Tag: ٹماٹر

  • حکومت نے ٹماٹر سستے کرنے کے لیے اہم اقدام اٹھا لیا

    حکومت نے ٹماٹر سستے کرنے کے لیے اہم اقدام اٹھا لیا

    اسلام آباد: پاکستان میں ٹماٹر کے بحران کے پیش نظر ایران سے 12 کنٹینروں پر مشتمل ٹماٹروں کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق 12 کنٹینروں پر مشتمل ایران سے ٹماٹروں کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی، ایران سے ٹماٹروں کے مزید کنٹینرز آرہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایران سے درآمد کیے گئے ٹماٹر کراچی اور پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں فروخت کے لیے بھیجے جائیں گے۔

    ملک میں ٹماٹر کے بحران کے باعث اس کی قیمت 300 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، ٹماٹر درآمد کرنے سے ملک میں ٹماٹر کی قیمت میں کمی کا امکان ہے۔

    سندھ کے ضلع بدین میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 320 روپے تک پہنچ چکی ہے، قیمتوں میں اضافے کے بعد چوروں نے کھیتوں سے ٹماٹر چوری کرنا شروع کردیا ہے۔ وارداتوں میں اضافے کے بعد کسانوں نے کھیتوں میں اسلحہ بردار پہرے دار تعینات کردیے ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں ہفتے 11 ستمبر کو کراچی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹماٹر 17 روپے کلو دستیاب ہیں، لوگ جھوٹ بول رہے ہیں۔ مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آپ جائیں جا کر چیک کریں۔

  • ٹماٹر کی قیمت پر شیری رحمان بھی بول پڑیں

    ٹماٹر کی قیمت پر شیری رحمان بھی بول پڑیں

    اسلام آباد: مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی جانب سے ٹماٹر کی فی کلو قیمت 17 روپے بتانے پر پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمان بھی بول پڑیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر شیری رحمان نے مشیر خزانہ کی جانب سےٹماٹر کی قیمت پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منڈی میں جاناہے جہاں 17روپے کلو ٹماٹر مل رہےہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ٹماٹروں کی قیمت نے ڈالر کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا

    شیری رحمان نے کہا کہ ملک میں 17 روپےکاایک ٹماٹر نہیں ان کوکلوکہاں سےمل گیا؟ شاید ان کو پتانہیں، 55 روپےکاایک ٹماٹر مل رہاہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کوذاتی معالج کی رسائی کیوں نہیں دی جا رہی؟ہمیں آصف زرداری کی صحت سے متعلق سخت تشویش ہے۔

    شیری رحمان کا مزید کہنا تھاکہ نواز شریف کوعدالت نےاجازت دی ہےتوبانڈ کی کیاضرورت ہے؟

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ٹماٹر کی فی کلو قیمت 17 روپے بتارہے تھے۔

  • کراچی میں ٹماٹروں کی قیمت نے ڈالر کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا

    کراچی میں ٹماٹروں کی قیمت نے ڈالر کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا

    کراچی: شہر قائد میں ٹماٹروں کی قیمت نے ڈالر کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا ہے، مارکیٹ میں ٹماٹر فی کلو 200 روپے سے زائد میں فروخت ہو رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ٹماٹر اس وقت مارکیٹ میں دوسو روپے سے زائد میں دستیاب ہیں، کھانا بنانے میں استعمال ہونے والی دیگر بنیادی سبزیوں کی قیمتیں بھی 2 سو روپے کا ہندسہ عبور کر گئی ہیں۔

    حکومت کی جانب سے دعوے اور وعدے اپنی جگہ لیکن عوام مہنگائی کے بھنور سے باہر نہ نکل سکے، مارکیٹ میں ٹماٹر دو سو روپے، سالن بنانے کا اہم جزو لہسن 270 روپے سے زائد قیمت میں مل رہا ہے اور ادرک 300 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔

    پیاز مارکیٹ میں 85 روپے فی کلو مل رہی ہے، بھنڈی کی قیمت بھی 120 روپے سے تجاوز کر گئی ہے، پالک سرسوں کا ساگ، میتھی، سویا، دھنیا، پودینہ، کڑی پتہ 200 سے زائد قیمت میں فروخت ہورہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ ہائی کورٹ کا دودھ کی قیمت فی لیٹر 94 روپے یقینی بنانے کا حکم

    سبزی فروشوں کا مؤقف ہے کہ انھیں اشیا سبزی منڈی سے ہی مہنگی مل رہی ہیں۔

    خیال رہے کہ کراچی میں سبزیوں کے ساتھ ساتھ دودھ کی قیمت کو بھی آگ لگی ہوئی ہے، جب کہ انتظامیہ قیمتوں پر کنٹرول کے سلسلے میں مکمل طور پر ناکام نظر آ رہی ہے۔

  • پاکستانی نوجوانوں نے قوالی گا کر ٹماٹر سے متعلق بھارتی ویڈیو کا کرارا جواب دے دیا

    پاکستانی نوجوانوں نے قوالی گا کر ٹماٹر سے متعلق بھارتی ویڈیو کا کرارا جواب دے دیا

    کراچی : بھارتی کسانوں کی جانب سے پاکستان کو ٹماٹر نہ دینے کا اعلان سوشل میڈیا پر مذاق بن گیا، پاکستانیوں نے دلچسپ قوالی گا کر مودی سرکار کے ٹماٹر مسترد کردئیے۔

    تفصیلات کے مطابق پلوامہ حملے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان پر بے جا الزام تراشیوں کا سلسلہ جاری ہے، اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی ایک جنگ کا سماں ہے۔

    اس کے علاوہ بھارتی میڈیا بھی زور شور سے پاکستان کیخلاف بے بنیاد رپورٹس نشر کر کے اپنی عوام کو گمراہ کررہا ہے۔ اسی رو میں بہہ کر بھارت کے کسانوں نے پاکستان کیخلاف بنائی گئی ایک ویڈیو میں کہا کہ ہم پاکستان کو ٹماٹر نہیں دیں گے کیونکہ وہ ہمارے ٹماٹر کھا کر ہمارے ہی فوجی مارتے ہیں۔

    بھارتی کسانوں کا ٹماٹر نہ دینے کا اعلان سوشل میڈیا پر مذاق بن گیا، مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کو پاکستانی نیوز چینلز پر بھی دکھایا گیا۔

    اس ویڈیو کے جواب میں پاکستانی بھی کہاں پیچھے رہنے والے تھے انہوں نے بھی دلچسپ قوالی گا کر مودی سرکار کے ٹماٹر مسترد کردئیے، قوالی کے بول ہیں کہ تم اپنے ٹماٹر پاس اپنے رکھو، ہمیں ان کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

  • بھارتی میڈیا کی بدحواسی عروج پر، پاکستان کو ٹماٹر فروخت نہ کرنے کے فیصلے کو بریکنگ نیوز بنا دیا

    بھارتی میڈیا کی بدحواسی عروج پر، پاکستان کو ٹماٹر فروخت نہ کرنے کے فیصلے کو بریکنگ نیوز بنا دیا

    ممبئی: پلوامہ حملے کے بعد بھارتی میڈیا کی بدحواسی عروج پر پہنچ گئی، بھارتی ٹماٹر پاکستان کو فروخت نہ کرنے کے فیصلے کو بریکنگ نیوز بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پلوامہ حملے کے بعد جہاں مودی سرکار پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی میں مصروف ہے، وہیں عوام بھی حکومتی رنگ میں رنگ گئے۔ بھارتی کسانوں نے اعلان کر دیا کہ ہم پاکستان کو ٹماٹر برآمد نہیں کریں گے۔

    اس خبر کو بھارتی میڈیا نے خوب اچھالا اور بھارت کی پاکستان کےخلاف بڑی کارروائی قرار دے کر شور مچانا شروع کر دیا، بھارتی میڈیا نے کہا کہ پاکستان ہمارے ٹماٹر کھا کر ہم پر حملہ کرتا ہے، اب پاکستان کو ٹماٹر دینےسے انکار کرتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: بھارتی بد حواسیوں کا سلسلہ تھم نہیں سکا، راؤلاکوٹ پونچھ بس سروس معطل کر دی

    یاد رہے کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارتی میڈیا توازن کھو بیٹھا اور بنا شواہد پاکستان پر تنقید کر نے لگا۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان پر حملے کرنے کے مضحکہ خیز بیانات بھی سامنے آئے ہیں۔

    گذشتہ روز بھارتی حکام نے آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے درمیان پونچھ راؤلاکوٹ بس سروس معطل کر دی تھی۔

    خیال رہے کہ راجستھان کی عدالت نے آج پاکستانیوں کو 48گھنٹےمیں راجستھان چھوڑنے کا حکم دیا  ہے،جب کہ انتطامیہ نے پاکستانیوں کو ملازمت پر  رکھنے  اور تجارت کرنے پربھی پابندی لگا دی ہے۔

  • ان 5 غذاؤں کو ملا کر کھانا حیرت انگیز فوائد کا سبب

    ان 5 غذاؤں کو ملا کر کھانا حیرت انگیز فوائد کا سبب

    دنیا میں موجود ویسے تو تمام غذائی اشیا اپنے اندر بے پناہ فوائد رکھتی ہیں اور صرف کسی مخصوص حالت میں ہی نقصان پہنچانے کا سبب بنتی ہیں، لیکن کچھ غذائیں ایسی ہیں جنہیں اگر کسی اور غذا کے ساتھ ملا کر کھایا جائے تو ان کے فوائد دگنے ہوجاتے ہیں۔

    ہوسکتا ہے مختلف اشیا کی یہ آمیزش آپ کے لیے نہایت حیرت انگیز ہو لیکن ان کے فوائد آپ کو دنگ کردیں گے۔

    یہ غذائی اشیا انفرادی طور پر بھی اپنے اندر بے پناہ فوائد و غذائیت رکھتی ہیں لیکن انہیں ملا کر کھانے سے ان کی خاصیت و فوائد میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

    آئیں دیکھتے ہی وہ کون سی غذائیں ہیں۔

    سیب اور چاکلیٹ

    1

    آپ نے اس سے قبل کبھی چاکلیٹ اور سیب کو ایک ساتھ کھانے کے بارے میں نہیں سنا ہوگا۔ چاکلیٹ میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ، اور سیب میں موجود کیچن نامی مادہ دونوں مل کر دماغی کارکردگی میں بے پناہ اضافہ کرسکتے ہیں۔

    یہ دونوں مرکبات دل اور خون کی شریانوں کے لیے بھی مفید ہے اور ان سے کینسر کے امکان میں بھی کمی واقع ہوتی ہے۔

    دلیہ اور اورنج جوس

    2

    دلیہ اور اورنج جوس میں موجود مرکب فینول نظام ہضم کو بہتر بناتا ہے اور جسم سے زہریلے اور مضر اجزا کو خارج کر کے جسم کی صفائی کرتا ہے۔

    سبزیاں اور دہی

    3

    قدرتی دہی کیلشیئم سے بھرپور ہوتا ہے اور یہ معدے اور آنت کے افعال کو بہتر کرتا ہے۔

    سبزیوں خصوصاً گاجر میں موجود ریشہ کیلشیئم کو جذب کرنے اور اسے جسم کے لیے مزید فائدہ مند بنانے میں مدد دیتا ہے۔

    سبز چائے اور لیموں

    4

    سردیوں میں سبز چائے میں لیموں ڈال کر پینا جسم میں نمی اور توانائی کی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔

    سبز چائے قوت مدافعت کے لیے بہترین ہوتی ہے اور اس میں وٹامن سی یعنی لیموں کی آمیزش اس کے خواص کو بڑھا دیتی ہے۔

    ٹماٹر اور زیتون کا تیل

    5

    کیا آپ جانتے ہیں اٹلی کے باشندوں میں امراض قلب کی شرح نہایت کم ہے؟ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ ٹماٹر اور زیتون کے تیل کو ملا کر استعمال کرتے ہیں۔

    ٹماٹر میں موجود لائیکو پین دل اور خون کی شریانوں کے افعال میں بہتری لاتا ہے۔ یہ مادہ خاص طور پر شریانوں کو تنگ اور بوسیدہ ہونے سے محفوظ رکھتا ہے جس سے جسم میں خون کی روانی بہتر رہتی ہے۔

    لائیکو پین کو اگر فائدہ مند چکنائی جیسے زیتون کے تیل کے ساتھ استعمال کیا جائے تو اس کی خاصیت بڑھ جاتی ہے۔

  • گھر میں ٹماٹو کیچپ بنانے کا طریقہ سیکھیں

    گھر میں ٹماٹو کیچپ بنانے کا طریقہ سیکھیں

    ٹماٹو کیچپ بچوں اور بڑوں کی پسندیدہ چیز ہے جو چٹ پٹے سموسوں، پکوڑوں اور فرائز کا لطف دوبالا کردیتی ہے۔

    بازار سے ملنے والا کیچپ بعض اوقات ناقص، غیر معیاری اور گلے سڑے ٹماٹروں سے تیار کیا جاتا ہے۔ بہترین کیچپ صرف مشہور برانڈز کا ہوتا ہے جو ذرا سا مہنگا ہوتا ہے۔

    tomato-3

    لیکن گھبرائیے مت، آج ہم آپ کو گھر میں ہی ٹماٹو کیچپ تیار کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں جو نہایت آسان ہے۔


    اجزا

    ٹماٹر ۔ سرخ اور پکے ہوئے: 2 کلو

    پیاز: 250 گرام

    شکر یا چینی: 4 چائے کے چمچ

    سفید سرکہ: آدھا کپ

    پسی ہوئی لال مرچ: 2 چائے کے چمچ

    نمک: 1 چائے کا چمچ

    کارن فلور: 1 چائے کا چمچ

    ادرک: ایک انچ کا ٹکڑا


    ٹماٹو کیچپ بنانے کی ترکیب

    ٹماٹر دھو کر چار چار ٹکڑے کرلیں۔

    پیاز موٹی موٹی کاٹ لیں۔

    ادرک کے باریک ٹکڑے کرلیں۔

    ایک تام چینی یا نان اسٹک پتیلی لے کر ٹماٹر، پیاز، ادرک، لال مرچ اور نمک ڈال کر اتنی دیر پکائیں کہ ٹماٹر گل جائیں۔

    tomato-2

    اب انہیں چمچے سے کچل لیں اور چھلنی سے چھان لیں۔

    اس چھنے ہوئے سوپ کو نان اسٹک پتیلی میں ڈال کر چینی شامل کر کے 10 منٹ پکائیں۔ آنچ درمیانی رکھیں۔

    اب سرکے میں کارن فلور گھول کر چمچہ چلاتے ہوئے اس سوپ میں ملالیں۔ چمچہ چلاتی رہیں، دو تین ابال آجائیں تو چولھا بند کردیں۔

    ٹھنڈا ہونے پر کانچ کی بوتلوں میں بھر لیں اور فریج میں رکھیں۔

    مزید سرخ رنگ لانے کے لیے ذرا سی مقدار میں کھانے کا سرخ رنگ بھی شامل کر سکتی ہیں۔

    کھٹائی کم کرنے کے لیے سرکے کی مقدار کم کی جاسکتی ہے۔

    potato-4

    گھر کا بنایا ہوا صاف ستھرا کیچپ گلے کے لیے بھی نقصان دہ نہیں لہٰذا اسے بغیر رد و کد کے استعمال کیا جاسکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • غذا کے کھانے کا صحیح وقت

    غذا کے کھانے کا صحیح وقت

    ہماری روزمرہ میں استعمال ہونے والی تمام غذائی اشیا اپنے اندر علیحدہ افادیت رکھتی ہیں۔ اگر انہیں مناسب مقدار اور وقت پر کھایا جائے تو یہ ہمارے جسم کے لیے فائدہ مند بن جاتی ہیں۔

    یہ نقصان صرف اس صورت میں دیتی ہیں جب انہیں زیادہ مقدار میں کھایا جائے یا کسی ایسی بیماری کے دوران کھایا جائے جب یہ اس بیماری کو بڑھاوا دیں۔

    اسی طرح ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر چیز کے کھانے کا ایک مقررہ وقت ہے۔ اگر اس مناسب وقت پر اس شے کو کھایا جائے تو نہ صرف یہ آسانی سے ہضم ہوجاتی ہیں بلکہ یہ جسم کو فائدہ بھی پہنچاتی ہے۔

    آئیں دیکھتے ہیں ہماری غذا میں شامل اجزا کے کھانے کا مناسب وقت کون سا ہے۔


    :چاکلیٹ

    11

    چاکلیٹ کے کچھ ٹکڑے ناشتہ کے وقت کھانا جسم میں اینٹی آکسیڈنٹس کی مقدار میں اضافہ کرتے ہیں جو بڑھاپے کے عمل کو سست کرتے ہیں۔ چاکلیٹ امراض قلب کے لیے بھی مفید ہے۔

    لیکن اس کی زیادہ مقدار سے جسم میں چربی ذخیرہ ہونا شروع ہوجائے گی جو موٹاپے، ہائی بلڈ پریشر سمیت کئی بیماریوں کا سبب بنے گی۔


    دودھ

    نیم گرم دودھ جسم اور دماغ کے خلیات کو پرسکون کر کے اچھی نیند لانے میں معاون ثابت ہوتا ہے لہٰذا اسے رات میں سونے سے قبل پینا چاہیئے۔

    اس کے برعکس دن میں دودھ پینا نظام ہاضمہ پر بوجھ بن سکتا ہے اور آپ کے دن بھر کے کھانے کا معمول خراب ہوسکتا ہے۔


    دہی

    دہی کو کھانے کا بہترین وقت دن میں ہے۔ یہ ہاضمے کے نظام کو بہتر کرتا ہے۔

    لیکن رات کے وقت دہی کھانا نقصان دہ بھی ہوسکتا ہے۔ خاص طور پر اگر آپ گلے کی خرابی یا کھانسی کا شکار ہیں تو ایسی صورت میں رات میں دہی کھانے سے گریز کریں۔


    :پنیر

    4

    کم چکنائی والا پنیر ان افراد کے لیے بہترین ہے جو اپنا وزن بڑھانا چاہتے ہیں۔ لیکن اس کے کھانے کا صحیح وقت صبح ناشتہ کا ہے۔ رات میں پنیر کھانا ہاضمہ کے مسائل پیدا کرسکتا ہے۔


    :گوشت

    9

    گوشت کو دوپہر کے کھانے میں کھانا چاہیئے۔ یہ ہضم ہونے میں تقریباً 5 گھنٹے لیتا ہے اور اگر اسے رات کے کھانے میں کھایا جائے تو یہ نظام ہاضمہ پر بوجھ بن سکتا ہے۔

    گوشت آئرن حاصل کرنے ک بہترین ذریعہ ہے اور یہ جسم کو توانائی فراہم کرتا ہے۔


    دالیں

    دالوں میں ریشہ کی مقدار زیادہ ہوتی ہے اور یہ نظام ہاضمہ میں بہتری اور کولیسٹرول میں کمی کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ اسی طرح دالیں بہتر نیند لانے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔

    دالوں کی ان خصوصیات کو دیکھتے ہوئے انہیں شام یا رات میں کھانا چاہیئے۔ صبح ناشتے کے وقت یا دن کے درمیان دالوں سے بنی ڈش جلدی ہضم ہو کر بے وقت بھوک پیدا کرسکتی ہے۔


    :چاول

    2

    اکثر افراد رات کے کھانے میں چاول کھاتے ہیں جو ان میں موٹاپے کا سبب بنتا ہے۔ چاول کھانے کا بہترین وقت دوپہر میں ہے۔


     :آلو

    6

    آلو سے بنی اشیا کا ناشتہ میں استعمال آپ کے جسم کو توانائی فراہم کرے گا۔ البتہ رات کے کھانے میں آلو کے استعمال سے گریز کرنا چاہیئے۔


    :ٹماٹر

    7

    ناشتہ میں ایک ٹماٹر کھانا نظام ہاضمہ کے مسائل کو ختم کرسکتا ہے۔ لیکن خیال رہے اس کی زیادہ مقدار گردوں میں پتھری اور جسم کو سوجن میں مبتلا کرسکتی ہے۔


    :چینی

    1

    چینی سے بنی اشیا کا استعمال کیلوریز میں اضافہ کا سبب بنتا ہے لہٰذا بہتر ہے کہ میٹھی چیزوں کو شام سے پہلے کھا لیا جائے تاکہ دن بھر چلنے پھرنے کے دوران یہ ہضم ہوجائے۔ رات کے وقت چینی سے بنی اشیا کھانا آپ کے وزن میں اضافہ کر سکتی ہیں۔


    :خشک میوہ جات

    10

    دن بھر میں خشک میوہ جات کا استعمال آپ کو بے وقت کھانے سے بچائے گا یوں آپ کے وزن میں اضافہ نہیں ہوگا۔ لیکن خیال رہے کہ خشک میوہ جات جیسے بادام، پستہ، اخروٹ وغیرہ بھرپور غذائیت کے حامل ہوتے ہیں لہٰذا انہیں رات میں کھانے سے پرہیز کرنا چاہیئے۔


    :نارنگی

    8

    نارنگی کو دن میں کسی بھی وقت کھایا جاسکتا ہے لیکن اسے صبح ناشتہ میں خصوصاً خالی پیٹ کھانے سے گریز کریں۔ صبح نہار منہ نارنگی کھانے سے جسم میں الرجی پیدا ہوسکتی ہے۔


    :کیلا

    5

    کیلا ایک ریشہ دار غذا ہے۔ ناشتہ میں یا دن کے کسی بھی حصہ میں کیلا کھانا آپ کے ہاضمہ کے عمل کو تیز کرسکتا ہے۔ البتہ شام یا رات میں کیلا کھانا نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔


    :سیب

    3

    روزانہ ایک سیب کھانا ویسے تو آپ کو ڈاکٹر سے محفوظ رکھ سکتا ہے لیکن خیال رہے یہ سیب صبح ناشتہ میں کھایا جائے۔ رات میں سیب کھانا آپ کو ڈاکٹر کے پاس جانے پر مجبور کرسکتا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ٹماٹر معدے کے کینسر سے بچاؤ میں معاون

    ٹماٹر معدے کے کینسر سے بچاؤ میں معاون

    ٹماٹر ہمارے کھانوں میں استعمال ہونے والی بے حد عام شے ہے۔ حال ہی میں ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ ٹماٹر معدے کے کینسر سے بچاؤ میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔

    معدے کا کینسر جسے گیسٹرک کینسر بھی کہا جاتا ہے دنیا بھر میں کینسر کی نہایت عام قسم ہے۔

    یہ بعض اوقات موروثی بھی ہوسکتا ہے مگر زیادہ تر یہ غیر متوازن اور غیر صحت مند غذائی عادات کے باعث پیدا ہوتا ہے۔

    طویل عرصے تک تمباکو نوشی کرنے والے اور بہت زیادہ نمک اور مصالحہ دار غذائیں کھانے والے افراد میں معدے کے کینسر کا شکار ہونے کے قوی امکانات ہوتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ٹماٹر پروسٹیٹ کینسر کے خلاف مؤثر ہتھیار

    حال ہی میں کی جانے والی اس تحقیق کے مطابق ٹماٹر کے اجزا معدے میں کینسر کے خلیات کی افزائش کو روکتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق چونکہ ٹماٹر میں موجود اجزا کھانے پکانے کے دوران تیز آنچ کے باعث ختم ہوسکتے ہیں لہٰذا کھانے کے علاوہ انہیں کچا بھی استعمال کرنا چاہیئے جیسے سلاد کی صورت میں۔

    ٹماٹر کے اندر موجود عنصر لائیکوپین جسم کے لیے نہایت فائدہ مند ہے۔ اس کے جسم میں پہنچنے کے بعد مثبت کیمیائی تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں۔

    اس سے قبل بھی یونیورسٹی آف الی نوائے کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ ٹماٹر پروسٹیٹ کینسر سے بچاؤ کے لیے بھی نہایت معاون ثابت ہوتے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ملک بھر میں ٹماٹر کی قیمت آسمان پر پہنچ گئی

    ملک بھر میں ٹماٹر کی قیمت آسمان پر پہنچ گئی

    اسلام آباد: ملک بھر میں ٹماٹروں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں۔ صارفین نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر ٹماٹروں کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کردی۔

    تفصیلات کے مطابق منڈیوں میں فی کلو ٹماٹر 180 روپے تک فروخت کیے جارہے ہیں حتیٰ کہ خراب ٹماٹر بھی سو روپے سے کم نہیں۔ کراچی میں 200 اور پشاور میں 140 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔

    رمضان المبارک میں پھلوں کے بائیکاٹ کی مہم کے بعد سوشل میڈیا پر اب ٹماٹروں کے بائیکاٹ کی مہم بھی جاری ہے۔ ملک بھر میں ٹماٹروں کے سوشل میڈیا پر بائیکاٹ کا آج پہلا دن ہے۔

    ٹماٹروں کے بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ ان بائیکاٹس کا کوئی اثر نہیں پڑتا تاہم عوام نے 3 دن تک ٹماٹر کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کردیا۔

    سوشل میڈیا کے ذریعے عوام نے 26، 27، اور 28 ستمبر کو ٹماٹروں کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔