتے ہیں لیکن اضافی مسافروں کے باعث اس میں زیادہ بوگیاں لگانے سے 1300 افراد سوار تھے۔
خیال رہے کہ افریقی ملک کیمرون کے دو بڑے شہروں کے درمیان چلنے والی ٹرین میں گنجائش سے ذیادہ مسافروں اور موسلادھار بارش کی وجہ سے ٹرین دارالحکومت یاؤنڈے سے 2 گھنٹے کی مسافت پر موجود شہر ایسکا میں پٹڑی سے اتر گئی۔
وزیرٹرانسپورٹ ایدگارڈ ایلان میبی نےریل گاڑی حادثےمیں70 افرادکےہلاک اور575سےزائد کےزخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کابھی خدشہ ظاہرکیاہے۔
دوسری جانب کیمرون کے صدر پائول بیا نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔
واضح رہےکہ گزشتہ ہفتے امریکی ریاست نیو جرسی میں مسافر ٹرین ہوبوکن اسٹیشن کی عمارت میں گھس گئی تھی اور اس حادثے میں کم از کم 3افرادہلاک اور100سے زیادہ افراد زخمی ہو گئےتھے۔
ہوبوکن: امریکی ریاست نیو جرسی میں مسافر ٹرین ہوبوکن اسٹیشن کی عمارت میں گھس گئی اور اس حادثے میں کم از کم 3افرادہلاک اور100سے زیادہ افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کےمطابق امریکی ریاست نیوجرسی میں گزشتہ روز مسافر ٹرین ہوبوکن اسٹیشن میں رکنے میں ناکام ہوئی اور عمارت سے ٹکرائی جس سے عمارت کوبھی نقصان پہنچا۔
حادثے کے بعد تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹرین کے ڈبوں کو اور اسٹیشن کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ عمارت کی چھت کا ایک حصہ بھی ٹوٹ چکا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ارنسٹ نے کہاہے کہ نیوجرسی میں ہونے والے ٹرین حادثےمیں دہشت گردی کے شواہد کاعلم نہیں ہے۔
جوش ارنسٹ کا کہناتھا کہ نیوجرسی ٹرین حادثے کے بارے میں نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ معاملےکاجائزہ لےرہاہے۔اس وقت دہشت گردی کاامکان مستردکرناقبل ازوقت ہوگا۔
نیوجرسی اسٹیشن کے ترجمان جنیفر نیلسن کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس 100 سے زائد زخمی ہیں اور ان میں سے زیادہ تر کو شدید زخم آئے ہیں۔
نیلسن کا کہنا تھا کہ حادثہ صبح 9 بجے کے قریب پیش آیا اور اس وقت ٹرین میں 250 کے قریب افراد سوار تھے۔امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مسافروں کا کہنا تھا کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
ملتان: ملتان میں بچھ ریلوے اسٹیشن پر مسافر ٹرین مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں 5 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ حادثے کا شکار ٹرین پشاور سے کراچی جارہی تھی۔
تفصیلات کے مطابق پشاور سے چلنے والی عوام ایکسپریس رات گئے ملتان کے قریب بچھ ریلوے اسٹیشن پر مین لائن پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے باعث مسافر ٹرین کا انجن مال گاڑی پر چڑھ گیا۔ عوام ایکسپریس کی مسافروں سے بھری 4 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ مال گاڑی کے ڈبے بھی ٹریک سے نیچے اترے۔
حادثے کے بعد اندھیرے کی وجہ سے امدادی کام تاخیر کا شکار ہوگیا جس کے باعث سینکڑوں مسافر بوگیوں میں پھنس گئے۔ حادثے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے بوگیاں کاٹ کر زخمیوں کو باہر نکالا اور نشتر اسپتال منتقل کیا۔ پاک فوج کے افسران اور اہلکار بھی امدادی سرگرمیوں میں معاونت کے لیے بھی بچھ ریلوے اسٹیشن پر پہنچ گئے۔
ڈی سی اوملتان کے مطابق مال گاڑی کو خلاف شیڈول روکنا حادثے کی وجہ بنا جبکہ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ مسافر ٹرین کے ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔
حادثے کے بعد ملتان کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ نشتر اسپتال انتظامیہ نے زخمی اور جاں بحق افراد کی لسٹ جاری کرتے ہوئے عوام سے خون کے عطیات کی اپیل کی۔
دوسری جانب ریلوے اسٹیشن پر ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ ٹریک کی بحالی کا کام جاری ہے۔ حکام کے مطابق ٹریک کو 6 سے 8 گھنٹے میں آمد و روفت کے لیے بحال کردیا جائے گا۔
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے واقعے پر رنج کا اظہار کرتے ہوئے 72 گھنٹوں کے اندر تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے اور میتیں منتقل کرنے کے انتظامات کی ہدایت کردی۔
انہوں نے حادثے کے ذمہ داران کا تعین کرنے کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دے دی جس کا سربراہ فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر ریلوے محمد ارشد کو مقرر کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف نے بھی ملتان ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہمکرنے کی ہدایت کی۔