Tag: ٹماٹر

  • کیا آپ اس تصویر میں سیب ڈھونڈ سکتے ہیں؟

    کیا آپ اس تصویر میں سیب ڈھونڈ سکتے ہیں؟

    مختلف تصاویر میں چھپی ہوئی اشیا ڈھونڈنا دماغ کے لیے مشق ہے جو دلچسپ اور پریشان کن دونوں ہوسکتی ہے، تاہم پھر بھی لوگ ایسی تصاویر اور پہیلیوں میں دماغ لڑانا پسند کرتے ہیں۔

    زیر نظر تصویر بھی ایسی ہی ہے جس میں بے شمار ٹماٹر دکھائی دے رہے ہیں۔

    انسٹاگرام پر ایک آرٹسٹ نے اپنی بنائی ہوئی یہ تصویر شیئر کی، ساتھ ہی اپنے فالوورز کو چیلنج دیا کہ اس تصویر میں 3 سیب بھی موجود ہیں، کیا وہ انہیں تلاش کرسکتے ہیں؟

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Gergely Dudás (@thedudolf)

    اس تصویر کو ہزاروں افراد نے لائیک کیا جبکہ متعدد نے سیب ڈھونڈنے کی کوشش بھی کی۔

    کچھ فالوورز نے لکھا کہ بالآخر وہ سیب ڈھونڈنے میں کامیاب رہے اور اس چکر میں ان کی آنکھیں دکھنے لگیں۔

    کیا آپ نے تینوں سیب تلاش کرلیے؟

  • نئی قسم کے ٹماٹر کا کامیاب تجربہ، کب دستیاب ہوں گے؟

    نئی قسم کے ٹماٹر کا کامیاب تجربہ، کب دستیاب ہوں گے؟

    برطانوی سائنس دان ایک اہم تجربہ کر کے ٹماٹر میں کافی مقدار میں وٹامن ڈی شامل کرنے میں کامیاب ہو گئے، یہ کارنامہ انھوں نے ٹماٹر کی جین ایڈیٹنگ کر کے انجام دیا ہے۔

    طبی جریدے نیچر میں شائع شدہ برطانوی ماہرین کے تحقیقی مقالے میں کہا گیا ہے کہ کرسپر کاس 9 جین ایڈیٹنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹماٹروں کی ساخت تبدیل کر دی گئی، اب ممکنہ طور پر ٹماٹروں کو وٹامن ڈی حاصل کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکے گا۔

    کرسپر کاس 9 جین ایڈیٹنگ ٹیکنالوجی کے تحت ماہرین نے ٹماٹروں کے پتوں میں موجود پرو وٹامن ڈی تھری کو کولیسٹرول میں تبدیل کرنے والے بیکٹیریاز کو بلاک کیا، جس کے بعد پودا ٹماٹروں میں وٹامن ڈی تھری کو منتقل کرنے لگا۔

    سائنس دانوں نے بتایا کہ اگر پودے کے پتے پرو وٹامن ڈی تھری کو کولیسٹرول میں تبدیل کرنے کی بجائے وٹامن ڈی تھری کی صورت میں پکے ہوئے ٹماٹروں میں منتقل کرتے ہیں، تو ایک ٹماٹر میں 28 گرام مچھلی یا پھر 2 انڈوں کے برابر وٹامن ڈی آ جائے گی۔

    وٹامن ڈی کی کمی سے کیا ہوتا ہے؟

    وٹامن ڈی کی کمی جہاں ہڈیوں میں درد، مسلز کے سکڑنے، جوڑوں کے مسائل اور دانتوں میں تکلیف کا سبب بنتی ہے، وہیں اس کا تعلق بانجھ پن سمیت کینسر کے امکانات سے بھی جوڑا گیا ہے۔

    دنیا بھر میں کروڑوں لوگ وٹامن ڈی کی کمی کا شکار ہیں اور لوگ اس سے بچنے کے لیے فوڈ سپلیمنٹس اور دوائیاں لیتے رہتے ہیں۔

    نئے ٹماٹروں کی پیداوار

    اس کامیاب تجربے کے بعد اب برطانوی حکومت زرعی پیداوار کے قوانین میں تبدیلیاں کر کے نئے ٹماٹروں کی پیداوار کی منظوری دے گی اور دیکھا جائے گا کہ ٹماٹروں میں وٹامن ڈی تھری منتقل ہوتی ہے یا نہیں۔

    خیال رہے کہ عام طور پر دنیا بھر میں وٹامن ڈی تھری کو سورج کی روشنی یا شعاعوں سے حاصل کیا جاتا ہے اور سورج کی روشنی سے ہی ٹماٹروں کے پتے وٹامن ڈی تھری حاصل کرتے رہتے ہیں مگر جب پودے میں ٹماٹر تیار ہو جاتے ہیں تو وٹامن ڈی تھری کولیسٹرول یا دیگر بیکٹیریاز میں تبدیل ہو جاتی ہے۔

    مگر اب سائنس دانوں نے ٹماٹر کے پتوں میں جین ایڈیٹنگ کر کے وٹامن ڈی تھری کو اپنی صورت میں ہی ٹماٹر میں موجود رہنے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

    کہا جا رہا ہے کہ اگر کاشت کے دوران ٹماٹروں میں وٹامن ڈی تھری پائی گئی تو یہ میڈیکل کی تاریخ کا سب سے انوکھا تجربہ ہوگا اور لوگ ٹماٹروں کو دوائی کے طور پر بھی استعمال کرنے لگیں گے۔

  • کیا ٹماٹر کا جوس کولیسٹرول کم کر سکتا ہے؟

    کیا ٹماٹر کا جوس کولیسٹرول کم کر سکتا ہے؟

    کچھ لوگ ٹماٹر کا جوس شوق سے پیتے ہیں، آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ اس سے نہ صرف گھبراہٹ اور بے چینی کا علاج ہو سکتا ہے بلکہ یہ کولیسٹرول کو بھی کنٹرول کر سکتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر درست طریقے سے ٹماٹر کا جوس استعمال کیا جائے تو اس سے آپ کے جسم میں کولیسٹرول میں کمی ممکن ہے، یعنی ٹماٹر کا جوس چند ماہ میں آپ کی اضافی چربی کو ختم کر سکتا ہے۔

    ایسا کیسے ممکن ہے؟ دراصل ٹماٹر کے جوس میں مختلف قسم کے ایسڈز پائے جاتے ہیں جو آپ کے بڑھے ہوئے کولیسٹرول کو کم کرنے کے لیے مثبت کردار ادا کرتے ہیں۔

    ٹماٹر میں قدرتی طور پر وٹامن اے، سی، ای، فولاد، نمکیات، اینٹی آکسیڈنٹ، لائیکوپین، فولیٹ، پوٹاشیئم، فائبر، کاربس، وٹامن بی 9، بیٹا کیروٹن، کلوروجینک ایسڈ، گاما امینو بیوٹیرونک ایسڈ، فلاوینوائڈ جیسے اہم مرکبات اور اجزا پائے جاتے ہیں۔

    نیوٹریشن جنرل میں شائع ہونے والی ٹوکیو میڈیکل یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق ٹماٹر کا استعمال آپ کو اس وقت فائدہ دے گا جب آپ اس کے استعمال کا صحیح طریقہ اپنائیں گے، یعنی ایک محدود مقدار میں اس کا استعمال کریں گے، کیوں کہ اگر اس کا وقت بے وقت استعمال کیا جائے، تو یہ آپ کی صحت کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن سکتا ہے۔

    ٹماٹر کے ایک گلاس جوس کے فوائد کے بارے میں جاپانی ماہرین یہ بھی کہتے ہیں کہ اس میں مختلف ایسے نامیاتی مرکبات شامل ہوتے ہیں جو آرام کش ہوتے ہیں، یعنی جن کے استعمال سے جسم میں سکون اور آرام کے ہارمونز کو طاقت ملتی ہے اور وہ بہتر طور پر کام کرنے لگتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ٹماٹر گھبراہٹ اور بے چینی کو دور کرنے میں مفید ہے۔

    ٹماٹر کا جوس کب پیئں؟

    ناشتے کے بعد آپ روز ایک گلاس ٹماٹر کا جوس پیئں تو اس سے جلد ہی کولیسٹرول کم ہو جائے گا، اور اس کے علاوہ آپ کی بے چینی و اضطراب میں بھی کمی ہوگی اور ذہنی و جسمانی سکون میسر ہوگا۔

  • ایک تنے پر سینکڑوں ٹماٹر اگانے کا عالمی ریکارڈ

    ایک تنے پر سینکڑوں ٹماٹر اگانے کا عالمی ریکارڈ

    باغبانی کے شوقین افراد نئے نئے تجربات کرتے رہتے ہیں، ایسے ہی ایک شخص نے ایک تنے پر سینکڑوں ٹماٹر اگانے کا عالمی ریکارڈ بنا لیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے ہرٹ فورڈ شائر سے تعلق رکھنے والے باغبان نے ایک ہی تنے پر سینکڑوں ٹماٹر اگانے کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا ہے۔

    ڈگلس اسمتھ نامی انگلش باغبان سابق ​​ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہو گئے ہیں جو کہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے کسی کے لیے بھی توڑنا ایک امتحان بن چکا تھا۔

    اسمتھ کا کہنا ہے کہ انہوں نے پچھلے سال اپنے گرین ہاؤس میں ایک پودے پر 839 ٹماٹر اگائے تھے جبکہ اب وہ اپنے پودے کے ایک ہی تنے پر 12 سو 69 ٹماٹر اگا کر ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

    اسمتھ کے مطابق انہیں یہ ریکارڈ بنانے میں کئی برس لگے ہیں۔

  • وزارت تجارت پیاز ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دے: سندھ حکومت

    وزارت تجارت پیاز ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دے: سندھ حکومت

    کراچی: سندھ حکومت نے ٹماٹر کی درآمد پر پابندی اور پیاز کی برآمد کے اقدامات کے لیے وفاق کو خط لکھ دیا، صوبائی وزیر زراعت کا کہنا ہے کہ ٹماٹر درآمد اور پیاز برآمد نہ ہونے سے قیمتوں میں کمی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیر زراعت اسماعیل راہو نے وفاق کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ پیاز اور ٹماٹر کی فصلوں کی پیداوار میں سندھ پہلے نمبر پر ہے، صوبے بھر میں پیاز اور ٹماٹر کی فصلوں کی کٹائی شروع ہوگئی۔

    وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ سندھ میں اس سال پیاز اور ٹماٹر کی بہت اچھی پیداوار متوقع ہے، ٹماٹر درآمد اور پیاز برآمد نہ ہونے سے قیمتوں میں کمی ہوئی۔ کسان اپنی پیداوار کی مناسب قیمت وصول نہیں کر رہے ہیں۔ کسان ٹماٹر درآمد پر پابندی کے لیے سندھ میں احتجاج بھی کر چکے ہیں۔

    انہوں نے لکھا کہ گزشتہ سال 20-2019 میں 57 ہزار 900 ہیکٹر رقبے پر پیاز کی کاشت ہوئی تھی اور 7 لاکھ 82 ہزار 140 میٹرک ٹن پیاز کی پیداوار ہوئی، رواں سال 21-2020 میں سندھ میں 58 ہزار 200 ہیکٹر پر پیاز کی فصل کاشت کی گئی۔

    اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال 20-2019 کے دوران 22 ہزار 542 ہیکٹر پر ٹماٹر کی کاشت کی گئی اور 1 لاکھ 64 ہزار 658 میٹرک ٹن ٹماٹر پیدا ہوا۔ رواں سال 2020-21 ٹماٹر کی فصل 30 ہزار ہیکٹر پر کاشت کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی ناقص پالیسی سے کسانوں کو فصل کی لاگت نہیں مل رہی، ٹماٹر کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

    وزیر زراعت کا مزید کہنا تھا کہ وزارت تجارت اور فوڈ سیکیورٹی پیاز ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دے۔

  • ایک روپے کلو ٹماٹر، کاشت کاروں نے سیکڑوں ٹن سڑک پر پھینک دیے

    ایک روپے کلو ٹماٹر، کاشت کاروں نے سیکڑوں ٹن سڑک پر پھینک دیے

    نئی دہلی: کرونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے دوران ٹماٹر کی قیمت گرنے کے باعث کاشت کاروں نے سیکڑوں ٹن ٹماٹر سڑک پر پھینک دیے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت میں ملک گیر سطح پر جاری لاک ڈاؤن سے جہاں زندگی کا ہر شعبہ متاثر ہوا ہے وہیں ٹماٹروں کی کاشت کرنے والے کسان بھی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔

    لاک ڈاؤن کی صورت حال میں صرف چند ہی ہفتوں کے دوران ٹماٹر کی فصل کے نرخ تیزی سے نیچے گر گئے ہیں، جس کی وجہ سے ٹماٹر اب کوئی کوڑیوں کے دام بھی لینے کو تیار نہیں۔

    اترپردیش انڈیا کے شہر غازی پور کی منڈی میں ٹماٹروں کا کوئی خریدار نہیں رہا، منڈی میں ایک روپے کلو ٹماٹر فروخت ہوئے، جس کے باعث کاشت کاروں نے سیکڑوں ٹن ٹماٹر سڑک پر پھینک دیے۔

    سرحدوں کی بندش سے تجارتی معطلی کے باعث کاشت کار خسارے کا سودا کرنے پر مجبور ہو گئے، بتایا گیا ہے کہ کاشت کاروں کا کوئی پرسان حال نہیں، وہ اپنی فصلوں کو برباد کرنے پر مجبور ہیں، حکومت کی جانب سے کاروبار بچانے کے لیے تاحال کوئی اسکیم نہیں بنائی گئی۔

    دوسری طرف موجودہ صورت حال میں کاشت کار مایوسی کا شکار ہو گئے ہیں، ٹماٹر کی فصل مٹی میں ملانے کے علاوہ آیندہ سیزن کی دیگر فصلوں کا مستقبل بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔

  • سبزی کی قیمتوں پر بھارتی وزیر خزانہ کا مضحکہ خیز بیان

    سبزی کی قیمتوں پر بھارتی وزیر خزانہ کا مضحکہ خیز بیان

    نئی دلی: بھارتی وزیر خزانہ نرملا سیتارامن کا لوک سبھا میں سبزی کی قیمتوں پر دیا گیا مضحکہ خیز بیان کا سوشل میڈیا صارفین خوب مذاق اڑا رہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لوک سبھا کےا جلاس میں اراکین نے پیاز کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر وزیرخزانہ سے جواب مانگا تو نرملا سیتارامن نے کہا کہ وہ پیاز اور لہسن زیادہ نہیں کھاتیں، میرا تعلق اس خاندان سے ہےجہاں پیاز زیادہ نہیں کھائے جاتے۔

    وزیر خزانہ کے اس بیان پر اراکین نے تبصرے شروع کردیے اور بعض ارکان نے پیاز کے حوالے سے انہیں مشورے بھی دیے۔

    سوشل میڈیا پر بھارتی وزیرخزانہ کا بیان خوب وائرل ہواور صارفین نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئےاپنے اپنے انداز میں مذاق اڑایا۔

    https://twitter.com/arrya19661275/status/1202511076828467200

    https://twitter.com/PankajG026/status/1202459904268619776

  • ایران سے ٹماٹر کے مزید 50 کنٹینر کوئٹہ پہنچ گئے

    ایران سے ٹماٹر کے مزید 50 کنٹینر کوئٹہ پہنچ گئے

    کوئٹہ: ایران سے ٹماٹر کے مزید 50 کنٹینر کوئٹہ پہنچ گئے، تاہم شہر میں ٹماٹر کی قیمت میں استحکام نہیں آ سکا۔

    تفصیلات کے مطابق میں ملک میں ٹماٹر کے اچانک بحران کے بعد ایران سے ٹماٹر درآمد کیے جا رہے ہیں، جس کا سلسلہ جاری ہے، ایران سے مزید 50 کنٹینر کوئٹہ پہنچ گئے لیکن بتایا جا رہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں ٹماٹر کی قیمت میں استحکام نہ آ سکا۔

    ہزار گنجی سبزی مارکیٹ میں ٹماٹر فی کلو 90 سے 110 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، لیکن شہر میں ٹماٹر کی قیمت بدستور 150 سے 180 روپے فی کلو برقرار ہے۔

    یاد رہے کہ جمعرات کو کراچی سبزی منڈی میں ایران سے درآمد ٹماٹر کے مزید 12 کنٹینرز پہنچ گئے تھے، جس کے بعد قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی، سبزی منڈی ہول سیل مارکیٹ میں درجہ اول ٹماٹر 120 روپے کلو ہو گیا تھا، درجہ دوم 110 روپے کمی کے بعد 90 روپے کلو ہوا تھا، جب کہ ریٹیل مارکیٹ میں ٹماٹر 200 روپے کلو کی سطح پر آیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  سبزی منڈی میں ایرانی ٹماٹر کی آمد، قیمتوں میں نمایاں کمی

    واضح رہے کہ ایران سے مزید ٹماٹر درآمد کرنے کے سودے بھی طے پا گئے تھے، اس سلسلے میں مزید امپورٹ پرمٹ جاری کیے جا چکے ہیں، درآمد کنندگان نے 15 ہزار 500 ٹن ٹماٹر درآمد کے اجازت نامے حاصل کیے۔

    دو دن قبل فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ ایران سے 1276 ٹن ٹماٹر پہنچ چکا ہے۔

  • عوام کیلئے خوش خبری، ایران سے مزید ٹماٹر درآمد کیے جائیں گے

    عوام کیلئے خوش خبری، ایران سے مزید ٹماٹر درآمد کیے جائیں گے

    کراچی: مہنگے ٹماٹر خریدنے پر مجبور عوام کے لیے پھر سے خوش خبری سامنے آگئی، ایران سے ٹماٹر کی مزید درآمدگی کا سودہ طے پاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایران سے 15 ہزار 5 سوٹن ٹماٹر پاکستان درآمد کیے جائیں گے، انتظامیہ نے درآمد کے لیے پرمٹ جاری کردیا، 12 سو 76 ٹن ٹماٹر کی کھیپ پاکستان پہنچ چکی ہے۔

    گزشتہ روز ایران کے ٹماٹر سے لدے 13 کنٹینر کراچی کی سبزی منڈی پہنچے جس کے بعد سبزی منڈی میں ٹماٹر کی قیمت میں سو روپے فی کلو کی نمایاں کمی ہوئی ہے۔

    سبزی منڈی میں ٹماٹر کی ہول سیل قیمت 180 روپے تک آگئی، دو روز قبل ٹماٹر کی فی کلو قیمت 290 سے 352 روپے تک تھی۔ سبزی منڈی کی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز پہنچنے والے ٹماٹر کے ایک کنٹینر میں 356 ٹن ٹماٹر موجود تھے۔

    خیال رہے کہ ملک میں ٹماٹر کے بحران کے باعث اس کی قیمت 300 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، ایران سے ٹماٹر درآمد کرنے سے ملک میں ٹماٹر کی قیمت میں کمی کا امکان ہے۔

    کراچی: ایران کے ٹماٹر سے لدے 13 کنٹینر سبزی منڈی پہنچ گئے

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹماٹر 17 روپے کلو دستیاب ہیں، لوگ جھوٹ بول رہے ہیں۔ مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آپ جائیں جا کر چیک کریں۔

  • کراچی: ایران کے ٹماٹر سے لدے 13 کنٹینر سبزی منڈی پہنچ گئے

    کراچی: ایران کے ٹماٹر سے لدے 13 کنٹینر سبزی منڈی پہنچ گئے

    کراچی: پاکستان میں ٹماٹر کے بحران کے پیش نظر ایران سے 13 کنٹینروں پر مشتمل ٹماٹروں کی کھیپ سبزی منڈی پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے ٹماٹر سے لدے 13 کنٹینر کراچی کی سبزی منڈی پہنچ گئے جس کے بعد سبزی منڈی میں ٹماٹر کی قیمت میں سو روپے فی کلو کی نمایاں کمی ہوئی ہے۔

    سبزی منڈی میں ٹماٹر کی ہول سیل قیمت 180 روپے تک آگئی، گزشتہ روز ٹماٹر کی فی کلو قیمت 290 سے 352 روپے تک تھی۔ سبزی منڈی کی انتظامیہ کے مطابق ایک کنٹینرمیں 356 ٹن ٹماٹرموجود ہیں۔

    ملک میں ٹماٹر کے بحران کے باعث اس کی قیمت 300 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، ایران سے ٹماٹر درآمد کرنے سے ملک میں ٹماٹر کی قیمت میں کمی کا امکان ہے۔

    سندھ کے ضلع بدین میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 320 روپے تک پہنچ چکی ہے، قیمتوں میں اضافے کے بعد چوروں نے کھیتوں سے ٹماٹر چوری کرنا شروع کردیا ہے۔ وارداتوں میں اضافے کے بعد کسانوں نے کھیتوں میں اسلحہ بردار پہرے دار تعینات کردیے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹماٹر 17 روپے کلو دستیاب ہیں، لوگ جھوٹ بول رہے ہیں۔ مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آپ جائیں جا کر چیک کریں۔