Tag: ٹریڈ

  • ’’تاجر برادری بجٹ میں کٹوتی پر فوج کو سلام پیش کرتی ہے‘‘

    ’’تاجر برادری بجٹ میں کٹوتی پر فوج کو سلام پیش کرتی ہے‘‘

    اسلام آباد: تاجر رہنما شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ فوج نے سنگین چیلنجز کے باوجود اپنے بجٹ میں زبردست کٹوتی کی ہے جس پر ملک بھر کی تاجر برادری انھیں سلام پیش کرتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے محافظوں کی خدمات پر فخر ہے اور ان کی قربانیوں کی وجہ سے ساری قوم ان کی قرض دار ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دوست ملک چین کو چائیے کہ پاکستان کی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے ہماری حکومت کو دئیے گئے قرضے اور فوجی ساز و سامان کی ادائیگیوں کو موخر کر نے کا اعلان کرے۔

    اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے مزید کہا کہ فوج درجنوں ممالک کی سازشوں کا مقابلہ کر رہی ہے، جس میں سے صرف ایک پڑوسی ملک اپنی فوج پر پاکستان سے سات گنا زیادہ خرچہ کر رہا ہے مگر پاک فوج کم وسائل کے باوجود اسکی ساری سازشوں کو کامیابی سے ناکام بنا رہی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ معیشت کمزور ہو تو فوج بھی کمزور ہو جاتی ہے، امید ہے ملک کے معاشی حالات جلد بہتر ہوں گے۔

  • مالی سال 2018-19ء کے ابتدائی سات ماہ، تجارتی خسارہ ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا

    مالی سال 2018-19ء کے ابتدائی سات ماہ، تجارتی خسارہ ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا

    اسلام آباد: مالی سال 2018-19ء کے ابتدائی سات ماہ ( جولائی تا جنوری 2018-19ء ) کے دوران برآمدات اور درآمدات پر کنٹرول کے نتیجے میں تجارتی خسارہ 19.26 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2018-19ء کے ابتدائی سات ماہ ( جولائی تا جنوری 2018-19ء ) کے دوران 13 ارب 23کروڑ ڈالر کی برآمدات کی گئیں، جو گزشتہ مالی سال 2017-18 ء کے ابتدائی سات ماہ ( جولائی تا جنوری 2017-18ء ) کی 12 ارب 94کروڑ ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں 29کروڑ ڈالر زیادہ رہیں۔

    اس طرح گذشتہ سال کے مقابلے میں برآمدات میں 2.24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، دوسری جانب ملکی درآمدات مالی سال 2018-19ء کے ابتدائی سات ماہ ( جولائی تا جنوری 2018-19ء ) کے دوران 34 ارب 26کروڑ ڈالر رہیں، جو گذشتہ مالی سال 2017-18 ء کے ابتدائی سات ماہ ( جولائی تا جنوری 2017-18ء ) کی 34 ارب 26 کروڑ ڈالر کی درآمدات کے مقابلے میں ایک ارب 77کروڑ ڈالر کم رہیں۔

    مالی سال 2019 کے 7 ماہ میں ترسیلات زر 12 ارب ڈالرز سے تجاوز کرگئی

    اس طرح درآمدات میں 5.17 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ مالی سا ل 2017-18 ء کے ابتدائی سات ماہ ( جولائی تا جنوری 2017-18ء ) کے دوران تجارتی خسارہ 21 ارب 32کروڑ ڈالر تھا، جو مالی سال 2018-19 ء کے ابتدائی سات ماہ ( جولائی تا جنوری 2018-19ء ) کے 19 ارب 26کروڑ ڈالر کے تجارتی خسارے کے مقابلے میں 2 ارب 6 کروڑ ڈالر کم رہا، اس طرح تجارتی خسارے میں 9.66 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔