Tag: ٹنڈوالہ یار

  • گھر میں آٹا ختم، ماں باپ کی دو دن کے وقفے سے خود کشی

    ٹنڈوالہ یار: گھر میں آٹا ختم ہونے پر غربت کے شکار والدین نے دو دن کے وقفے سے خود کشی کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر ٹنڈوالہ یار میں ایک گاؤں موریوساند میں نہایت افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، ماں باپ سے بچوں کا بھوک سے رونا برداشت نہ ہوا تو خود کشی کر لی، جس سے ان کے 5 بچے یتیم ہو گئے۔

    اے آر وائی کی رپورٹ کے مطابق صوبہ سندھ میں دو وقت کی روٹی زندگیاں نگلنے لگی ہے، ٹنڈوالہ یار کے گاؤں موریوساند میں دل دہلانے والا واقع پیش آیا ہے، بچوں نے ماں سے روٹی مانگی لیکن گھر میں خالی برتنوں کے سوا کچھ نہ تھا۔

    بچے روٹی کے لیے روتے رہے، ماں نے بچوں کی بھوک اور غربت کی ستم گری برداشت نہ کرتے ہوئے گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کر لی۔

    دو دن بعد بیوی کا غم اور بچوں کا رونا برداشت نہ ہوا تو، غربت کے ہاتھوں مجبور باپ نے بھی اسی طرح زندگی کا دیا بجھا دیا، اور دیکھتے ہی دیکھتے 5 معصوم بچے یتیم ہو گئے۔

    یتیم بچوں کو ان کے ضعیف العمر دادا نے سرپرستی میں لے لیا، جو خود اپنے بیٹے کی موت اور غربت کے ہاتھوں بری حالت میں زندگی گزار رہے ہیں۔

    گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی غریبوں کی زندگیاں نگلنے لگی ہے، حکومت سندھ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے، گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ ان معصوم یتیم بچوں کی پرورش اب کون کرے گا۔

  • شوہر کو زبردستی راکھی بندھوا نے پر لڑکی نے اپنی جان لے لی

    شوہر کو زبردستی راکھی بندھوا نے پر لڑکی نے اپنی جان لے لی

    ٹنڈوالہ یار: صوبہ سندھ کے شہر ٹنڈوالہ یار میں ایک اور لڑکی نے خود کشی کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹنڈوالہ یار کی رہائشی ایک خاتون نے پسند کی شادی کی، لیکن گھر والوں نے زبردستی شوہر کو راکھی بندھوائی، جس پر دل برداشتہ ہو کر لڑکی نے خود کشی کر لی۔

    رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ ٹنڈوالہ یار کے علاقے تھانہ سلطانہ آباد کی حدود خواجہ گھوٹ میں پیش آیا، 17 سالہ طالبہ نے 8 نومبر کو حیدرآباد میں پسند کی شادی کی تھی۔

    حیدر آباد میں شادی کے بعد یہ جوڑا کراچی آ کر رہنے لگا، تاہم اہل خانہ نے انھیں تلاش کر لیا اور انھیں کراچی سے ٹنڈوالہ یار واپس لے گئے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ لڑکی نے مبینہ طور پر خود کشی کی ہے، اس کے ماں باپ، 2 چچا اور 2 علاقے کے دیگر افراد نے جوڑے کو زبردستی طلاق دلوائی، اور پھر شوہر کو راکھی بھی بندھوا لی، جس پر اس نے اپنی جان لے لی۔

    پولیس نے اس سلسلے میں انکوائری رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی ہے، عدالت نے والدین، سلطان آباد تھانے کے ایس ایچ او کو 2 دسمبر کو طلب کر لیا۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق لڑکی نے پسند کی شادی کی تھی جس کے بعد وہ کراچی میں رہنے لگے تھے، لڑکی اور لڑکا کزنز ہیں، لیکن خاندان سے ڈر کر کراچی گئے تھے، لڑکی کے والدین دونوں کو کراچی سے واپس لے کر آئے تھے، اس کے بعد ان کی زبردستی طلاق کرائی گئی، مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • ٹنڈوالہ یار: گٹکے کی فیکٹری پر چھاپا، کروڑوں روپے کا سامان برآمد، 6 افراد گرفتار مالک فرار

    ٹنڈوالہ یار: گٹکے کی فیکٹری پر چھاپا، کروڑوں روپے کا سامان برآمد، 6 افراد گرفتار مالک فرار

    ٹنڈوالہ یار: ایڈیشنل آئی جی کی خصوصی ٹیم نے ٹنڈوالہ یار کے گنجان آباد علاقے انڑپاڑہ میں مضر صحت مین پوری اور گٹکا بنانے والی منی فیکٹری پر چھاپا مار کر کروڑوں روپے مالیت کا سامان برآمد کر لیا۔

    پولیس کے مطابق اسپیشل ٹیم نے ٹنڈوالہ یار میں کارروائی کرتے ہوئے گٹکے اور مین پوری کی فیکٹری سے 6 افراد کو گرفتار کر لیا تاہم فیکٹری کا مالک فرار ہونے میں کام یاب ہو گیا۔

    اسپیشل ٹیم کے انچارج ڈی ایس پی میر جاوید نے میڈیا کو بتایا کہ رؤف خانزادہ کی فیکٹری کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی۔

    میر جاوید نے کہا کہ فیکٹری سے چھالیہ، الائچی، تمباکو، لونگ، کیمیکل اور مین پوری اور گٹکا تیار کرنے والی ہیوی مشینری ملی قبضے میں لے لی گئی ہے جس کی مالیت کروڑوں میں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  جمشید ٹاؤن : کارخانے سے لاکھوں مالیت کا گٹکا برآمد، 3ملزمان گرفتار، ایس ایچ او معطل

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، اطلاعات ہیں کہ ٹنڈوالہ یار میں دیگر کئی مقامات پر بھی مضر صحت گٹکا اور مین پوری کی فیکٹریاں کام کر رہی ہیں۔

    مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ بڑے پیمانے پر گٹکے اور مین پوری کی تیاری کی جا رہی تھی لیکن ٹنڈوالہ یار پولیس اس سے بے خبر تھی۔ انھوں نے مقامی پولیس کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا۔