بھارتی ضلع عادل آباد میں ٹماٹر سے بھرا ٹرک حادثے کا شکار ہوگیا، سڑک پر بکھرے ٹماٹروں کی حفاظت کے لیے پولیس کو سیکیورٹی کا انتظام کرنا پڑا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عادل آباد میں پولیس کو ٹماٹر کے ٹرک کے لیے اس وقت سیکیورٹی فراہم کرنا پڑی جب وہ ایک حادثے کا شکار ہوگیا تاکہ سڑک پر بکھرنے والے ٹماٹروں کو چوری سے بچایا جاسکے۔
ریاست تلنگانہ میں قومی شاہراہ پر عادل آباد کے مضافات میں ہفتے کو ٹرک الٹنے کا واقعہ پیش آیا، ڈرائیور کے مطابق ٹرک میں 18 ٹن ٹماٹر موجود تھے جنھیں 638 کریٹوں میں سجا کر لے جایا جارہا تھا، بھارتی روپے میں ان کی قیمت 22 لاکھ روپے کے قریب بنتی ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت دہلی میں ٹماٹر 150 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں، بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر دہلی کے تاجر جنوبی ہندوستان سے ٹماٹر درآمد کر رہے ہیں۔
یہ حادثہ بھی اس وقت پیش آیا جب ٹرک ٹماٹروں کو کرناٹک کے کولار سے نئی دہلی لے کر جارہا تھا، پولیس کے مطابق سیکیورٹی اس لیے فراہم کی گئی تھی کہ لوگ مہنگے ٹماٹر چوری کرکے نہ لے جا سکیں۔